Tag: کشمیر کی خبریں

  • پاکستان نے آسیہ اندرابی کے خلاف بھارتی چارج شیٹ کی مذمت کر دی

    پاکستان نے آسیہ اندرابی کے خلاف بھارتی چارج شیٹ کی مذمت کر دی

    اسلام آباد: پاکستان نے حریت رہنما اور دختران ملت کی چیئر پرسن آسیہ اندرابی کے خلاف بھارتی چارج شیٹ کی مذمت کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان دفترِ خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان آسیہ اندرابی کے خلاف بھارتی ایجنسی کی مضحکہ خیز فردِ جرم کی مذمت کرتا ہے۔

    [bs-quote quote=”بھارت کا سب سے بڑی جمہوریت ہونے کا دعویٰ سنگین مذاق ہے۔” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″ author_job=”ترجمان دفتر خارجہ”][/bs-quote]

    ترجمان نے جاری اعلامیے میں کہا کہ بھارت کشمیر کی جدوجہدِ آزادی کو دہشت گردی قرار دینے کی نا کام کوشش کر رہا ہے، بھارت حقِ خود ارادیت کو دہشت گردی قرار دینے کی کوشش میں نا کام ہو چکا ہے۔

    دفترِ خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ بے بنیاد الزامات پر کشمیری رہنماؤں کی نظر بندی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے، بھارت خواتین، بزرگوں اور بچوں کو دہشت گرد ثابت کرنے میں نا کامی تسلیم کرے۔


    یہ بھی پڑھیں:  گرفتار حریت رہنما آسیہ اندرابی سری نگر سے نئی دہلی جیل منتقل


    ترجمان دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ بھارت کا سب سے بڑی جمہوریت ہونے کا دعویٰ سنگین مذاق ہے، عالمی برادری انسانی حقوق کمیشن کی سفارش پر مقبوضہ کشمیر سے متعلق کمیشن بنائے۔

    واضح رہے کہ مقبوضۂ کشمیر میں 23 مارچ کو 2018 کو یومِ پاکستان کے موقع پر پاکستان کا پرچم لہرانے پر آسیہ اندرابی سمیت دیگر خواتین کو کٹھ پتلی انتظامیہ کے حکم پر سری نگر پولیس نے گرفتار کیا تھا۔

    بھارت کے تحقیقاتی ادارے نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی نے آسیہ اندرابی کے خلاف ایف آئی آر میں بھارت کے خلاف عوامی جذبات بھڑکانے اور ملک دشمن سرگرمیوں میں ملوث ہونے کی دفعات عائد کی تھیں۔

  • مقبوضہ کشمیر کی صورتِ حال پر تشویش ہے، سیکریٹری جنرل اقوامِ متحدہ

    مقبوضہ کشمیر کی صورتِ حال پر تشویش ہے، سیکریٹری جنرل اقوامِ متحدہ

    نیویارک: اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوٹیرس نے بھی مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم سے پیدا ہونی والی صورتِ حال کو قابلِ تشویش قرار دے دیا۔

    انتونیو گوٹیرس نے کہا کہ انھیں مقبوضہ کشمیر کی صورتِ حال پر تشویش ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اختلافات کے پُر امن خاتمے کے لیے مثبت مذاکرات کیے جائیں۔

    [bs-quote quote=”شاہ محمود قریشی نے یو این سیکریٹری جنرل انتونیو گوٹیرس سے مسئلہ کشمیر حل کرنے کے لیے کردار ادا کرنے کا مطالبہ کیا تھا” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″][/bs-quote]

    دوسری طرف بھارتی میڈیا نے کہا ہے کہ سیکریٹری جنرل یو این انتونیو گوٹیرس آج سے بھارت کا 3 روزہ دورہ کریں گے۔

    واضح رہے کہ دو روز قبل نیویارک میں وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوٹیرس سے ملاقات میں مسئلۂ کشمیر حل کرنے کے لیے کردار ادا کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔

    شاہ محمود قریشی نے سیکریٹری جنرل سے مطالبہ کیا تھا کہ بھارت سے کہا جائے کہ وہ مہم جوئی سے باز رہے، انھوں نے کہا تھا کہ پاکستان کی خواہش ہے کہ خطے کے دیرپا امن کے لیے بھارت کو مذاکرات میں شامل کیا جائے۔


    یہ بھی پڑھیں:  اقوام متحدہ مسئلہ کشمیر کےحل کےلیےاپنا کردارادا کرے‘ شاہ محمود قریشی


