اسلام آباد: وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے کہا ہے کہ کشمیریوں کے حق کے لیے ہر حد تک جائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے وزیراعظم کے اقوام متحدہ میں خطاب پر بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ پوری قوم کو فخر ہے انہوں نے عمران خان جیسے لیڈر کو چنا ہے، دنیا کو پیغام گیا کہ پاکستان کشمیر پر اپنے موقف سے پیچھے نہیں ہٹے گا۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ عمران خان نے بھارت کا گھناؤنا چہرہ دنیا کے سامنے رکھ دیا، وہ پہلے لیڈر ہیں جنہوں نے پاکستان اور اسلام کی بھی نمائندگی کی ہے۔
اعجاز شاہ نے کہا کہ آج کشمیری بھائیوں کو یقین ہوگیا ہم ہر صورت ان کے ساتھ ہیں اور کشمیر کے حق کے لیے ہر حد تک جائیں گے۔
مزید پڑھیں: اقوام متحدہ دو نیوکلیئر طاقتوں کے آمنے سامنے آنے سے پہلے اپنا کردار ادا کرے، وزیراعظم
واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان کا جنرل اسمبلی سے خطاب میں کہنا تھا کہ مودی سمجھتا ہے کہ کرفیو کے بعد کشمیری خاموشی سے اسے قبول کرلیں گے، کرفیو اٹھنے کے بعد کشمیر میں خون کی ندیاں بہیں گی، بھارت مقبوضہ کشمیر میں فوری کرفیو اٹھائے اور سیاسی قیدیوں کو رہا کرے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ کشمیر شدت پسندی کی طرف آیا تو اس کی وجہ اسلام نہیں ناانصافی ہوگی، جب ناانصافی ہوتی ہے تو انسان انتہائی قدم اٹھانا ہے، ناانصافی کے خلاف انسانی ردعمل کا تعلق مذہب سے نہیں ہوتا ہے، کشمیریوں کو شدت پسندی کی طرف دھکیلا جارہا ہے، بہت نازک وقت ہے، دو نیوکلیئر طاقتیں آمنے سامنے ہوں گی، اقوام متحدہ کو کشمیریوں کو حق خود ارادیت دلانا پڑے گا۔