Tag: کشمیری

  • مقبوضہ کشمیر میں نہتے شہریوں کا قتل عام کیا جا رہا ہے، صدر آزاد کشمیر

    مقبوضہ کشمیر میں نہتے شہریوں کا قتل عام کیا جا رہا ہے، صدر آزاد کشمیر

    کراچی: صدر آزاد جموں و کشمیرسردار مسعود خان کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر پربھارتی مظالم پر اقوام متحدہ کوایکشن لینا ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق اے آروائی نیوز کے پروگرام باخبرسویرا میں بات چیت کرتے ہوئے صدر آزاد کشمیر مسعود خان نے کہا کہ آج سلامتی کونسل کا اجلاس بہت اہم ہے۔

    انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں نہتے شہریوں کا قتل عام کیا جا رہا ہے، اقوام متحدہ کو بھارت کےغیرقانونی اقدام پرایکشن لینا چاہیئے، بھارتی اقدام بین الاقوامی قوانین کے مطابق جنگی جرائم ہیں۔

    صدر آزاد جموں و کشمیر نے کہا کہ اقوام متحدہ کو مقبوضہ کشمیر پرتین نکات پر بات کرنا چاہیئے، بھارت نے کشمیریوں سے تمام حقوق چھیننے کا منصوبہ بنایا ہے۔

    مسئلہ کشمیر پر سیکیورٹی کونسل کا ہنگامی اجلاس آج ہوگا

    واضح رہے کہ مسئلہ کشمیر پر سیکیورٹی کونسل کا ہنگامی اجلاس آج طلب کرلیا گیا، سلامتی کونسل کا اہم اجلاس پاکستان کی درخواست پر بلایا جا رہا ہے۔

    اجلاس میں مسئلہ کشمیر کے مختلف پہلوؤں اور ان کو حل کرنے سے متعلق امور پر صلاح مشورہ کیا جائےجس کے بعد باقاعدہ اجلاس سے متعلق فیصلے کا امکان ہے۔

    مقبوضہ کشمیر کی حیثیت بھارت کی جانب سے یکطرفہ بدلنے کے معاملے پر وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس بلانے کے لیے خط لکھا تھا۔

  • کشمیریوں کا دل پاکستان کے ساتھ دھڑکتا ہے، فواد چوہدری

    کشمیریوں کا دل پاکستان کے ساتھ دھڑکتا ہے، فواد چوہدری

    اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ جنگ ہوئی تو پاکستان کا بچہ بچہ پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑا ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کوپن ہیگن میں پاکستانیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کشمیر کےعلاقوں پر اپنا تسلط قائم کرنا چاہتا ہے۔

    فواد چوہدری نے کہا کہ کشمیریوں کے دلوں میں تو پاکستان رہتا ہے، کشمیریوں کا دل پاکستان کے ساتھ دھڑکتا ہے، پاکستان امن کے قیام کے لیے برسرپیکار ہے، وزیراعظم نے کہا تھا بھارت ایک قدم بڑھے پاکستان دو قدم بڑھے گا۔

    وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی نے کہا کہ افغان طالبان کومذاکرات پرآمادہ کر کے امن پسندی کا ثبوت دیا، مستحکم افغانستان چاہتے ہیں کیونکہ خطے میں امن چاہتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ امن کوششوں کے باوجود پاکستان میں روز شہادتیں ہو رہی ہیں، جہلم اور چکوال کا کوئی قبرستان نہیں جہاں شہید مدفون نہ ہوں، ہمارا کوئی گاؤں نہیں جہاں غازی نہ ہوں۔

    فواد چوہدری نے کہا کہ کیسے وہ لہو رائیگاں جانے دیں جو ہم نے کشمیر کے لیے بہایا، کشمیرکے لیے جنگیں لڑی ہیں، چوتھی کے لیے بھی تیار ہیں، جنگ ہوئی تو پاکستان کابچہ بچہ پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑا ہوگا۔

    وفاقی وزیر نے کہا کہ پاک بھارت جنگ کا افغان جنگ سے موازنہ نہ کیا جائے، جنگ ہوئی تو شدت پوری دنیا میں محسوس کی جائے گی۔

