Tag: کشتی حادثات

  • لیبیا میں 2 کشتی حادثات، درجنوں پناہ گزین لقمہ اجل بن گئے

    لیبیا میں 2 کشتی حادثات، درجنوں پناہ گزین لقمہ اجل بن گئے

    لیبیا میں تارکین وطن کی کشتیاں ڈوبنے کے دو حادثات رونما ہوئے، جس کے سبب 60 افراد لقمہ اجل بن گئے، 2 کشتی حادثات میں جاں بحق ہونے والوں میں پاکستانی شہری بھی شامل ہیں۔

    عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق پناہ گزینوں کے عالمی ادارے کا کہنا ہے کہ لیبیا میں پیش آنے والے 2 کشتی حادثات میں پہلا حادثہ لیبیا کے دارالحکومت طرابلس میں پیش آیا جس میں سمندر میں 21 افراد لاپتہ ہوئے، ڈوبنے والی کشتی میں سوار 5 افراد کو ریسکیو کرلیا گیا۔

    رپورٹس کے مطابق بدقسمت کشتی میں ارٹیرین، پاکستانی اور مصری شہری سوار تھے۔

    دوسرا حادثہ لیبیا کے شہر تبروک کے ساحل سے 35 کلومیٹر دور پیش آیا جس میں 39 میں سے صرف ایک شخص کو ریسکیو کیا جاسکا۔

    پناہ گزینوں کے عالمی ادارے کا کہنا ہے کہ رواں سال 743 افراد مختلف کشتی حادثات کی وجہ سے اپنی زندگیوں سے محروم ہوئے۔

    یاد رہے کہ اس سے قبل لیبیا پہنچنے کی کوشش کے دوران 11 سوڈانی پناہ گزین صحرائے کبریٰ کی گہرائی میں گاڑی خراب ہو نے کے بعد پیاس کی شدت سے اپنی جان گنوا بیٹھے تھے۔

    رپورٹ کے مطابق یہ علاقے میں پناہ گزینوں اور غیر قانونی تارکین وطن کو درپیش بڑھتے ہوئے خطرات کو ظاہر کرنے والا ایک ہولناک واقعہ تھا۔

    لیبیا کشتی حادثے میں ملوث بدنام زمانہ ملزم گرفتار

    لیبیا کے مقامی ذرائع کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ یہ واقعہ ایک انتہائی دشوار گزار صحرائی علاقے میں پیش آیا تھا جہاں درجہ حرارت 40 ڈگری سیلسیس سے بھی زیادہ ہوگیا تھا۔

  • لیبیا اور یونان کشتی حادثات میں  ملوث 40 انسانی اسمگلرز کے نام کنٹرول لسٹ میں شامل

    لیبیا اور یونان کشتی حادثات میں ملوث 40 انسانی اسمگلرز کے نام کنٹرول لسٹ میں شامل

    اسلام آباد : لیبیا اور یونان کشتی حادثات میں ملوث 40 انسانی اسمگلرز کے نام کنٹرول لسٹ میں شامل کر لئے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق لیبیا اور یونان کشتی حادثات پر ایف آئی اے نے انسانی اسمگلرز کیخلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔

    دونوں حادثات میں ملوث چالیس انسانی اسمگلرزکے نام کنٹرول لسٹ میں شامل ہیں۔

    انسداد انسانی اسمگلنگ سیل اسلام آباد زون نے پانچ مقدمات درج کرلئے، کنٹرول لسٹ میں شامل زیادہ افراد کا تعلق پنجاب سے ہے۔

    اسلام آباد زون نے اب تک کیسز میں گیارہ ملزمان کو گرفتار کیا، ملزمان کا تعلق جھنگ،شورکورٹ،سیالکوٹ اور گجرات سے ہے۔

    ڈی جی ایف آئی اے اسحاق جہانگیری نے کارروائیاں مزیدتیز کرنے کی ہدایت کی ہے، ڈائریکٹر ایف آئی اے اسلام آباد زون کی ہدایت پر مزید ٹیمیں تشکیل دے دی گئیں ہیں۔

    مزید پڑھیں : کشتی حادثات میں ملوث ایف آئی اے کے 36 افسران کو نوکری سے نکال دیا گیا

    دوسری جانب لیبیا کشتی حادثے میں انتہائی مطلوب انسانی اسمگلر سمیت 6 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

    ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ملزمان کو گوجرانوالہ اور گجرات کے مختلف علاقوں سے گرفتار کیا گیا، گرفتار ملزم خرم شہزاد لیبیا میں موجود بین الاقوامی ایجنٹوں کا اہم کارندہ ہے۔

    ترجمان نے بتایا کہ ملزم نے کمسن بچے کو کشتی میں یورپ بھجوانے کیلئے 10لاکھ لیے، چھاپے کے دوران گرفتار ملزم سے متعدد پاسپورٹس برآمد کیے گئے ہیں۔

  • کشتی حادثات میں ملوث ایف آئی اے کے 36 افسران کو نوکری سے نکال دیا گیا

    کشتی حادثات میں ملوث ایف آئی اے کے 36 افسران کو نوکری سے نکال دیا گیا

    اسلام آباد : کشتی حادثات میں ملوث 36 افسران کو نوکری سے نکال دیا گیا، ڈی جی ایف آئی اے نے کہا کہ غفلت اور لاپروائی برتنے میں ملوث اہلکاروں کی ادارے میں جگہ نہیں۔

    تفصیلات کے مطابق انسانی اسمگلنگ میں ملوث ایف آئی اے کے 13 اہلکاروں کیخلاف مقدمات درج کر لیے گئے۔

    ڈی جی ایف آئی اے نے 49 اہلکاروں کیخلاف محکمانہ کارروائیوں پر سماعت کی اور کشتی حادثات میں ملوث 36 افسران کو نوکری سے نکال دیا۔

    4 انسپکٹرز، 10 سب انسپکٹرز، 2 اے ایس آئی، 5 ہیڈ کانسٹیبل اور 14 کانسٹیبلز کو نوکری سے نکالا گیا۔

    ڈی جی ایف آئی اے احمد اسحاق جہانگیر نے بتایا کہ غفلت اور لاپروائی برتنے میں ملوث اہلکاروں کی ادارے میں جگہ نہیں، کشتی حادثات میں ملوث اہلکاروں کیخلاف انضباطی کارروائی کو یقینی بنایا جائے گا۔

    احمد اسحاق جہانگیر کا کہنا تھا کہ محکمانہ احتساب کا مقصد ادارے کو کرپشن سے پاک کرنا ہے، غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ایف آئی اے اہلکاروں کے خلاف سخت اقدامات کے جارہے ہیں۔

    ڈی جی ایف آئی اے نے کہا کہ معصوم شہریوں کے استحصال میں ملوث اہلکار کسی رعایت کے مستحق نہیں، ادارے میں احتسابی عمل سے ہی انسانی اسمگلنگ کا خاتمہ ممکن ہوگا۔