Tag: کرکٹ

  • دوسری شادی اور کرکٹ، دو بیٹے اپنے اپنے والد کے ہاتھوں قتل

    دوسری شادی اور کرکٹ، دو بیٹے اپنے اپنے والد کے ہاتھوں قتل

    راولپنڈی: تھانہ صدر بیرونی کے علاقے میں قتل کے دو ایسے کیسز سامنے آئے ہیں جن میں باپ ہی کے ہاتھوں بیٹے جان سے محروم ہوئے، پولیس نے دونوں کیسز میں ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کے علاقے تھانہ صدر بیرونی کی حدود میں دوسری شادی میں رکاوٹ اور کرکٹ سے رغبت کی وجہ سے دو بیٹے اپنے اپنے والد کے ہاتھوں قتل ہو گئے۔

    پولیس رپورٹ کے مطابق ملزم چمنے خان نے چند روز قبل اپنے بیٹے جمشید کو مسجد کے باہر فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا، معلوم ہوا ہے کہ ملزم دوسری شادی کرنا چاہتا تھا لیکن بیٹا مسلسل اسے منع کر رہا تھا، واقعے کے بعد پولیس نے تحقیقات کے دوران سراغ لگا کر ملزم کو گرفتار کیا۔

    ابتدائی رپورٹ کے بعد پولیس کا کہنا ہے کہ چمنے خان نے اپنے جواں سال بیٹے جمشید کو دوسری شادی میں رکاوٹ بننے پر گولیاں مار کر قتل کیا، یہ واقعہ علاقے کی مسجد کے باہر پیش آیا تھا۔

    دوسری طرف اسی تھانے کی حدود میں کرکٹ کھیلنے سے منع نہ ہونے پر باپ نے فائرنگ کر کے بیٹے کو قتل کیا، صدر بیرونی پولیس نے 18 سالہ بیٹے کو قتل کرنے کے مقدمے میں ملزم حسیب کو گرفتار کر لیا ہے۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم حسیب کو اپنے بیٹے منیب کے کرکٹ کھیلنے پر غصہ تھا، ملزم کے خلاف مقتول منیب کی والدہ کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

  • بابر اعظم نے بڑا انٹرنیشنل اعزاز حاصل کر لیا

    بابر اعظم نے بڑا انٹرنیشنل اعزاز حاصل کر لیا

    لاہور: بابر اعظم کی آسٹریلیا کے خلاف شان دار اننگز کو ٹیسٹ چیمپئن شپ کی بہترین پرفارمنس میں شامل کر لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق قومی کپتان بابر اعظم نے ایک اور اعزاز حاصل کر لیا ہے، آسٹریلیا کے خلاف ان کی 196 رنز کی کیریئر بیسٹ اننگز کو ٹیسٹ چیمپئن شپ کی بہترین پرفارمنس میں شامل کر لیا گیا۔

    آئی سی سی نے ٹیسٹ چیمپئن شپ میں اب تک کی بہترین پرفارمنسز پر بابر اعظم کے ساتھ اظہر علی، نیوزی لینڈ کے ٹام لیتھم، انگلینڈ کے جو روٹ اور بھارت کے جڈیجا کے ناموں کا انتخاب کیا ہے۔

    اس سے قبل کپتان بابر اعظم نے ایک اور اعزاز اپنے نام کیا تھا، وہ 2 مرتبہ پلیئر آف دی منتھ کا ایوارڈ جیتنے والے پہلے کھلاڑی بن گئے تھے، آسٹریلیا کے خلاف بہترین کارکردگی دکھانے کے بعد وہ دوسری مرتبہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ۔ آئی سی سی پلیئر آف دی منتھ قرار پائے۔

    بابر اعظم کے نام ایک اور اعزاز

    بابر اعظم نے آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ اور ون ڈے میں عمدہ کارکردگی دکھائی، بابر اعظم نے سیریز میں مجموعی طور پر 561 رنز اسکور کیے۔

    سیریز کے دوران بابر اعظم بطور کپتان سب سے زیادہ سنچریاں اسکور کرنے والے پاکستانی کپتان بھی بنے تھے، بابر نے بطور کپتان 4 سنچریاں اسکور کیں، ان سے قبل اظہر علی نے 3، شاہد آفریدی اور انضمام الحق نے 2، 2 سنچریاں اسکور کی تھیں۔

