Tag: کریک ڈاؤن

  • سرمایہ کاری کے نام پر عوام سے بڑے پیمانے پر فراڈ کرنے والوں  کیخلاف کریک ڈاؤن

    سرمایہ کاری کے نام پر عوام سے بڑے پیمانے پر فراڈ کرنے والوں کیخلاف کریک ڈاؤن

    راولپنڈی : نیب راولپنڈی نے کریک ڈاؤن کرتے ہوئے سرمایہ کاری کے نام پر فراڈ کرنے والے آل پاکستان پراجیکٹ نامی کمپنی کے سی ای او  آدم امین چوہدری کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق عوام سے بڑے پیمانے پر فراڈ کیخلاف نیب راولپنڈی نے کریک ڈاؤن کرتے ہوئے سرمایہ کاری کےنام پر فراڈ کرنے والے ملزم آدم امین چوہدری کو گرفتار کرلیا۔

    نیب نے بتایا کہ آدم امین آل پاکستان پراجیکٹ نامی فراڈکمپنی کےسی ای اوہیں، انھوں نے عوام کو پرکشش منافع کی لالچ دیکر اربوں لوٹے جبکہ فراڈ میں شامل دیگر ملزمان کیخلاف نیب کے چھاپے جاری ہے۔

    نیب نے بی فور یو نامی کمپنی کے مالک سیف الرحمان کودوبارہ طلب کرلیا ، سیف الرحمان کونیب راولپنڈی میں پیش ہونے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عدم پیشی پر قانون کے تحت کارروائی بھی کی جاسکتی ہے۔

    نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ بی فوریواور پاکستان پروجیکٹ کے اکاؤنٹس منجمد کرنے کیلئے بینک کو خط ارسال کردیا ہے ، بی فور یو کے اکاؤنٹ میں اربوں روپے موجود ہیں۔

    آل پاکستان پروجیکٹ کمپنی پرسرمایہ کاری کے نام پر عوام کو لوٹنے کا الزام ہے ، سرمایہ کاری کےنام پرتقریباً50ارب روپے لوٹے گئے۔

    نیب نے کہا ہے کہ آل پاکستان پروجیکٹ میں جمع پونجی لٹانے والے افراد نیب راولپنڈی سےرابطہ کریں، عوام پر کشش منافع کے لالچ اور بھاری انعامات دینے والی کمپنیوں سے دور رہے، آل پاکستان پروجیکٹ کمپنی نےعوام سے کچھ ہی ماہ میں کروڑوں روپے بٹورلیے۔

  • وزیر اعظم کی ہدایت پر ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائیاں

    وزیر اعظم کی ہدایت پر ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائیاں

    لاہور: وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر پنجاب میں ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائیاں کی گئیں، ذخیرہ اندوزوں کو 6 لاکھ روپے کے جرمانے کیے گئے جبکہ 5 مقدمات درج کیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر پنجاب میں ذخیرہ اندوزوں کے خلاف اکتوبر میں کیے جانے والے کریک ڈاؤن کی رپورٹ چیف سیکریٹری پنجاب کو پیش کی گئی۔

    رپورٹ کے مطابق پنجاب کے مختلف شہروں میں 49 ہول سیلرز ذخیرہ اندوزی میں ملوث پائے گئے، ذخیرہ اندوزوں کو 6 لاکھ روپے کے جرمانے کیے گئے جبکہ 5 مقدمات درج کیے گئے۔

    اس دوران 10 گودام سیل بھی کیے گئے۔ حکام نے ذخیرہ شدہ 18 ہزار بوری چینی، 302 بوری چاول 11 سو 60 بوریا گندم کی بھی برآمد کیں۔

    علاوہ ازیں ذخیرہ کیے گئے 26 سو 27 آٹے کے تھیلے اور 35 ہزار کلو گھی بھی ضبط کیا گیا۔

    رپورٹ میں بتایا گیا کہ انتطامیہ نے بہاولنگر، راجن پور، فیصل آباد، چنیوٹ اور منڈی بہاؤ الدین میں کارروائیاں کیں۔

  • مختلف شہروں میں ممنوعہ پلاسٹک بیگز کے خلاف کریک ڈاؤن

    مختلف شہروں میں ممنوعہ پلاسٹک بیگز کے خلاف کریک ڈاؤن

    کراچی: ایجنسی برائے تحفظ ماحولیات سندھ (ایس ای پی اے ۔ سیپا) نے صوبے کے مختلف شہروں میں ممنوعہ پلاسٹک بیگز کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران ممنوعہ پلاسٹک بیگز ضبط کرلیے۔

