حیدرآباد : نسیم نگر تھانے پر کریکر سے حملہ کیا گیا ہے تاہم خوش قسمتی سے کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
اے آر وائی نیوز حیدرآباد کے نمائندے جام فرید لاکھو کی رپورٹ کے مطابق حیدرآباد کے نسیم نگر تھانے پر نامعلوم افراد کی جانب سے کریکر بم پھینکنے کا واقعہ پیش آیا ہے۔
اس حوالے سے ایس ایس پی حیدرآباد عدیل چانڈیو نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ کریکر دھماکے سے خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
کریکر دھماکے سے تھانے کی دیوار پر نشانات پڑگئے، واقعے کے فوری بعد بم ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کرلیا گیا، کرائم سین یونٹ نے موقع پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کرناشروع کردیے۔
انہوں نے کہا کہ تھانے پر حملہ آوروں کی نشاندہی نہیں ہوسکی ہے، تاہم واقعے کے بعد کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کی گرفتاری کیلیے ہر ممکن کوشش کی جارہی ہے۔
پولیس حکام کے مطابق نامعلوم ملزمان کی جانب سے پھینکا گیا کریکر تھانے کے احاطے میں گرا، دھماکے سے پاس کھڑی موٹر سائیکلوں کو جزوی نقصان پہنچا۔
مزید پڑھیں : کراچی کے پریڈی تھانے پر کریکر سے حملے کی سی سی ٹی وی فوٹیج
یاد رہے کہ رواں سال مارچ کے آغاز میں کراچی کے علاقے صدر میں پریڈی تھانے پر نامعلوم افراد نے کریکر سے حملہ کیا تھا جس کے نتیجے میں 3 پولیس اہلکار زخمی ہوئے تھے۔
پولیس حکام کے مطابق نامعلوم ملزمان کی جانب سے پھینکا گیا کریکر پریڈی تھانے کے احاطے میں گرا، دھماکے سے مرکزی دروازے کے قریب کھڑی گاڑی کے شیشے ٹوٹ گئے۔