    انہوں نے مزید کہا کہ وہ کشمیری رہنما جو پاکستان کے موقف کے مخالف تھے، آج نادم ہیں، آج کشمیر میں کوئی بھارت کا نام لینے کو بھی تیار نہیں ہے۔

  • یوم آزادی بطور یوم یکجہتی کشمیر منایا جا رہا ہے

    یوم آزادی بطور یوم یکجہتی کشمیر منایا جا رہا ہے

    ملک بھرمیں یومِ آزادی روایتی جوش وخروش اورجذبے سے منایا جارہاہے۔ ملک بھر میں سرکاری عمارتوں، سڑکوں اور راستوں کو قومی پرچموں سے سجایا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں یوم آزادی کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے طور پر منایا جا رہا ہے۔ یوم آزادی پر دن کا آغاز توپوں کی سلامی سے ہوا۔

    وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں یوم آزادی کے دن کا آغاز 31 توپوں جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21،21 توپوں کی سلامی سے ہوا۔ اس موقع پر ملک کی سلامتی اور یکجہتی کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔

    یوم آزادی پر توپوں کی سلامی سے دن کا آغاز

    یوم آزادی پر صوبہ پنجاب کے دارلحکومت لاہورمیں دن کا آغاز 21 توپوں کی سلامی سے ہوا، اس موقع پر فضا تکبیر کے نعروں سے گونج اٹھی۔

    یوم آزادی کے موقع پر پشاور میں بھی 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔ یوم آزادی پرتوپوں کی سلامی کی یہ تقریب کینٹ کے پانڈو اسٹیڈیم میں ہوئی جبکہ کوئٹہ کے آرمی پولوکلب میں بھی پاک فوج کے جوانوں کی جانب سے 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔

    کراچی میں بھی دن کا آغاز 21 توپوں کی سلامتی سے کیا گیا۔ شہر شہر نمازفجرکی ادائیگی کے بعد مساجد میں ملکی ترقی وسلامتی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں بھی کرائی گئیں۔

    کشمیریوں کو تہنا نہیں چھوڑیں گے، یوم آزادی پر صدر اور وزیراعظم کا پیغام

    صدر ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان نے یوم آزادی اور یوم یکجہتی کشمیرکے موقع پر کہا کہ ہم کشمیریوں کے ساتھ تھے، ساتھ ہیں اور ہمیشہ ساتھ رہیں گے۔

    یوم آزادی کے موقع پر پرچم کشائی کی مرکزی تقریب اسلام آباد میں ہوگی۔ کشمیری عوام سے یکجہتی کے لیے قومی پرچم کے ساتھ کشمیرکا جھنڈا بھی لہرایا جائے گا۔

    وزیراعظم عمران خان کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد جائیں گے اور آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی سے خطاب بھی کریں گے۔

  • 14 اگست کو پورے ملک میں ایک ہی آواز سنائی دے گی کہ کشمیربنے گا پاکستان، شاہ محمود قریشی

    14 اگست کو پورے ملک میں ایک ہی آواز سنائی دے گی کہ کشمیربنے گا پاکستان، شاہ محمود قریشی

    مظفرآباد: وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ مقدمہ کشمیرسلامتی کونسل میں پہنچنے سے پہلے کشمیریوں کی آواز وہاں پہنچنی چاہیے۔

    تفصیلات کے مطابق مظفرآباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ حکومت پاکستا ن نے مسئلہ کشمیر دوبارہ سلامتی کونسل میں اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے۔

    وزیرخارجہ نے کہا کہ پاکستان کی حکومت کشمیریوں کے ساتھ ہے، پاکستان کی سیاسی قیادت مسئلہ کشمیر پرایک نظرآنی چاہیے، ہم میں اختلافات ہیں لیکن مسئلہ کشمیر پرہم ایک ہیں، متفقہ قرارداد سے دنیا کو پیغام چلا گیا کہ مسئلہ کشمیر پر پاکستانی متحد ہیں۔

