Tag: کسان احتجاج

  • کسانوں نے مطالبات کی منظوری کے لیے پیر تک کی ڈیڈ لائن دے دی

    کسانوں نے مطالبات کی منظوری کے لیے پیر تک کی ڈیڈ لائن دے دی

    اسلام آباد: کسان اتحاد کا احتجاج پانچویں روز میں داخل ہو گیا ہے، کسانوں نے مطالبات کی منظوری کے لیے پیر تک کی ڈیڈ لائن دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں کسان اتحاد کا دھرنا پانچویں روز میں داخل ہو گیا، حکومت اور کسانوں کے درمیان ڈیڈ لاک برقرار ہے، گزشتہ روز مذاکرات میں بات چیت کسی نتیجے پر نہیں پہنچ سکی تھی۔

    کسان اتحاد کا کہنا ہے کہ مطالبات منظور نہ ہوئے تو پارلیمنٹ کے سامنے دھرنا دیں گے، وفاقی حکومت کو کل تک کا الٹی میٹم دیتے ہوئے کسان اتحاد نے پنجاب اور خیبر پختون خوا کے حوالے سے مطالبات نہ ماننے پر بنی گالہ کے باہر دھرنے کی بھی دھمکی دے دی۔

    چیئرمین کسان اتحاد خالد حسین کے مطابق رانا ثنا اللہ کا رویہ پہلے جیسا نہیں تھا، وزیر اعظم نے پیر کو مسئلہ حل کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے، پیر تک مطالبات نہ مانے گئے تو ریڈ زون کا رخ کریں گے۔

    خالد حسین نے کہا رانا ثنا کے لہجے میں تلخی تھی، رانا ثنا نے ملاقات میں کہا ریڈ زون میں آئے تو کہیں ایسا نہ ہو عمران خان کے لیے کی جانے والی تیاری آپ پر پریکٹس کرلوں، میں نے انھیں بتایا کہ کسان ڈرنے والے نہیں، رانا ثنا یاد رکھیں حکومت آنی جانی چیز ہے، اور پھر آپ کو بھی فرق پتا چل جائے گا، مطالبات نہ مانے تو آپ تیاری کریں ہم آ رہے ہیں۔

  • ایک اور اداکارہ بھارتی کسانوں کے حق میں بول اٹھیں

    ایک اور اداکارہ بھارتی کسانوں کے حق میں بول اٹھیں

    نئی دہلی: بھارت میں 2 ماہ سے جاری کسان احتجاج کی ایک اور اداکارہ نے حمایت کردی، اب تک زیادہ تر فنکار اس معاملے پر غیر جانبدار رہے ہیں۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق 26 سالہ بھارتی اداکارہ اور سپر ماڈل اروشی روتیلا نے کسانوں کے احتجاج کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسان ہمارے ملک کی ریڑھ کی ہڈی ہیں اور اپنے حقوق کے لیے لڑ رہے ہیں۔

    اروشی روتیلا نے شملہ کے دورے کے دوران کہا کہ میں کسانوں کی حمایت کرتی ہوں کیونکہ وہ اپنے حقوق کے لئے لڑ رہے ہیں۔

    خیال رہے کہ اس سے قبل عالمی شہرت یافتہ امریکی گلوکارہ ریحانہ نے بھارت میں کسانوں کے احتجاج کی حمایت کی تھی تو کئی بالی ووڈ اداکار آستینیں چڑھا کر ان پر جوابی حملے کرنے لگے تھے۔

    انہوں نے کسان احتجاج کو ڈرامہ اور سازش قرار دیا تھا۔

    بالی ووڈ اداکاروں کے اس رویے پر خود بھارتی عوام نے بھی تنقید کی اور کہا تھا کہ ان اداکاروں کو مودی سرکار کی جانب سے پیسہ دیا جارہا ہے جس کے بدلے یہ حکومت کے حق میں مہم چلا رہے ہیں۔

    سلمان خان سمیت بعض اداکار اس معاملے پر غیر جانبدار بھی رہے اور حالات صحیح سمت جانے کی خواہش کرتے نظر آئے۔