    وزیرِ خارجہ نے اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اکہتر ویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بھی کہا تھا کہ دہشت گردی کی آڑ میں بھارت کشمیر میں مزید مظالم نہیں ڈھا سکتا، خطے کے امن کی راہ میں مسئلہ کشمیر سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔

  • پاکستان نے ثابت کر دیا کہ وہ کشمیری امنگوں کا ترجمان ہے، سید علی گیلانی

    پاکستان نے ثابت کر دیا کہ وہ کشمیری امنگوں کا ترجمان ہے، سید علی گیلانی

    سری نگر: کشمیری حریت  رہنما سید علی گیلانی نے اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں پاکستانی وزیرِ خارجہ کی تقریر کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے ثابت کر دیا کہ وہ کشمیری امنگوں کا ترجمان ہے۔

    چیئرمین کُل جماعتی حریت کانفرنس نے وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی کی جنرل اسمبلی میں تقریر کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ’شاہ محمود قریشی نے جرأت کے ساتھ کشمیر کا مسئلہ اٹھایا۔‘

    حریت رہنما علی گیلانی کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر حل کیے بغیر خطے میں موت اور تباہی کا کھیل رک نہیں سکتا۔ انھوں نے بھارتی وزیرِ خارجہ سشما سوراج کا خطاب جھوٹ کا پلندہ قرار دیا۔ کہا ’بھارتی وزیرِ خارجہ کی تقریر جھوٹ سے بھرپور تھی۔‘

    قبل ازیں حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے بھی پاکستانی وزیرِ خارجہ کی تقریر کی تعریف کی اور مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ شاہ محمود قریشی نے جنرل اسمبلی میں بھارتی بربریت کا کھل کر ذکر کیا۔


    یہ بھی پڑھیں:  اے پی ایس اور مستونگ حملوں کے دہشت گردوں کو بھارت کی پشت پناہی حاصل تھی: شاہ محمود قریشی


    یاد رہے کہ وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اکہتر ویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ اے پی ایس اور مستونگ حملوں کے دہشت گردوں کو بھارت کی پشت پناہی حاصل تھی۔

    انھوں نے کہا ’دہشت گردی کی آڑ میں بھارت کشمیر میں مزید مظالم نہیں ڈھا سکتا، خطے کے امن کی راہ میں مسئلہ کشمیر سب سے بڑی رکاوٹ ہے، بھارت کو ہمارے صبر کا امتحان نہیں لینا چاہیے۔‘

  • مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی فائرنگ سے مزید تین کشمیری شہید

    مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی فائرنگ سے مزید تین کشمیری شہید

    سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کی جانب سے ظلم کا بازار گرم رہا، قابض فوج نے فائرنگ کر کے مزید تین نہتے کشمیریوں کو شہید کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں مظلوم کشمیریوں پر بھارتی فوج کے مظالم کا سلسلہ جاری ہے، فورسز کی فائرنگ سے مزید تین کشمیریوں نے جامِ شہادت نوش کر لیا۔

    بھارتی فورسز نے جموں و کشمیر کے ضلع کپواڑہ اور قریبی علاقوں کی ناکہ بندی کر کے ظالمانہ کارروائی کی، اس دوران انٹرنیٹ اور موبائل سروس بھی بند کر دی گئی۔

    گزشتہ روز سے جاری محاصرے میں شہید کشمیریوں کی تعداد 5 ہوگئی ہے، قابض بھارتی فوج نے اس کارروائی کے دوران اپنے ایک فوجی اہل کار کی ہلاکت کا بھی اقرار کیا ہے۔

    واضح رہے کہ آج وفاقی وزیرِ اطلاعات فواد چوہدری نے پاکستان اور بھارت کے درمیان سب سے بڑا مسئلہ کشمیر کو قرار دیا، ان کا کہنا تھا کہ کشمیر دونوں ممالک کے درمیان سب سے بڑا مسئلہ ہے۔


    یہ بھی ملاحظہ کریں:  مقبوضہ کشمیر، یوم عاشور کے جلوس پر پابندی، حریت رہنما نظربند


    سینٹ سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیرِ اطلاعات نے کہا کہ بھارت کی اندرونی سیاست سے ہم متاثر نہیں ہوں گے، پاکستان امن کے لیے کھڑا ہے۔

    فواد چوہدری نے بھارتی آرمی چیف کی جانب سے جاری شر انگیزی کے جواب میں کہا کہ پاکستان بھارت کی کسی دھمکی میں آنے والا نہیں ہے۔

