Tag: کسٹم ڈیوٹی

  • آٹو مینوفیکچررز کے ساتھ معاہدے کی خلاف ورزی، عدالت نے حکومت کو اضافی کسٹم ڈیوٹی وصولی سے روک دیا

    آٹو مینوفیکچررز کے ساتھ معاہدے کی خلاف ورزی، عدالت نے حکومت کو اضافی کسٹم ڈیوٹی وصولی سے روک دیا

    کراچی: آٹو مینوفیکچررز کے ساتھ معاہدے کی خلاف ورزی پر کیس کی سماعت کرتے ہوئے عدالت نے وفاقی حکومت کو اضافی کسٹم ڈیوٹی وصولی سے روک دیا۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ ہائیکورٹ میں آج جمعرات کو آٹو مینوفیکچرز کی اضافی کسٹم ڈیوٹی کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی، عدالت نے وفاقی حکومت کو درخواست گزاروں سے اضافی کسٹم ڈیوٹی کی وصولی سے روک دیا، اور درخواست گزار کو ٹیکس کے فرق سے متعلق کارپوریٹ گارنٹی فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

    وکیل درخواست گزار نے عدالت کو آگاہ کیا کہ وفاقی حکومت نے کنسائنمنٹ اور پرزہ جات کی امپورٹ پر اضافی 2 فی صد کسٹم ڈیوٹی عائد کی ہے، اور آٹو موبائل ڈیولپمنٹ پالیسی کے تحت سرمایہ کاروں کو رعایت فراہم کی تھی، معاہدے کے تحت یہ رعایت 5 سال تک موجود رہے گی۔


    حکومتی کوششیں بےسود، چینی درآمد کرنے کےلئے کسی نے بولی نہیں لگائی


    وکیل نے مزید بتایا کہ پالیسی کے مطابق آٹو مینوفیکچرنگ کے لیے مجموعی طور پر ڈیوٹی کی حد 25 فی صد رکھی گئی تھی، 2 فی صد اضافی کسٹم ڈیوٹی کے بعد یہ حد ختم ہو جائے گی، لیکن سرمایہ کاروں کے ساتھ کیے گئے معاہدے کی خلاف ورزی کی جا رہی ہے، اس صورت حال سے ملک میں سرمایہ کاری متاثر ہوگی۔

    وکیل درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ عدالت نے اسی نوعیت کے دیگر درخواستوں میں اضافی ٹیکس کے خلاف حکم امتناع جاری کیا ہے۔

    عدالت نے ایک موقع پر کہا کہ درخواست گزار کو پہلے عبوری طور پر ڈیوٹی کا جائزہ لینا چاہیے تھا، وکیل نے کہا درخواست گزار نے ایس آر او کو چیلنج کیا ہے، بعد ازاں عدالت نے درخواستوں کی سماعت 19 اگست تک ملتوی کر دی۔

  • پاکستان کسٹمز اگست میں کسٹمز ڈیوٹی کا مقررہ ہدف حاصل کرنے میں کامیاب

    پاکستان کسٹمز اگست میں کسٹمز ڈیوٹی کا مقررہ ہدف حاصل کرنے میں کامیاب

    کراچی: فیڈرل بیورو آف ریونیو (ایف بی آر) کا کہنا ہے کہ ماہ اگست میں ہدف سے زائد کسٹمز ڈیوٹی حاصل ہوئی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ایف بی آر کے ترجمان نے کہا کہے کہ کرونا وبا کی وجہ سے محصولات کے حصول میں انتظامی مشکلات کا سامنا رہا ہے تاہم اگست میں ہدف سے زائد کسٹمز ڈیوٹی حاصل ہوئی۔

    ترجمان ایف بی آر کے مطابق کراچی بارشوں کے باوجود کسٹمز نے ریونیو ٹارگٹ حاصل کیا، اگست 2020 کے لیے مقرر کردہ ہدف 44.3 ارب روپے تھا جب کہ پاکستان کسٹمز نے 45.9 ارب روپے اکھٹے کر لیے ہیں جو کہ اگست کے ماہ میں مقرر کردہ ہدف سے 3 فی صد زائد ہے۔

    موجودہ مالی سال کے پہلے 2 ماہ میں پاکستان کسٹمز نے 93.9 ارب روپے ریونیو کی مد میں اکھٹے کیے ہیں جب کہ مقررہ ہدف 87.3 ارب روپے تھا، اس طرح 7.5 فی صد اضافہ حاصل ہوا ہے۔

    ترجمان ایف بی آر کا کہنا ہے کہ اگست کے آخری ہفتے میں کراچی میں ہونے والی بارشوں کی وجہ سے درآمدی اشیا کی سست کلیئرنس کے باوجود پاکستان کسٹمز نے ریونیو ٹارگٹ حاصل کیا ہے۔

