Tag: کرکٹ

  • ورلڈ کپ کیلئے پی سی بی نے اسکواڈ کا اعلان کردیا

    ورلڈ کپ کیلئے پی سی بی نے اسکواڈ کا اعلان کردیا

    لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے ورلڈ کپ کے لئے تیس رکنی ممکنہ اسکواڈ کا اعلان کردیا۔ معطل آف اسپنر سعید اجمل کا نام بھی شامل ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کی سیلکشن کمیٹی نے دو ہزار پندرہ میں ہونے والے عالمی کپ کے لئے تیس ممکنہ کھلاڑیوں کا اعلان کردیا۔

    چیف سلیکٹر معین خان کی سربراہی میں تیار کی گئی فہرست چیئرمین پی سی بی کو بھجوا دی گئی ہے۔ معطل آف اسپنر سعید اجمل کا نام بھی ورلڈ کپ کےاسکواڈ میں شامل ہے۔

    آؤٹ آف فارم آل راؤنڈ شعیب ملک اور وکٹ کیپر کامران اکمل بھی ممکنہ تیس کھلاڑیوں میں جگہ بنانے میں کامیاب رہے۔ یونس خان، فواد عالم اور انجری سے نجات پانے والے فاسٹ بولر عمر گل بھی ابتدائی اسکواڈ کاحصہ ہونگے۔

    دیگر کھلاڑیوں میں محمد حفیظ ،احمد شہزاد،ناصر جمشید ،شرجیل خان ، سمیع اسلم ،مصباح الحق،یونس خان اسد شفیق،اظہرعلی ،صہیب مقصود،فواد عالم،حا رث سہیل شعیب ملک ،عمر اکمل،محمد عرفان ،وہاب ریاض، جنید خان عمر گل،احسان عادل،محمد طلحہ،سعید اجمل،ذوالفقار بابر، رضا حسن، یاسر شاہ،شاہد آفریدی، انور علی، بلاول بھٹی، سہیل تنویر،سرفراز احمد،اور کامران اکمل شامل ہیں .

    ورلڈ کپ کے لئے حتمی پندرہ کھلاڑیوں کا نام بھجوانے کی تاریخ سات دسمبر ہے۔

  • محمد عامر کی سزا میں کمی، پی سی بی نے آئی سی سی کو درخواست دیدی

    محمد عامر کی سزا میں کمی، پی سی بی نے آئی سی سی کو درخواست دیدی

    لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے کرکٹر محمد عامر کی سزا میں کمی کےلیے آئی سی سی کو درخواست دے دی ہے ۔

    گذشتہ دنوں ہونے والے آئی سی سی کے اجلاس میں انٹی کرپشن کے ضابط اخلاق میں ترامیم کی گئی تھی جس کے تحت پی سی بی نے کرکٹر محمد عامر کی سزا میں نرمی کےلیے درخواست آئی سی سی کو بھیجی ہے، درخواست میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ انٹی کرپشن قوانین میں ترامیم کے بعد قوانین کے تحت محمد عامر کو ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کی اجازت دی جائے ، آئی سی سی یہ درخواست انٹی کرپشن یونٹ کے حوالے کرے گی، جس کے بعد انٹی کرپشن یونٹ محمد عامر کی سزا میں کمی کی تجاویز آئی سی سی کو پیش کرے گی۔

  • دبئی ٹیسٹ میں پاکستان ٹیم مشکلات کا شکار 6وکٹوں پر281رنز

    دبئی ٹیسٹ میں پاکستان ٹیم مشکلات کا شکار 6وکٹوں پر281رنز

    دبئی: پاکستانی شاہین دبئی ٹیسٹ کے تیسرےروز مشکلات میں گھر گئی، میزبان ٹیم کی دو سو اکیاسی رنز پر چھ وکٹیں گرگئیں، خسارہ ختم کرنے کیلئے مزید ایک سو بائیس رنز درکار ہیں۔

    دبئی ٹیسٹ میں کیویز نے شاہینوں کو اونچی اڑان بھرنے سے روک لیا۔ یونس خان اور اظہر علی نے نصف سنچریاں بنائی، لیکن دونوں ہی لمبی اننگز کھیلنے میں کامیاب نہ ہوسکے۔ کھیل کے اختتام پر پاکستان نے چھ وکٹ پر دو سو اکیاسی رنز بنالئے۔

