کراچی (13 جولائی 2025): گائے کے کاٹنے سے کسان کو ریبیز کا مرض لاحق ہونے کا پاکستان میں اپنی نوعیت کا پہلا کیس رپورٹ ہوا ہے۔
کتوں کے کاٹنے کے واقعات اور متاثرہ انسانوں کے ریبیز جیسے جان لیوا بیماری سے متاثر ہونے کے واقعات آپ سب نے پڑھ رکھے ہوں گے۔ تاہم اب گائے کے کاٹنے سے کسان میں ریبیز کی علامت ظاہر ہونے کا اپنی نوعیت کا پہلا کیس پاکستان کے شہر کراچی میں رپورٹ ہوا ہے۔
یہ واقعہ گوکہ گزشتہ سال کا ہے جو ایک کسان کو اس کی پالتو گائے نے اچانک کاٹ لیا تھا، جس کی وجہ سے اس کو ریبیز کا مرض لاحق ہو گیا تھا۔ تاہم پاکستان میں اپنی نوعیت کے اس پہلے کیس کو عالمی جریدے میں کیس اسٹڈی کے طور پر شامل کیا گیا ہے۔
متاثرہ کسان اس سے قبل کتے کے کاٹے سے متاثر ہو کر انڈس اسپتال کورنگی سے ریبیز ویکسین لگوا چکا تھا۔ اس لیے اس نے دورباہ انڈس اسپتال کا رخ کیا، جہاں کسان کو بروقت ویکسین لگا کر زخمی کی صفائی کی گئی اور اسے ریبیز سے بچا لیا گیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کسان کو کاٹنے والی اس کی پالتو گائے کو کسی ایسے کتے نے کاٹا تھا جس کو ریبیز کا مرض لاحق تھا اور اس سے گائے میں منتقل ہوا تھا۔ بعد ازاں گائے نے اپنے مالک کو ہی کاٹ لیا۔
ڈاکٹروں کے مطابق، کسان کے زخم عالمی ادارۂ صحت (WHO) کے مطابق زمرہ 3 میں آتے تھے، جنہیں فوری علاج کی ضرورت ہوتی ہے۔
ڈاکٹروں نے اسے ہدایت کی کہ وہ گائے کے رویے پر نظر رکھے۔ واقعہ کے 3 ہفتے بعد کسان نے ڈاکٹروں کو مطلع کیا کہ گائے غیر معمولی حرکتیں کر رہی ہے اور کچھ ہی دن میں وہ مر گئی۔
جس کے بعد ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کی ایک ٹیم نے مذکورہ گائے کا سر تحقیق کے لیے کاٹ کر حاصل کیا اور باقی جسم کو گہرائی میں دفن کر دیا گیا۔
جب اس کے دماغی ٹشو پر کیے گئے ریورس ٹرانسکرپشن-پولی میریز چین ری ایکشن (آر ٹی-پی سی آر) ٹیسٹ کیے گئے تو اس کا نتیجہ مثبت آیا۔
واضح رہے کہ دنیا بھر میں کتوں کے کاٹنے سے ریبیز کے درجنوں واقعات رونما ہوتے رہتے ہیں۔ یہ بیماری ریبیز کے مرض والے کتوں کے کاٹنے سے انسانوں کو لگتی ہے اور اس کے کاٹنے سے متاثرہ افراد میں یہ جان لیوا بیماری منتقل ہو جاتی ہے۔
ریبیز ایک جان لیوا وائرل بیماری ہے جو اس بیماری سے متاثرہ جانور کے کاٹنے سے پھیلتی ہے۔ ایک بار جب کسی شخص کو ریبیز ہو جائے تو اس کا علاج نہیں ہو سکتا۔ تاہم ریبیز کی علامات ظاہر ہونے سے قبل ویکسین کے بروقت استعمال سے اس جان لیوا بیماری سے بچا جا سکتا ہے۔
ریبیز کی علامات:
ابتدائی علامات: بخار، تھکن، کاٹے جانے کی جگہ پر جلن یا درد، بے چینی، ذہنی الجھن، پانی یا ہوا سے ڈر لگنا، فالج، جھٹکے لگنا، کومہ کی حالت اور آخر موت۔
احتیاط:
کتے سمیت کسی بھی جانور کے کاٹنے کے بعد احتیاطاً ویکسین لگوائیں اور کورس مکمل کریں۔ اپنے پالتو جانوروں کو بھی ریبیز سے بچاؤ کی ویکسین لگوائیں۔
آوارہ اور زخمی کتوں اور دیگر جانوروں سے دور رہیں اور بچوں کو بھی زخمی جانوروں کے قریب نہ جانے دیں۔