Tag: کشمیریوں سے اظہارِ یکجہتی

  • کشمیریوں سے اظہارِ یکجہتی ، ملک بھر میں کل ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی جائے گی

    کشمیریوں سے اظہارِ یکجہتی ، ملک بھر میں کل ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی جائے گی

    اسلام آباد : ترجمان دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ کشمیریوں سے اظہاریکجہتی کیلئے ملک بھرمیں کل ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی جائے گی اور مطالبہ کیا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے عالمی برادری اپنا مثبت کردار ادا کرے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان زاہد حفیظ چوہدری نے میڈیا بریفنگ میں کہا ہے کہ ہر سال 5فروری کو یوم یکجہتی کشمیر منایا جاتا ہے ، ملک بھرمیں کل ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی جائے گی ، پاکستانی سفارتخانوں میں سیمینار،تقریبات منعقد کی جائیں گی۔

    ترجمان دفترخارجہ کا کہنا تھا کہ کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے کل واک کا اہتمام ہوگا، واک کااہتمام وفاقی اورصوبائی دارالحکومتوں میں ہوگا، عالمی برادری مقبوجہ کشمیر میں بھارت کی جارحیت کو روکے۔

    زاہد حفیظ نے کہا کہ پچھلی 7دہائیوں سے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت جاری ہے ، مقبوضہ کشمیر میں بھارت یواین قرارادوں کی خلاف ورزی کررہا ہے، مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے عالمی برادری اپنا مثبت کردار ادا کرے۔

    مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کے حوالے سے ترجمان کا کہنا تھا کہ گزشتہ ہفتے کے دوران مذید 3کشمیریوں کو شہید کیا گیا ، غیر مسلح اور معصوم کشمیریوں کوماورائے عدالت قتل کیا جا رہا ہے اور کشمیری قیادت مسلسل قید میں ہے۔

    بھارت میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی سے متعلق دفترخارجہ کے ترجمان نے کہا آر ایس ایس،بی جے پی گٹھ جوڑکی حکومت جمہوریت نہیں ، اقلیتوں اور صحافیوں کیساتھ بدترین سلوک روا رکھا جا رہا ہے ، بھارت عالمی برادری کے سامنے مکمل بے نقاب ہو چکا ہے ، دنیا بھر سےمختلف شعبہ جات کی شخصیات کشمیر پر بات کررہی ہیں۔

    زاہد حفیظ کا بریفنگ میں کہنا تھا کہ بھارت ریاستی دہشت گردی اور پاکستان مخالف پروپیگنڈاکررہاہے، بھارت دہشت گردی کیلئے فنڈنگ سمیت ہرقسم کی کارروائیوں میں ملوث ہے ، اسی حوالے سےہم نے اقوام متحدہ ،عالمی برادری سے ڈوزیئر بھی شیئرکیا۔

    ترجمان نے مزید کہا کہ بھارت فالس فلیگ آپریشن کرتاہےاورالزام پاکستان پر لگاتا ہے ، اس حوالے سے ای یو ڈس انفو لیب کی رپورٹ سب کےسامنے ہے، بھارتی نیوی کا حاضر سروس افسر ہماری حراست میں ہے ،ہم بھارت کو ہر سطح پر بے نقاب کرتے رہیں گے۔

    افغانستان کے حوالے سے ترجمان دفترخارجہ کا کہنا تھا کہ افغان امن عمل اسوقت بہت اہم مرحلے میں داخل ہو چکا ہے ، افغانستان کے مسئلہ کا کوئی فوجی حل نہیں ، افغان مسئلہ کو سیاسی مذاکرات کے ذریعے حل کیا جانا چاہیے ، امن عمل آگے بڑھانےکیلئےچاہتے ہیں افغانستان میں تشدد میں کمی ہو۔

    پاک بھارت مذاکرات سے متعلق زاہد حفیظ نے کہا کہ پاکستان نے بھارت کے ساتھ مذاکرات سے کبھی انکار نہیں کیا ، پاکستان سمجھتا ہے تمام تنازعات کا حل پرامن طریقے سےممکن ہے ، 5اگست 2019 سے کشمیر میں سخت محاصرہ ہے ، مقبوضہ کشمیر میں سرچ آپریشن اور غیر قانونی چھاپے ہیں اور کشمیریوں کے تمام حقوق سلب ہیں۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ جب تک بھارت تمام اقدامات ختم نہیں کرتا اسوقت تک بات ممکن نہیں ، پاکستان اور بھارت دونوں ممالک کی فوجی قیادت کےبیانات میں فرق ہے، آرمی چیف جنرل باجوہ نے امن اور کشمیر کے حل کی بات کی ہے جبکہ بھارتی فوجی قیادت غیر ذمہ دارانہ ،پاکستان مخالف بیانات دیتی ہے ، بھارتی قیادت نے پہلے بالاکوٹ پھرلداخ پر مس ایڈونچرکیا۔

  • یوم یکجہتی کشمیر، سیاسی رہنماؤں کا  کشمیریوں سے یکجہتی کا اظہار ، قربانیوں کوسلام پیش

    یوم یکجہتی کشمیر، سیاسی رہنماؤں کا کشمیریوں سے یکجہتی کا اظہار ، قربانیوں کوسلام پیش