    تفصیلات کے مطابق مشیر ماحولیات اور ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب کی ہدایات پر ایجنسی برائے تحفظ ماحولیات سندھ (ایس ای پی اے ۔ سیپا) نے صوبے کے مختلف شہروں میں ممنوعہ پلاسٹک بیگز کے خلاف کریک ڈاؤن کیا۔

    سیپا کی کراچی، حیدر آباد اور لاڑکانہ کی ٹیموں نے اپنے علاقوں کی مارکیٹس میں چھاپے مارے۔ کراچی کے جوڑیا بازار، لاڑکانہ کے مرکزی بازار اور حیدر آباد کی ٹاور مارکیٹ میں سیپا کی ٹیموں نے ممنوعہ پلاسٹک بیگز ضبط کرلیے۔

    کارروائی مقامی پولیس کی مدد سے سیپا کے ضلعی انچارجز کی سربراہی میں کی گئی۔

    اس سے قبل تھر پارکر اور ٹنڈو الہیار میں بھی ممنوعہ پلاسٹک بیگز کی خرید و فروخت کے خلاف کارروائی کی جاچکی ہے۔

    مرتضیٰ وہاب نے ہدایت کی ہے کہ ممنوعہ پلاسٹک بیگز کے خاتمے تک صوبے بھر میں سیپا کی ٹیمیں اپنی کارروائیاں جاری رکھیں۔

    خیال رہے کہ پلاسٹک کے، آلودگی اور کچرے میں اضافے کی وجہ بننے کے سبب صوبے میں سنگل یوز (ایک بار استعمال کیے جانے والے) پلاسٹک پر پابندی عائد ہے۔

    صوبہ سندھ کے علاوہ دیگر صوبوں میں بھی پلاسٹک کے استعمال پر پابندی عائد کی جاچکی ہے، تاہم تاحال پلاسٹک کے متبادل استعمال کے حوالے سے کوئی حکمت عملی پیش نہیں کی گئی۔

    عوام کی قلیل تعداد کپڑے کے بنے تھیلے استعمال کر رہی ہے لیکن اکثریت پلاسٹک کے نقصانات اور اس کی جگہ پائیدار اشیا کے استعمال کے حوالے سے شعور سے محروم ہے۔

  • وزیر اعظم عمران خان کا شوگر مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن کا بڑا فیصلہ

    وزیر اعظم عمران خان کا شوگر مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن کا بڑا فیصلہ

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے ایک اور وعدہ پورا کر دکھایا، شوگر مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے شوگر مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ کر لیا ہے، کرپٹ عناصر کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا، وزیر اعظم کا مؤقف ہے کہ حکمران خود ملوث نہ ہوں تو کرپٹ عناصر معاشرے میں پنپ نہیں سکتے۔

    وزیر اعظم نے شوگر کمیشن رپورٹ کی بنیاد پر ایف بی آر، نیب، ایس ای سی پی اور ایف آئی اے کو تحقیقات کا حکم دے دیا ہے، گورنراسٹیٹ بینک، مسابقتی کمیشن اور 3 صوبوں کو بھی اس سلسلے میں خطوط لکھ دیے گئے ہیں، یہ خطوط وزیر اعظم کی ہدایت پر مشیر برائے احتساب شہزاد اکبر نے لکھے، جن کے ساتھ شوگر کمیشن رپورٹ بھی ارسال کی گئی ہے۔

    وفاقی حکومت نے 90 روز میں عمل درآمد رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے، یاد رہے کہ وفاقی کابینہ نے 23 جون کو اس سلسلے میں ایکشن پلان کی منظوری دی تھی۔

    شوگر مافیا کا معاملہ منطقی انجام تک پہنچا کر رہوں گا: وزیر اعظم

    اب حکومت نے ایف بی آر کو ملک بھر کی تمام شوگر ملز کا آڈٹ کرنے کا کہہ دیا ہے، ایف بی آر سے کہا گیا ہے کہ شوگر ملز کی بے نامی ٹرانزیکشنز کی تحقیقات کی جائیں۔ نیب سے بھی شوگر ملز اور مالکان کے مالی معاملات کی تحقیقات کا کہا گیا ہے، نیب کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ شوگر کمیشن کے نتائج کی روشنی میں ذمہ داران کا تعین کرے۔