    پاکستان نے پہلی نامکمل اننگز چونتیس رنز دو کھلاڑی آؤٹ پر شروع تو یونس خان اور اظہر علی نے ایک سو تیرہ رنز کی شراکت قائم کرکے ٹیم کی پوزیشن کو مستحکم بنایا، یونس خان باہتر رنز بناکر پویلین لوٹ گئے، کپتان مصباح الحق نے اظہر علی کے ساتھ مل کچھ مزاحمت دکھائی، لیکن مصباح بھی ٹیم کو مشکلات میں چھوڑ گئے۔

    اظہر علی نے بھی دیر نہ لگائی اور پچہتر رنز پر بولڈ ہو کر قومی ٹیم کی بیچ منجدھار میں چھوڑ کر پویلین لوٹ گئے، اسد شفیق کی اننگز کو بھی اچھا آغاز ملا لیکن یونس اور اظہر کی طرح اسد شفیق بھی لمبی باری نہ کھیل پائے، سرفراز احمد اٹھائیس اور یاسر شاہ ایک رن کے ساتھ چوتھےروز کھیل کا آغاز کرینگے۔

  • دبئی ٹیسٹ: کیویز پہلی اننگ میں403 رنزبنا کرآؤٹ

    دبئی ٹیسٹ: کیویز پہلی اننگ میں403 رنزبنا کرآؤٹ

    دبئی: پاکستان ٹیم دبئی ٹیسٹ کے دوسرے روز مشکلات کا شکار، نیوزی لینڈ کے چار سو تین رنز کے جواب میں قومی ٹیم نے کھیل کے اختتام پر دو وکٹوں پر چونتیس رنز بنالئے۔

    دبئی ٹیسٹ کا دوسرا بھی کیویز ٹیم کے نام رہا، کیا بلے بازو کیا گیند بار سب نے اپنے رنگ دکھائے، چار سو تین کا پہاڑ کھڑا کرنے کے بعد کیوی بولرز شاہینوں کے دو مہرے کھسکانے میں کامیاب رہے،کیویز نے دوسری نامکمل اننگز دو سو تینتالیس رنز تین کھلاڑی آؤٹ پر شروع کی تو سنچورین ٹام لیتھم انفرادی اسکور میں اضافہ کیے بغیر ایک سو سینتس رنز پر پویلین لوٹ گئے۔

    کورے اینڈرسن اور جیمی نیشم کو یکے بعد دیگرے پویلین بھیج کر شاہینوں نے میچ میں کم بیک کیا۔ لیکن ٹیل اینڈرز کی مزاحمت نے بولرز کی محنت پر پانی پھیر دیا۔ مارک کریگ کے تینتالیس رنز کی بدولت نیوزی لینڈ نے چار رنز کا سنگ میل عبور کیا۔ ذوالفقار با بر نے چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، شاہینوں کی پہلی اننگز کا آغاز مایوس کن رہا، احمد شہزاد اور محمد حفیظ کی غیر موجودگی میں تو فیق عمر اور شان مسعود موقعے کا فائدہ نہ اٹھاسکے، یونس خان ایک اور اظہر علی چار رنز کے ساتھ تیسرے روز کھیل کا آغاز کرینگے۔

  • دبئی ٹیسٹ:کیویز278 رنزپرچھٹی وکٹ بھی گنوا بیٹھے

    دبئی ٹیسٹ:کیویز278 رنزپرچھٹی وکٹ بھی گنوا بیٹھے

    دبئی :پاکسستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان دبئی ٹیسٹ کے دوسرے روزنیوزی لینڈ کی بیٹنگ جاری ہے،پاکستانی باؤلروں کی کیوی بلے بازوں کی جلد آؤٹ کرنے کی سرتوڑ کوششیں جاری ہیں۔

    تازہ ترین اطلاعات کے مطابق نیوزی لینڈ کے 278 رنز پر چھٹی وکٹ بھی گر گئی ہے، مذکورہ وکٹ یاسر شاہ نے حاصل کی،اس طرح یاسر شاہ نے دو احسان عادل نے بھی دو اور ذوالفقار بابر اورراحت علی ایک ایک وکٹ حاصل کر چکے ہیں۔

  • اوپنرزکی انجری پریشانی کی بات ہے، مصباح الحق

    اوپنرزکی انجری پریشانی کی بات ہے، مصباح الحق

    ابوظہبی: پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان سیریز کا دوسرا ٹیسٹ کل سے دبئی میں کھیلا جائے گا، پاکستان ٹیم کے کپتان مصباح الحق کا کہنا ہے کہ محمد حفیظ اور احمد شہزاد کا انجرڈ ہونا پریشانی کی بات ہے، حفیظ کی شمولیت کا فیصلہ میچ سے پہلے کیا جائے گا۔