    بابر اعظم نے کم سے کم اننگز میں 15 ون ڈے سنچریاں اسکور کرنے کا ریکارڈ بھی اپنے نام کر لیا ہے، بابر اعظم نے 83 اننگز میں 15 سنچریاں مکمل کیں۔

  • ’دعا ہے ایسا وقت کسی پر نہ آئے‘

    ’دعا ہے ایسا وقت کسی پر نہ آئے‘

    لاہور: ٹیسٹ کرکٹر عمر اکمل نے خود پر گزرے سخت دنوں کے حوالے سے کہا کہ میں حال ہی جس وقت سے گزرا ہوں میری ہمیشہ یہ دعا رہے گی کہ وہ وقت کسی پر نہ آئے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں مقامی کرکٹ اکیڈمی میں ٹریننگ کرنے والے عمر اکمل نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مجھے میری فیملی نے ایسے وقت میں گرنے سے بچایا جب برا وقت گزر رہا تھا، اور میں فیملی کی وجہ سے کرکٹ کے میدان میں واپس آیا۔

    ان کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل فرنچائز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ان پر اعتماد کیا، جس سے ان کا حوصلہ بڑھا اور انھوں نے پی ایس ایل 7 میں اچھی کارکردگی دکھائی۔

    ٹیم میں انتخاب سے متعلق عمر اکمل نے کہا میرا فوکس کرکٹ پر ہے، فٹنس مزید بہتر کروں گا تاکہ اچھے طریقے سے قومی ٹیم میں کم بیک کر سکوں، اس کے بعد قومی ٹیم کے لیے منتخب کرنا سلیکٹرز ، کوچز اور کپتان کا کام ہے۔

    بابر اعظم کو کس کزن نے جوگرز دینے سے انکار کیا تھا؟ عمر اکمل کا بیان سامنے آ گیا

    کرکٹر کا کہنا تھا کہ انھوں نے کراچی میں رمضان کرکٹ میں بھی حصہ لینا ہے، اس کے بعد لیگز کھیلنا چاہیں گے، انھوں نے کہا مجھے امید ہے لیگز میں ایکشن میں دکھائی دوں گا، مجھے جہاں بھی موقع ملا ہے میں نے سو فیصد دینے کی کوشش کی ہے۔

    آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے حوالے سے عمر نے کہا میں سمجھتا ہوں آسٹریلیا کے خلاف ہوم سیریز شان دار رہی، فینز نے بھی خوب انجوائے کیا، پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ ہونا خوش آئند ہے۔

  • 24 سال بعد پاکستان کا دورہ کرنے والی آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کو دھمکی آمیز پیغام

    24 سال بعد پاکستان کا دورہ کرنے والی آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کو دھمکی آمیز پیغام

    لاہور: بھارت اوچھے ہتھکنڈوں اور سازشوں سے باز نہ آیا، پاکستان میں عالمی کرکٹ کی بحالی روکنے کے لیے بھارت کی ایک اور سازش بے نقاب ہو گئی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق 24 سال بعد پاکستان کا دورہ کرنے والی آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کو دھمکی آمیز پیغام بھیجا گیا ہے، جس میں آسٹریلوی کھلاڑی کے خاندان کو پاکستان دورے پر نتائج بھگتنے کی دھمکیاں دی گئی ہیں۔

    دھمکی آمیز پیغام کا مقصد یہ ہے کہ نیوزی لینڈ کی طرح آسٹریلوی ٹیم بھی پاکستان دورے سے واپس چلی جائے۔

    رپورٹ کے مطابق 26 فروری کو آسٹریلوی ٹیم کے رکن کے خاندان کو انسٹا گرام پر دھمکی آمیز پیغام ملا، جس میں ان کو پاکستان جانے پر نتائج بھگتنے کی دھمکیاں دی گئیں۔

