اسلام آباد: مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے 50سے زائد تنظیموں نے مشترکہ طور پر ’’جاگ اٹھا کشمیر‘‘کے عنوان سے10فروری تک خصوصی مہم کا آغاز کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اس مہم کے تحت یہ تمام تنظیمیں سوشل میڈیا پر بالخصوص اور مجموعی طور پر ہر سطح پر کشمیریوں کی جدوجہدِ آزادی کو اجاگر کرنے کے لیے مہم چلائیں گی ، اس مہم میں ان تمام تنظیموں کےسوشل میڈیا ونگ متحرک کردار ادا کریں گے ، اس مہم کا مقصد کشمیریوں کو یقین دلانا ہے کہ ان کی اس جدوجہد میں پاکستانی قوم ان کی پشت پر کھڑی ہے۔
اس دوران چاروں صوبوں و آزاد کشمیر میں سیمینارز کے اہتمام کے ساتھ سوشل میڈیاکیلئے خصوصی ڈاکومنٹریز ، ویڈیوز ، وی لاگ اور بلاگز تیار کیے گئے ہیں جبکہ کشمیریوں کی تحریک آزادی کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے خصوصی ترانے تیار کئے گئے ہیں۔
اس امر کا اعلان ’سب کا پاکستان فورم ‘کے ایگزیکٹو ممبران رضی طاہر، سعد ارسلان صادق، حنان ملک، زمان باجوہ ،کاشف ظہیر کمبوہ ، طہ منیب نے کیا۔
انہوں نے کہاکہ کشمیر کی آزادی پاکستان کی بقا اور سلامتی کے لئے انتہائی ناگزیر ہے، اس کے بغیر پاکستان ہمیشہ خطرات سے دو چار رہا ہے، ہم مظلوم کشمیریوں کے ساتھ ہیں اور انہیں آزادی ملنے تک ہر لحاظ سے ان کا ساتھ دیتے رہیں گے، کشمیریوں کی جدوجہد آزادی جاری ہے اور جاری رہے گی،مظلوم کشمیریوں کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑیں گے،پاکستانی قوم مظلوم کشمیریوں کی پشت پر کھڑی ہے۔
یہ بھی کہا گیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی ریاستی دہشت گردی پر بین الاقوامی اداروں کی خاموشی افسوسناک ہے۔
صحافیوں سے گفتگو میں بتایا گیا ہے کہ سب کا پاکستان کے پلیٹ فارم سے اس مہم میں یوتھ ایسوسی ایشن آف پاکستان، المحمدیہ سٹوڈنٹس، ایم ایس ایم، شعور سوسائٹی، پازیٹو یوتھ ڈویلپمنٹ ایسویسی ایشن، کشمیر یوتھ الائنس، پاکستان یوتھ ایکٹیوزم، میری آواز سنو، کشمیر فورم فار یوتھ، پاکستان کا اللہ حافظ ، وائس آف پاکستان سمیت تمام بڑی سیاسی جماعتوں کے سوشل میڈیا ونگز شامل ہیں ۔