    پاکستان ٹیم کے کپتان مصباح الحق کا کہنا ہے کہ اوپنرز بھرپور فارم میں تھے، محمد حفیظ اور احمد شہزاد کی انجری پریشانی کی بات ہے،توفیق عمر اور شان مسعود اوپنرز کے متبادل کے طور پر بہترین چوائس ہے،احمد شہزاد سر پر چوٹ لگنے سے پہلے سے ٹیسٹ سیریز باہر ہوچکے ہے۔

    دوسرے ٹیسٹ کیلئے محمد حفیظ کی شرکت بھی مشکوک ہے، مصباح الحق کا کہنا ہےکہ محمد حٖفیظ کی پلیئنگ الیون میں شمولیت کا فیصلہ میچ سے پہلے کرینگے،مصباح الحق کا کہنا ہےکہ ٹیم مکمل فارم میں ہے، جیت کےتسلسل کو برقرار رکھنے کی بھرپور کوشش کرینگے۔

  • روہت شرما نے ون ڈے کرکٹ میں نیا عالمی ریکارڈ قائم کردیا

    روہت شرما نے ون ڈے کرکٹ میں نیا عالمی ریکارڈ قائم کردیا

    کولکتہ: بھارت کے روہت شرما نے ون ڈے میں سب سے بڑی انفرادی اننگز کھیلنے کا نیا عالمی ریکارڈ قائم کردیا، روہت شرما کی شاندار کارکردگی کی بدولت بھارت نے سری لنکا کو چوتھے ون ڈے میچ میں ایک سو ترپن رنز سے شکست دی ہے۔

    ٹنڈولکر کا ریکارڈ توڑا سہواگ نے اور اب سہواگ کا ریکارڈ ایک اور بھارتی بیٹسمین روہت شرما کانشانہ بنا، کولکتہ میں حریف سری لنکا کے خلاف روہت شرما آئے اور چھاگئے، روہت شرماکی اننگز لنکنز کے لئے ڈراؤنا خواب بن گئی۔ روہت شرما سے قبل وریندر سہواگ کو دو سو انیس رنز کی سب سے بڑی اننگز کھیلنے کا اعزاز حاصل تھا۔

    روہت شرما نے تینینتس چوکوں اور نو چھکوں کی مدد سے دو سو چونسٹھ رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی اور ون ڈے میں دو ڈبل سینچریاں بنانے والے دنیا کے پہلے بیٹسمین بن گئے، اس سے قبل شرما نے آسٹریلیا کے خلاف دو سو نو رنز کی بڑی اننگز کھیلی تھی۔

    ایڈن گارڈن میں کھیلے گئے سیریز کے چوتھے میچ میں بھارت نے پانچ وکٹوں پر چار سو چار رنز بنائے،بھارتی بلے بازروہت شرما نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کیرئیر کی دوسری ڈبل سنچری اسکور کی اور دو سو چونسٹھ رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

    جواب میں سری لنکن ٹیم کے بیٹسمین جلد بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے وکٹیں گنواتے رہے، کپتان اینجلو میتھیوز نے پچھتر رنز کی اننگز کھیلی اور تھریمانے نے انسٹھ رنز بنائے، سری لنکن ٹیم دو سو اکیاون رنز پر آؤٹ ہوگئی، دھوال کلکرنی نے چار وکٹیں حاصل کیں۔ ون ڈے سیریز کا پانچواں اور آخری میچ سولہ نومبر کو رانچی میں ہوگا۔

  • محمدعامر کیلئے کرکٹ کے دروازے کھل گئے، شہریارخان

    محمدعامر کیلئے کرکٹ کے دروازے کھل گئے، شہریارخان

    ابوظہبی : چئیرمین پی سی بی شہریار خان کا کہنا ہے کہ محمد عامر کی ڈومیسٹک کرکٹ میں واپسی کے لئے آئندہ ہفتے آئی سی سی کو درخواست دیں گے۔ ابوظہبی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چئیرمین شہریار خان کا کہنا ہے کہ محمد عامر کے لئے کرکٹ کے دروازے کھل گئے ہیں۔

