Tag: کریک ڈاؤن

  • عدالتی حکم کے بعد سندھ بھر میں گٹکے ماوے کے خلاف کریک ڈاؤن

    عدالتی حکم کے بعد سندھ بھر میں گٹکے ماوے کے خلاف کریک ڈاؤن

    کراچی: عدالتی حکم پر سندھ بھر میں گٹکا اور ماوا کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کر دیا گیا، آئی جی سندھ ڈاکٹر کلیم امام نے گٹکا ماوا فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائی کے احکامات جاری کر دیے۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ کی جانب سے گٹکا فروخت کرنے والوں پر دفعہ 337 جے کے تحت مقدمات درج کرنے کی ہدایت کے بعد سندھ بھر میں کریک ڈاؤن شروع ہو گیا ہے۔

    سندھ بھر میں گٹکا ماوا کی فروخت میں ملوث 211 افراد کے خلاف مقدمات درج کر لیے گئے، ایسٹ زون میں 40، ساؤتھ میں 23، حیدر آباد میں 57 کیسز درج کیے گئے، جب کہ شہید بینظیر آباد میں 65 اور میر پور خاص میں 4 مقدمات درج کیے گئے۔

    تمام مقدمات میں تعزیرات پاکستان کی دفعہ 337 جے شامل کی گئی ہے، ہائی کورٹ کے فیصلے کے بعد تمام کیسز نا قابل ضمانت ہوں گے اور 10 سال کی سزا ہوگی۔

    یہ بھی پڑھیں:  گٹکے کا استعمال ، کراچی میں منہ کے کینسر کی ہولناک شرح پر عدالت حیران

    واضح رہے کہ سال بھر میں گٹکے اور ماوے کے خلاف اب تک 5208 مقدمات درج کیے جا چکے ہیں، مقدمات میں دفعہ J-337 کا اطلاق کر کے چالان عدالتوں میں جمع کرایا جا رہا ہے۔

    گزشتہ روز سندھ ہائی کورٹ میں گٹکے کی فروخت پر پابندی سے متعلق توہین عدالت کی درخواست پر سماعت کے دوران جج یہ جان کر حیران رہ گئے کہ کراچی میں منہ کے کینسر کی شرح ہولناک ہے۔

    انچارج کینسر وارڈ ڈاکٹر غلام حیدر نے عدالت کو بتایا کہ جناح اسپتال کی او پی ڈی میں 300 سے زائد مریض روز آتے ہیں، 70 فی صد مریض منہ کے کینسر کے آتے ہیں، مریضوں میں طلبہ اور فیکٹریوں میں کام کرنے والے نوجوان زیادہ ہوتے ہیں۔

  • مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے والے عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جائے، عثمان بزدار

    مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے والے عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جائے، عثمان بزدار

    لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس دفاتر میں بیٹھنے کی بجائے فیلڈ میں جا کرقیمتیں چیک کریں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب نے مہنگائی پرقابو پانے کے لیے عملی اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عوام کوریلیف دینے کے لیے فعال انداز میں کام کیا جائے۔

    سردار عثمان بزدار نے کہا کہ زبانی جمع خرچ نہیں عوام کوریلیف کے لیے اقدامات نظر آنے چاہئیں، متعلقہ محکموں اوراداروں کو خواب غفلت سے بیدار ہو کر ڈلیور کرنا ہوگا۔

    وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس دفاتر میں بیٹھنے کی بجائے فیلڈ میں جا کرقیمتیں چیک کریں، مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے والے عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جائے۔

    وزیراعلیٰ پنجاب کا مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا حکم

    یاد رہے کہ 29 جون کو زیراعلی‌ٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے والےعناصرکے خلاف بلا امتیاز کارراوئی کی جائے، ڈپٹی کمشنرز اضلاع میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر کڑی نظر رکھیں۔

    سردار عثمان بزدار نے مزید کہا تھا کہ انتظامی افسران فیلڈ میں نکلیں اور فعال انداز میں فرائض سر انجام دیں۔

  • صہیونی فوج کا وحشیانہ کریک ڈاؤن، 19 نہتے فلسطینی گرفتار

    صہیونی فوج کا وحشیانہ کریک ڈاؤن، 19 نہتے فلسطینی گرفتار

    غزہ: فلسطین میں قابض اسرائیلی فوج کی وحشیانہ کارروائیاں جاری ہیں، القدس اور غرب اردن میں کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 19 نہتے اور معصوم فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا۔