    شاہ محمود قریشی نے کہا کہ دنیا میں جہاں جہاں کشمیری ہیں ان کو پیغام دینا چاہتا ہوں، پاکستان نے اپنا یوم آزادی مسئلہ کشمیرسے منسوب کردیا ہے، پاکستان میں 14 اگست بطوریوم یکجہتی کشمیرمنایا جائے گا۔

    وزیرخارجہ نے کہا کہ 14اگست کو پورے ملک میں ایک ہی آوازسنائی دے گی کہ کشمیربنے گا پاکستان، انہوں نے کہا کہ جب پاکستان میں ایک ہی آواز اٹھے گی تو دنیا اس کانوٹس لے گی۔

    شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان سے باہر رہنے والوں سے گزارش ہے کہ ان کا امتحان ہے، انہوں نے آواز نہ اٹھائی تو خون کی ہولی والی بات حقیقت بن جائے گی۔

    انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیرکا مقدمہ مضبوط کرنے کے لیے کشمیریوں کو آوازبلند کرنی ہوگی، مقدمہ کشمیرسلامتی کونسل میں پہنچنے سے پہلے کشمیریوں کی آواز وہاں پہنچنی چاہیے۔

  • بھارت ظلم وجبرسے کشمیریوں کا حق استصواب رائے کچل نہیں سکتا، فردوس عاشق اعوان

    بھارت ظلم وجبرسے کشمیریوں کا حق استصواب رائے کچل نہیں سکتا، فردوس عاشق اعوان

    اسلام آباد : معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ حق پرکھڑی قوم کو کوئی بندوق، ظلم اورسازش شکست نہیں دے سکتی۔

    تفصیلات کے مطابق معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ او آئی سی نے مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کے حق خودارادیت کی حمایت کی۔

    انہوں نے کہا کہ حق خودارادیت کی حمایت ظالم بھارت کی ایک اور شکست ہے، مظلوم کشمیریوں کی پھرحمایت پر او آئی سی کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

    فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ حمایت نے دنیا کو پھر کشمیریوں کے جمہوری حق کی طرف متوجہ کیا، اوآئی سی کا اظہار یکجہتی دنیا کے لیے فوری مؤثر کردار ادا کرنے کا پیغام ہے۔

    معاون خصوصی برائے اطلاعات نے کہا کہ کشمیریوں کا قتل عام مہذب دنیا کا امتحان ہے، بھارت ظلم و جبرسے کشمیریوں کا حق استصواب رائے کچل نہیں سکتا۔

    انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو جمہوریت سے اپنی وابستگی کا ثبوت دینا ہوگا، یو این قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کی اخلاقی، سفارتی، سیاسی حمایت جاری ہے۔

    معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ حق پرکھڑی قوم کوکوئی بندوق ، ظلم اورسازش شکست نہیں دے سکتی۔

  • کشمیری وفا نبھاتے ہوئے سبزہلالی پرچم کا کفن اوڑھ رہے ہیں، فردوس عاشق اعوان

    کشمیری وفا نبھاتے ہوئے سبزہلالی پرچم کا کفن اوڑھ رہے ہیں، فردوس عاشق اعوان

    اسلام آباد: معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم جاری ہیں اور کشمیرکے عوام بھارتی ریاستی دہشت گردی کا شکار ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سابق صدر آزاد کشمیر مرحوم سردار محمد ابراہیم خان کی سولویں برسی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے سردار ابراہیم خان کی خدمات اور کردار ہمیشہ زندہ رہے گا۔

    فردوس عاشق اعوان مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم جاری ہیں اور کشمیرکے عوام بھارتی ریاستی دہشت گردی کا شکار ہیں۔

    معاون خصوصی برائے اطلاعات نے کہا کہ کشمیریوں کے ساتھ اٹوٹ انگ کا رشتہ مضبوط کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے دورہ امریکہ میں مسئلہ کشمیرعالمی سطح پر اجاگر کیا۔

    فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ کشمیری وفا نبھاتے ہوئے سبز  ہلالی پرچم کا کفن اوڑھ رہے ہیں، جہاں مقبوضہ کشمیر کا نام آتا ہے پاکستان کا تعارف ہونا شروع ہوجاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے شہدا کو خراج تحسین عقیدت پیش کرتی ہوں۔

    مقبوضہ کشمیر میں فائرنگ، تین کشمیری نوجوان شہید

    یاد رہے کہ گزشتہ روز مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج نے ریاستی دہشت گردی کرتے ہوئے تین بے گناہ کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا تھا۔

  • دنیا بھر میں کشمیری آج یوم الحاق پاکستان منارہے ہیں

    دنیا بھر میں کشمیری آج یوم الحاق پاکستان منارہے ہیں

    اسلام آباد: دنیا بھر میں کشمیری آج یوم الحاق پاکستان منارہے ہیں، اس اہم دن کے موقع پر پوری دنیا میں مقیم کشمیری ریلیاں نکالیں گے اور بھارتی جارحیت کے خلاف آواز بلند کریں گے۔

    آج مقبوضہ کشمیر کے عوام یوم الحاق پاکستان منائیں گے، انیس جولائی انیس سو سینتالیس کو کشمیریوں نے نظریاتی طور پر پاکستان سے رشتہ جوڑ لیا تھا، جسے بھارتی تسلط نے کچلنے کی کوشش کی لیکن انہتر سال بعد بھی وہ اس مضبوط ڈوری کو توڑ نہ سکا۔

    انیس جولائی انیس سو سینتالیس پاکستان کے قیام سے ایک ماہ پہلے کشمیریوں نے پاکستان سے الحاق کا فیصلہ کیا تھا جس پر وہ انہتر سال بعد بھی قائم ہیں کشمیر پر بھارتی قبضے کو انہتر سال گزر گئے ۔

    بھارت نے نصف صدی میں نہتے کشمیریوں پر ظلم کے پہاڑ توڑے لاکھوں کشمیری آزادی کا نعرہ لگاتے جام شہادت نوش کر گئے۔لیکن آج بھی کشمیری عوام ہر سال کی طرح یوم الحاق پاکستان منارہی ہے، قیام پاکستان کے بعد بھارت نے کشمیریوں کو حق خود ارادیت سے محروم کردیا ۔

    مقبوضہ وادی میں آج بھی بھارتی جبر روز اول کی طرح جاری ہے۔ بھارت نے کشمیریوں کے نعرہ آزادی بارود کی گونج میں دبانے کی کوشش کی لیکن جذبہ آزادی سے سرشار کشمیریوں کا آج بھی یہی نعرہ ہے کہ کشمیر بنے گا پاکستان ۔

    کشمیری ہر احتجاج میں پاکستانی پرچم لہرا دُنیا بھر کو ثبوت پیش کرتے ہیں کہ کشمیر کل بھی پاکستان تھا ۔ آج بھی ہے اور رہے گا۔

  • دنیا بھر میں کشمیری آج ’’یوم شہداء‘‘ منائیں گے، مقبوضہ وادی میں مکمل ہڑتال ہوگی

    دنیا بھر میں کشمیری آج ’’یوم شہداء‘‘ منائیں گے، مقبوضہ وادی میں مکمل ہڑتال ہوگی

    سرینگر: دنیا بھر میں کشمیری آج یوم شہداء اس عزم کی تجدید کے ساتھ منائیں گے کہ شہداء کا مشن ناقابل تنسیخ اور حق خودارادیت کے حصول تک جاری رکھا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق آج مقبوضہ کشمیر میں مکمل ہڑتال کی جائے گی اور سرینگر میں مزار شہداء نقشبند صاحب کی طرف مارچ کیا جائے گا جہاں 1931کے شہداء دفن ہیں۔ ہڑتال اور مارچ کی کال مشترکہ حریت قیادت نے دی ہے۔