    بظاہر پہلے کی طرح اس بار بھی بھارت کی ایما پر یہ سازش کی گئی ہے، معلوم ہوا ہے کہ دھمکی آمیز پیغام انسٹا گرام پر فیک اکاؤنٹ کے ذریعے بھیجا گیا۔

    مرائدل تیواڑی کے جعلی اکاؤنٹ میں ملوث ہونے کے ناقابل تردید ثبوت سامنے آئے ہیں، مرائدل تیواڑی بھارتی گجرات میں آئی ایم سی لمیٹڈ میں بطور افسر کام کرتا ہے۔

    بھارتیوں کی جانب سے عالمی کرکٹ میں رکاوٹوں کا یہ طریقہ پہلے بھی استعمال کیا جا چکا ہے، اس سے پہلے ویسٹ انڈیز اور نیوزی لینڈ کو بھی دھمکی آمیز پیغامات بھیجے گئے تھے۔

  • کرکٹر ڈونلڈ بریڈ مین کی انگلینڈ کے خلاف انوکھی چال!

    کرکٹر ڈونلڈ بریڈ مین کی انگلینڈ کے خلاف انوکھی چال!

    ڈونلڈ بریڈ مین کو دنیائے کرکٹ کا عظیم کھلاڑی تسلیم کیا گیا ہے۔ 1949ء میں انھیں "سر” کے خطاب سے نوازا گیا اور 1979ء میں وہ آسٹریلیا کے اعلیٰ ترین شہری اعزاز سے بھی سرفراز کیے گئے۔

    ڈونلڈ جارج بریڈ مین نے ڈان بریڈ مین کے نام سے خوب شہرت پائی۔ 27 اگست 1908ء کو پیدا ہونے والے بریڈ مین کا تعلق آسٹریلیا سے تھا۔ انھوں‌ نے 25 فروری 2001ء میں‌ ہمیشہ کے لیے آنکھیں‌ موند لی تھیں۔ وہ آسٹریلیا کی تاریخ کے مشہور ترین کھلاڑیوں میں سے ایک تھے۔ آج ان کے یومِ‌ وفات پر کرکٹ کی تاریخ‌ کا یہ مشہور واقعہ قارئین کی دل چسپی کے لیے نقل کیا جارہا ہے۔

    1936-37 کی بات ہے جب ایشز سیریز میں نائٹ واچ مین کا عجیب واقعہ پیش آیا۔ آسٹریلیا کی ٹیم اپنی مہمان ٹیم انگلینڈ سے دو ٹیسٹ ہار چکی تھی اور تیسرا ٹیسٹ میلبورن میں کھیلا جارہا تھا۔

    سَر ڈان بریڈ مین پہلی مرتبہ ٹیم ی کپتانی کررہے تھے اور آسٹریلین بورڈ کو شک تھا کہ سینئر کھلاڑی ان سے تعاون نہیں کررہے ہیں۔ پہلی اننگز میں جب اس عظیم کھلاڑی نے بیٹنگ کی تو انہیں احساس ہوا کہ پچ بہت خراب ہے اور مکمل دھوپ نہ لگنے کی وجہ سے اس کی اوپری سطح پر گیند چپک رہی ہے اور رک کر آرہی ہے۔ انہوں نے جیسے تیسے 200 رنز بنائے اور نو کھلاڑیوں پر اننگز ڈیکلیئر کر دی۔

    ادھر انگلینڈ کے کپتان گبی ایلن بھی پچ کو سمجھ چکے تھے اور بیٹنگ کے دوران جب ان کے لیے پچ اور مشکل معلوم ہوئی اور 76 رنز پر نو کھلاڑی آؤٹ ہوگئے تو انہوں نے اننگز ڈیکلیئر کردی تاکہ آسٹریلیا دوبارہ کھیلنے آئے اور جلد شکار ہوجائے۔