    تفصیلات کے مطابق فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے اور بیت المقدس میں پیر کو اسرائیلی فوج نے چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران 19 فلسطینیوں کو حراست میں لینے کے بعد حراستی مراکز منتقل کردیا ہے، گرفتار کیے گئے شہریوں میں سابق اسیران، نوجوان لڑکے اور لڑکیاں بھی شامل ہیں۔

    ادھر اسرائیلی فوج نے ڈھٹائی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ غرب اردن سے 9 فلسطینیوں کو گرفتار کیا گیا ہے، ان میں سے بعض اسرائیلی فوج کو مزاحمتی کارروائیوں میں مطلوب تھے۔

    اسرائیلی فوج نے غرب اردن کے جنوبی شہر بیت لحم میں ام سلمونہ کے مقام پر تلاشی کے دوران اسلحہ قبضے میں لینے کا بھی دعویٰ کیا ہے، ادھر بیت لحم میں اسرائیلی فوجیوں پر فلسطینیوں کی طرف سے پٹرول بم پھنیکے جانے کی بھی الزام عاید کیا گیا ہے۔

    بیت لحم کے مغربی علاقے بیت جالا اور کریمزان میں بھی فلسطینیوں اور اسرائیلی فوج کے درمیان جھڑپیں ہوئیں، اس دوران اسرائیلی فوجیوں نے ھانی فرسان بشارات اور لیث عصام عواد کو ایک گاڑی سے اتار کر حراست میں لے لیا۔

    اسرائیلی فورسز کا خاتون قلم کار سے انتقام، تعلیم یافتہ بیٹا گرفتار

    مشرقی بیت لحم میں ایک کارروائی کے دوران اسرائیلی فوجیوں نے 25 سالہ شروق محمد موسیٰ البدن اور 17 سالہ روان ابو سنینہ کو حراست میں لے لیا، غرب اردن کے وسطی شہر رام اللہ کے کفر عین تلاشی کے دوران مروان امین العیس، مشرقی نابلس میں سالم کےمقام سے خالد عاکف عوض اور جنوبی جنین کے علاقے قباطیہ سے امین عارف صمادی، احمد عصام محمود ابو الرب اور محمد سامی مشارقہ کو حراست میں لیا گیا۔

    بیت المقدس میں فلسطینی اسیران کمیٹی کے چیرمین نے بتایا کہ اسرائیلی فوجیوں نے سابق اسیران احمد غزالہ، عمیرہ عمیرہ، عبیدہ عمیرہ، محمد ابراہیم دویات، محمد ماھر الکرکی اور مامون الرازم کو حراست میں لے لیا۔

  • وزیر اعظم کا 30 جون کے بعد ٹیکس چوروں کے خلاف کریک ڈاؤن کا عندیہ

    وزیر اعظم کا 30 جون کے بعد ٹیکس چوروں کے خلاف کریک ڈاؤن کا عندیہ

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے 30 جون کے بعد ٹیکس چوروں کے خلاف کریک ڈاؤن کا عندیہ دے دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت بنی گالہ میں حکومتی اقتصادی ٹیم کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں حفیظ شیخ، حماد اظہر، شبر زیدی اور فنانس منسٹری کے دیگر حکام شریک ہوئے۔

    ذرایع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں 11 جون کو پیش کیے جانے والے بجٹ کے خدوخال پر مشاورت کی گئی، چیئرمین ایف بی آر نے اثاثے ظاہر کرنے والی اسکیم پر اب تک کی پیش رفت پر بریفنگ دی، ٹیکس ریٹرنز کی تاریخ میں توسیع اور ٹیکس ریونیو پر حماد اظہر کی جانب سے بریفنگ دی گئی۔

    یہ بھی پڑھیں:  ملک بھر میں پی ٹی آئی کے تحلیل کیے گئے عہدوں اور تنظیم سازی پر پارٹی چئیرمین کو بریفنگ

    ذرایع کے مطابق اجلاس میں وزیر اعظم نے سوال کیا کہ بڑے مگرمچھوں کو ٹیکس نیٹ میں کیسے لایا جائے، انھوں نے کہا کہ صرف تنخواہ دار طبقہ ہی کیوں ٹیکس دے۔

