Tag: کریک ڈاؤن

  • نوجوان کی ہلاکت،  لاہور میں  پتنگیں اڑانے، بیچنے اور بنانے والوں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کا حکم

    نوجوان کی ہلاکت، لاہور میں پتنگیں اڑانے، بیچنے اور بنانے والوں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کا حکم

    لاہور : ڈی آئی جی آپریشنز لاہور نے شہر میں پتنگیں اڑانے، بیچنے اور بنانے والوں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کا حکم دے دیا اور کہا پتنگ بازی جیسے خطرناک کھیل نے کئی گھروں کے چراغ گل کئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ڈی آئی جی آپریشنز لاہور شہزاد اکبر نے تمام ڈویژنل ایس پیز کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے علاقہ جات میں پتنگ بازی اور پتنگ سازی پر پابندی کو ہر قیمت پر یقینی بنائیں۔

    ڈی آئی جی کا کہنا ہے کہ لاہور پولیس نے اگست اور رواں ماہ کے دوران پتنگ بازی کی خلاف ورزی پر 300 مقدمات میں 316 ملزمان گرفتار کئے ہیں، پتنگ ساز فیکٹریوں کے خلاف کارروائی کے حوالہ سے ضلعی انتظامیہ سے مکمل کوارڈینشن اور تعاون جاری رہے گا۔

    ان کا کہنا تھا کہ پتنگ بازی جیسے خطرناک کھیل نے کئی گھروں کے چراغ گل کئے ہیں۔ والدین اپنے بچوں کیلئے دکانداروں سے پتنگوں کی بجائے موت خرید رہے ہیں، والدین کو اپنے بچوں کی پتنگ بازی کے حوالہ سے حوصلہ شکنی کیلئے مؤثر کردار ادا کرنا ہوگا۔

    شہزاد اکبر نے مزید کہا آئندہ پتنگ بازی کرنے والوں کے والدین کے خلاف بھی قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

    یاد رہے گذشتہ روز لاہور کے علاقے شاہدرہ میں گردن پر ڈور پھرنے سے موٹرسائیکل سوار نوجوان بلال جاں بحق ہوگیا تھا۔

    مزید پڑھیں : پتنگ بازی پرپابندی کےقانون پرعمل نہ کرانا افسوس ناک ہے‘ عثمان بزدار

    وزیراعلیٰ پنجاب نے بھاٹی گیٹ میں ڈور پھرنے سے نوجوان کے جاں بحق ہونے پراظہارافسوس اور لواحقین سے تعزیت کی اور واقعے کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے ڈی آئی جی آپریشنزسے رپورٹ طلب کرلی۔

    وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ پتنگ بازی پرپابندی کے قانون پرعمل نہ کرانا افسوس ناک ہے، غفلت کے ذمے داروں کا تعین کرکے کارروائی کی جائے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ پتنگ بازی پرپابندی کے قانون پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے، خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے۔

  • سونے اور ڈالرز کے اسمگلرز کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ

    سونے اور ڈالرز کے اسمگلرز کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ

    اسلام آباد : حکومت نے پراپرٹی ویلیو ایشن پر قائمہ کمیٹی برائے قومی اسمبلی کی سفارشات تسلیم کرلیں۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ سونے کی اسمگلنگ اورڈالرباہر لے جانے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جائے گا، جائیداد کی رجسٹری کرانے والوں سے ذریعہ آمدن نہیں پوچھا جائے گا۔۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ قائمہ کمیٹی برائے خزانہ نے تین فیصد کی سفارش کی ہے جو حکومت نے قبول کرلی جس کے بعد اب ڈی سی ریٹ اور ایف بی آر ریٹس میں فرق کا تین فیصد لیا جائے گا۔

    جائیداد کی رجسٹری کرانے والوں سے ذریعہ آمدن نہیں پوچھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ڈالر اسمگل کرنےو الوں کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کررہے ہیں اور آئندہ 72 گھنٹوں میں کریک ڈاؤن کے اثرات نظر آئیں گے اس کے لیے ہم نے اگلے دو سے تین رز میں کرنسی ڈیلرز کا اجلاس طلب کرلیا ہے۔

    کرنسی ڈیلرز ڈالر ملک سے باہر اسمگل کرنے والوں کا ساتھ نہ دیں، سونے کی اسمگلنگ کے لیے ڈالرپاکستان سے باہر لے جایا جارہا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ دبئی میں قیمت کم ہونے کی وجہ سے سونے کی اسمگلنگ ہو رہی ہے، دبئی میں سونے کی قیمت پاکستان کے مقابلے میں 2ہزار روپے فی تولہ کم ہے، ڈالر کی قیمت میں اضافے کی بڑی وجہ سونے کی اسمگلنگ ہے۔

    دریں اثنا حکومت کے حکم پر اسلام آباد کے بے نظیر ایئرپورٹ پر کرنسی کی اسمگلنگ روکنے کے لیے ٹیم تشکیل دے دی گئی۔