    کرکٹ لیجنڈ ڈونلڈ بریڈ مین نے اس موقع پر انوکھی چال چلی۔ انہوں نے اپنے ریگولر اوپنرز کی جگہ آخری نمبر پر کھیلنے والے بولروں فلیٹ ووڈ اسمتھ اور بل اوریلی کو اوپنر کے طور پر بھیج دیا، جس پر دونوں نے احتجاج بھی کیا، لیکن بریڈ مین نے انہیں کہا کہ آج کی شام کا کچھ وقت نکال لو، تیسرے دن تک پچ صحیح ہوجائے تو ہم سنبھال لیں گے۔ وہ دونوں گئے لیکن زیادہ دیر نہ ٹھہر سکے، ان کے بعد اگلے دو بلّے باز، جو بولر ہی تھے، انہوں نے مطلوبہ وقت نکال لیا اور تیسرے دن جب چوتھی وکٹ گری تو بریڈ مین میدان میں‌ اترے جن کے ساتھ دوسری طرف ریگولر اوپنر فنگلیٹن تھے۔

    اس وقت تک پچ سوکھ چکی تھی اور پتّھر ہورہی تھی۔ گیند بلّے پر ٹھیک آرہی تھی اور اس روز بریڈ مین اور فنگلیٹن نے اسی پچ پر 400 رنز کی پارٹنر شپ بنا دی۔ آسٹریلیا کے بریڈ مین نے اس میں 270 اور فنگلیٹن نے 136 رنز اسکور کیے۔ اس طرح مجموعی 564 رنز نے انگلینڈ کو مشکل میں‌ ڈال دیا۔ دوسری اننگز میں 689 رنز کا ہدف ملا تھا، لیکن انگلینڈ اپنی بھرپور کوششوں کے باوجود 365 رنز سے یہ ٹیسٹ ہارا۔ اگلے دونوں ٹیسٹ جیت کر آسٹریلیا نے ایشز کا تاج اپنے سَر پر سجا لیا۔

    پوری ٹیم کے نائٹ واچ مین (ٹیسٹ کرکٹ میں یہ اصطلاح کسی اچھے اور مستند بلّے باز کو بچانے کے لیے استعمال ہوتی ہے) بنانے کی یہ حکمتِ عملی بریڈ مین کی ذہانت کا نتیجہ تھی۔ وہ آسٹریلیا کی پہلی شخصیت تھے جن کی زندگی ہی میں ایک عجائب گھر قائم کرکے اسے بریڈ مین سے موسوم کیا گیا۔

  • این سی او سی کا پی ایس ایل 7 کے میچز میں شائقین کی شرکت سے متعلق بڑا فیصلہ

    این سی او سی کا پی ایس ایل 7 کے میچز میں شائقین کی شرکت سے متعلق بڑا فیصلہ

    اسلام آباد: نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 7 کے حوالے سے بڑا فیصلہ کر لیا ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل کے کراچی میچز 25 فی صد شائقین اسٹیڈیم میں دیکھ سکیں گے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کرکٹ اسٹیڈیم میں میچز دیکھنے کے لیے مکمل ویکسینیشن لازمی ہوگی، جب کہ پی ایس ایل لاہور کے میچز سے متعلق فیصلہ فروری کے پہلے ہفتے میں ہوگا، این سی او سی نے وفاق، صوبوں اور پی سی بی کو مراسلہ ارسال کر دیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ مکمل ویکسینیٹڈ افراد ہی کو اسٹیڈیم میں میچ دیکھنے کی اجازت ہوگی، تاہم عمر کی کوئی قید نہیں ہوگی اور تمام عمر کے افراد اسٹیڈیم میں پی ایس ایل میچز دیکھ سکیں گے۔

    مراسلے میں وضاحت کی گئی ہے کہ اسٹیڈیم میں آنے کے لیے 12 سال سے زائد عمر والوں کی ویکسینیشن لازم ہوگی، پی سی بی ویکسینیٹڈ افراد کو ٹکٹ کے اجرا کے لیے ایک میکنزم تیار کرے گا، اور پی سی بی سیکیورٹی انتظامات کی ذمہ دار ہوگی۔

    پی ایس ایل 7: شائقین کرکٹ کے لیے بڑی خوش خبری

    کرکٹ گراؤنڈ میں ایس او پیز پر عمل درآمد کی ذمہ داری بھی پی سی بی کی ہوگی، کرکٹ اسٹیڈیم میں تماشائیوں کے لیے ماسک، سماجی فاصلہ رکھنا لازم ہوگا۔