    وزیر اعظم نے کہا کہ اثاثے ظاہر کرنے کی اسکیم اور ٹیکس ریٹرنز کی تاریخ میں توسیع کی ہے، تاریخ میں توسیع سے فائدہ نہ اٹھانے والوں کو کوئی رعایت نہیں دیں گے، ٹیکس چوروں کو پکڑنے کے لیے تمام ادارے حکومت کے ساتھ ہیں۔

  • فیسوں اور سندھی مضمون سے متعلق ہدایات پر عمل نہ کرنے والے اسکولوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا اعلان

    فیسوں اور سندھی مضمون سے متعلق ہدایات پر عمل نہ کرنے والے اسکولوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا اعلان

    کراچی: وزیر تعلیم سندھ نے نجی اسکولوں کی من مانی کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کر لیا، انھوں نے کہا کہ پیر سے ہدایات پر عمل نہ کرنے والے اسکولوں کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کر دیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر تعلیم سندھ سردار شاہ نے نجی اسکولوں کی من مانی کے خلاف پیر سے بھرپور کارروائی شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    وزیر تعلیم نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عدالتی فیصلے کے مطابق اسکول فیسوں پر عمل کیا جائے، کچھ اسکول ایسے ہیں جو ہدایت پر عمل نہیں کر رہے ہیں۔

    سردار شاہ کا کہنا تھا کہ جن نجی اسکولوں میں سندھی مضمون نہیں پڑھایا جائے گا ان کے خلاف بھی کارروائی ہوگی۔

    یہ بھی پڑھیں:  نجی اسکولوں کو جوناور  جولائی کی فیس ایک ساتھ وصول کرنے سے روک دیا گیا

    انھوں نے کہا کہ اسکولوں کو 2 نوٹس بھیجے جائیں گے، اس کے بعد اسکولوں کی رجسٹریشن معطل کر دیں گے، پیر سے بھرپور کریک ڈاؤن شروع کر دیں گے۔

    یاد رہے کہ 8 اپریل کو سندھ ہائی کورٹ نے نجی اسکولوں کو ایک ماہ سے زائد پیشگی فیس لینے سے روک دیا تھا، عدالت نے دو دو تین تین مہینے کی اکٹھی فیس مانگنے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا آپ لوگ تو ٹیکس کے محکمے سے بھی آگے نکل گئے ہیں، ابھی نرمی سے کام لے رہے ہیں سختی پر مجبور نہ کریں۔

  • فرانس: پولیس کا مظاہرین کیخلاف کریک ڈاؤن، تشدد سے ایک شخص کی انگلیاں کٹ گئیں

    فرانس: پولیس کا مظاہرین کیخلاف کریک ڈاؤن، تشدد سے ایک شخص کی انگلیاں کٹ گئیں

    پیرس : فرانس کے مختلف شہروں میں حکومتی پالیسیوں کے خلاف مظاہرے تیرویں ہفتے بھی جاری رہے، پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپوں کے دوران ایک شخص کی انگلیاں ضائع ہوگئیں۔

    تفصیلات کے مطابق فرانس کے دارالحکومت پیرس سمیت ملک کے مختلف شہروں میں حکومت کی غلط معاشی پالیسیوں کے خلاف ’یلو ویسٹ تحریک‘ کے تحت جاری احتجاج مسلسل تیرویں ہفتے بھی جاری رہا۔

    فرانسیسی پولیس نے معاشی پالیسی کی تبدیلی کے لیے احتجاج کرنے والے شہریوں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جس کے بعد فریقین کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئیں، جھڑپوں کے دوران متعدد افراد زخمی ہوگئے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ مظاہرین کو منتشر کرنے کےلیے پولیس کی جانب سے داغا گیا ربر پیلٹ گرنیڈ احتجاج میں شریک ایک شخص کے ہاتھ میں پھٹ گیا، دھماکے کے نیتجے میں مذکورہ شخص کی تمام انگلیاں کٹ گئیں۔

