Tag: کشتی حادثے

  • کشتی حادثے میں پاکستانیوں کی ہلاکت، 4 رکنی تحقیقاتی ٹیم مراکش روانہ

    کشتی حادثے میں پاکستانیوں کی ہلاکت، 4 رکنی تحقیقاتی ٹیم مراکش روانہ

    اسلام آباد: وزیراعظم کی ہدایت پر مراکش کشتی حادثے کی تحقیقات کیلئے بنائی گئی اعلیٰ سطح تحقیقاتی ٹیم مراکش روانہ ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق مراکش کشتی حادثے کی تحقیقات کے لئے وفاقی تحقیقاتی ادارے کی 4 رکنی ٹیم مراکش روانہ ہوگئی ، ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ سلمان چوہدری تحقیقاتی ٹیم کی سربراہی کررہے ہیں۔

    ایف آئی اے پنجاب کے ایڈیشنل ڈائریکٹرنارتھ اور منیرمسعودمارتھ بھی ٹیم میں شامل ہیں جبکہ دفترخارجہ اورآئی بی کا ایک ایک افسربھی تحقیقاتی ٹیم کے ساتھ مراکش روانہ ہوا ہے۔

    تحقیقاتی ٹیم 3 سے 4 روزمراکش میں قیام کرے گی اور اس دوران کشتی حادثےمیں بچ جانے والے پاکستانیوں سے ملاقات کرے گی ساتھ ہی پاکستانیوں پر تشدد اور قتل کی بھی تحقیقات کرے گی۔

    یاد رہے دو روز قبل جمعرات کو افریقہ کے ملک موریطانیہ سے غیرقانونی اسپین جانے والوں کی کشتی کوحادثہ پیش آیا تھا ، کشتی حادثے میں 44 پاکستانیوں سمیت 50 تارکین وطن جان سے گئے تھے۔

    86 تارکین وطن کی کشتی 2 جنوری کو موریطانیہ سے روانہ ہوئی تھی ، کشتی میں 66 پاکستانی سوارتھے، جس مین 36 کوبچالیا گیا۔

    کشتی حادثے میں جاں بحق 44 پاکستانیوں میں سے12 نوجوان گجرات کے رہائشی تھے جبکہ سیالکوٹ اور منڈی بہاالدین کے افراد بھی کشتی میں موجود تھے۔

  • ساتھی آنکھوں کے سامنے ڈوبے، کشتی حادثے میں زندہ بچ جانے والے نوجوان نے آنکھوں دیکھا حال بتادیا

    ساتھی آنکھوں کے سامنے ڈوبے، کشتی حادثے میں زندہ بچ جانے والے نوجوان نے آنکھوں دیکھا حال بتادیا

    گوجرانوالہ: کشتی حادثے میں زندہ بچ جانے والے گوجرانوالہ کے نوجوان نے آنکھوں دیکھا حال بتاتے ہوئے کہا کہ ہمارے ساتھی آنکھوں کے سامنے ڈوب گئے، سمندر کی ڈنکی موت کا راستہ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق یونان کشتی حادثے میں گوجرانوالہ کا ایک اور نوجوان معجزانہ طور پر محفوظ رہا، کوٹلی نواب اپل سانسی کا رہائشی انضمام بھی لیبیا سے اٹلی جانیوالی کشتی میں سوار تھا۔

    کشتی حادثہ میں بچ جانیوالا انضمام یونان کے اسپتال میں زیرعلاج رہا ، جس کے بعد انضمام کا آڈیو اور ویڈیو پیغام سامنے آگیا ہے ، جس میں اس نے نوجوانوں سے غیر قانونی طورپر نہ جانے کی اپیل کی ہے۔

    متاثرہ نوجوان نے بتایا کہ انسانی اسمگلر سبز باغ دکھاتے ہیں ،کھانا ملتا ہے نہ پا نی، لوگ لیبیا سے یورپی ممالک کا غیر قانونی سفرنہ کریں ، یہ راستہ موت کا راستہ ہے۔

    پیغام میں کہا گیا کہ چھ دن اور سات راتیں جان ہتھیلی پر رکھ کر گزاریں۔ کوئی غیرقانونی طور پرڈنکی لگانےکا سوچے بھی نہیں۔

    نوجوان انضمام کا کہنا تھا کہ اللہ کااحسان ہےجس نےدوسری زندگی عطاکی ہے، آنکھوں کے سامنے لوگوں کوڈوبتے دیکھا ساتھیوں کو قبربھی نصیب نہیں ہوئی، صرف 12 پاکستانی کشتی حادثہ میں زندہ بچ سکے ہیں۔

  • ایف آئی اے کا کریک ڈاؤن بے سود: کشتی حادثے کے باوجود سوشل میڈیا پر انسانی اسمگلرز کے اشتہاروں کی بھرمار

    ایف آئی اے کا کریک ڈاؤن بے سود: کشتی حادثے کے باوجود سوشل میڈیا پر انسانی اسمگلرز کے اشتہاروں کی بھرمار

