Tag: کریش

  • امریکا میں طیارہ گھر پر جا گرا

    امریکا میں طیارہ گھر پر جا گرا

    امریکا میں ایک چھوٹا طیارہ ایک گھر پر جا گرا، حادثے میں 9 ماہ کی بچی سمیت 3 افراد جاں بحق ہوگئے، قیمتی جانوں کے نقصان کے بعد حادثے کی تحقیقات وسیع پیمانے پر جاری ہیں۔

    امریکی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ امریکی ریاست اوٹاہ میں پیش آیا جہاں ایک چھوٹا طیارہ ایک گھر کے بیک یارڈ میں کریش ہوگیا۔ طیارہ گرتے ہی مکان میں آگ بھڑک اٹھی۔

    ویسٹ جورڈن پولیس کے مطابق طیارے میں پائلٹ سمیت 6 افراد سوار تھے جن میں 3 بچے بھی شامل تھے۔ حادثے میں پائلٹ، جہاز میں سوار ایک خاتون اور 9 ماہ کے بچے کی ہلاکت کی تصدیق ہوگئی ہے۔

    گھر کی مالکہ حادثے کے وقت گھر میں موجود تھیں جو معمولی زخمی ہوئیں، ان کے علاوہ 3 مزید افراد بھی زخمی ہوئے، جن میں سے ایک 12 سالہ بچے کو معمولی طبی امداد دے کر گھر بھیج دیا گیا، ایک خاتون کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔

    حادثے کے بعد جائے حادثہ پر متعدد میڈیکل ہیلی کاپٹرز، آگ بجھانے والی گاڑیاں اور ایمبولینسز پہنچ گئیں جنہوں نے فوری طور پر زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا۔

    فی الحال اس کا تعین نہیں ہوسکا کہ طیارہ تکنیکی خرابی کی وجہ سے کریش ہوا یا پائلٹ کی غفلت کے باعث حادثہ پیش آیا۔

    فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن کا کہنا ہے کہ طیارے نے ساؤتھ ویلی ریجنل ایئرپورٹ سے اڑان بھری اور صرف 2 میل کی اڑان کے بعد ہی اس کے ساتھ حادثہ پیش آگیا، حادثے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

  • اس تصویر میں ایسا کیا ہے جو اینڈرائڈ فون کو کریش کردیتا ہے؟

    اس تصویر میں ایسا کیا ہے جو اینڈرائڈ فون کو کریش کردیتا ہے؟

    کیلی فورنیا: دنیا بھر میں اکثر افراد اپنے موبائل فون پر کسی خوبصورت سے نظارے کو بطور وال پیپر سیٹ کرتے ہیں، ایسا ہی ایک خوبصورت سا منظر متعدد اینڈرائڈ فونز کو کریش کرنے کا سبب بن گیا۔

    متعدد اینڈرائڈ صارفین نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ سمندر کنارے غروب آفتاب کی ایک تصویر جب انہوں نے اپنے وال پیپر پر سیٹ کی تو اس سے ان کا موبائل فون کریش کر گیا۔

    کئی افراد کا کہنا تھا کہ اس تصویر کو بطور وال پیپر پر سیٹ کرنے کے بعد ان کا موبائل بار بار بند ہونے لگا یہاں تک اسے فیکٹری ری سیٹ کرنا پڑا، جس کے بعد موبائل کا سارا ڈیٹا ضائع ہوگیا۔

    جب یہ تصویر سوشل میڈیا پر بہت وائرل ہوئی تو امریکی ریاست کیلی فورنیا کے ایک سائنسدان اور فوٹوگرافر گورو اگروال نے برطانوی نشریاتی ادارے سے رابطہ کر کے انہیں بتایا کہ یہ تصویر اس کی کھینچی ہوئی ہے۔

    گورو نے بتایا کہ اس نے ریاست مونٹانا میں واقع سینٹ میری جھیل کی یہ تصویر گزشتہ برس کھینچی تھی، اس کے بعد اسے لائٹ روم نامی پکچر ایڈیٹنگ سافٹ ویئر کے ذریعے ایڈٹ کیا گیا اور پھر فلکر پر اپ لوڈ کیا گیا۔

    اب ٹیکنالوجی ماہرین کا کہنا ہے اس سافٹ ویئر میں استعمال کیا جانے والا کلر اسپیس اس تصویر کو تباہ کن بنانے کا سبب بن رہا ہے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ گورو نے جو رنگ سافٹ ویئر کے ذریعے اس تصویر میں شامل کیے، انہیں اکثر اینڈرائڈ فون سپورٹ نہیں کر رہے، یہی وجہ ہے کہ اس تصویر کو بہتر طور پر پیش کرنے کے چکر میں اینڈرائڈ کا سسٹم کریش کر جاتا ہے۔

