Tag: کرکٹ

  • فاسٹ بولرمحمدعامرکی واپسی کے امکانات بڑھ گئے

    فاسٹ بولرمحمدعامرکی واپسی کے امکانات بڑھ گئے

    دبئی: پابندی کا شکار پاکستانی فاسٹ بولرمحمدعامرکی ڈومیسٹک کرکٹ میں جلد واپسی کے امکانات بڑھ گئے۔ دبئی میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو ڈیوڈ رچرڈسن کا کہناتھا کہ کونسل کے ضابطہ اخلاق میں ترمیم کا حتمی فیصلہ دس نومبر کو ہونے والے اجلاس میں کیا جائے گا۔

    معطل کھلاڑیوں کو سزا ختم ہونے سے چھ ماہ قبل ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کی اجازت مل سکتی ہے۔ پاکستانی لیفٹ آرم فاسٹ بولر کی کرکٹ میں جلد واپسی آئی سی سی کے فیصلے سے مشروط ہے۔ آئی سی سی کے فیصلے کے بعد محمد عامر آئندہ سال مارچ تک ڈومیسٹک کرکٹ میں واپسی کرسکیں گے۔

    آئی سی سی نے ورلڈ کپ کے لئے تیس ممکنہ کھلاڑیوں کا اعلان سات دسمبر اور حتمی اسکواڈ کا اعلان سات جنوری تک کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان عالمی کپ دوہزار پندرہ کے میچ کے پہلے مرحلے کے تمام ٹکٹس فروخت ہوگئے ہیں۔ دوسرے مرحلے میں ٹکٹس چھ نومبر سے فروخت کے لئے پیش کئے جائیں گے۔

  • دبئی ٹیسٹ:شاہینوں نے نئے ریکارڈ قائم کرلئے

    دبئی ٹیسٹ:شاہینوں نے نئے ریکارڈ قائم کرلئے

    دبئی: پاکستانی شاہینوں کی عمدہ کارکردگی کی بدولت دبئی ٹیسٹ ناقابل فراموش بن گیا۔ دبئی کے میدان میں پاکستان نے کئی ریکارڈز قائم کئے۔

    دبئی میں پاکستان نے بتادیاکہ نام نہیں کام سے بات بنتی ہے۔ دو سو اکیس رنز سے کامیابی گرین شرٹس کی آسٹریلیا کے خلاف سب سے بڑی جیت ہے۔

    دبئی کے ہی میدان میں پاکستان نے سولہ سال بعد کینگروز کے خلاف ایک اننگز میں چار سو رنز کا مجموعہ بھی تشکیل دیا۔یونس خان نے سلیکٹرز کو کرارا جواب دیا۔

    وہ ایک میچ میں دو سینچریاں بنانے والے ساتویں پاکستانی بیٹسمین بن گئے، ساتھ ہی یونس نے انضمام کی پچیس سینچریوں کا ریکارڈ بھی توڑ ڈالا۔

    وکٹ کیپر سرفراز احمد نے بھی بہتی گنگا میں ہاتھ دھویا اور اسی گیندوں پر سنچری اسکور کی۔ سرفراز تیز سنچری بنانے والے وہ دنیا کے دوسرے وکٹ کیپر بیٹسمین بنے۔

    لیگ اسپنر یاسر شاہ اور ذوالفقار بابر نے بھی سات سات وکٹیں حاصل کرکے پاکستان کی جیت میں اہم کردار ادا کیا

  • پاکستانی ٹیم ٹیسٹ رینکنگ میں چوتھی پوزیشن پربراجمان

    پاکستانی ٹیم ٹیسٹ رینکنگ میں چوتھی پوزیشن پربراجمان

    دبئی : پاک آسٹریلیا  کرکٹ ٹیسٹ سیریز کے پہلے میچ  میں قومی ٹیم کی کامیابی کی بدولت پاکستان نے ٹیسٹ رینکنگ میں بھارت کو پیچھے چھوڑتے ہوئے چوتھی پوزیشن پر قبضہ جمالیا۔دبئی ٹیسٹ میں دو سو اکیس سے کامیابی نے پاکستان کو رینکنگ میں چھٹی سے چوتھی پوزیشن پر پہنچا دیا۔