    اسلام آباد : یونان کشتی حادثے پر حکومتی کمیٹیاں اور ایف آئی اے کے کریک ڈاؤن بھی ناکافی ہے، حادثے کے بعد بھی سوشل میڈیا پر انسانی اسمگلرز کے اشتہاروں کی بھرمار ایف آئی اے کارکردگی پرسوال اٹھارہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق یونان کشتی حادثے کے بعد ایف آئی اے کی کارروائیوں کے باوجود انسانی اسمگلرز کا مکروہ دھندا چل رہا ہے، سنہرے مستقبل کا خواب نوجوانوں کو بیچنے کےلئے سوشل میڈیا ڈنکی مافیا کاسب سے موثر ہتھیار ہے، فیس بک،، انسٹاگرام، ٹک ٹاک کے ذریعے باقاعدہ اشتہار دیکر لوگوں کوجال میں پھنسایا جاتا ہے۔

    فیس بک، انسٹاگرم اور ٹک ٹاک سمیت دیگر پلیٹ فارمز پر دھڑادھڑ پوسٹیں جاری ہیں، ایک فیس بک گروپ پر تو گزشتہ روز ہی ڈنکی لگانے یا غیرقانونی طور پر یورپ جانے کا اشتہار یا پوسٹ لگائی گئی۔

    بی بی سی رپورٹ کے مطابق فیس بک کےذریعے رابطہ کرنے پر اسمگلرز واٹس ایپ پر رابطہ کرتے ہیں اور زمینی راستے سے ایران،ترکی اور پھر یورپ میں داخل کرایاجاتاہے۔ جس کے لئے لوگوں سے لاکھوں روپے بٹورے جاتے ہیں۔

    ترکی کے ذریعے یورپ میں داخلہ کافی مشکل ہوگیا ہے اس لئے اب اسمگلر مصر،، لیبیا اور پھر یونان کا روٹ اختیار کررہے ہیں۔

    یونان کشتی حادثے جیسے اتنے بڑے سانحے کے باوجود انسانی اسمگلروں کا دھڑلے سے سوشل میڈیا پر سرگرمیاں جاری رکھناحکومتی اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔

  • وزیراعظم کا کشتی حادثے کے ذمہ داران کو جلد کیفر کردار تک پہنچانے کا حکم

    وزیراعظم کا کشتی حادثے کے ذمہ داران کو جلد کیفر کردار تک پہنچانے کا حکم

    اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف نے کشتی حادثے کے ذمہ داران کو جلد کیفر کردار تک پہنچانے کی ہدایت کرتے ہوئے واقعے کی جلد رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت یونان کے قریب کشتی الٹنے کے واقعے پر اعلیٰ سطح اجلاس ہوا، جس میں شہباز شریف کو یونان کے قریب بحیرہ روم میں کشتی الٹنے کے واقعے پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

    جس میں بتایا گیا کہ یونانی کوسٹ گارڈ نے 12 جون کو کشتی کی نشاندہی کی، جس میں ایک اندازے کے مطابق 700 کے قریب لوگ سوار تھے، کشتی مصری شخص کی ملکیت تھی، جس میں زیادہ تر سواروں کا تعلق شام، لیبیا اور پاکستان سے تھا۔

    اجلاس میں بتایا گیا کہ کشتی میں سوار لوگوں میں سے 102 لوگوں کو زندہ ریسکیو کیا جا چکا ہے جن میں سے 15 کا تعلق پاکستان سے ہے، کشتی الٹنے کے بعد اس وقت مجموعی طور پر 15 لوگوں کو گرفتار کیا جا چکا ہے جن میں اس واقعے کا مرکزی ملزم بھی شامل ہے۔

    اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ انسانی اسمگلنگ میں مختلف ممالک میں موجود ایک منظم نیٹ ورک ملوث ہے۔

    وزیراعظم شہباز شریف نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انسانی سمگلروں کی کاروائیاں بروقت کیوں نہ روکی گئیں؟ اور استفسار کیا کہ متاثرہ لوگوں کا جن ضلعوں سے تعلق ہے وہاں کی انتظامیہ نے ملوث اسمگلروں اور ایجنٹوں کی کاروائیوں کا بروقت نوٹس کیونکر نہ لیا؟

    وزیراعظم نے کشتی واقعے کے ذمہ داران کو جلد کیفرِ کردار تک پہنچانے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے تحقیقاتی کمیٹی کو کارروائی مکمل کرکے واقعے کی جلد رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کر دی۔

    وزیر اعظم کی وزیرداخلہ کو تحقیقات کی مکمل نگرانی کرنے اور ذمہ داران کو سزا دلوانے کے حوالے سے ضروری قانون سازی کیلئے تجاویز مرتب کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔

    وزیراعظم نے ایف آئی اے کو مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے مؤثر اقدامات اٹھانے سمیت کمشنر گجرانوالہ کو بھی ضلع گجرانوالہ میں ایسے ایجنٹس کی نشاندہی کرکے انہیں جلد قانون کی گرفت میں لانے کی ہدایت کردی۔