    وفاقی حکومت کی ہدایت پر اسٹیٹ بینک بھی چینی ذخائر کے غلط استعمال اور مشکوک برآمدات کی تحقیقات کرے گا، شوگر ملز کو سبسڈی ادائیگی کے باوجود کاشت کاروں کو کم ادائیگی کیوں کی گئی، اس امر کی بھی تحقیقات ہوں گی، حکومت نے اسٹیٹ بینک کو شوگر ملز سے متعلق جامع رپورٹ پیش کرنے کا کہہ دیا ہے۔

    ایف آئی اے اور ایس ای سی پی کو بھی کارپوریٹ فراڈ کی تحقیقات کی ہدایت کی گئی ہے، ایس ای سی پی ذمہ داروں کا تعین اور قانون کے مطابق عمل درآمد کرے گا، جب کہ مسابقتی کمیشن سے شوگر مافیا کے خلاف اقدامات میں تاخیر پر وضاحت طلب کی گئی ہے، خط میں لکھا گیا ہے کہ کمیشن وجوہ کا تعین کرے کہ شوگر کارٹل کے خلاف ایکشن کیوں نہ ہوا۔

    حکومتی ہدایت پر مسابقتی کمیشن ذخیرہ اندوزی اور یوٹیلٹی اسٹورز پر چینی کی عدم فراہمی کی بھی تحقیقات کرے گا۔

    حکومت نے پنجاب، کے پی اور سندھ کے چیف سیکریٹریز کو بھی خط لکھ دیے ہیں جن میں ہدایت کی گئی ہے کہ صوبائی حکومتیں شوگر کمیشن رپورٹ کے پیش نظر مختلف شوگر ملز کی تحقیقات کریں، اور کم قیمت پر گنا خریدنے والی شوگر ملز کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی جائے، حکومت کے مطابق مختلف شوگر ملز کا معاملہ اینٹی کرپشن کے دائرہ اختیار میں ہے، صوبائی حکومتوں کو شوگر ملز کی جانب سے سود پر قرض دینے کی تحقیقات کا بھی کہا گیا ہے۔

    خط میں کہا گیا ہے کہ شوگر ملز مالکان کی جانب سے تاخیری حربے اپنائے گئے، تاہم حکومت نے شوگر مافیا کی جانب سے بلیک میل کرنے کی کوشش ناکام کر دی، شوگر کمیشن رپورٹ آنے کے بعد ملز مالکان نے اسے عدالتوں میں چیلنج کیا تھا، معاملہ عدالتوں میں زیر سماعت ہونے کے باعث تاخیر کا باعث بنا۔

  • جدہ: ایس او پیز کی خلاف ورزیوں پر بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن

    جدہ: ایس او پیز کی خلاف ورزیوں پر بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن

    ریاض: سعودی عرب کے شہر جدہ میں کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے مقررہ ایس او پیز پر عمل نہ کرنے والوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کیا گیا۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق جدہ میں پولیس و دیگر متعلقہ اداروں پر مشتمل تفتیشی ٹیم نے کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے مقررہ ایس او پیز پر عمل نہ کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کردیا۔

    جدہ کے مختلف علاقوں میں، جن میں البوادی، البخاریہ، ہنداویہ اور دیگر علاقے شامل تھے، مشترکہ ٹیموں نے کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے مقررہ حفاظتی تدابیر جن میں ماسک کا استعمال اور سماجی فاصلے کے اصول کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی۔

    مشترکہ ٹیموں نے متعدد افراد کے خلاف چالان کیے جنہوں نے ماسک نہیں لگایا ہوا تھا جبکہ ایسے افراد جو ہجوم کی صورت میں کھڑے تھے ان کے خلاف بھی کارروائی کی گئی۔

    وزارت صحت کی جانب سے کرونا وائرس سے محفوظ رہنے کے لیے گھروں سے باہر جاتے وقت ماسک کا استعمال لازمی قرار دیا گیا ہے، ایسا نہ کرنے والوں کو 1 ہزار ریال جرمانے کا سامنا کرنا پڑتا ہے جبکہ 5 یا اس سے زائد افراد کے اجتماع پر سماجی فاصلے یا دوری کا اصول لاگو ہوتا ہے۔

  • وزیراعظم کا گندم، آٹا ذخیرہ اندوزی کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کا فیصلہ

    وزیراعظم کا گندم، آٹا ذخیرہ اندوزی کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کا فیصلہ

