Tag: کشمیر میں مظالم

  • یورپی پارلیمنٹ کے نائب صدر کی  کشمیر میں مظالم کیخلاف آواز بلند کرنے کی یقین دہانی

    یورپی پارلیمنٹ کے نائب صدر کی کشمیر میں مظالم کیخلاف آواز بلند کرنے کی یقین دہانی

    لاہور : یورپی پارلیمنٹ کے نائب صدر ڈاکٹر فابیو نے گورنرپنجاب کو کشمیر میں مظالم کیخلاف آواز بلند کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزی پرخاموش نہیں رہ سکتے۔

    تفصیلات کے مطابق گورنر پنجاب چوہدری سرور نے یورپی پارلیمنٹ کے نائب صدر ڈاکٹر فابیو سے فون پررابطہ کیا ، جس میں ڈاکٹر فابیو سمیت دیگر اراکین نے کشمیر کی صورتحال پر سخت اظہار تشویش کیا۔

    16اراکین نے یورپی پار لیمنٹ کی صدر کو بھارتی مظالم کا نوٹس لینے کیلئے خط لکھا، جس میں ڈاکٹر فابیو نے امن کیلئے وزیر اعظم عمران خان کی کوششوں کو بھی سراہا۔

    ڈاکٹرفابیو نے گورنرپنجاب کو کشمیر میں مظالم کیخلاف آواز بلندکر نے کی یقین دہانی کرائی ، جس پر گورنرپنجاب نے کشمیریوں کے حقوق کیلئے آواز بلند کر نے پر ڈاکٹر فوبیو کا شکر یہ ادا کیا۔

    یورپی پارلیمنٹ کے نائب صدر ڈاکٹر فابیو نے کہا مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزی پرخاموش نہیں رہ سکتے جبکہ اراکین یورپی پارلیمنٹ نے مطالبہ کیا کہ صدر کشمیر میں انسانی حقوق کے خاتمے لئے اقدامات کرے۔

    گورنرپنجاب نے کہا بھارت کشمیرمیں انسانیت اور بنیادی انسانی حقوق کاقتل کر رہا ہے، جب تک مسئلہ کشمیرحل نہیں ہوگا خطے میں امن کا خواب پورا نہیں ہوگا۔

    ان کا کہنا تھا کہ پاکستان امن اور اپنے کشمیری بہن بھائیوں کیساتھ متحد کھڑا ہے، مسئلہ کشمیر کے معاملے پر یورپی اور بر طانوی اراکین پار لیمنٹ سے رابطے میں ہوں۔

  • چیئرمین سینیٹ کا مقبوضہ کشمیر کی صورت حال پر دنیا بھر کی پارلیمنٹس کے نام خط

    چیئرمین سینیٹ کا مقبوضہ کشمیر کی صورت حال پر دنیا بھر کی پارلیمنٹس کے نام خط

    اسلام آباد: مقبوضہ کشمیر کی تیزی سے بگڑتی صورت حال کے پیشِ نظر چیئرمین سینیٹ نے دنیا کو مقبوضہ کشمیر کی صورت حال سے آگاہ کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے دنیا بھر کی پارلیمنٹس کو خط لکھ دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی نے دنیا بھر کی پارلیمان کے نام خط لکھ کر انھیں مقبوضہ کشمیر میں روز بہ روز بگڑتی صورت حال کی طرف متوجہ کیا ہے۔

    صادق سنجرانی اہم ممالک کی پارلیمنٹس کے اسپیکرز سے ٹیلی فونک رابطے بھی کریں گے۔

    چیئرمین سینیٹ کا کہنا تھا کہ بھارتی جارحیت عالمی امن کے لیے خطرہ ہے، مقبوضہ کشمیر کی صورت حال پر دنیا کا واضح مؤقف آنا چاہیے، انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے عالمی برادری بری الذمہ نہیں۔

    صادق سنجرانی نے خط میں کہا ہے کہ دنیا کشمیر میں بھارتی جارحیت کے خاتمے اور کشمیریوں کو حق خود ارادیت دلانے میں اپنا کردار ادا کرے۔

    یہ بھی پڑھیں:  او آئی سی کشمیر میں گھمبیر صورت حال کا فوری طور نوٹس لے: شاہ محمود

    چیئرمین سینیٹ نے خط میں وادیٔ نیلم میں بھارتی جارحیت کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ عالمی برادری کلسٹر بموں کے استعمال اور عالمی قوانین کی خلاف ورزی کا بھی نوٹس لے۔

