Tag: کرکٹ

  • پاکستان کے خلاف سیریز کے لیے افغانستان ون ڈے اسکواڈ کا اعلان

    پاکستان کے خلاف سیریز کے لیے افغانستان ون ڈے اسکواڈ کا اعلان

    کابل: پاکستان کے خلاف سیریز کے لیے افغانستان ون ڈے اسکواڈ کا اعلان کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق افغان کرکٹ بورڈ نے پاکستان کے خلاف سیریز کے لیے ون ڈے اسکواڈ کا اعلان کر دیا، ون ڈے سیریز میں ٹیم کی قیادت حشمت اللہ شاہدی کریں گے۔

    18 رکنی اسکواڈ میں راشد خان، محمد نبی، رحمان اللہ گرباز شامل ہیں، ابراہیم ذدران، نجیب اللہ، نور احمد، مجیب ارحمان بھی اسکواڈ کا حصہ ہیں۔

    پاک افغان ون ڈے سیریز کا آغاز 22 اگست سے سری لنکا کے شہر ہمبنٹوٹا میں ہوگا، دونوں ٹیموں کے درمیان تین ون ڈے میچ کھیلے جائیں گے۔

  • انگلش فاسٹ بولر اسٹورٹ براڈ نے اچانک ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا

    انگلش فاسٹ بولر اسٹورٹ براڈ نے اچانک ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا

    لندن: انگلش فاسٹ بولر اسٹورٹ براڈ نے انٹرنیشنل کرکٹ سے اچانک ریٹائرمنٹ کا اعلان کر کے لوگوں کو حیران کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق انگلینڈ کے مایہ ناز فاسٹ بولر اسٹورٹ براڈ نے جمعہ کو کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے، اوول میں جاری ایشیز سیریز کے پانچویں ٹیسٹ کے اختتام پر اسٹورٹ براڈ ریٹائر ہو جائیں گے، یوں ان کے 17 سالہ کیریئر کا اختتام ہو جائے گا۔

    براڈ کو دوسرے کامیاب ترین ٹیسٹ فاسٹ بولر ہونے کا اعزاز حاصل ہے، اسٹورٹ براڈ 167 ٹیسٹ میچوں میں 602 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں، انھوں نے 121 ون ڈے اور 56 ٹی ٹوئنٹی میچوں میں انگلینڈ کی نمائندگی کی۔

    براڈ نے اوول میں اپنے دیرینہ ساتھیوں جیمز اینڈرسن اور جوئے روٹ کو ہفتے کی صبح کھیلنے سے قبل اپنے فیصلے سے آگاہ کیا تھا۔

    تیسرے دن کے کھیل کے اختتام پر براڈ نے اسکائی اسپورٹس کو بتایا کہ ’’یہ ایک شان دار سفر رہا، ناٹنگھم شائر اور انگلینڈ کا بیج پہننا ایک بہت بڑا اعزاز ہے، میں کرکٹ سے اب بھی اتنا ہی پیار کرتا ہوں جتنا میں نے کبھی کیا ہے۔‘‘

    براڈ کا ایشیز سیریز سے متعلق کہنا تھا کہ اس کا حصہ بننا بہت ہی شان دار رہا، یہ سیریز ہمیشہ ان کے لیے بہت ہی پرلطف دل چسپ رہا ہے۔

  • ’آج کھیلوں میں بڑی خبر ملی ہے:‘ وزیر خارجہ بلاول بھٹو

    ’آج کھیلوں میں بڑی خبر ملی ہے:‘ وزیر خارجہ بلاول بھٹو

    اسلام آباد: وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے کرکٹ میں پاکستان کے ہاتھوں بھارت کی زبرست شکست پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’آج کھیلوں میں بڑی خبر ملی ہے۔‘‘

    تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ٹوئٹ میں کہا کہ ’’پاکستان بھارت کو شکست دے کر کرکٹ میں ایمرجنگ ٹیمز ایشیا کپ کی ٹرافی اٹھا رہا ہے، اور دوسری طرف حمزہ خان ورلڈ جونیئر اسکواش چیمپئن بن کر تاریخ رقم کر رہے ہیں۔‘‘

    بلاول بھٹو نے لکھا ’’ہم آنے والے مہینوں میں اپنے کھلاڑیوں کے مزید کارناموں کے منتظر ہیں۔‘‘