    فرانسیسی حکومت کے مطابق گزشتہ روز ہونے والے مظاہروں میں 51 ہزار سے زائد افراد شریک تھے جس میں 4 ہزار مظاہرین نے صرف دارالحکومت پیرس میں ایمینئول میکرون کی غلط پالیسیوں کے خلاف مظاہرہ کیا۔

    حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ احتجاجی مظاہروں میں شرکت کرنے والی افراد کی تعداد میں کمی واقع ہوئی ہے، اس سے قبل ہونے والے مظاہرے میں 58 ہزار 600 افراد نے شرکت تھی جبکہ پیرس میں ساڑھے 10 ہزار افراد نے مظاہرہ کیا تھا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ احتجاج کے دوران ہنگامہ آرائی اور توڑ پھوڑ کی، مظاہرین نے دکانوں اور گاڑیوں کے شیشے توڑے اور موٹر سائیکل اور پولیس موبائل کو نذر آتش کیا۔ جس کے بعد پولیس نے چھتیس افراد کو حراست میں لے لیا۔

    مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز نامعلوم افراد کی جانب سے فرانسیسی پارلیمنٹ کے سربراہ کے گھر کو بھی نذر آتش کیا گیا ہے تاہم ابھی اس بات کی تصدیق نہیں ہوسکی ہے کہ پارلیمنٹ ہیڈ کے گھر میں آتشزدگی کے واقعے کا احتجاج سے کوئی تعلق ہے یا نہیں۔

    مزید پڑھیں : عوامی احتجاج ’عفریت‘ بن گیا ہے، فرانسیسی حکومت

    خیال رہے کہ گزشتہ برس نومبر میں فرانس میں یلو ویسٹ احتجاجی تحریک پیٹرول کے نرخوں میں اضافے پر شروع ہوئی تھی تاہم اب اس نے حکومت کے سامنے ٹیکس نظام کی تبدیلی، ریٹائرمنٹ کی عمر میں تخفیف ، تعلیمی نظام میں تبدیلی سمیت 40 مطالبات رکھ دیے ہیں۔

    یاد رہے کہ فرانسیسی حکومت خود اعتراف کیا تھا کہ پیٹرول نرخوں میں اضافے کے خلاف شروع ہونے والی ’یلو ویسٹ‘ تحریک آسانی سے دھیمی ہونے والی نہیں ہے۔

  • شارجہ پولیس کا کم عمر بائیکرز کے خلاف کریک ڈاؤن کا آغاز

    شارجہ پولیس کا کم عمر بائیکرز کے خلاف کریک ڈاؤن کا آغاز

    ابوظبی : اماراتی پولیس نے رہائیشوں کی شکایت پر لاپرواہی سے موٹرسائیکل چلانے والے کم عمر ڈرائیوروں کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کردیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کی ریاست شارجہ کی پولیس نے بغیر لائسنس کے موٹر سائیکل پر کھانا اور دیگر اشیاء گھر گھر پہنچانے والے افراد کے خلاف سخت کارروائی کا آغاز کردیا ہے۔

    اماراتی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ پولیس کارروائی کے دوران ان موٹر سائیکلوں کو نشانہ بنارہی ہے جن کے انجن تبدیل کیے گئے اور انکی آواز سے رہائشیوں کو پریشانی ہوتی ہے۔

    ترجمان شارجہ پولیس بریگیڈیر احمد بن درویش کا کہنا ہے کہ پولیس موٹر سائیکل سواروں کی لاپرواہی کے باعث ہونے والے حادثات کی روک تھام اور کمی کےلیے مسلسل آگاہی مہم چلا رہی ہے۔

    اماراتی میڈیا کا کہنا ہے کہ نوجوان موٹر سائیکل سواروں کے خلاف کریک ڈاؤن کا آغاز رہائیشوں کی شکایت پر کیا گیا تھا جو گلیوں اور رہائشی علاقوں میں لاپرواہی سے بائیک چلاتے ہیں۔

    ترجمان شارجہ پولیس کا کہنا تھا کہ پولیس کے ان اقدامات کا مقصد شہریوں کو مزید محفوظ بنانا اور ٹریفک حادثات کے باعث ہونے والی اموات میں کمی کےلیے نظام ٹریفک کو بہتر بنانا ہے۔

    بریگیڈیر احمد بن درویش کا مزید کہنا تھا کہ پولیس موٹرسائیکل سواروں اور سائیکل سواروں کو ہیلمٹ اور رات میں حافظتی جیکٹ پہننے کے حوالے سے آگاہ کررہی ہے۔