    خط میں انھوں نے لکھا کہ دنیا بھر کی پارلیمان ریاستی دہشت گردی کے خاتمے کے لیے بھارت پر دباؤ ڈالیں، نیز عالمی برادری کو مذاکرات سے مسئلہ کشمیر کے حل میں کردار ادا کرنا چاہیے۔

    واضح رہے کہ دوسری طرف وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) سے مطالبہ کیا ہے کہ کشمیر میں گھمبیر ہوتی صورت حال کا فوری طور نوٹس لیا جائے۔

  • کشمیر میں مظالم کو اجاگر کرنے میں برطانوی و یورپی پارلیمنٹیرینز کا کردار اہم  ہے: شاہ محمود

    کشمیر میں مظالم کو اجاگر کرنے میں برطانوی و یورپی پارلیمنٹیرینز کا کردار اہم ہے: شاہ محمود

    اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ کشمیر میں ہونے والے مظالم کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے میں برطانوی اور یورپی پارلیمنٹیرینز نے اہم کردار ادا کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آج اسلام آباد میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے برطانوی یورپین پارلیمنٹیرینز کے وفد نے ملاقات کی، وفد کی سربراہی یورپی پارلیمنٹ میں فرینڈز آف کشمیر کے شریک چیئر پرسن رچرڈ کاربٹ نے کی۔

    اس ملاقات میں دو طرفہ تعلقات اور مسئلہ کشمیر سمیت باہمی دل چسپی کے مختلف امور پر گفتگو کی گئی۔

    شاہ محمود نے اس موقع پر کہا کہ آل پارٹیز پارلیمانی گروپ برائے کشمیر کی رپورٹ نے پاکستان کے مؤقف کی تائید کی ہے۔

    وزیر خارجہ شاہ محمود نے وفد کو بتایا کہ پلوامہ واقعے کے بعد مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز نے کشمیریوں پر ظلم کی انتہا کر دی ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  بھارت کا مقبوضہ کشمیر میں مزید دس ہزار فوجی تعینات کرنے کا اعلان

    شاہ محمود قریشی نے مقبوضہ کشمیر سے متعلق پاکستان کا مؤقف دہراتے ہوئے کہا کہ پاکستان نہتے کشمیریوں کی حق خود ارادیت کی جدوجہد کی حمایت جاری رکھے گا۔

    وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے عالمی برادری کی معاونت ضروری ہے۔ دریں اثنا، یورپی وفد نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو رکوانے میں تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

    خیال رہے کہ وزیر اعظم عمران خان کے دورۂ امریکا کے موقع پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یہ کہہ کر حیران کر دیا تھا کہ وہ مسئلہ کشمیر پر پاکستان اور بھارت کے درمیان ثالثی کے لیے تیار ہیں۔

    ادھر مودی سرکار نے مقبوضہ کشمیر میں فوری طور پر مزید دس ہزار فوجی تعینات کرنے کا اعلان کر دیا ہے جس سے کشمیریوں کے خلاف مظالم کا سلسلہ مزید تیز ہو جائے گا۔

  • سانحہ اے پی ایس اور کشمیر میں مظالم : قومی اسمبلی میں مذمتی قرار دادیں منظور

    سانحہ اے پی ایس اور کشمیر میں مظالم : قومی اسمبلی میں مذمتی قرار دادیں منظور

    اسلام آباد : قومی اسمبلی میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور سانحہ اے پی ایس کے خلاف مذمتی قراردادیں متفقہ طور پر منظور کرلی گئیں، قراردادیں وزیر مملکت علی محمد خان نے پیش کی تھیں۔

    تفصیلات کے مطابق قومی اسملبی کا اجلاس اسپیکر اسد قیصر کی زیر صدارت ہوا اجلاس میں وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے سانحہ اے پی ایس اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر اظہار خیال کرتے ہوئے مذمتی قرار دادیں پیش کیں، جنہیں متفقہ طور پر منظور کرلیا گیا۔

    قرار دادوں کے متن میں کہا گیا کہ بھارت مقبوضہ وادی میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند کرے، کشمیر میں اقوام متحدہ کی قراردادوں پر فوری عمل کیا جائے، مسئلہ کشمیر پاکستان اور بھارت کےدرمیان بنیادی مسئلہ ہے اور یہ مسئلہ کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق حل کیا جائے۔