    اسلام آباد : یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر سیاسی رہنما نے کشمیریوں سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے بھارت کی کشمیر میں ریاستی دہشت گردی کی مذمت کی اور کشمیری عوام کی قربانیوں کوسلام پیش کیا۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت کے غاصبانہ قبضے کیخلاف دنیا بھر میں آج یوم یکجہتی کشمیر منایا جارہا ہے ، یوم یکجہتی کشمیر پر شاہ محمود قریشی نے لندن سے خصوصی پیغام میں کہا پاکستانی مقبوضہ کشمیر کے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کررہے ہیں، بڑی ہمت، حوصلے اور تدّبر سے بربریت کا مقابلہ کیا ہے، خوشی ہوتی اگر حریت قیادت آج آزاد ہوتی ، انہیں اظہار کا موقع ملتا۔

    شاہ محمودقریشی کا کہنا تھا کہ کاش لوگ سنگینوں کے نیچے آزادی کے نعرے نہ لگا رہے ہوتے، کشمیریوں کو ان کا حق مل کر رہے گا، یہ واضح ہوچکا ہے کشمیریوں کی تحریک کامیاب ہوکررہےگی۔

    وزیر خارجہ نے کہا پاکستان کا بچہ بچہ، دانشور طبقہ کشمیریوں کے ساتھ کھڑا ہے، کشمیری عوام کی قربانیوں کوسلام پیش کرتےہیں ، حق خودارادیت کیلئے جدوجہد جاری رکھنے والوں کو سلام۔

    پاکستان کشمیریوں کی جد وجہد میں ان کے ساتھ کھڑا ہے، اسد عمر


    وزیر خزانہ اسد عمر کا سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ ہم نڈرکشمیریوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، نڈرکشمیری غیر انسانی ظلم کا سامنا کرنے کے باوجود ہارے نہیں، کشمیری اپنے حق خود ارادی کےلیے جدوجہد جاری رکھےہوئے ہیں، پاکستان کشمیریوں کی جد وجہد میں ان کے ساتھ کھڑا ہے۔

    نہتے کشمیریوں پرپیلٹ گن کےاستعمال نےبھارت کا چہرہ بے نقاب کر دیا، فیصل واوڈا


    وفاقی وزیر آ بی وسائل فیصل واوڈا نے یوم یکجہتی کشمیر پر پیغام میں کہا نہتے کشمیریوں پرپیلٹ گن کےاستعمال نےبھارت کا چہرہ بے نقاب کر دیا، کشمیر میں سب سےبڑی جمہوریت کے دعویدار بھارت کا پول کھل جاتاہے، ہزاروں بے گناہ کشمیریوں نے جدو جہد آزادی میں جانیں قربان کی ہیں۔

    وہ دن دور نہیں جب کشمیری عوام آزاد فضاؤں میں سانس لیں گے، شیخ رشید


    وزیرریلوے شیخ رشید کا یوم یکجہتی کشمیر پر اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ پاکستان اورمقبوضہ کشمیر کے لوگوں کےدل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں، وہ دن دور نہیں جب کشمیری عوام آزاد فضاؤں میں سانس لیں گے۔

    شہیدوں کا خون رنگ لائے گا، بھارت کا مقدر شکست ہے، بلاول بھٹو


    پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے یومِ یکجہتی کشمیر پر اپنے پیغام میں مقبوضہ کشمیر کی عوام سے مکمل یکجہتی کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ شہیدوں کا خون رنگ لائے گا، بھارت کا مقدر شکست ہے ۔

    بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر خطے میں امن و خوشحالی کا خواب ادھورا رہے گا، عالمی برادری عدل و انصاف کے تقاضے پورے کرے، مودی کو لگام دے، مقبوضہ وادی میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو روکا جائے، مظلوم کشمیریوں کی جدوجہد کی حمایت جاری رکھیں گے۔

    کشمیرکی آزادی ہم سب کامشترکہ خواب ہےاورتعبیرجلدہوگی، خورشیدشاہ


    یومِ یکجہتی کشمیر پر پیپلز پارٹی کے رہنما خورشیدشاہ نے اپنے پیغام میں کہا کشمیرکی آزادی ہم سب کامشترکہ خواب ہےاورتعبیرجلدہوگی، پیپلزپارٹی نے کشمیرکاز کیلئے ہمیشہ نمایاں اور بھرپورکردار ادا کیا، کشمیرکی آزادی کیلئےہم کشمیری بھائیوں کیساتھ کھڑے رہیں گے۔

    خورشیدشاہ کا کہنا تھا کہ کشمیری عوام کوحق خودارادیت سےمحروم رکھناعالمی طاقتوں کی ناکامی ہے، کشمیرکےمسئلےکاحل پورے خطے کے مفاد کیلئے ضروری ہے، بھارت کو ہٹ دھرمی چھوڑ کر کشمیر مسئلے کے حل کیلئے قدم اٹھانا ہوگا۔

    پی پی رہنما نے کہا یورپ اور دیگر ترقی یافتہ ممالک انسانی حقوق کے چیمپئن بنتے نہیں تھکتے، کشمیر میں نہتے مسلمانوں پر مظالم پر ان ممالک کی آنکھیں بند ہیں، کشمیری بھائیوں کی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گیں۔