    پاکستانی شاہینوں نے نہ صرف رینکنگ بہتر کی بلکہ بگ تھری کے ٹھیکیدار بھارت کو پانچویں سے چھٹی پوزیشن پر دھکیل دیا۔ سیریز کا دوسرا اورآخری ٹیسٹ جیت کر پاکستان کے پاس ٹیسٹ رینکنگ میں دنیا کی تیسری بہترین ٹیم بننے کا سنہری موقع ہوگا۔ ابو ظہبی ٹیسٹ میں ناکامی کی صورت میں پاکستان چوتھی سے پانچویں پوزیشن پر آجائے گا۔

  • آئی ڈی پیزکیلئے کھیلاجانیوالا امدادی میچ آفریدی الیون نے جیت لیا

    آئی ڈی پیزکیلئے کھیلاجانیوالا امدادی میچ آفریدی الیون نے جیت لیا

    بنوں : آپریشن ضرب عضب سے متاثر ہونے والے آئی ڈی پیز کی امداد کے لئے بنوں میں نمائشی میچ کا اہتمام کیا گیا جس میں کرکٹ اسٹارشاہد آفریدی نے بھی شرکت کی۔

    بنوں میں پاکستان آرمی کے زیر اہتمام آئی ڈی پیز کی امداد کےلئے نمائشی میچ کا انعقاد کیا گیا۔ میچ آفریدی الیون اور آرمی الیون کے درمیان کھیلا گیا۔ جسے شاہد آفریدی الیون نےجیت لیا۔

    دس دس اوورز پر مشتمل میچ کو دیکھنے کے لئے ہزاروں لوگ میدان میں موجود تھے۔ پاک آرمی کرکٹ ٹیم کی قیادت کرنل اظہر نے کی۔ بوم بوم آفریدی کی گراونڈ میں موجودگی اور نوجوانوں کے ساتھ کرکٹ کھیلنے سے آئی ڈی پیز کے مرجھائے چہروں پر خوشیاں بکھر گئیں ۔

    نوجوان کھلاڑی سپر اسٹار کے ساتھ گھل مل گئے اور پر جوش کرکٹ بھی کھیلی۔ میچ میں آفریدی نے اپنی اوپننگ سے شائقین کو محظوظ کیا اور پینتالیس رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہو گئے۔

    اس موقع پر اے آر وائی نیوز سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر میجرجنرل عاصم سلیم باجوہ نے کہا کہ قومی ہیروزآئی ڈی پیزکیساتھ کھڑےہوناچاہتےہیں اور بہت سےلوگ آئی ڈی پیزکوعطیات بھی دیناچاہتے ہیں۔

    عاصم باجوہ کا مزید کہنا تھا کہ قوم آئی ڈی پیز کے ساتھ کھڑی ہے۔ عوام نے فیصلہ کیا ہے،دہشت گردی کےکینسرسےجان چھڑانی ہے

  • انضمام الحق ایشیا کے معتبرترین کرکٹرقرار

    انضمام الحق ایشیا کے معتبرترین کرکٹرقرار

    لندن : کرکٹ کے سب سے بڑے رسالے وزڈن نے انضمام الحق کو ایشیا کا معتبر ترین کرکٹر قرار دے دیا،کرکٹ کے سب سے بڑے رسالے وزڈن نے قومی ٹیم کے سابق کپتان انضمام الحق کو ایشیا کا سب سے معتبر ترین کرکٹر قرار دے دیا۔

    وزڈ کے مطابق انضمام نے اننچاس میچز میں فتح گر اننگز کھیلی اور ان کا ایورج ستر رنز رہا وزڈن نے اپنی رپورٹ میں لکھا ہے کہ انضمام نے اپنی ٹیم کو ایشیا میں سب سے زیادہ میچز میں کامیابی دلائی۔

    انضمام الحق انیس سو اکیانوے سے دو ہزار سات تک قومی بیٹنگ لائن کے اہم ستون تھے۔ وزڈن کے مطابق انضمام کی ٹیم میں جگہ ڈھائی بیٹسمینوں کے برابر تھی۔

    انضمام نے ٹیسٹ کرکٹ میں پچیس سینچریز کی مدد سے آٹھ ہزار آٹھ سو تیس اور ون ڈے کرکٹ میں دس سینچریز کی مدد سے گیارہ ہزار سات سو انتالیس رنز اسکور کیے۔