    واضح رہے کہ تازہ مراسلے کے مطابق اسٹیڈیم میں پی ایس ایل میچز دیکھنے کے خواہش مند شائقین کی تعداد کم کی گئی ہے، این سی او سی نے 29 دسمبر کو 100 فی صد شائقین کو اسٹیڈیم میں پی ایس ایل میچز دیکھنے کی اجازت دی تھی۔

  • جنوبی افریقہ اور کوہلی کے تنازعے میں سعید اجمل کیوں درمیان میں آگئے؟

    جنوبی افریقہ اور کوہلی کے تنازعے میں سعید اجمل کیوں درمیان میں آگئے؟

    بھارت اور جنوبی افریقہ کے درمیان تیسرے ٹیسٹ کے تیسرے روز روی چندرن ایشون کی گیند پروٹیز کے کپتان ڈین ایلگر کے پیڈز پر لگی اور امپائر نے انہیں آؤٹ دے دیا لیکن انہوں نے اس فیصلے کو ریویو کرنے کا فیصلہ کیا۔

    ریویو کا نتیجہ ڈین ایلگر کے حق میں نکلا کیونکہ ڈیجیٹل ریویو سسٹم (ڈی آر ایس) کے مطابق جب گیند جنوبی افریقی کپتان کے پیڈز پر لگی تب اس کی اونچائی وکٹوں سے زیادہ تھی۔

    بھارتی کپتان ویراٹ کوہلی سمیت تقریباً پوری ٹیم کو یقین تھا کہ ڈین ایلگر آؤٹ ہوگئے ہیں لیکن پھر بھی ڈی آر ایس کی جانب سے ان کا ناٹ آؤٹ قرار پانا ان کے لیے اضطراب کا باعث بنا۔

    انہوں نے اس غلطی پر جنوبی افریقی براڈ کاسٹر سپر سپورٹ کو بھرپور تنقید کا نشانہ بنایا اور سٹمپز کے مائیک کے پاس جا کر کہا کہ اپنی ٹیم پر بھی توجہ دیں جب وہ گیند چمکا رہے ہوتے ہیں صرف ان کی پوزیشن پر نہیں۔ آپ بس ہمیشہ لوگوں کو پکڑنے کے چکر میں لگے رہتے ہیں۔

    بھارت کے نائب کپتان کے ایل راہل کی جانب سے بھی کہا گیا کہ یہ پورا ملک ہے 11 لوگوں کے خلاف، روی چندرن ایشون نے سوپر سپورٹ کی ٹیم کو کہا کہ آپ جیتنے کے لیے بہتر راہ تلاش کریں، سپر سپورٹ۔

    اس کے بعد ٹویٹر پر سعید اجمل کا نام ٹرینڈ کرنے لگا۔

    سنہ 2011 کے ورلڈ کپ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان سیمی فائنل میں سچن ٹنڈولکر سابق پاکستانی بولر سعید اجمل کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے تھے لیکن ٹنڈولکر نے آئین گولڈ کے اس فیصلے پر ریویو لیا جس پر انہیں ناٹ آؤٹ قرار دیا گیا۔

    اس وقت بھی سعید اجمل نے یہی کہا تھا کہ سچن ٹنڈولکر آؤٹ ہوگئے تھے لیکن ریویو میں انہیں ناٹ آؤٹ دینا غلط فیصلہ تھا۔

    اس حوالے سے جمعرات کے روز سعید اجمل نے ایک پاکستانی ٹی وی چینل پر کہا کہ میں نے ڈین ایلگر کا ریویو آج کئی بار دیکھا ہے اور اس نتیجے پر پہنچا ہوں کہ گیند وکٹوں سے اوپر نہیں جارہی تھی۔ گیند ان کے گھٹنے پر لگی تھی اور وہ آؤٹ تھے۔

    پھر سعید اجمل نے 2011 کا واقعہ یاد کرتے ہوئے کہا کہ جب 2011 کے ورلڈ کپ میں سچن ٹنڈولکر کے آؤٹ ہونے کا فیصلہ ریویو میں تبدیل ہوگیا تھا تو مجھے کہا گیا تھا کہ ٹیکنالوجی پر بھروسہ کرنا چاہیئے۔ آج وہی لوگ کہہ رہے ہیں ٹیکنالوجی پر ٹرسٹ نہیں کرنا چاہیئے۔

