Tag: کشمیر میں کرفیو

  • مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج کے لاک ڈاؤن کو 4 ماہ ہو گئے

    مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج کے لاک ڈاؤن کو 4 ماہ ہو گئے

    سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج کے لاک ڈاؤن کو 4 ماہ ہو گئے لیکن بھارتی فورسز کی درندگی تھمنے کا نام نہیں لے رہی۔

    تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں لاک ڈاؤن کو 4 ماہ ہو گئے ہیں، وادی میں 121 روز سے کرفیو نافذ ہے اور معمولات زندگی مفلوج ہیں، چار ماہ کے دوران بھارتی فورسز نے 2 خواتین سمیت 38 کشمیری شہید کیے۔

    بھارتی فوج کی فائرنگ، شیلنگ اور پیلٹ گن کے استعمال سے 853 کشمیری زخمی ہو چکے ہیں، حریت رہنما، صحافی، سول سوسائٹی ممبران، نوجوان کشمیریوں سمیت 11 ہزار 400 افراد زیر حراست ہیں، بڑی تعداد میں کشمیریوں کو وادی سے باہر بھارتی جیلوں میں بھی منتقل کیا جا چکا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  بھارتی انتظامیہ جھوٹے مقدموں کے ذریعے کشمیریوں کی جائیداد ہتھیانے لگی

    4 ماہ کے دوران ظالم بھارتی فوج نے 9 خواتین کو زیادتی کا نشانہ بنایا، 5 اگست سے لگے کرفیو کے بعد سے جمعے کی نماز مساجد میں ادا کرنے پر پابندی ہے، دکانیں، تجارتی مراکز، اسکول اور دفاتر بند پڑے ہوئے ہیں، جب کہ انٹرنیٹ، موبائل فون سروسز بھی معطل ہے۔

    بھارتی قبضے کے دوران بھارتی انتظامیہ جھوٹے مقدموں کے ذریعے کشمیریوں کی جائیداد بھی ہتھیانے لگی ہے، دوسری طرف لاک ڈاؤن اور مسلسل کرفیو کے باعث وادی میں چار ماہ سے خوف و ہراس کا ماحول اور غیر یقینی کی صورت حال برقرار ہے۔

  • مقبوضہ کشمیر میں 66 ویں روز بھی کرفیو

    مقبوضہ کشمیر میں 66 ویں روز بھی کرفیو

    سری نگر: مودی حکومت کی جانب سے آرٹیکل 370 اے ختم کرنے کے بعد مقبوضہ کشمیر میں 66 ویں روز بھی کرفیو جاری ہے، وادی میں موبائل فون، انٹرنیٹ سروس بند اور ٹی وی نشریات پوری طرح معطل ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں آج مسلسل 66 ویں روز بھی کرفیو برقرار ہے اور مواصلات کا نظام مکمل پر معطل ہے، قابض انتظامیہ نے ٹیلی فون سروس بھی بند کر رکھی ہے جب کہ ذرائع ابلاغ پر سخت پابندیاں عائد ہیں۔

    کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مواصلاتی نظام کی معطلی، مسلسل کرفیو اور سخت پابندیوں کے باعث کشمیریوں کو بچوں کے لیے دودھ، زندگی بچانے والی ادویات اور دیگر اشیائے ضروریہ کی شدید قلت کا سامنا ہے۔

    کشمیر میڈیا سروس کا یہ بھی کہنا ہے وادی میں کرفیو کے باعث 3 ہزار 9 سو کروڑ کا نقصان ہو چکا ہے، وادی میں کھانا میسر ہے اور نہ ہی دوائیں۔ سرینگر اسپتال انتظامیہ کے مطابق کرفیو کے باعث روزانہ 6 مریض لقمہ اجل بن رہے ہیں۔

    یاد رہے کہ 5 اگست کو مودی سرکار نے کشمیر کو خصوصی حیثیت دینے والے بھارتی آئین کے آرٹیکل 370 اے کو ختم کر دیا تھا۔

    راجیہ سبھا میں بل کے حق میں 125 جب کہ مخالفت میں 61 ووٹ آئے تھے، بھارت نے 6 اگست کو لوک سبھا سے بھی دونوں بل بھاری اکثریت کے ساتھ منظور کرا لیے تھے۔

  • کشمیر‌ میں کرفیو کا 85 واں روز، ایک اور نوجوان شہید، تعداد 108 ہوگئی

    کشمیر‌ میں کرفیو کا 85 واں روز، ایک اور نوجوان شہید، تعداد 108 ہوگئی

    سری نگر : مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم جاری ہیں، وادی میں کرفیو کا آج پچاسی واں روز ہے، بھارتی فوج کی فائرنگ سے ایک اور کشمیری نوجوان جان کی بازی ہار گیا، دفتر خارجہ نے کشمیر میں بھارتی جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی ریاستی دہشت گردی تاحال جاری ہے، ستمبر میں 44 کشمیریوں نے جام شہادت نوش کیا اور 5 ہزارسے زائد کشمیری پیلیٹ گن اور بھارتی تشدد سے زخمی ہوگئے۔

    بھارتی فورسز وادی میں چادر اور چاردیواری کا تقدس پامال کررہی ہیں، تلاشی کے دوران ایک بزرگ خاتون دل کا دورہ پڑنے سے جان کی بازی ہار گئیں جبکہ بڈگام میں آج مزید ایک کشمیری نوجوان کو شہید کردیا گیا۔

    حریت کانفرنس نے بھارتی مظالم کے خلاف احتجاج میں چھ اکتوبر تک توسیع کردی ہے۔

    دوسری جانب پے درپے ناکامیوں کا غصہ بھارت نے اپنے ہی کمانڈر پرنکال دیا۔اڑی حملے کے بعد اڑی بریگیڈ کے کمانڈر کو تبدیل کرکے نیا کمانڈر تعینات کردیا گیا ہے۔

    ترجمان دفتر خارجہ نے اپنے بیان میں کشمیریوں کے قتل عام کی مذمت کرتے ہوئے بتایا کہ بھارتی فوج نے آج بھی کشمیری نوجوان مظفراحمد کو شہید کیا۔

    دفتر خارجہ کا کہنا ہے گزشتہ تین ماہ میں بھارتی فوج نے سو سے زائد کشمیریوں کو شہید کیا ہے، دفتر خارجہ کے ترجمان نے اقوام متحدہ سے بھارتی فوج  کے ظلم کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں: کشمیرمیں کرفیو کا 82 واں روز، شہدا کی تعداد 106 ہوگئی