    واضح رہے کہ کولمبو میں پاکستان نے بھارت کو 128 رنز سے شکست دے کر مسلسل دوسری بار ایمرجنگ ایشیا کپ کا ٹائٹل جیت لیا ہے، کولمبو میں کھیلے گئے فائنل میچ میں پاکستان کی جانب سے دیے گئے 353 رنز کے تعاقب میں بھارتی ٹیم 40 اوورز میں 224 رنز پر ڈھیر ہو گئی تھی۔

  • ’بابر اعظم ویرات کوہلی سے بڑا پلیئر ہے‘

    ’بابر اعظم ویرات کوہلی سے بڑا پلیئر ہے‘

    گوجرانوالہ: وزیر اعظم کے معاون خصوصی عطا تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کو ورلڈ کپ میچ کھیلنے بھارت جانا چاہیے، بابر اعظم ویرات کوہلی سے بڑا کھلاڑی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گوجرانوالہ میں معاون خصوصی وزیر اعظم عطا تارڑ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کو ورلڈ کپ میچ کھیلنے بھارت جانا چاہیے۔ عطا تارڑ نے اس کے لیے جواز پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہوم گراؤنڈ میں کسی ٹیم کو ہرانے کا اپنا مزا ہے۔

    انھوں نے کہا بابر اعظم ویرات کوہلی سے بڑا پلیئر ہے، بابر اعظم کی گیم ویرات کوہلی سے بہت بہترہے، بابر اعظم اور شاہین شاہ آئے تو بھارتی ٹیم کی تباہی ہوگی، اسی ڈر کی وجہ سے بھارت کھیل میں سیاست لا رہا ہے۔

    عطا تارڑ نے بھی ورلڈ کپ کھیلنے کے لیے پاکستانی ٹیم کے بھارت جانے کی حمایت کی، انھوں نے کہا کہ جس طرح فٹبال ٹیم گئی، اسی طرح کرکٹ ٹیم کو بھی بھارت جانا چاہیے۔

  • ’دھونی پاکستان میں کھیلتا تو چار پانچ سال پہلے سائیڈ لائن کر دیا جاتا‘

    ’دھونی پاکستان میں کھیلتا تو چار پانچ سال پہلے سائیڈ لائن کر دیا جاتا‘

    کراچی: سابق ٹیسٹ کرکٹر کامران اکمل نے کہا ہے کہ اگر دھونی پاکستان میں کھیلتا تو چار پانچ سال پہلے اسے سائیڈ لائن کر دیا جاتا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کامران اکمل نے کہا کہ ایم ایس دھونی میرا فیورٹ کرکٹر اور کپتان ہے، اس سے بہت سیکھا، اگر وہ پاکستان میں کھیلتا تو چار پانچ سال پہلے اسے سائیڈ لائن کر دیا جاتا، ایسے ہی پلئیرز بنتے ہیں۔

    انھوں نے کہا پاکستان کو ایشیا کپ کے فائنل تک جانا چاہیے، بالنگ پر دھیان دینے کی ضرورت ہے، ہمیں بہترین کمبینیشن بنانا ہوگا، سرفراز اور رضوان کو ساتھ کیسے رکھ سکتے ہیں؟ دونوں کو ایک ساتھ رکھنے پر بینچ میں اختلافات بڑھیں گے۔

    کامران اکمل نے کہا ’’ایشیا کپ کے حوالے سے جو خبریں آ رہی ہیں وہ بری ہیں، ہر ٹیم کو ایک دوسرے سے کھیلنا چاہیے، بھارت اب نہیں کھیلے گا تو کب کھیلے گا، کون کہاں کھیلے گا کہاں نہیں، یہ باتیں بند ہونی چاہئیں۔‘‘

    سابق ٹیسٹ کرکٹر کا کہنا تھا کہ پاکستان کو ہر جگہ جا کر کھیلنا چاہیے، اگر بھارت جا کر بھی کھیلنا پڑے تو جائیں اور کھیلیں، اب حکومت اور پی سی بی نے فیصلہ کرنا ہے، بھارتی شائقین اچھے ہیں اور وہ سب کو سپورٹ کرتے ہیں۔

    انھوں نے کہا ’’پاکستان کے لیے ایشیا کپ کھیلنا ضروری ہے، پاکستان کے پاس اتنی کرکٹ نہیں ہے، ہماری مجبوری بھی ہے، ایشیا کپ جہاں بھی ہو کھیلنا چاہیے اور ورلڈ کپ کی تیاری کرنی چاہیے۔‘‘

    کامران اکمل کا کہنا تھا کہ ملک میں سیکیورٹی کا کوئی مسئلہ نہیں، تمام ٹیمیں آئیں سب نے سیکیورٹی کی تعریف کی۔