    قراردادوں میں کہا گیا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور اے پی ایس سانحے کی یہ ایوان بھرپور مذمت کرتا ہے۔ قرادادوں کے متن کے مطابق نیشنل ایکشن پلان پر بھرپور عمل درآمد کیا جائے گا جبکہ دہشت گردی کے خلاف اقدامات جاری رہیں گے۔
    اس کے علاوہ قومی اسمبلی میں اپوزیشن کی جانب سے خواجہ سعد رفیق کے پروڈکشن آرڈر جاری نہ کرنے پر ایوان سے واک آؤٹ بھی کیا گیا۔

    اس موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا کہنا تھا کہ پروڈکشن آرڈر سے متعلق اقدامات کیے جارہے ہیں، جس پر اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے کو اسپیکر مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر آپ نے فیصلہ نہیں کیا تو ہم مجبوراً ہم ایوان سے واک آؤٹ کرتے ہیں۔

  • کشمیر میں مظالم: وزیراعظم کی عالمی برادری سے نوٹس کی اپیل

    کشمیر میں مظالم: وزیراعظم کی عالمی برادری سے نوٹس کی اپیل

    اسلام آباد: وزیراعظم نواز شریف نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم و ستم کے خلاف عالمی برادری سے نوٹس لینے کی اپیل کردی اور کہا ہے کہ کشمیریوں کی آنکھوں پر چھرے مارنے سے ان کی بینائیاں ضائع ہوئیں ، اس ظلم پر خاموش رہنا بھی ایک ظلم ہے۔

    اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں ظلم کرنے والوں چہروں اور آنکھوں پر چھرے مارنے والوں کے دل انسانیت کے درد سے خالی ہیں، کشمیریوں کی آنکھوں پر چھرے مارنے سے لوگوں کی بینائی ضائع ہوگئی، اس ظلم پر خاموش رہنا بھی ایک ظلم ہے۔

    انہوں نے کہا کہ کشمیر کے حوالے سےہماری پالیسی واضح ہے، پاکستان کشمیرکی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا، عالمی برادری سے کشمیر میں ہونے والے مظالم کا نوٹس لینے کی اپیل کرتا ہوں،پاکستانی کی سالمیت، بقا کی خاطرکسی قربانی سے گریز نہیں کریں گے۔

  • کشمیر میں مظالم ، وکلا رہنماوں کا اقوام متحدہ کے دفتر کے سامنے احتجاج کا اعلان

    کشمیر میں مظالم ، وکلا رہنماوں کا اقوام متحدہ کے دفتر کے سامنے احتجاج کا اعلان

    لاہور: کشمیرمیں بھارتی بربریت کے خلاف سپریم کورٹ اور لاہور ہائیکورٹ بار نے 29 جولائی کواقوام متحدہ کے دفتر کے سامنے احتجاج کرنے کا اعلان کر دیا۔

    لاہور میں سپریم کورٹ بار اور ہائیکورٹ بار کے سیکریٹری اسد منظور بٹ اور لاہور ہائی کورٹ بار کے صدر رانا ضیاءعبدالرحمن اور سیکرٹری انس غازی نے ہائیکورٹ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی قابض افواج کشمیریوں کی نسل کشی میں مصروف ہیں جس پر اقوام عالم کی خاموشی معنی خیز ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ بھارت نہتے کشمیریوں پر کیمیائی ہتھیار استعمال کر رہا ہے مگر انسانی حقوق کی تنظیموں اور اقوام عالم نے اس پر چپ سادھ رکھی ہے جو یقینا افسوسناک ہے۔

    انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کو حق خود ارادیت دلانے کے لئے حکومت کشمیریوں کی سفارتی اور اخلاقی مدد کا سلسلہ مزید موثر بنائے اور دنیا بھر میں موجود پاکستانی سفارت کاروں کو مسئلہ کشمیر پر عالمی رائے عامہ ہموار کرنے کا ٹاسک دیا جائے۔

    انہوں نے کہا کہ وکلاء کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے اسلام آباد میں اقوام متحدہ کے دفتر کے سامنے احتجاج کریں گے اور یادداشت پیش کریں گے، وکلا رہنماوں کا کہنا تھا کشمیر کے مسئلے کو حل کئے بغیر نہ تو خطے میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنائی جا سکتی ہے نہ ہی دنیا کا امن بحال کیا جا سکتا ہے۔