    کلکٹر کسٹم ڈاکٹر ارسلان کی سربراہ میں 9 رکنی خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی ہے جو کرنسی کی اسمگلنگ کے خلاف کام کرے گی۔

  • بھارتی جارحیت، پیمرا کا انڈین چینلز کیخلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ

    بھارتی جارحیت، پیمرا کا انڈین چینلز کیخلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ

    اسلام آباد : پیمرا نے پندرہ اکتوبر سے بھارتی چینلز کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ کرلیا، غیرقانونی ڈی ٹی ایچ کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔

    بھارتی جارحیت کے خلاف پیمرا بھی ایکشن میں آگیا اور انڈین چینلز کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ کیا گیا ہے وزیراعلی پنجاب شہبازشریف سے ملاقات میں چیئرمین پیمرا ابصارعالم نے بھارتی چینلز اور غیر قانونی ڈی ٹی ایچ کے خلاف کارروائی کیلئے تعاون مانگ لیا ۔

    وزیراعلی شہباز شریف کو بریفنگ دینے کے بعد چیئرمین پیمرا نے پندرہ اکتوبر سے انڈین چینلز اور غیر قانونی ڈی ٹی ایچ کے خلاف کریک ڈاؤن کا اعلان کیا ہے۔

    شہباز شریف نے چیئرمین پیمرا کے اقدام کو خوش آئند قرار دیا ،انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت پنجاب کے بڑے شہروں میں پیمرا دفاتر کے قیام کیلئے بھی مدد کرے گی۔

    پیمرا وفد نے انڈین چینلز کے خلاف کریک ڈاؤن پر بلوچستان حکومت سے بھی رابطہ کیا ہے۔

     

     

  • ملک بھرمیں کریک ڈاؤن، دوغیرملکیوں سمیت 225 ملزمان گرفتار،اسلحہ برآمد

    ملک بھرمیں کریک ڈاؤن، دوغیرملکیوں سمیت 225 ملزمان گرفتار،اسلحہ برآمد

    پشاور/ شیخوپورہ / اٹک : ملک کے مختلف شہروں میں قانون نافذ کرنے والوں کا قانون شکنی کرنے والے افراد کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔ غیرملکی انٹیلی جنس ادارے کے دو اہلکاروں سمیت سوا دوسو کے لگ بھگ افراد کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں دہشت گردوں اور قانون شکنوں کے خلاف بھرپور کارروائیاں جاری ہیں۔ پشاور میں انسداد دہشت گردی کی کارروائی کے دوران دو غیر ملکی انٹیلی جنس اداروں کے اہلکاروں کو گرفتار کرلیا گیا۔

    گرفتار ملزمان عتیق اللہ اور صبور کا تعلق افغانستان سے ہے۔ گرفتار ملزمان سے دستی بم، کمپیوٹر اور دیگر آلات برآمد کیے گئے۔ ملزمان سے پشاور کے حساس مقامات کی فوٹیج بھی ملی ہے۔

    سی ٹی ڈی کے مطابق ملزمان پشاور میں ایک مکتبہ فکر کے مدرسے کو نشانہ بنانے کا منصوبہ بنارہے تھے۔ دونوں غیرملکی انٹیلی جنس اہلکار لاکھوں روپے ماہانہ تنخواہ لیتے تھے۔

    ادھرشیخوپورہ میں پولیس نے شہر کے مختلف علاقوں میں کریک ڈاؤن کے دوران پچیس افراد کو حراست میں لے کرتفتیش شروع کردی ہے۔ پولیس کے مطابق ملزمان سےاسلحہ بھی برآمد کیا گیا۔

    اٹک کے مختلف علاقوں میں آپریشن کے دوران دوسو کے لگ بھگ افراد کو حراست میں لیا گیا۔ ڈی پی او زاہد نواز مروت کے مطابق آپریشن کے دوران اکتیس خطرناک اشتہاری ملزمان بھی پکڑے گئے جو دہشت گردی اور دیگر سنگین وارداتوں میں مطلوب تھے۔ ملزمان سے بھاری تعداد میں اسلحہ بھی برآمد کیا گیا۔

     

  • لاہور: ون ویلنگ کرنیوالے منچلوں کیخلاف کریک ڈاؤن،36 سے زائد گرفتار

    لاہور: ون ویلنگ کرنیوالے منچلوں کیخلاف کریک ڈاؤن،36 سے زائد گرفتار

    لاہور : پولیس نے ون ویلنگ کرنے والے  منچلے موٹر سائیکل سواروں کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور پولیس نے ون ویلنگ کرنے والے منچلوں کے خلاف شہر کے مختلف علاقوں میں کریک ڈاؤن کرتے ہوئے تین درجن سے زائد نوجوانوں کو گرفتار کرکے مقدمات درج کرلئے۔

    ڈی آئی جی آپریشنز لاہور ڈاکٹر حیدر اشرف کی ہدایت پر پولیس نے مغلوپورہ ،مین بلیوارڈ ، مسلم ٹاون ، ریس کورس سمیت کئی علاقوں میں ون ویلنگ کرنے والے درجنوں منچلوں کو گرفتار کرلیا۔