  • پاکستان اور بھارت کے درمیان سب سے بڑا مسئلہ کشمیر ہے، فواد چوہدری

    پاکستان اور بھارت کے درمیان سب سے بڑا مسئلہ کشمیر ہے، فواد چوہدری

    اسلام آباد: وفاقی وزیرِ اطلاعات فواد چوہدری نے پاکستان اور بھارت کے درمیان سب سے بڑا مسئلہ کشمیر کو قرار دے دیا، ان کا کہنا تھا کہ کہ کشمیر دونوں ممالک کے درمیان سب سے بڑا مسئلہ ہے۔

    سینٹ سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیرِ اطلاعات نے کہا کہ بھارت کی اندرونی سیاست سے ہم متاثر نہیں ہوں گے، پاکستان امن کے لیے کھڑا ہے۔

    فواد چوہدری نے بھارتی آرمی چیف کی جانب سے جاری شر انگیزی کے جواب میں کہا کہ پاکستان بھارت کی کسی دھمکی میں آنے والا نہیں ہے۔

    خیال رہے کہ بھارتی آرمی چیف بپن راوت نے ایک بار پھر دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں ایک اور سرجیکل اسٹرائیک کی ضرورت ہے، پاکستان کو معمول کے تعلقات کے لیے اقدامات کرنا ہوں گے۔

    وفاقی وزیرِ اطلاعات فواد چوہدری نے مزید کہا کہ بھارت اپنے گریبان میں جھانکے، بھارت رافیل اسکینڈل کو دبانے کے لیے ایشو کھڑا کر رہا ہے۔

    فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ہم کسی بھی جارحانہ کارروائی کا جواب دینا جانتے ہیں، بھارت اپنے اندرونی معاملات پر توجہ دے، وہ سیاسی عدم استحکام کا شکار ہے۔


    یہ بھی پڑھیں:  حالات کشیدہ ہونےکےباوجود پاکستان کرتار پور بارڈر کھولنے کو تیار‘ فواد چوہدری


    واضح رہے کہ گزشتہ روز فواد چوہدری نے بھارتی میڈیا کو ٹیلی فونک انٹرویو میں بھی کہا تھا کہ مسئلہ کشمیر دونوں ملکوں کے درمیان بنیادی مسئلہ ہے اور جنگ کسی بھی مسئلے کا حل نہیں ہے۔

    دوسری طرف بھارتی آرمی چیف نے ایک بار پھر ہرزہ سرائی کی ہے کہ بھارتی حکومت کا پاکستان سے مذاکرات نہ کرنے کا فیصلہ درست ہے، دہشت گرد ختم کرنے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کی ضرورت ہے۔

  • بھارتی مظالم کے خلاف کشمیر میں شٹر ڈاؤن ہڑتال

    بھارتی مظالم کے خلاف کشمیر میں شٹر ڈاؤن ہڑتال

    سری نگر : مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فورسز کے ظلم و بربریت اور شہریوں کی شہادت پر  مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال رہی، جبکہ فورسز نے احتجاج کے پیش کرفیو بھی نافذ کررکھا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں ظالم بھارتی فورسز کے مسلسل ظلم و بربریت کے خلاف حریت رہنماؤں کی اپیل پر مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال جاری ہے جس کے باعث جنت نظیر کشمیر کے تمام شہر اور قصبوں کے بازار بند ہیں، جبکہ ٹریفک بھی نہ ہونے کے برابر ہے۔

    کشمیر میڈیا کا کہنا ہے کہ بھارتی فورسز نے نہتے کشمیروں کی جانب سے احتجاج کیے جانے کے خطرے کے پیش نظر شوپیاں، سری نگر، بڈگام، اننت ناگ، پلوامہ اور کلگام میں کرفیوں نافذ کر رکھا ہے، دوسری جانب سے کشمیر کی کٹھ پتلی حکومت نے مقبوضہ کشمیر کے بیشتر علاقوں میں انٹر نیٹ سروس بھی بند کی ہوئی ہے۔

    خیال رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں گذشتہ ہفتے قابض بھارتی فورسز کے ظلم و بربریت اور ریاستی دہشت گردی کے باعث 17 افراد نے شہید ہوئے تھے۔

    یاد رہے کہ دو روز قبل قابض بھارتی فورسز نے کشمیر کے علاقے کلگام میں بلا اشتعال فائرنگ کرکے مزید پانچ کشمیری جوانوں کو بے دردی سے شہید کرکے سرچ آپریشن شروع کردیا تھا۔