  • سعید اجمل کا بولنگ ایکشن کافی حد تک تبدیل ہوگیا

    سعید اجمل کا بولنگ ایکشن کافی حد تک تبدیل ہوگیا

    لاہور: پاکستان ٹیم کے تجربہ کار اسپنر سعید اجمل بولنگ ایکشن میں کافی تیزی سے بہتری لارہے ہیں۔ دوسرا گیند کےموجد ثقلین مشتاق کی نگرانی میں سعید اجمل کی بھرپور ٹریننگ جاری ہے۔

    نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں سعید اجمل نے سابق اسپنر ثقلین مشتاق کی نگرانی میں اپنا بولنگ ایکشن کافی حد تک تبدیل کر لیا ہے۔ذرائع کے مطابق سعید اجمل کے نئے بولنگ ایکشن میں انکا بازو کافی حد تک سیدھا ہے۔

    ٹریننگ کے دوران سعید اجمل کافی پرامید دکھائی دے رہے ہیں کہ وہ جلد اپنا بولنگ ایکشن درست کر لیں گے۔ اجمل پچیس روز میں سات ہزار گیندیں کروا چکے ہیں اور بہت جلد وہ انگلینڈ سے اپنا بائیو مکینک ٹیسٹ دوبارہ کرائیں گے۔جس کے بعدمعلوم ہو سکے گا کہ انکے ایکشن میں کتنی درستگی ہوئی ہے۔

  • دوسرے ون ڈے میں کھلاڑیوں کو بھرپور تیاری کیساتھ میدان میں اترنا ہوگا، مصباح الحق

    دوسرے ون ڈے میں کھلاڑیوں کو بھرپور تیاری کیساتھ میدان میں اترنا ہوگا، مصباح الحق

    دبئی: پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ون ڈے سیریز کا دوسرا میچ جمعہ کو دبئی میں ہوگا، کپتان مصباح الحق کا کہنا ہے کہ ٹیم کے پاس ہارنے کے لئے کچھ نہیں ہے پوری تیاری کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔

    آسٹریلیا کیخلاف دوسرے ون ڈے میچ کیلئے پاکستان ٹیم نے بھرپور تیاریاں شروع کردی ہیں، کپتان مصباح الحق نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک اچھی اننگز کھلاڑیوں کے اعتماد کو بحال کرسکتی ہے،دبئی کرکٹ اسٹیڈیم کی وکٹ باؤنسی ہوسکتی ہے،بیٹسمینوں کو بھرپور تیاری کیساتھ میدان میں اترنا ہوگا۔

    قومی ٹیم کے کپتان نے کہا کہ حفیظ کے باہر ہونے سے ٹیم کا بیلنس آؤٹ ہوگیا،خامیاں دور کرنے کیلئے کوچز محنت کررہے ہیں، لیکن ہم پُرامید ہیں دبئی میں کھلاڑی ساری کثر پوری کردیں گے۔

    ذرائع کے مطابق دبئی میں ہونے والے دوسرے ون ڈے میچ کیلئے پاکستان میں دو تبدیلیوں کا امکان ہے،اسد شفیق اور انور علی کی جگہ پلیئنگ الیون میں صہیب مقصود اور رضا حسن شامل ہونگے۔

  • پاک آسٹریلیا ون ڈے میچ کل شارجہ میں ہوگا

    پاک آسٹریلیا ون ڈے میچ کل شارجہ میں ہوگا

    شارجہ: پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین میچوں کی ون ڈے سیریز کا پہلا میچ کل شارجہ میں کھیلا جائےگا۔ پاکستانی شاہینوں اور کینگروز کے درمیان متحدہ عرب امارات کے ریگستانوں میں ون ڈے سیریز کا آغاز ہونے جارہا ہے۔

    جیت کا جنون لیے کھلاڑی پرجوش ہونگے ۔ میدان کے اندر بھی اور باہر بھی موسم گرم ہوگا۔ پچاس اوورز کے فارمیٹ میں کینگروز کو گرین شرٹس پر واضح برتری حاصل ہے۔

    دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک نواسی ون ڈے میچز کھیلے جاچکے ہیں۔قسمت کی دیوی شاہینوں پر صرف اکتیس بار مہربان ہوئی۔ آسٹریلیا فتوحات کی نصف سنچری مکمل کرکے چوون بار میدان مار نے میں کامیاب ہوچکا ہے۔