  • کسٹم والے سعودی عرب سے بھیجے گئے قرآن پاک کے نسخے نیلام کریں گے

    کسٹم والے سعودی عرب سے بھیجے گئے قرآن پاک کے نسخے نیلام کریں گے

    نئی دہلی: سعودی عرب کی جانب سے بھارتی ریاست کیرالہ کے لیے بھیجے گئے قرآن پاک کے نسخے 21 جنوری 2020 کو نیلام کیے جائیں گے، نسخے کسٹم ڈیوٹی ادا نہ کیے جاسکنے کے سبب محکمہ کسٹم کی تحویل میں ہیں۔

    برطانوی میگزین کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب نے 6 ماہ قبل ریاست کیرالہ کے مسلمانوں کے لیے قرآن پاک کے نسخے تحفے کے طور پر بھیجے تھے۔

    بتایا گیا تھا کہ کیرالہ میں سیلاب سے قرآن پاک کے ہزاروں نسخے ضائع ہوئے تھے، بعد ازاں سعودی عرب کی جانب سے اس کی تلافی کے لیے کیرالہ کے لوگوں کو قرآن پاک کے نسخے مفت بھیجے گئے۔

    سعودی عرب نے کیرالہ کے ملاپورم شہر کے کالج کے نام سے یہ قرآن پاک بھیجے تھے تاہم کالج ان کی کسٹم ڈیوٹی ادا کرنے سے قاصر رہا۔

    جس کے بعد بھارتی محکمہ کسٹم نے 25 ٹن وزن کے قرآن پاک کے یہ نسخے نیلام کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ محکمہ کسٹم نے کالج سے 8 لاکھ بھارتی روپے بطور کسٹم ڈیوٹی کے طور پر طلب کیے تھے جس کا کالج انتظام نہیں کرسکا۔

    ملاپورم میں عربک کالج دارالعلوم کے ڈین عبدالسلام آئیبی نے بتایا کہ کسٹم ڈیوٹی بہت زیادہ ہے، لہٰذا ہم نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ نیلامی کے ذریعے یہی نسخے بہت معمولی قیمت پر چھڑا لیے جائیں گے۔

  • اب بیرون ملک سے کتنے موبائل فون کسٹم ڈیوٹی کے بغیر لاسکیں گے؟

    اب بیرون ملک سے کتنے موبائل فون کسٹم ڈیوٹی کے بغیر لاسکیں گے؟

    اسلام آباد : سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے آئی ٹی نے اوورسیز پاکستانیوں کیلئے ایک موبائل فون لانے پر کسٹم ڈیوٹی ختم کرنے کی سفارش کر دی جبکہ سینیٹرفیصل جاوید نے کہا کہ ایک نہیں 2 موبائل فون ڈیوٹی فری کیےجائیں۔

    تفصیلات کے مطابق سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے آئی ٹی کا اجلاس ہوا ، جس میں اوورسیز پاکستانیوں کیلئے موبائل ڈیوٹی ختم نہ کرنے پر کمیٹی نے برہمی کا اظہار کیا ، سینیٹرروبینہ خالد نے کہا کمیٹی کی ہدایات پرعمل کیوں نہیں ہوا۔

    ایف بی آر حکام نے بتایا ایک موبائل فون پرڈیوٹی چھوٹ سے مسافروں کا ڈیٹا چوری ہوا، جس پر روبینہ خالد کا کہنا تھا کہ مانیٹرنگ درست کرنے کے بجائے مسافروں پر ٹیکس کا بوجھ کیوں ؟

    سیکرٹری آئی ٹی نے بھی کمیٹی کی حمایت کرتے ہوئے کہ ٹیکسیشن سے آئی ٹی کی صنعت ترقی نہیں کرے گی، صوبے اپنی اپنی ریونیو اتھارٹیز ہیں، انٹرنیٹ پر 19 فیصد ٹیکس عائد ہے۔

    مزید پڑھیں : اب بیرون ملک سے لائے گئے ایک موبائل فون پر بھی ٹیکس دینا ہوگا، کسٹم حکام

    کمیٹی نے آئندہ اجلاس میں چیئرمین ایف بی آرکو طلب کر لیا جبکہ کمیٹی نے ایک موبائل فون لانے پر کسٹم ڈیوٹی ختم کرنے کی سفارش کر دی ہے۔

    سینیٹرفیصل جاوید نے کہا ہے کہ ایک نہیں 2 موبائل فون ڈیوٹی فری کیےجائیں، ایک فون اپنے لیے اور ایک فیملی کیلئے ٹیکس فری کیا جائے۔