    عامر کی ڈومیسٹک کرکٹ میں واپسی کیلئے آئندہ ہفتے تک آئی سی سی کو درخواست دے دیں گے۔ چئیرمین پی سی بی نے پابندی کا شکار سلمان بٹ اور محمد آصف کو ہری جھنڈی دکھادی۔ کہتے ہیں دونوں کھلاڑیوں کو ابھی مزید ری ہیبلیٹیشن کی ضرورت ہے۔

    شہریار خان نے کہا کہ وہ کھلاڑیوں اور مینجمنٹ کی پرفارمنس سے مطمئن ہیں۔ ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ کینیا کی ٹیم پاکستان کا دورہ کرنے کے لئے تیار ہے۔

  • فاسٹ بولرمحمد عامرکی ڈومیسٹک کرکٹ میں واپسی متوقع

    فاسٹ بولرمحمد عامرکی ڈومیسٹک کرکٹ میں واپسی متوقع

    دبئی: آئی سی سی ایگزیکٹیو بورڈ کا دو روزہ اجلاس کل سے دبئی میں ہوگا۔ انسداد بدعنوانی کوڈ میں تبدیلی کے بعد پابندی کے شکار پاکستانی فاسٹ بولر محمد عامر کی ڈومیسٹک کرکٹ میں واپسی متوقع ہے۔

    دبئی میں شروع ہونے والے بورڈ ممبرز کے دو روزہ اجلاس میں ایگزیکٹو کمیٹی کی سفارشات جس میں انسداد بدعنوانی کوڈ میں تبدیلی کے ساتھ ساتھ آئی سی سی اینٹی ڈوپنگ کوڈ اور متنازعہ بولنگ ایکشن جیسے موضوعات پر بھی بات چیت کی جائے گی۔

    ذرائع کے مطابق آئی سی سی کی چیف ایگزیکٹو کمیٹی بدعنوانی کوڈ میں تبدیلی کی منظوری دے چکی ہے۔ پابندی کے شکار کھلاڑیوں کو اپنی سزا کے خاتمے سے پانچ سے چھ ماہ قبل ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کی اجازت مل سکتی ہے۔

    جس سے محمد عامر آئندہ سال کے اوائل میں ڈومیسٹک کرکٹ میں واپسی کرسکیں گے۔ محمد عامر کی پابندی ستمبر دوہزار پندرہ میں ختم ہوگی۔ دوہزار دس میں پاکستانی قومی کرکٹ ٹیم کے دورہ انگلینڈ کے دوران لارڈز ٹیسٹ میں محمد عامر ، سلمان بٹ اور محمد آصف پر فکسنگ کے الزام میں پابندی عائد کی گئی تھی۔

  • پاک نیوزی لینڈ ٹیسٹ سیریز: شاہین کیویزپرجھپٹنے کیلئے تیار

    پاک نیوزی لینڈ ٹیسٹ سیریز: شاہین کیویزپرجھپٹنے کیلئے تیار

    ابوظہبی: پاکستان اور نیوزی لینڈ کے کھلاڑیوں کی اتوار سے ابوظہبی میں شروع ہونے والے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ کے لئے بھرپور تیاری جاری ہے۔

    متحدہ عرب امارات میں آسٹریلیا کے بعد پاکستان نیوزی لینڈ کی میزبانی کررہا ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان طویل سیریز تین ٹیسٹ، پانچ ون ڈے اور دو ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل ہے۔

    سیریز کا آغاز اتوار سے ابوظہبی میں کھیلے جانے والے ٹیسٹ میچ سے ہوگا۔ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے کھلاڑیوں کی پہلے میچ کے لئے بھرپور پریکٹس جاری ہے۔

    یونس خان بھرپور فارم میں ہیں۔ کپتان مصباح الحق کی تیزترین سنچری نے حریف ٹیم کے لئے خطرے کی گھنٹی بجادی ہے۔ذوالفقار بابر اور یاسر شاہ اس سیریز میں بھی توجہ کا مرکز ہوں گے۔

    ابتدائی ٹیسٹ کے لئے قومی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔ آسٹریلیا کے خلاف فاتح اسکواڈ کو برقرار رکھا گیا ہے۔ پاکستانی ٹیم میں شامل زیادہ تر کھلاڑی پہلی بار کیویز کے خلاف میچ کھیلیں گے۔

    ادھر کیوی ٹیم برینڈن میک کلم کی قیادت میں میدان میں اترے گی۔ دونوں ٹیمیں دوہزار گیارہ کے بعد طویل فارمیٹ کی کرکٹ میں ایکشن میں ہوں گی۔