    مزید پڑھیں : بغیر لائسنس ڈرائیونگ کرنے کے جرم میں 342 بچے گرفتار

    یاد رہے کہ گذشتہ برس اماراتی پولیس حادثات کی روک تھام کے لیے بغیر لائسنس غیر قانونی طور پر اپنے والدین کی گاڑیاں چلانے والے 342 کم عمر بچوں کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کیا تھا۔

    اماراتی خبر رساں ادارے کے مطابق بریگیڈیر خلیفہ ال خائلی نے والدین پر الزام عائد کیا تھا کہ والدین اپنے بچوں کو غیر قانونی طور پر گاڑی چلانے کی تربیت دیتے ہیں، حراست میں لیے جانے والے بیشتر کم عمر ڈرائیورز بغیر کسی حفاظتی انتظامات کے گاڑی چلارہے تھے۔

  • پاورجنریشن کا نظام مزید مضبوط اور فعال بنایا جائے‘ وزیراعظم

    پاورجنریشن کا نظام مزید مضبوط اور فعال بنایا جائے‘ وزیراعظم

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ صوبے میں بجلی کے نئے منصوبوں کے لیے بھی بر وقت اقدامات اٹھائے جائیں۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت اجلاس ہوا جس میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان اور وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب نے شرکت کی۔

    وزیراعظم کی زیرصدارت اجلاس میں پشاورالیکٹرک سپلائی کمپنی کے افسران اور اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں خیبرپختونخوا میں پاور جنریشن اورمینجمنٹ کے نظام پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    وزیراعظم نے اجلاس سے خطاب کے دوران کہا کہ پاورجنریشن کا نظام مزید مضبوط اورفعال بنایا جائے، صوبے میں بجلی کے نئے منصوبوں کے لیے بھی بر وقت اقدامات اٹھائے جائیں۔

    وزیراعظم عمران خان نے بجلی چوری کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رکھنے کی ہدایت بھی کی۔

    حکومت نے 100روزمیں شانداراقدامات کیے‘وزیراعظم عمران خان


    یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ اجلاس میں دوٹوک اعلان کیا تھا کرپٹ عناصرکے لیے کوئی رعایت نہیں، حکومت نے 100 روزمیں شانداراقدامات کیے۔

    وزیراعظم کا کہنا تھا کہ 50 لاکھ گھروں کی تعمیرکا منصوبہ انقلابی قدم ہے، ہرحال میں مکمل کریں گے، حکومت کی معاشی پالیسیوں کے ثمرات جلد سامنے آنا شروع ہوجائیں گے۔

  • شرپسند عناصرکے خلاف کریک ڈاؤن، شیخوپورہ سے 70ملزمان گرفتار

    شرپسند عناصرکے خلاف کریک ڈاؤن، شیخوپورہ سے 70ملزمان گرفتار

    شیخوپورہ : شرپسندعناصرکے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے، شیخوپورہ سے سترملزمان کو گرفتارکرلیا گیا جبکہ کراچی، لاہور، اسلام آباد سمیت شہر شہر سی سی ٹی وی کیمروں اور میڈیا فوٹیجزکی مدد سے ملزمان کو شناخت کیا جارہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق احتجاج کی آڑ میں پرتشدد مظاہروں اور توڑ پھوڑ میں ملوث شرپسندوں شرپسند عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن کا سلسلہ جاری ہے، شیخو پورہ میں جلاؤ گھیراؤ اور توڑپھوڑ میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے گئے۔

    ڈی پی او جہانزیب نے بتایا مختلف مقامات سے 70 سے زائد ملزمان گرفتار کئے گئے، ملزمان کو ویڈیوز کی مدد سے شناخت کے بعد گرفتار کیا گیا جبکہ شرپسندوں کے خلاف دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمات درج ہیں۔

    جہانزیب کا مزید کہنا تھا کہ کارروائی کےدوران اہم ملزم حمزہ بھی گرفتارکر لیا گیا۔

    کراچی،لاہور،اسلام آباد سمیت شہرشہرسی سی ٹی وی کیمروں اور میڈیا فوٹیجزکی مددملزمان کو شناخت کیا جارہا ہے اور تین ہزار سے زائد ملزمان کیخلاف درجنوں مقدمات درج کر لئے گئے ہیں۔