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے گندم، آٹا ذخیرہ اندوزی کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کا فیصلہ کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت گندم کی ضروریات،آٹے کی قیمتوں پر اہم اجلاس ہوا، جس میں پنجاب،کے پی میں گندم پیداوار، خرید، اسٹاک،ضروریات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

    اجلاس میں ملک بھر میں آٹے اور گندم کی وافر دستیابی کو یقینی بنانے سمیت گندم کی بین الصوبائی نقل و حرکت پر پابندیاں فوری اٹھانے کا فیصلہ کیا گیا۔

    وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ گندم کی نقل وحرکت روکنے کے لیے چیک پوسٹیں ختم کرنے کے ساتھ گندم درآمد کی اجازت دی جائے گی،گندم درآمد نجی شعبے کے ذریعے کی جائے گی،مقدار کی پابندی نہیں ہوگی۔

    اجلاس میں گندم کی درآمد پر عائد ڈیوٹی مکمل طور پر ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا،اس وقت گندم درآمد پر 6 فیصد اور اضافی 2 فیصد ڈیوٹی عائد ہے۔

    وزیراعظم نےگندم،آٹے کی بیرون ملک اسمگلنگ کی روک تھام یقینی بنانے اور گندم،آٹا ذخیرہ اندوزی کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کا فیصلہ کیا ہے۔

  • سعودی عرب میں کریک ڈاؤن سخت

    سعودی عرب میں کریک ڈاؤن سخت

    ریاض: سعودی عرب میں رمضان کے دوران کرپشن کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں تیز کردی گئیں۔

    عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق سعودی محکمہ انسداد بدعنونی کا کہنا ہے کہ ماہ رمضان کے دوران مملکت میں کرپشن کے خلاف کریک ڈاؤن سخت کیا گیا اور رواں ماہ کے دوران بدعنونی سے متعلق 117 کیسز نمٹائے گئے۔

    سعودی اینٹی گرافٹ واچ ڈاگ کے مطابق ملک میں وائٹ کالر کرپشن کرنے والوں کے خلاف بھی قانون کا گھیرا مزید تنگ کررہے ہیں، جن مذکورہ کیسز کی تحقیقات مکمل ہوئیں ان میں مالی اور انتظامیہ بے ضابطگیاں بھی شامل ہیں۔

    سعودی عرب: کرپشن کرنے والوں کا عبرتناک انجام

    مملکت میں کرپشن کو روکنے اور اس کے خلاف کام کرنے والے انتہائی متحرک ادارے ’ اینٹی گرافٹ واچ ڈاگ‘ نے اپنی حالیہ کارروائیاں سے متعلق آگاہ کیا۔ محکمے نے رمضان کے دوران ان ملزمان کے خلاف اپنی حکمت عملی تیز کی جو رشوت، جعلسازی، اثر ورسوخ اور انتظامی اتھارٹی کے غلط استعمال میں ملوث رہے۔

    ادارے کی جانب سے کارروائیوں کا سلسلہ مزید جاری ہے۔

    یاد رہے کہ رواں سال کے آغاز میں سعودی عرب میں بڑے کرپشن اسکینڈل کا انکشاف ہوا تھا جس کے بعد جازان ریجن کی 4 کمشنریوں میں کام کرنے والی میونسپلٹی میں 36 ملین (3 کروڑ 60 لاکھ) ریال یعنی لگ بھگ ڈیڑھ ارب پاکستانی روپے کی کرپشن کی تفتیش کا سلسلہ جاری ہے۔

  • سگریٹ کی غیر قانونی تجارت کے خلاف کریک ڈاؤن

    سگریٹ کی غیر قانونی تجارت کے خلاف کریک ڈاؤن

    لاہور: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے سگریٹ کی غیر قانونی تجارت کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کر دیا جبکہ 63 روپے سے کم قیمت پر سگریٹ فروخت کرنے پر جرمانہ بھی عائد کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے سگریٹ کی غیر قانونی تجارت کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کر دیا۔ ایف بی آر ترجمان کے مطابق ملک بھر کے سگریٹ ریٹیلرز کو نوٹسز جاری کردیے گئے ہیں۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ فیکٹریاں، ڈسٹری بیوٹرز اور دکاندار غیر قانونی سگریٹ کی فروخت بند کریں۔ سگریٹ کے پیکٹ پر تصویری اور تحریری ہیلتھ وارننگ شائع کرنا لازمی ہے۔

    ترجمان کے مطابق 63 روپے سے کم قیمت پر سگریٹ فروخت کرنے والے دکاندار کو جرمانہ ہوگا، جعلی سگریٹ کی نقل و حمل میں ملوث گاڑی بھی ضبط کرلی جائے گی۔