    ماہرین نے اس تصویر کو بطور وال پیپر نہ استعمال کرنے کی ہدایت کی ہے۔

  • اسرائیلی خلائی جہاز کا چاند پر اترنے کا مشن ناکام، جہاز تباہ

    اسرائیلی خلائی جہاز کا چاند پر اترنے کا مشن ناکام، جہاز تباہ

    تل ابیب: اسرائیل کی چاند پر خلائی جہاز اتارنے کی کوشش ناکام ہوگئی اور لینڈنگ کے دوران خلائی جہاز تباہ ہوگیا جس کے بعد اسرائیل چاند پر پہنچنے والے ممالک کی فہرست میں شامل ہونے سے رہ گیا۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیل کا نجی سرمایہ کاری سے تیار کردہ خلائی جہاز اپنے مشن میں ناکام ہوگیا۔ برشیٹ نامی خلائی جہاز چاند کی سطح پر بھیجا گیا تھا۔

    مشن کی کامیابی کی صورت میں اسرائیل چاند پر جہاز بھیجنے والا چوتھا ملک بن جاتا، اب تک امریکا، روس (سوویت یونین) اور چین اپنے خلائی جہاز کامیابی سے چاند کی سطح پر اتار چکے ہیں تاہم اسرائیل اس فہرست میں شامل ہونے سے رہ گیا۔

    خلائی جہاز برشیٹ 4 اپریل کو چاند کے مدار میں پہنچا تھا اور اس وقت سے چاند کے گرد گردش کررہا تھا۔ گزشتہ روز مقررہ شیڈول کے مطابق اسے چاند پر لینڈنگ کرنی تھی تاہم لینڈنگ کی تیاری کے دوران انجن میں خرابی پیدا ہوئی اور وہ چاند کی سطح سے ٹکرا گیا۔

    اسرائیلی مشن کنٹرول کا کہنا تھا کہ لینڈنگ سے پہلے جہاز کا انجن خراب ہوگیا تھا جس کے باعث لینڈنگ نہ ہو سکی۔

    مشن سے منسلک ماہرین کے مطابق لینڈنگ سے قبل خلائی جہاز کا زمین سے رابطہ بھی منقطع ہوگیا تھا، جہاز کی لینڈنگ کی مانیٹرنگ کرتے زمین پر موجود خلائی عملے نے رابطہ بحال کرنے اور انجن کی خرابی دور کرنے کی کوشش کی تاہم وہ ناکام رہے۔

    مذکورہ خلائی جہاز کی تیاری میں 100 ملین ڈالرز کی لاگت آئی تھی اور اسے اسرائیل ایرو اسپیس انڈسٹریز نے ایک نجی کمپنی کے ساتھ مل کر تیار کیا تھا۔

  • پرہجوم سڑک پر طیارہ کریش ہونے کے ہولناک مناظر

    پرہجوم سڑک پر طیارہ کریش ہونے کے ہولناک مناظر

    آپ کو کیسا لگے گا جب آپ کسی سڑک پر گاڑی میں بیٹھے سگنل کھلنے کا انتظار کر رہے ہوں اور اچانک آپ کے سامنے سے ایک جہاز نیچی پرواز کرتا ہوا، سڑک پر لگے کھمبوں سے ٹکراتا ہوا گزرے اور زمین بوس ہوجائے؟

    یقیناً یہ ایک دل دہلا دینے والا نظارہ ہوگا۔

    ایسا ہی ایک واقعہ امریکی شہر سیئٹل میں بھی پیش آیا جب سگنل کھلنے کا انتظار کرتی گاڑیوں نے ایک طیارے کو اپنے سامنے کریش ہوتے دیکھا۔

    یہ چھوٹا طیارہ قریب ہی واقع پین فیلڈ ایئرپورٹ سے اڑا تھا تاہم ٹیک آف کرتے ہی طیارہ غیر متوازن ہوگیا اور نیچے کی جانب جانے لگا۔

    مزید پڑھیں: فضائی حادثے کی صورت میں ان اقدامات سے جان بچانا ممکن

    اس دوران وہ ہائی وے پر سگنل لائٹس اور کھمبوں سے ٹکراتا ہوا اور دھوئیں کے مرغولے اڑاتا ہوا کریش ہوگیا۔ ٹیک آف کرتے ہی طیارے میں آگ بھی لگ چکی تھی۔

    خوش قسمتی سے اس خوفناک واقعے میں کوئی جانی نقصان تو نہیں ہوا البتہ طیارے کے ٹکرانے سے چند گاڑیوں کو نقصان ضرور پہنچا۔

    طیارے کا پائلٹ بھی معجزانہ طور پر بچ گیا۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