    یاد رہے کسٹم حکام کا کہنا تھا کہ فنانس بل کے بعد اب بیرون ملک سے لائے گئے ایک موبائل پر بھی ٹیکس دیناہوگا ، کوئی بھی موبائل اب ڈیوٹی فری ملک میں نہیں آسکتا، 60دن تک ملک میں موبائل فری چلایا جاسکتا ہے، 60 دن کے بعد موبائل رجسٹر کرانا ہوگا، موبائل رجسٹرنہیں کرایا جاتا تو خود بخود بند ہوجائے گا۔

    سینیٹر روبینہ خالد نے کہا تھا فون لانےوالی کی رجسٹریشن سہولت نہیں رکاوٹ ہے، سسٹم نےلوگوں کی زندگی عذاب کی ہوئی ہے جبکہ سینیٹر رحمان ملک کا کہنا تھا موبائل رجسٹریشن کے سسٹم کومعطل کیا جائے، اوورسیزپاکستانی اب ایک خوف کا شکار ہوگئے ہیں۔

  • پان کے پتوں پر کسٹم ڈیوٹی سے متعلق سماعت ملتوی

    پان کے پتوں پر کسٹم ڈیوٹی سے متعلق سماعت ملتوی

    اسلام آباد : سپریم کورٹ نے پان کے پتوں پر کسٹم ڈیوٹی سے متعلق کیس کی سماعت غیر معینہ مدت کےلیے ملتوی کردی۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں بدھ کے روز پان کے پتوں پر کسٹم ڈیوٹی سے متعلق سماعت ہوئی جس میں عدالت عالیہ نے ایک ہی نوعیت کے تمام کیسز کو یکجا کرکے سننے کا فیصلہ کیا۔

    عدالت نے نیب کے وکیل سے سوال کیا کہ پان کی امپورٹ پر کسٹم ڈیوٹی ادا نہ کرنے پر کتنا نقصان ہوا؟ جس پر نیب وکیل نے جواب دیا کہ مجموعی طور پر ایسے کیسوں کی تعداد 56 ہے، کسی کیس میں 5 اور کسی میں 60 لاکھ کا نقصان ہوا۔

    سپریم کورٹ کے جج جسٹس عظمت سعید نے کہا کہ کیا کسٹم حکام نے ڈیوٹی ادا نہ کرنے پر کارروائی کی؟ نیب وکیل نے بتایا کہ کسٹم حکام نے پرچہ درج کیا تھا تاہم کارروائی نہیں ہوئی۔

    جسٹس عظمت سعید نے دو سالوں سے جاری ریفرنس میں صرف 4 گواہ پیش ہونے پر اظہار برہمی کرتے ہوئے کیس کی سماعت غیر معینہ مدت کےلیے ملتوی کردی۔

  • سیلز ٹیکس اور کسٹم ڈیوٹی میں اضافہ مسترد کرتے ہیں، پولٹری ایسوسی ایشن

    سیلز ٹیکس اور کسٹم ڈیوٹی میں اضافہ مسترد کرتے ہیں، پولٹری ایسوسی ایشن

    اسلام آباد : پاکستان پولٹری ایسو سی ایشن نے پولٹری فیڈ پر سیلز ٹیکس اور کسٹم ڈیوٹی میں اضافے کو مسترد کرتے ہوئے حکومت سے اضافہ واپس لینے کا مطالبہ کر دیا۔

    ایسوسی ایشن کے صدر نے کہا ہے کہ اضافی ٹیکسوں کے بعد مرغی کی قیمتوں میں اضافے کا خمیازہ عوام کو بھگتنا پڑے گا۔

    اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کے دوران پولٹری ایسوسی ایشن کے مرکزی صدر میجر (ر) احمد وسیم کا کہنا تھا کہ حالیہ بجٹ میں پولٹری فیڈ پر کسٹم ڈیوٹی اور سیلز ٹیکس کی مد میں بالترتیب پانچ ،پانچ فیصد اضافہ قبول نہیں، اضافے سے فیڈ کی بوری200روپے جبکہ پولٹری مصنوعات 7فیصد تک مہنگی ہوجائیں گی۔

    اضافہ واپس نہ لیا گیا تو احتجاج کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا ۔ان کا کہنا تھا کہ ملک میں گوشت کی ضروریات کا چالیس فیصد پولٹری صنعت سے حاصل کیا جا رہا ہے۔

    ٹیکسز کے نفاذ سے مرغی کے گوشت اور انڈوں کی پیداواری لاگت میں ناقابل برداشت اضافہ ہو جائے گا ۔

    ان کا کہنا تھا کہ حالیہ دنوں میں مرغی کے نرخ میں اضافہ سندھ کے گرم علاقوں میں واقع پولٹری فارمز میں چوزوں کے مرنے کے باعث ہوا۔