    خیال رہے کہ وزارت صحت کی ایک رپورٹ کے مطابق پاکستان زیادہ سگریٹ نوشی کرنے والے دنیا کے پہلے 15 ممالک میں شامل ہے۔

    وزارت صحت کے مطابق پاکستان میں کل 31.8 فیصد مرد اور 5.8 فیصد خواتین سگریٹ نوشی کرتے ہیں جبکہ 19 فیصد نوجوان سگریٹ نوشی کرتے ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق 4.4 فیصد مرد، 1 فیصد خواتین، 7.1 فیصد نوجوان روزانہ سگریٹ نوشی کرتے ہیں۔

  • اسلام آباد میں ناقص ادویہ بنانے والی کمپنی سیل

    اسلام آباد میں ناقص ادویہ بنانے والی کمپنی سیل

    اسلام آباد: ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی پاکستان کی جانب سے غیر قانونی اور جعلی دواؤں کا دھندا کرنے والوں کے خلاف ملک گیر کریک ڈاؤن جاری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان ڈریپ نے کہا ہے کہ فیڈرل ڈرگ انسپکٹرز اسلام آباد و لاہور کی ٹیم نے دواؤں کی کمپنی پر چھاپا مار کر لاکھوں کی غیر قانونی دوائیں برآمد کر لیں۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ دواؤں کی تیاری میں صفائی ستھرائی کا ناقص نظام تھا، ڈریپ ایکٹ کے تحت کمپنی کو سیل کر دیا گیا ہے اور اس کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

    وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ ملک کو غیر قانونی و غیر معیاری دواؤں سے پاک کیا جا رہا ہے، غیر قانونی دواؤں کا دھندا کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا، حکومت شہریوں کو معیاری دواؤں کی فراہمی کے لیے پُر عزم ہے۔

    مہنگی ادویات کی فروخت کیخلاف ڈریپ کا میڈیسن مارکیٹ میں چھاپہ، دکان سیل

    ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان نے ویلفیئر اسٹیٹ کے حوالے سے کل اہم اعلان کیا ہے، ہم نے پاکستان میں ٹرانسجینڈرز کے لیے ہیلتھ انشورنس کا اعلان کیا، پاکستان میں ٹرانسجینڈرز کے حقوق کے حوالے سے ایکٹ بھی موجود ہے۔

    ڈریپ نے اکتوبر میں دوا ساز کمپنیوں کی جانب سے جان بچانے والی دواؤں کی قیمتوں میں ازخود اضافے کے خلاف بھی کریک ڈاؤن کیا تھا۔

  • ملک کو جعلی وغیر قانونی ادویات سے پاک کریں گے، ڈاکٹر ظفر مرزا

    ملک کو جعلی وغیر قانونی ادویات سے پاک کریں گے، ڈاکٹر ظفر مرزا

    اسلام آباد: معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا ہے کہ جعلی ادویات کا دھندا کرنے والے انسانیت کے دشمن ہیں، ملک کو جعلی وغیرقانونی، غیرمعیاری ادویات سے پاک کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے علاقے ایف 10 میں سینئر ڈرگ انسپکٹر نے ادویات کےغیر قانونی گودام پر چھاپہ مارا، 65 غیرقانونی و اسمگلڈ ادویات کا اسٹاک ضبط کر کے گودام کو سیل کر دیا گیا۔

    معاون خصوصی برائے صحت نے کہا کہ قانون شکن عناصرکے خلاف ڈریپ ایکٹ کے تحت کارروائی ہوگی، جعلی ادویات کا دھندا کرنے والے انسانیت کے دشمن ہیں۔ ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ ملک کو جعلی وغیرقانونی، غیرمعیاری ادویات سے پاک کریں گے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے جعلی، غیر رجسٹرڈ اور غیرقانونی دواؤں کے خلاف جڑواں شہروں میں کریک ڈاؤن کے دوران کروڑوں روپے کی دوائیں برآمد کرکے گودام سیل کر دیے تھے۔

    معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ دوائیں جانوروں کے لیے استعمال ہونے والے اجزاء سے بنائی جا رہی تھیں اور فیکٹری بھی گھر میں لگائی گئی تھی۔

    ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کا کہنا تھا کہ ڈیپارٹمنٹل اسٹورز اگر غیرملکی پراڈکٹس کی رسیدیں فراہم کرنے میں ناکام رہے تو قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