    ایک میچ ٹائی اور تین غیر فیصلہ کن رہے۔ متحدہ عرب امارات میں ہونے والی دونوں سیریز کینگروز کے نام رہی۔ دو ہزار نو میں آسٹریلیاتین دو سے سیریز اپنے نام کی تو دوہزار بارہ میں دو ایک سے کامیابی سمیٹی۔

    موجودہ ٹیم میں آفریدی آسٹریلیا کیخلاف انتالیس ون ڈے میچز میں چوالیس کینگروز کا شکار کرچکے ہیں۔بیٹنگ میں آفریدی چھ سو تراسی رنز کے ساتھ پہلے اور کپتان مصباح الحق تین سو ستتر رنز کے ساتھ دوسرے نمبر پر موجودہیں۔

  • نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ:پشاورپینتھرزکی فائنل میں شاندارفتح

    نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ:پشاورپینتھرزکی فائنل میں شاندارفتح

    کراچی: پشاور پینتھرزنے پہلی بار نیشنل ٹی ٹونٹی کپ کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا، فائنل میں پشاور پینتھرزنےلاہورلائنزکوسات وکٹ سےشکست دی۔ کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل میں لاہورلائنزنے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کافیصلہ کیا۔

    لیکن پشاور کے بولرز کی نپی تلی بولنگ کے آگے لائنز کے بیٹسمین جم کر نہ کھیل سکے، صرف امام الحق باون رنز ہی کچھ مزاحمت کرسکے، تاج ولی نے تین اورعمران خان نے دو وکٹیں لیں۔

    جواب میں پشاور پینتھرز کے اوپنرز نے اچھا آغاز فراہم کیا پھر افتخار احمد پچاس رنز ناٹ آؤٹ نے عادل امین تینتیس رنز کے ساتھ مل کر اپنی ٹیم کو سات وکٹ سے فتح دلوادی۔ پشاور پینتھرز کی ٹیم پہلی بار قومی ٹی ٹوئنٹی کپ کا ایونٹ جیتنے میں کامیاب ہوئی ہے۔

  • ہم جیسے کھلاڑیوں کو خود کشی کرلینی چاہیئے،یونس خان

    ہم جیسے کھلاڑیوں کو خود کشی کرلینی چاہیئے،یونس خان

    کراچی: قومی ٹیم کے سابق کپتان یونس خان آسٹریلیا کے خلاف سیریز سے باہر ہونے پر دلبرداشتہ ہوگئے، کہتے ہیں کہ پاکستان میں سینئر کھلاڑیوں کے ساتھ مذاق کیا جاتا ہے۔ ہم جیسے کھلاڑیوں کو خود کو گولی مارلینی چاہئیے۔

    وہ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں صحافیوں سے گفتگو کررہے تھے ،یونس خان میڈیا کے سامنے سینٹرل کانٹریکٹ کو بھی خاطر میں نہ لائے اور بس بولتے ہی چلے گئے۔

    انہوں نے کہا کہ میں  نے کرکٹ عزت سے کھیلی ہے اس طرح کی بے عزتی برداشت نہیں کرسکتا ,انہیں خود پر ہنسی آتی ہے۔ اس ملک میں سینئیرز کے ساتھ مذاق ہوتا ہے۔ یونس خان نے کہا کہ کرکٹ سے بھاگوں گا نہیں اور نہ ہی ریٹائر ہوں گا۔ اگرٹیم میں منتخب نہیں کیا جارہا تو کیا خود کو گولی مارلوں۔

    سابق کپتان نے کہا کہ کیا میرا قصور یہ ہے کہ میں سلیکٹرز کو فون نہیں کرتا، کیا میرا قصور یہ ہے کہ میں نے پاکستان کو ورلڈ ٹی ٹوئنٹی جتوایا۔ یونس خان  نے کہا کہ اگر سلیکٹرزیہ کہتے کہ پہلا ون ڈے کھیل کر ریٹائر ہوجاؤ تو ٹیم کی خاطر ایسا کرلیتا، اگر ورلڈ کپ تک ٹیم بن گئی تو کرکٹ چھوڑ دوں گا۔