Tag: کشمیر کا جھنڈا

  • مقبوضہ کشمیر میں بھارتی عزائم کھل کر سامنے آ گئے

    مقبوضہ کشمیر میں بھارتی عزائم کھل کر سامنے آ گئے

    سری نگر: بھارت کے زیر تسلط کشمیر میں بھارت کے عزائم کھل کر سامنے آنے لگے ہیں، جموں میں سیکریٹریٹ کی عمارت سے کشمیر کا پرچم اتار دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر کو بد ترین کرفیو سے قید خانہ بنانے والی مودی سرکار کے عزائم کھل کر سامنے آنے لگے ہیں۔

    مودی سرکار نے جموں میں سیکریٹریٹ کی عمارت سے کشمیر کا پرچم اتار کر سول سیکریٹریٹ پر ترنگا لہرا دیا۔ تین ہفتے قبل مودی سرکار نے جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کر دی تھی۔

    یاد رہے کہ آرٹیکل 370 اے ختم کرنے کے بعد مقبوضہ کشمیر میں آج 21 ویں روز بھی کرفیو جاری ہے، موبائل فون، انٹرنیٹ سروس بند اور ٹی وی نشریات معطل ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  مقبوضہ کشمیر میں  21ویں روز بھی کرفیو

    دو دن قبل سری نگر میں کشمیریوں کو نماز جمعہ بھی ادا نہیں کرنے دی گئی تھی، مسجدوں کو تالے لگا دیے گئے تھے۔

    گزشتہ روز مقبوضہ وادی کے شہر سری نگر کی فضاؤں میں اللہ اکبر کی صدائیں گونج اٹھی تھیں، آزادی کے متوالے ہزاروں کشمیری بھارتی فوج کا بد ترین لاک ڈاؤن توڑ کر سڑکوں پر آ گئے تھے۔

    ہزاروں کشمیریوں نے سری نگر کے علاقے صورہ میں نماز جمعہ کے بعد زبردست مظاہرہ کیا، پاکستانی پرچم تھامے کشمیریوں نے فلک شگاف نعرے لگائے۔

    ادھر اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوٹیرس نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں تشویش ناک صورت حال پر ان کی نظر ہے، اقوام متحدہ اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔

  • اگر آج کشمیریوں کا جھنڈا گر گیا تو اگلا ہدف پاکستان ہوگا: وزیر اعظم آزاد کشمیر

    اگر آج کشمیریوں کا جھنڈا گر گیا تو اگلا ہدف پاکستان ہوگا: وزیر اعظم آزاد کشمیر

    مظفر آباد: وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے کہا ہے کہ اگر آج کشمیریوں کا جھنڈا گر گیا تو اگلا ہدف پاکستان ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق آج پاکستان کے یوم آزادی پر آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ آزاد کشمیر پاکستان اور بھارت کے درمیان بفر ہے۔

    انھوں نے کہا کہ ہم پاکستان کی لڑائی لڑ رہے ہیں، وزیر اعظم پاکستان مقبوضہ کشمیر میں دواؤں اور خوراک کی کمی پر آواز اٹھائیں۔

    وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے سفر کو 72 نہیں 500 سال ہو گئے ہیں، 1832 میں گلاب سنگھ نے کشمیر میں قتل عام کیا، ڈھائی لاکھ افراد کا قتل کیا گیا، 40 ہزار کشمیریوں کو پاکستان میں پناہ لینی پڑی، 1989 کے بعد سے اب تک ایک لاکھ کشمیریوں کو قتل کیا گیا۔

    انھوں نے مزید کہا کہ کشمیریوں نے بہت پہلے فیصلہ کر لیا تھا کہ جینا مرنا پاکستان کے ساتھ ہے، کشمیریوں کی جدوجہد آزادی ابھی جاری ہے، بھارت نے جو اقدامات کیے اس سے دو طرفہ معاہدے ختم ہو گئے۔

    راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ ہم اسمبلی میں ایل او سی کو ختم کر کے اسے سیز فائر لائن قرار دینے کی قرارداد لائیں گے، ہمارا آئین، پرچم اور قومی ترانہ الگ ہے۔

    آزاد کشمیر کے وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ بی جے پی اور ہٹلر کا سلیوٹ کرنے کا انداز ایک جیسا ہے، ان کے اقدامات میں بھی کوئی فرق نہیں۔