Tag: کریش لینڈنگ

  • ڈزنی لینڈ میں روبوٹ عمارت سے جا ٹکرایا، خوفناک ویڈیو

    ڈزنی لینڈ میں روبوٹ عمارت سے جا ٹکرایا، خوفناک ویڈیو

    امریکی ریاست کیلی فورنیا کے ڈزنی لینڈ میں ایک شو کے دوران خوفناک حادثہ پیش آیا جس میں ایک روبوٹ عمارت سے ٹکرایا اور شیشے توڑتا ہوا نیچے آ گرا۔

    کیلی فورنیا کے ڈزنی لینڈ میں نئے کھولے گئے اوینجرز کیمپس کو اس وقت عارضی طور پر بند کرنا پڑا جب وہاں ایک ناخوشگوار واقعہ پیش آیا۔

    کیمپس میں ایک شو پیش کیا جارہا تھا جس میں اوینجرز ایکشن میں دکھائی دینے والے تھے، اس کے لیے قد آدم روبوٹ تیار کیے گئے تھے۔

    شو میں اسپائیڈر مین کی انٹری ہوا میں قلابازیاں لگاتے ہوئے ہوئی جس میں اسے اپنے جال کے ذریعے چھلانگیں لگاتے ہوئے عمارت کی چھت پر لینڈ کرنا تھا۔

    لیکن کسی خرابی کی وجہ سے روبوٹک اسپائیڈر مین ہوا میں اڑتا ہوا آیا اور چھت پر لینڈ کرنے کے بجائے عمارت سے ٹکرا کر شیشے توڑتا ہوا نیچے گرا، اس کے ساتھ ہی وہاں موجود لوگوں کی چیخیں نکل گئیں۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Darren L. (@mdglee_szm)

    روبوٹ کے نیچے گرتے ہی شو روک دیا گیا جبکہ کیمپس بھی عارضی طور پر بند کردیا گیا جسے بعد ازاں دوبارہ کھول دیا گیا۔

    واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بے حد وائرل ہورہی ہے۔

  • فیصل آباد ایئر پورٹ پر کریش لینڈنگ کی صورت حال سے نمٹنے کی مشق

    فیصل آباد ایئر پورٹ پر کریش لینڈنگ کی صورت حال سے نمٹنے کی مشق

    کراچی: فیصل آباد ایئر پورٹ پر کریش لینڈنگ کی صورت حال سے نمٹنے کی مشق کی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق سی اے اے کی جانب سے فیصل آباد انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے فل اسکیل مشق کا انعقاد کیا گیا۔

    مشق میں ایئر پورٹ سیکیورٹی فورس (اے ایس ایف) سمیت ریسکیو ادارے 1122 نے بھی حصہ لیا۔

    مشق کے دوران کریش لینڈنگ کی صورت میں طیارے میں پھنسے ہوئے مسافروں کو باہر نکالنے، فوری طبی امداد دینے اور اسپتال منتقل کرنے کا عملی مظاہرہ پیش کیا گیا۔

    ایئر پورٹ منیجر انور ضیا کا کہنا تھا کہ عالمی ہوا بازی کے قوانین کے مطابق فیصل آباد ایئر پورٹ پر ہنگامی مشقوں سے سی اے اے اور متعلقہ اداروں کے معیار کو مؤثر بنانا ہے۔

  • آسٹریلیا میں طیارہ حادثے کا شکار، بھارتی کرکٹ ٹیم بال بال بچی

    آسٹریلیا میں طیارہ حادثے کا شکار، بھارتی کرکٹ ٹیم بال بال بچی

    کینبرا: آسٹریلیا میں بھارتی کرکٹ ٹیم کے ہوٹل کے قریب ایک چھوٹا طیارہ حادثے کا شکار ہوگیا، خوش قسمتی سے حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

    بین الاقوامی میڈیا کے مطابق آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں جس ہوٹل میں بھارتی کرکٹ ٹیم قرنطینہ کے دن گزار رہی ہے، اس سے صرف 30 کلو میٹر دور ایک طیارہ حادثے کا شکار ہوگیا۔

    بھارتی ٹیم اس وقت سڈنی اولمپک پارک ہوٹل میں موجود ہے، چار روز قبل پیش آنے والے واقعے کے وقت چند کھلاڑی ایک شیڈ میں موجود تھے۔

    وہاں موجود کرومر کرکٹ کلب کے سینئر وائس پریزیڈنٹ کا کہنا ہے کہ انہوں نے طیارے کو تیزی سے قریب آتے دیکھا تو وہ زور سے چلائے بھاگو، بھاگو اور خود بھی بھاگ کھڑے ہوئے۔ انہیں خدشہ تھا کہ طیارہ شیڈ کی چھت سے ٹکرا جائے گا۔

    یہ طیارہ سڈنی فلائنگ اکیڈمی سے اڑا تھا جسے ایک نوجوان پائلٹ اڑا رہا تھا، طیارے میں کو پائلٹ بھی موجود تھا۔