    اس حوالے سے بھارت کے سابق بیٹسمین وسیم جعفر نے لکھا کہ آپ کو پتہ ہے ناں وہ کہتے ہیں کہ یہ ٹیکنالوجی 99 فیصد ایکیورٹ ہے۔ آج ہم نے بقیہ ایک فیصد دیکھ لیا۔

    سوشل میڈیا صارفین بھی اس معاملے پر بھارت پر طنز و مزاح کے نشتر برساتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔

    شاہد ندیم نامی صارف نے لکھا کہ آخر کار ویراٹ کوہلی نے ثابت کردیا کہ امپائر آئین گولڈ کا سچن ٹںڈولکر کے خلاف فیصلہ 100 فیصد درست تھا۔

    کچھ صارفین نے بھارتی صارفین کو مخالفین کی عزت کرنے کا مشورہ دیا۔ ڈینیئل الیگزینڈر نامی صارف نے کہا کہ انڈین کھلاڑیوں اور خصوصی طور پر ویراٹ کوہلی کو مخالفین، امپائرز، میچ ریفری، تماشائیوں اور اس کھیل کی عزت کرنا سیکھنا چاہیئے۔

  • پاکستان سپر لیگ سیزن 7 میں شائقین کے لیے کئی سرپرائزز

    پاکستان سپر لیگ سیزن 7 میں شائقین کے لیے کئی سرپرائزز

    پاکستان سپر لیگ سیزن 7 میں افتتاحی تقریب کیسی ہوگی، کون گائے گا آفیشل سانگ، شائقین کے لیے اس سلسلے میں کئی سرپرائزز رکھنے کا انکشاف ہوا ہے۔

    ذرائع کے مطابق انتظامیہ کی جانب سے 20 جنوری تک اس سلسلے میں ایک اعلامیہ جاری ہوگا کہ پی ایس ایل 7 کی افتتاحی تقریب کیسی ہوگی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل 7 پہلا ایڈیشن ہوگا جس میں نت نئی چیزیں متعارف کرائی جائیں گی، چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ شائقین کو سرپرائز دینا چاہتے ہیں۔

    افتتاحی تقریب کووِڈ پروٹوکولز کے تحت منعقد کی جائے گی، اور تقریب میں اضافی اخراجات بھی نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، تاہم پی ایس ایل کے لیے فینز انگیجمنٹ پر پی سی بی کی تمام تر توجہ مرکوز ہے۔

    اس سلسلے میں نیشنل اسٹیڈیم کراچی کے اطراف فیسٹیول جیسا ماحول بنایا جائے گا، اور فینز پارک میں بچوں کے لیے جھولے اور بڑوں کے لیے سہولیات میسر ہوں گی۔

    پی ایس ایل7: آن لائن ٹکٹوں کی فروخت شروع

    واضح رہے کہ گزشتہ روز سے پی ایس ایل سیزن 7 کے ٹکٹوں کی فروخت بھی شروع کر دی گئی ہے، پی سی بی کی جانب سے ٹکٹوں کی قیمتوں کے اعلان کے بعد بک می ڈاٹ پی کے نامی ویب سائٹ پر یہ ٹکٹ خریدے جا سکتے ہیں، شائقین کرکٹ کی جانب سے آن لائن ٹکٹوں کی خریداری میں گہری دل چسپی کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

  • حفیظ نے ریٹائرمنٹ کیوں لی؟ شاہد آفریدی کا اہم بیان

    حفیظ نے ریٹائرمنٹ کیوں لی؟ شاہد آفریدی کا اہم بیان

    پاکستان کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر محمد حفیظ کی ریٹائرمنٹ کے اعلان پر شاہد خان آفریدی کا ایک اہم تبصرہ سامنے آیا ہے۔

    محمد حفیظ نے گزشتہ روز کرکٹ کی دنیا کو الوادع کہا، جس کے بعد سے مداحوں اور ساتھی کھلاڑیوں کی جانب سے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا جا رہا ہے، تاہم سابق کپتان شاہد آفریدی نے ایک قابل تشویش امر کی طرف اشارہ کر دیا ہے۔