  • مشفیق الرحیم کا کارنامہ، جے سوریا کے بعد دنیا کے دوسرے کھلاڑی بن گئے

    مشفیق الرحیم کا کارنامہ، جے سوریا کے بعد دنیا کے دوسرے کھلاڑی بن گئے

    ڈھاکا: بنگلادیشی کھلاڑی مشفیق الرحیم نے اپنی سال گرہ پر ایک ایسا کارنامہ انجام دیا جس سے وہ جے سوریا کے بعد دنیا کے دوسرے کھلاڑی بن گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق بنگلا دیشی وکٹ کیپر بلے باز مشفیق الرحیم نے اپنی 36 ویں سال گرہ کے دن میچ کے دوران 70 گیندوں پر 61 رنز کی نصف سنچری اننگز کھیل کر تاریخ رقم کر دی ہے۔

    آئرلینڈ اور بنگلا دیش کے درمیان جاری ون ڈے سیریز کا پہلا میچ 9 مئی کو چیمس فورڈ میں کھیلا گیا تھا، اگرچہ بارش کے باعث یہ میچ مکمل نہیں ہو سکا اور بے نتیجہ رہا تاہم میچ کے دوران مشفیق الرحیم زبردست فارم میں نظر آئے۔

    جب وہ چھٹے نمبر پر کھیلنے آئے تو انھوں نے 70 گیندوں پر 61 رنز بنا لیے، یوں وہ سالگرہ کے دن ون ڈے فارمیٹ میں ففٹی پلس رنز بنانے والے دنیا کے دوسرے معمر ترین بیٹسمین بن گئے۔

    سری لنکا کے سابق کرکٹر سنت جے سوریا کا نام پہلے نمبر پر آتا ہے، جنھوں نے اپنی 39 ویں سال گرہ کے موقع پر بنگلا دیش کے خلاف 130 رنز کی شان دار اننگز کھیلی تھی۔

    دنیا کے 5 معمر ترین بلے باز جنھوں نے اپنی سالگرہ پر ون ڈے میں 50 سے زائد رنز بنائے:

    39 سال : سنت جے سوریا – 130 رنز – بمقابلہ بنگلا دیش – 2008

    36 سال : مشفیق الرحیم – 61 رنز – بمقابلہ آئرلینڈ – 2023

    35 سال : برائن لارا – 57 رنز – بمقابلہ انگلینڈ – 2004

    35 سال : کارل ہوپر – 72 رنز – بمقابلہ سری لنکا – 2001

    35 سال : رابرٹ وینس – 96 رنز – بمقابلہ سری لنکا – 1998

  • ڈیوڈ وارنر کی اہلیہ اوول گراؤنڈ میں بدسلوکی کا نشانہ بن گئیں

    ڈیوڈ وارنر کی اہلیہ اوول گراؤنڈ میں بدسلوکی کا نشانہ بن گئیں

    ایڈیلیڈ: آسٹریلوی کرکٹر ڈیوڈ وارنر کی اہلیہ اوول گراؤنڈ میں اپنے بچوں کے سامنے بدسلوکی کا نشانہ بن گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق ڈیوڈ وارنر کی اہلیہ کینڈس وارنر نے انکشاف کیا ہے کہ انھیں ہفتے کی سہ پہر کو ایڈیلیڈ اوول میں اپنی بیٹیوں کے سامنے ’بدسلوکی‘ کا نشانہ بنایا گیا ہے، جس پر انھوں نے کرکٹ گراؤنڈ کو اپنے اور اپنے بچوں کے لیے ’غیر محفوظ جگہ‘ قرار دے دیا۔

    نیوزی لینڈ کے ایک اخبار کے مطابق کینڈیس وارنر نے انکشاف کیا ہے کہ وہ ایڈیلیڈ اوول میں بے قابو شائقین کے ایک گروپ کی طرف سے ’بدسلوکی‘ کا نشانہ بنی ہیں، انھوں نے کہا وہ محسوس کرنے لگی ہیں کہ کرکٹ گراؤنڈ ان کے اور ان کے بچوں کے لیے ایک ’غیر محفوظ جگہ‘ ہے۔

    سابق آئرن وومن اور ڈیوڈ وارنر کی اہلیہ کینڈس ہارلے برین اور ٹام ٹلی کے ساتھ ایک پروگرام ’سمر بریک فاسٹ‘ کی میزبانی کر رہی ہیں، انھوں نے انکشاف کیا کہ انھیں ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کے دوران ہفتہ کی دوپہر کو بدسلوکی کا نشانہ بنایا گیا۔