    مزید پڑھیں :یکم اور 2 نومبر کو ہنگامہ آرائی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ

    یاد رہے وفاقی حکومت نے یکم اور 2 نومبر کو ہنگامہ آرائی پر سخت کارروائی کا بڑا فیصلہ کرتے ہوئے شرپسندوں کیخلاف کارروائی کیلئے چاروں صوبوں کو مراسلہ بھیج دیا تھا۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق نجی اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے والوں کیخلاف ایکشن ہوگا، متاثرہ شہری 5 نومبر کی شام تک حکومت کو آگاہ کریں۔

    حکومت نے ہنگامہ آرائی کرنیوالوں کی تصاویر اور تفصیلات پی ٹی اے اور نادرا سے طلب کرلی تھی۔

    خیال رہے وزارت داخلہ نے واضح کیا کہ املاک کو نقصان پہنچانے والوں کو نہیں چھوڑا جائے گا،شہریارآفریدی نے واٹس ایپ نمبر 03315480011 جاری کرتے ہوئے شہری سے اپیل کی تھی کہ شرپسندوں کی فوٹیج بھیجیں،شناخت ظاہرنہیں کریں گے۔

    واضح رہے گزشتہ ہفتےمذہبی جماعتوں کےاحتجاج کےدوران مظاہرین نے قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے توڑپھوڑکی تھی ،شہریوں کی املاک کو نقصان پہنچایا اورکئی گاڑیوں کو نذر آتش کیا تھا۔

  • وزارت داخلہ نے توڑپھوڑ کرنے والے شرپسندوں کے خلاف کریک ڈاؤن کی ہدایت کر دی

    وزارت داخلہ نے توڑپھوڑ کرنے والے شرپسندوں کے خلاف کریک ڈاؤن کی ہدایت کر دی

    اسلام آباد: وزارت داخلہ نے مظاہروں اور دھرنوں کے دوران توڑ پھوڑ کرنے والے شرپسندوں کے خلاف کریک ڈاؤن کی ہدایات جاری کر دیں.

    تفصیلات کے مطابق وزارت داخلہ نے کریک ڈاؤن کی ہدایت کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ مظاہرے کی آڑ  میں شرپسندعناصرنےاملاک کو نقصان پہنچایا.

    [bs-quote quote=”مذہبی جماعتوں کے بیس کارکنان سمیت سو سے زائد نامعلوم افراد مقدمات میں نامزد ” style=”style-7″ align=”left”][/bs-quote]

    وزارت داخلہ نے کہا کہ شہریوں کی املاک کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی، علمائے کرام نے بھی کہا ہے کہ توڑ پھوڑ میں شرپسندعناصر ملوث ہیں.

    شرپسندوں کی نشان دہی کے لئے وزارت داخلہ نے اقدامات اٹھانے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پرشرانگیزمواد کا جائزہ لے رہے ہیں، شرپسندعناصر کاڈیٹاحاصل کرنے کے لئے چیئرمین پی ٹی اے، سائبر کرائم ونگ کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں.


    مزید پڑھیں: حکومت اور مظاہرین میں مذاکرات کامیاب، معاہدہ طے پا گیا


    وزارت داخلہ نے پنجاب حکومت اور دیگر اداروں سے نقصانات کی تفصیل طلب کر لی ہے، شرپسندی میں ملوث افراد کی فوٹیجزبھی منگوا لیں، فوٹیجز کے ذریعے ملزمان کی نشان دہی کرکے کارروائی کی جائے گی.

    اب تک مذہبی جماعتوں کے بیس کارکنان سمیت سو سے زائد نامعلوم افراد مقدمات میں نامزد کیا جاچکا ہے۔

    واضح رہے کہ گذشتہ دنوں سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد ملک بھر میں مظاہروں اور دھرنوں کا سلسلہ شروع ہوگیا تھا، جس سے معمولات زندگی مفلوج ہوگئے اور کئی شہروں میں کاروبار ٹھپ ہوگیا.

    بعد ازاں حکومت اور مظاہریں میں معاہدہ طے پانے کے بعد دھرنے ختم ہوگئے.