    گرفتار شدگان کے خلاف مقدمات درج کرلئے گئے، ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف کا کہنا ہے کہ یہ منچلے تیز رفتار موٹر سائیکلیں چلا کر مختلف حادثات کا شکار بنتے تھے۔

    ان کا کہنا تھا کہ شہریوں کی شکایت پر ان کیخلاف کارروائی عمل میں لائی گئی ہے۔

  • بنگلہ دیش:پولیس کا کریک ڈاؤن، سینکڑوں افراد گرفتار

    بنگلہ دیش:پولیس کا کریک ڈاؤن، سینکڑوں افراد گرفتار

    بنگلہ دیش میں اپوزیشن کے مارچ کو ناکام بنانے کیلئے پولیس نے کریک ڈاؤن کے دوران سینکڑوں افراد کو گرفتار کرلیا، مظاہرین اور پولیس میں تصادم سے ایک شخص بحق ہوگیا۔

    غیرملکی خبرایجنسی کے مطابق حزب اختلاف کی چودہ پارٹیوں کے اتحاد کی اپیل پر مختلف پارٹیوں کے کارکن ملک بھرسے ڈھاکہ کی جانب مارچ کرنےکیلئےجمع ہوئے۔

    مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے پولیس نے کاروائی کی، جس کے نتیجے میں جھڑپیں شروع ہوگئیں، مظاہرین اور پولیس میں جھڑپ کے دوران فائرنگ سے ایک طالبعلم موقع پر ہی جاں بحق اور درجنوں مظاہرین زخمی ہوگئے۔

    بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی کی رہنما بیگم خالدہ ضیاء تیسرے روز بھی اپنی رہائشگاہ میں نظربند رہیں، پولیس نے ملک کے مختلف شہروں میں کاروائی کے دوران سیاسی جماعتوں کے ہزار سے زائد رہنماؤں اور کارکنوں کو گرفتار کرلیا۔

  • ریاض: سعودی حکام کا تارکین وطن کے خلاف کریک ڈاؤن جاری

    ریاض: سعودی حکام کا تارکین وطن کے خلاف کریک ڈاؤن جاری

    سعودی عرب حکام کا تارکین وطن کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے، ایک لاکھ سے زائد ایتھوپین باشندے وطن واپس پہنچ گئے۔

    سعودی حکام کی جانب سے ویزا پالیسی میں سختی کے بعد تارکین وطن کے خلاف کریک ڈاؤن میں لاکھوں باشندے اپنے ممالک جانے پر مجبور ہوگئے، وزارت خارجہ کے مطابق ایک لاکھ چالیس ہزار سے زائد ایتھوپین باشندوں کو ڈی پورٹ کیا جاچکا ہے اور ایک اندازے کے مطابق تعداد ایک لاکھ پچاس ہزار تک پہنچ جائے گی۔

    حکام کا کہنا ہے کہ ڈی پورٹ افراد نے لیبر اور امیگریشن قوانین کی پاسداری نہیں کی، جسکے باعث انہیں یہ اقدام اٹھانا پڑا، سعودی عرب کے اس اقدام پر خلیجی ممالک میں عوامی سطح پر احتجاج کیا گیا۔
       

  • کراچی:رینجرز اور پولیس کا کریک ڈاؤن جاری،50ملزمان گرفتار

    کراچی:رینجرز اور پولیس کا کریک ڈاؤن جاری،50ملزمان گرفتار

    کراچی میں رینجرز اور پولیس کا جرائم پیشہ افراد کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے، کاروائیوں میں پچاس سے ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے، سخی حسن چورنگی کے قریب پولیس مقابلےمیں ایک ڈاکو گرفتار جبکہ ایک فرارہوگیا۔

    کراچی میں امن و امان کی بحالی اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف پولیس اور رینجرز آہنی ہاتھوں سے نمٹنے میں مصروف ہے، شہر کے مختلف علاقوں میں ٹارگٹڈ آپریشن میں بائیس ملزمان گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کیا گیا۔

    ویسٹ زون پولیس نے چوبیس گھنٹوں کے دوران ٹارگٹڈ کاروائیوں میں انتیس ملزمان گرفتار کئے جن سے اسلحہ، منشیات، موبائل فونزاورموٹرسائیکلیں قبضے میں لیں گئیں۔

    تیموریہ کےعلاقے سخی حسن چورنگی کے قریب پولیس مقابلے میں ایک زخمی ڈاکو گرفتار جبکہ ایک زخمی حالت میں فرارہوگیا، کورنگی صنعتی ایریا میں پولیس مقابلے میں دو ڈاکو زخمی حالت میں پکڑے گئے۔

    دوسری جانب جرائم پیشہ عناصر بھی سرگرم ہیں، ریسکیو ذرائع کے مطابق پاورہاؤس عالم پرائڈ کے قریب سے بوری بند تشدد زدہ لاش ملی، پولیس کے مطابق تھانہ اورنگی اور تھانہ بوٹ بیسن کے علاقوں میں فائرنگ سے دو افراد زخمی ہوئے۔