    بظاہر یوں لگ رہا ہے کہ طیارہ نوجوان پائلٹ کے کنٹرول سے باہر ہوگیا جس کے بعد اس نے کریش لینڈنگ کی، حادثے میں دونوں کی جان بچ گئی تاہم دونوں بری طرح زخمی ہوئے ہیں۔

    اسپتال لے جاتے ہوئے ایک کا چہرہ خون سے تر تھا جبکہ دوسرے کی ٹانگ ٹوٹ چکی تھی۔ واقعے کی مزید تحقیقات کی جارہی ہیں۔

    حادثے میں بھارتی ٹیم بال بال بچی ہے، بھارتی ٹیم 2 ماہ سے زائد کے طویل دورے پر آسٹریلیا پہنچی ہے اور اس وقت قرنطینہ میں ہے۔

    اس دورے میں دونوں ٹیمز 3 ون ڈے، 3 ٹی 20 اور 4 ٹیسٹ میچز کھیلیں گی۔ دورے کا آغاز 27 نومبر کو پہلے ون ڈے سے ہوگا۔

  • کراچی ائیرپورٹ پر طیارے کی ہنگامی لینڈنگ، مسافرمحفوظ

    کراچی ائیرپورٹ پر طیارے کی ہنگامی لینڈنگ، مسافرمحفوظ

    کراچی: اسلام آباد سے مانچسٹر جانے والی پرواز نے کراچی ایئرپورٹ پر بحفاظت ہنگامی لینڈنگ کی، تمام مسافر محفوظ رہے، طیارے میں عملے و مسافر سمیت 150 افراد سوار تھے۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد سے مانچسٹر کے لیے جانے والی پرواز این ایل 901 کا اڑان کے ساتھ ہی ٹائر پھٹ گیا،سول ایوی ایشن حکام کے مطابق اسلام آباد ائیرپورٹ سے اڑان کے بعد رن وے سے ٹائر کے ذرات ملے ہیں۔

    Flight

    طیارے کو پہلے اسلام آباد پھر لاہور اتارنے کی کوشش کی گئی، موسم کی خرابی کے سبب طیارے کو لاہور ائیرپورٹ پر اترنے کی اجازت نہیں دی گئی تاہم کراچی کنٹرول ٹاور پر رابطے کے بعد طیارے کی کراچی ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کرادی گئی۔

    طیارے کو حادثے سے بچانے کے لیے اس میں موجود ایندھن کو فوری طور پر ضائع کرنے کے احکامات دیے گئے، ایندھن کوضائع کرنے کے لیے طیارے نے کراچی ائیرپورٹ کے گرد تین چکر لگائے۔ حکام کے مطابق کپتان اور کنٹرول روم مسلسل رابطے میں رہے اور کلیئرنس کی اجازت ملتے ہی طیارے کو ایئر پورٹ پر اتار لیا گیا۔

    Flight0

    کسی بھی بڑے سانحے سے بچنے کے لیے ائیر پورٹ پر تمام انتظامات مکمل کرلیے گئے تھے،ریسکیو حکام کے ساتھ فائر برگیڈ اور سول ایوی ایشن کا عملہ بھی موجود رہا۔

    اے آر وائی نیوز کے نمائندے صلاح الدین کے  مطابق طیارہ شاہین ائیر لائن کی ملکیت ہے،طیارے کے کپتان نے کنٹرول روم سے رابطہ کر کے تشویش کا اظہار کیا تھا کہ طیارے کے ٹائر پھٹ گئے ہیں۔

    ایوی ایشن کے ایک ماہر کا کہنا تھا کہ طیارہ مانچسٹر میں بھی ہنگامی لینڈنگ کرسکتا تھا لیکن جرمانے سے بچنے کے لیے ہنگامی لینڈنگ کراچی ایئرپورٹ پر کرائی گئی۔

  • تائیوان میں طیارہ گر کر تباہ، 12افراد ہلاک

    تائیوان میں طیارہ گر کر تباہ، 12افراد ہلاک

    تائے پے :تائیوان دارالحکومت تائے پے میں طیارہ دریا میں گر کر تباہ ہوگیا ہے، حادثے میں بارہ افراد ہلاک جبکہ سترہ کو بچا لیا گیا ہے۔

    تائے پے کے قریب ٹرانس ایشیا ائیرلائن کا جہاز کریش لینڈنگ کی کوشش میں پل سے ٹکرانے کے بعد دریا میں گرگیا، حادثہ طیارے کے اڑان بھرنے کے فورا بعد پیش آیا، دریا میں ڈوب جانے والے طیارے میں پھنسے افراد کو نکالنے کے لئے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

    حکام کے مطابق حادثے کی وجوہات جاننے کے لئے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں، طیارہ اندرون ملک سفرکررہا تھا۔

    طیارے میں عملے کے ارکان سمیت اٹھاون افراد سوارتھے، جس میں زیادہ تعداد چین کے سیاحوں کی تھی۔

    اس سے پہلے اسی ہوائی کمپنی کا طیارہ گزشتہ برس بھی حادثہ کا شکار ہوا تھا جس میں 48 کے قریب مسافر مارے گئے تھے۔