    ڈیوڈ وارنر کی اہلیہ نے کرکٹ بورڈ کو آڑے ہاتھوں لے لیا

    انھوں نے کہا کہ ہفتہ کی سہ پہر ایڈیلیڈ اوول میں لنچ بریک سے ٹھیک پہلے بیٹیوں نے اپنے والد سے ملنا چاہا، تو ہم گراؤنڈ میں تقریباً 200 میٹر فاصلے پر ایک اور جگہ جانے لگے، پانچ یا چھ آدمیوں کے ایک گروپ سے گزرتے ہوئے ان میں سے کسی نے انتہائی غلیظ آوازیں کسیں۔

    کینڈس نے بتایا کہ انھوں نے اپنی بیٹیوں کی ہمت بندھانے کے لیے رکنے اور ان مردوں کا سامنا کرنے کا فیصلہ کیا، وہ سب ہنس رہے تھے اور میری طرف اشارے کر رہے تھے، اس طرح کی حرکتیں کرنے والے حقیقتاً کمزور ہوتے ہیں، اس لیے جس شخص نے جملے اچھالے تھے وہ اپنے دوست کے پیچھے چھپ گیا تھا۔

    کینڈس نے بتایا کہ انھوں نے ان مردوں سے پوچھا کہ ایک ماں کی بچوں کے سامنے تذلیل کر کے اور مذاق اڑا کر کیا وہ اچھا محسوس کر رہے ہیں، ایسا کرنا بالکل بھی ٹھیک نہیں ہے، یقیناً ان کے بچے نہیں ہوں گے۔ کینڈس کے مطابق انھیں اس بات پر بھی بہت تکلیف ہوئی کہ بھرے اسٹیڈیم میں کوئی بھی ان کی مدد کو نہیں آیا۔

    انھوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم تو لڑکیوں کو کھیلوں میں حصہ لینے کی ترغیب دیتے ہیں لیکن اب مجھے یہ محسوس ہونے لگا ہے کہ میرے اور میرے بچوں کے لیے کھیلوں میں جانا محفوظ نہیں ہے۔

    کینڈس نے کہا کہ مردوں نے معافی نہیں مانگی لیکن ان میں سے ایک نے انسٹاگرام پر ڈی ایم کیا، اور کہا کہ ’میں نے کچھ نہیں کہا تھا، لیکن میں نے انھیں روکا بھی نہیں تھا، اور مجھے اس کا بہت افسوس ہے میں معذرت خواہ ہوں۔‘

    یاد رہے کہ ڈیوڈ وارنر پر 2018 میں جنوبی افریقہ کے خلاف کیپ ٹاؤن ٹیسٹ کے دوران بال ٹیمپرنگ میں ملوث ہونے پر کرکٹ آسٹریلیا کی جانب سے پابندی لگائی تھی، ایک سال کی پابندی کے بعد ٹیم میں ان کی واپسی تو ہو گئی تاہم قیادت کے لیے ان پر تاحیات پابندی عائد ہے، ان کی اہلیہ کینڈس نے اس پابندی کو ناانصافی قرار دیا تھا۔

    کینڈس نے بتایا کہ ڈیوڈ ہمیشہ خاندان کو اولیت دیتا ہے، وہ اپنی اور تین لڑکیوں کی سخت حفاظت کرتا ہے، اور کرکٹ ہی سب کچھ نہیں ہے، کرکٹ وہ ہے جو وہ کرتا ہے، لیکن کرکٹ اس کی اور اس شخص کی تعریف نہیں کرتی جو وہ ہے۔

  • کرکٹ پر کوئی سیاست نہیں ہوتی، مریم اورنگزیب

    کرکٹ پر کوئی سیاست نہیں ہوتی، مریم اورنگزیب

    وزیراطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ٹیسٹ سیریز کرکٹ کی روح ہے، کرکٹ پر سیاست نہیں ہوتی۔

    تفصیلات کے مطابق مریم اورنگزیب نے برطانیہ کی کرکٹ ٹیم کے اعزاز میں منعقدہ تقریب پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ 2005کے بعد پہلی بار ٹیسٹ سیریز کیلئے انگلش کرکٹ ٹیم پاکستان آئی ہے۔

    وزیراطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے دورۂ پاکستان کے لیے برطانوی ہائی کمشنر کا کردار ناقابل فراموش ہے، وزیر اعظم شہبازشریف نے بھی انگلش ٹیم کے دورے کے لیے کردار ادا کیا۔