    13 جولائی 1931 کو ڈوگرہ مہاراجہ ہری سنگھ کے فوجیوں نے سرینگر سینٹرل جیل کے باہر یکے بعد دیگرے 22کشمیریوں کو گولیاں مار کر شہید کردیا تھا، اس روز ہزاروں کشمیری عبدالقدیر نامی ایک شخص کے خلاف مقدمے کی سماعت کے موقع پر ان کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے جیل کے باہر جمع ہوئے تھے۔

    عبدالقدیر نے کشمیریوں کو ڈوگرہ راج کے خلاف اٹھ کھڑے ہونے کیلئے کہا تھا، اس دوران نماز ظہر کا وقت ہوا تو ایک نوجوان اذان دینے کیلئے اٹھا، ڈوگرہ فوجیوں نے اذان دینے والے نوجوان کو گولی مار کو شہید کر دیا جس کے بعد ایک اور نوجوان نے اٹھ کر اذان جاری رکھی اور اسے بھی فوجیوں نے گولی مارکر شہید کردیا، اس طرح سے اذان مکمل ہونے تک بائیس نوجوانوں نے اپنی جانوں کی قربانی دی۔

    دوسری جانب قابض انتظامیہ نے حریت فورم کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق کو جمعہ کو گھر میں نظر بند کر دیا جبکہ کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی پہلے ہی 2010 سے گھر میں نظر بند ہیں، پروگرام کے مطابق میر واعظ عمر فاروق کو سرینگر کی تاریخی جامع مسجد سے مزار شہداء نقشبند صاحب تک ایک جلوس کی قیادت کرنی ہے۔

    انتظامیہ نے جمعہ کو ڈاﺅن ٹاﺅن سرینگر کے مختلف علاقوں میں پابند یاں نافذ کر دیں اور مارچ کو ناکام بنانے کیلئے بڑی تعداد میں بھارتی فوجی اور پولیس اہلکار تعینات کر دیے، پابندیوں کی وجہ سے سرینگر کے علاقے نوہٹہ میں واقع جامع مسجد میں جمعہ کی نماز ادا نہیں کی جا سکی۔

    کل جماعتی حریت کانفرنس اور میر واعظ عمر فاروق نے اپنے بیانات میں کہا ہے کہ ان شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ مشترکہ طور پر ناانصافی، شخصی راج، جبری تسلط اور مسلح جارحیت کے خلاف جہاد کیا جائے۔

    ادھر تاجروں، پھلوں کے کاشت کاروں اور سول سوسائٹی کے ارکان نے سوپور فروٹ منڈی میں جمعہ کو امرناتھ یاترا کے دوران سرینگر جموں ہائی وے پر عام ٹریفک کی نقل و حرکت پر پابندی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔

    قابض انتظامیہ نے اسلامی تنظیم آزادی کے غیر قانونی طور پر نظر بند سربراہ عبدالصمد انقلابی پر تیسری مرتبہ کالا قانون پبلک سیفٹی ایکٹ لاگو کر دیا ہے۔ دریں اثناء نیویارک میں قائم انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیم ہیومن رائٹس واچ نے اپنی ویب سائٹ پر جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ بھارت کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کے بارے میں اقوام متحدہ کی رپورٹ مسترد کئے جانے سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ انسانی حقوق کی پامالیاں رکوانے کے بارے میں اپنی ناکامیوں کا سامنا کرنے کیلئے تیار نہیں ہے۔

    ہیومن رائٹس واچ کی جنوبی ایشیاء کی ڈائریکٹر مینا کشی گنگولی نے بیان میں کہا ہے کہ بھارتی قابض انتظامیہ کو انسانی حقو ق کی پامالیوں میں ملوث اہلکاروں کو جواب دہ بنانا چاہیے۔