    جارحانہ بلے بازی کے لیے مشہور کرکٹر آفریدی نے ایک انٹرویو میں کہا کہ میں محمد حفیظ کا ریٹائرمنٹ کا اعلان سن رہا تھا، ان کے رویے سے واضح محسوس ہو رہا تھا کہ وہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیے ابھی مزید کھیلنا چاہتے ہیں۔

    سابق کپتان نے مزید کہا کہ میں ہمیشہ سے پاکستان کرکٹ بورڈ اور کھلاڑیوں کے درمیان رابطے میں کمی پر بات کرتا رہا ہوں، جہاں تک میرا خیال ہے یہی محمد حفیظ کے ساتھ ہوا۔

    پروفیسر حفیظ کا انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

    شاہد آفریدی نے کہا کہ میں اس بات سے خوش ہوں کہ محمد حفیظ نے اپنی ریٹائرمنٹ کے معاملے کو متنازع نہیں بننے دیا۔ دریں اثنا، شاہد خان آفریدی نے محمد حفیظ کے شان دار کرکٹ کیریئر پر انھیں مبارک باد بھی دی۔

    واضح رہے کہ قومی کرکٹر آل راؤنڈر اور سابق کپتان محمد حفیظ نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے، انھوں نے پاکستان کے لیے 55 ٹیسٹ، 218 ون ڈے اور 119 ٹی 20 میچز کھیلے۔

    محمد حفیظ نے 55 ٹیسٹ کھیل کر 3652 رنز بنائے، 10 سنچریز اور 12 ففٹیز اسکور کیں، 28 اگست 2006 کو پاکستان نے انگلینڈ کے خلاف اپنا پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلا، محمد حفیظ اس کا بھی حصہ تھے، انھوں نے 119 میچز میں 14 ففٹیز کی مدد سے 2514 رنز بنائے۔

  • آئی سی سی نے نومبر کے بہترین کھلاڑیوں کا اعلان کر دیا

    آئی سی سی نے نومبر کے بہترین کھلاڑیوں کا اعلان کر دیا

    انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے نومبر کے مہینے کے بہترین کھلاڑیوں کا اعلان کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا کے بیٹسمین ڈیوڈ وارنر کو نومبر کا بہترین کھلاڑی قرار دے دیا گیا ہے، جب کہ ویسٹ انڈیز کی ہیلی میتھیوز بہترین خاتون کرکٹر قرار پائی ہیں۔

    ڈیوڈ وارنر کو ٹی 20 ورلڈ کپ کے فائنل اور سیمی فائنل میں عمدہ اور میچ وننگ کارکردگی پر یہ ایوارڈ دیا گیا۔ وارنر نے پاکستانی اوپنر عابد علی اور نیوزی لینڈ کے فاسٹ بولر ٹم ساؤتھی کو پیچھے چھوڑ کر ایوارڈ حاصل کیا ہے۔

    شان دار کارکردگی کی ایک سیریز کے بعد ڈیوڈ وارنر ورلڈ کپ میں پلیئر آف دی ٹورنامنٹ قرار پائے تھے، جس کی وجہ سے آسٹریلیا کو ٹائٹل جیتنے میں مدد ملی۔

    مجموعی طور پر وارنر نے 7 میچز میں 48.16 کی اوسط اور 146.70 کے اسٹرائیک ریٹ سے 289 رنز بنائے۔ جب کہ ان میں سے چار میچز ایوارڈ کے لیے زیر غور مدت کے درمیان کھیلے گئے، جس کے دوران انھوں نے 151.44 کے شان دار اسٹرائیک ریٹ سے 209 رنز بنائے۔

    انھوں نے نیوزی لینڈ کے خلاف فائنل میں نصف سنچری بنائی، پاکستان کے خلاف سیمی فائنل میں اہم ترین 49 رنز بنائے، اور ویسٹ انڈیز کے خلاف سپر 12 کے مقابلے میں ناقابل شکست 89 رنز بنائے اور پلیئر آف دی میچ قرار پائے۔