    مریم اورنگزیب نے کہا کہ ڈومیسٹک کرکٹ  کیلئے ضروری ہے انٹر نیشنل کرکٹ ٹیمیں یہاں آتی رہیں، انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم کے دورے سے نوجوانوں میں مثبت سرگرمی دیکھی جا سکتی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ فیفا ورلڈ کپ بھی ہو رہے ہیں، نوجوان مثبت سرگرمیوں میں مشغول ہیں، کرکٹ ہمارے کلچر کا حصہ بن چکا ہے۔

    مریم اورنگزیب کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان اور انگلینڈ کی کرکٹ ٹیمیں بہترین ہیں، جو اچھا کھیلے گا وہی جیتے گا، یہی جذبہ ہونا چاہیے۔

  • سیمی فائنل میں شکست: بھارتی ٹیم میں بڑے پیمانے پر اکھاڑ پچھاڑ ہوگی

    سیمی فائنل میں شکست: بھارتی ٹیم میں بڑے پیمانے پر اکھاڑ پچھاڑ ہوگی

    نئی دہلی: آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 2022 کے سیمی فائنل میں انگلینڈ کے ہاتھوں بھارت کی شرمناک شکست کے بعد سینئر کھلاڑیوں کو ٹیم سے فارغ کیے جانے کا امکان ہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق انڈین ٹی 20 ٹیم میں اگلے 24 مہینوں میں بڑی تبدیلیاں ہوں گی، روہت شرما، ویراٹ کوہلی اور روی چندرن اشون جیسے سینئر کھلاڑیوں کو بتدریج ٹیم سے باہر کردیا جائے گا۔

    بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) کے ذرائع کا کہنا ہے کہ اگلا ٹی 20 ورلڈ کپ 2 سال دور ہے اور تب تک ممکنہ طور پر ہاردک پانڈیا کی قیادت میں نئی ٹیم تیار کرلی جائے گی۔

    بی سی سی آئی ذرائع کے مطابق بورڈ کسی کو ریٹائرمنٹ لینے کے لیے نہیں کہتا ہے، یہ ایک ذاتی فیصلہ ہوتا ہے۔

    دوسری جانب ہیڈ کوچ راہول دراوڑ کا کہنا ہے کہ کوہلی اور روہت جیسے سینیئر کھلاڑیوں کے مستقبل کے بارے میں ابھی کچھ بھی کہنا جلد بازی ہوگی، ان کھلاڑیوں نے شاندار پرفارمنس دی ہے۔

  • شعیب اختر کی قومی ٹیم پر سخت تنقید، بھارتی اداکار نے ٹوک دیا

    شعیب اختر کی قومی ٹیم پر سخت تنقید، بھارتی اداکار نے ٹوک دیا

    نئی دہلی / اسلام آباد: سابق فاسٹ بولر شعیب اختر قومی ٹیم کو مسلسل تنقید کا نشانہ بناتے رہتے ہیں اور اب ان کی اس عادت پہ ایک بھارتی اداکار نے بھی انہیں ٹوک دیا۔

    بھارتی ڈرامہ انڈسٹری کے معروف اداکار نکول مہتا نے اپنی ہی قومی ٹیم پر مسلسل تنقید کرنے پر سابق فاسٹ بولر شعیب اختر کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔

    شعیب اختر اکثر و بیشتر ہی قومی ٹیم کی مایوس کن کارکردگی پر کڑی تنقید کرتے دکھائی دیتے ہیں اور ان خیالات کا اظہار اپنے یوٹیوب چینل پر کرتے ہیں جس پر صارفین تبصرے بھی کرتے ہیں۔

    اسی حوالے سے نکول مہتا نے شعیب اختر کی تنقید پر اعتراض کیا ہے۔

    بھارتی اداکار نے اپنی ٹویٹ میں کہا کہ شعیب اختر کو اپنے یوٹیوب کیریئر کو برقرار رکھنے کے لیے قومی ٹیم کا استعمال کرتے دیکھنا ایک مضحکہ خیز چیز ہے۔

    انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند سالوں میں تبدیلی کے بعد پاکستان کی یہ ٹیم بہترین ٹیموں میں سے ایک ہے۔

    خیال رہے کہ ٹی 20 ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کی زمبابوے کے ہاتھوں شکست پر شعیب اختر نے چیئرمین پی سی بی سمیت ٹیم مینجمنٹ کو کھری کھری سنائی تھیں۔

    شعیب اختر نے کہا تھا کہ بار بار کہہ رہا ہوں کہ ہمارے اوپنرز اور مڈل آرڈر اس کام کے نہیں کہ ہم کوئی جیت حاصل کر سکیں، مسلسل ہم نہیں جیت پائیں گے، پاکستان کے پاس اچھا کپتان نہیں اس میں کوئی شک نہیں۔