  • بھارت کشمیریوں کو ان کا پیدائشی حق، حق خودارادیت دے، سید علی گیلانی

    بھارت کشمیریوں کو ان کا پیدائشی حق، حق خودارادیت دے، سید علی گیلانی

    سری نگر: کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی کا کہنا ہے کہ پوری عالمی برادری کے ساتھ ساتھ اقوام متحدہ بھی اس بات کی گواہ ہے کہ جموں وکشمیر ایک منتازعہ خطہ ہے جس کے سیاسی مستقبل کا فیصلہ ہونا تاحال باقی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کشمیری رہنما سید علی گیلانی نے سری نگر سے جاری ایک بیان میں بھارتی وزیراعظم کی طرف سے پارلیمنٹ میں دیے گئے اس بیان کہ اگر سردار پٹیل بھارت کے پہلے وزیراعظم بن جاتے تو مسئلہ کشمیر حل ہو چکا ہوتا پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ نریندر مودی نے غیر شعوری طور پر کشمیر کو حل طلب قرار دے کر کشمیریوں کے موقف کی تائید کر دی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ سچائی کو چاہے کتنی ہی طاقت سے دبانے کی کوشش کی جائے یا اسے کتنے ہی طویل عرصے تک جھٹلایا جائے وہ اپنے آپ کو منوائے بغیر نہیں رہ سکتی۔

    سید علی گیلانی نے کہا کہ”اٹوٹ انگ“ کا راگ الاپنے والے خود ہی یہ تسلیم کرچکے ہیں کہ کشمیر کا مسئلہ ابھی حل نہیں ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی حکمران ایک طرف دبے لفظوں میں جموں وکشمیرکے متنازعہ ہونے کا اقرار کرتے ہیں لیکن دوسری طرف کشمیریوں کو آہنی ہاتھوں سے کچلنے اور دبانے کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ بھارتی حکمران ہٹ دھرمی اور طاقت کی پالیسی ترک کر کے وعدوں کو پورا کریں اور کشمیریوں کو ان کا پیدائشی حق ، حق خودارادیت دیں۔

    سید علی گیلانی نے کہا کہ کشمیری گزشتہ تین دہائیوں سے غیر قانونی بھارتی تسلط سے نجات کے لیے قربانیاں دے رہے ہیں اور وہ بھارت کے تمام تر مظالم کے باوجود صبر واستقامت کے ساتھ اپنے موقف پر ڈٹے ہوئے ہیں۔

    حریت چیئرمین نے کہا کہ خطے کے سلگتے ہوئے تنازعہ کشمیرکو پرامن طریقے سے حل کرنے کے اقدامات نہ اٹھائے گئے تو پورا خطہ ٹکراﺅ اور تباہی سے دوچار ہو سکتا ہے۔

  • مانچسٹر میں دنیا کو دکھا دیں گے، کشمیری پاکستان کے ساتھ ہیں، مشال ملک

    مانچسٹر میں دنیا کو دکھا دیں گے، کشمیری پاکستان کے ساتھ ہیں، مشال ملک

    اسلام آباد: حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشال ملک کا کہنا ہے کہ جیت پاکستان کی ہو گی، جشن منائیں گے اور مٹھائی بھی بٹے گی۔

    تفصیلات کے مطابق حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشال ملک کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں کشمیری پاکستان کی حمایت کریں گے۔

    مشال ملک نے کہا کہ مانچسٹر میں دنیا کو دکھا دیں گے، کشمیری پاکستان کے ساتھ ہیں، جیت پاکستان کی ہوگی، جشن منائیں گے اور مٹھائی بھی بٹے گی۔

    انہوں نے کہا کہ خوف زدہ بھارت نے ابھی سے وادی میں کریک ڈاؤن شروع کردیا، ہم ڈرنے والے نہیں، پاکستان سے ہمارا رشتہ اٹوٹ ہے۔

    ورلڈ کپ 2019 : پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کے درمیان بڑا ٹاکرا آج ہوگا

    واضح رہے کہ کرکٹ کی دنیا کا سب سے بڑا مقابلہ آج ہوگا، اولڈ ٹریفورڈ مانچسٹر میں پاکستان اور بھارت کی ٹیموں نے پنجہ آزمائی کی تیاری مکمل کرلی۔

    دنیا بھر کے کروڑوں لوگ براہ راست ٹی وی پر دنیائے کرکٹ کی دو بڑی ٹیموں کا میچ دیکھیں گے، میچ سے قبل شائقین کا جوش و خروش عروج پر پہنچ گیا ہے۔