    کلگام میں 5 کشمیریوں کی شہادت سے قبل مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوجیوں نے کشمیریوں پر انسانیت سوز مظالم کی تمام حدیں پار کردیں، نوجوان کو شہید کرنے کے بعد جسد خاکی کو رسی سے باندھ کر سڑک پر گھسیٹا گیا، جس کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

    یاد رہے کہ 7 جولائی کو شہید برہان وانی کی برسی کے موقع پر بھارتی فورسز نے مقبوضہ کشمیر میں عملاً پابندی لگاتے ہوئے تین کشمیریوں کو شہید کر دیا تھا۔

  • مسلم آبادی کو اقلیت میں بدلنے کی بھارتی سازش، مقبوضہ کشمیر میں دوسرے روز بھی ہڑتال

    مسلم آبادی کو اقلیت میں بدلنے کی بھارتی سازش، مقبوضہ کشمیر میں دوسرے روز بھی ہڑتال

    سری نگر: مقبوضہ جموں و کشمیر میں مسلم آبادی کو اقلیت میں بدلنے کی مکروہ بھارتی سازش کے خلاف وادی میں دوسرے روز بھی ہڑتال رہی۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی حکومت مقبوضہ کشمیر کی متنازعہ حیثیت ختم کرنے کے لیے آئین میں ترمیم کرنے کی کوششوں میں مصروف ہے، جس کے خلاف گزشتہ روز حریت رہنماؤں نے شٹر ڈاؤن ہڑتال کی کال دی تھی۔

    مقبوضہ جموں و کشمیر آج دوسرے روز بھی ہڑتال جاری ہے، کٹھ پتلی حکومت نے حریت قیادت کو گھروں میں نظر بند کر دیا ہے، جب کہ کشمیری جگہ جگہ احتجاج کر رہے ہیں۔

    دوسری طرف بھارتی سپریم کورٹ نے آرٹیکل 35 اے پر فیصلہ 27 اگست تک مؤخر کر دیا ہے، قانون کے تحت غیر کشمیری وادی میں جائیداد نہیں خرید سکتے۔

    مقبوضہ کشمیر: بھارتی سازش سامنے آنے پر پہیہ جام ہڑتال

    واضح رہے کہ مودی سرکار مقبوضہ کشمیر کی متنازعہ حیثیت ختم کرنے کے لیے وادی میں نافذ العمل بھارتی آئین کی دفعہ 370 کی شق 35 اے میں ترمیم کرنے کے لیے پر تول رہی ہے، جس کے بعد ہندوؤں کو کشمیر منتقل کرنے کی راہ میں کوئی قانونی رکاوٹ نہیں رہے گی، اور ریاست جموں و کشمیر کی مسلم اکثریت اقلیت میں بدل جائے گی۔

    گزشتہ روز مختلف علاقوں میں احتجاج کرنے والے پُر امن کشمیریوں پر بھارتی فورسز نے فائر کھول دیا تھا، جس کے نتیجے میں ایک کشمیری شہید ہو چکا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو  زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • مقبوضہ کشمیر: بھارتی سازش سامنے آنے پر پہیہ جام ہڑتال

    مقبوضہ کشمیر: بھارتی سازش سامنے آنے پر پہیہ جام ہڑتال

    سری نگر: مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی سازش بے نقاب ہونے پر حریت رہنماؤں کی جانب سے ہڑتال کی اپیل پر وادی میں مکمل شٹر ڈاؤن اور پہیہ جام رہا۔

    تفصیلات کے مطابق ہڑتال کی اپیل پر مقبوضہ کشمیر کی کٹھ پتلی حکومت نے حریت قیادت کو نظر بند کر دیا، تاہم وادی میں شٹر ڈاؤن اور پہیہ جام ہڑتال رہی۔

    مختلف علاقوں میں احتجاج کرنے والے کشمیریوں پر بھارتی فورسز نے فائر کھول دیے، فورسز کے ہاتھوں ایک اور کشمیری شہید ہو گیا۔

    گزشتہ چار روز میں وادی میں ظالم بھارتی فوج کے ہاتھوں شہید ہونے والے نہتے کشمیریوں کی تعداد بڑھ کر 12 ہو گئی ہے۔

    واضح رہے کہ مودی سرکار مقبوضہ کشمیر کی متنازعہ حیثیت ختم کرنے کے لیے وادی میں نافذ العمل بھارتی آئین کی دفعہ 370 کی شق 35 اے میں ترمیم کرنے کے لیے پر تول رہی ہے، جس کے بعد ہندوؤں کو کشمیر منتقل کرنے کی راہ میں کوئی قانونی رکاوٹ نہیں رہے گی، اور ریاست جموں و کشمیر کی مسلم اکثریت اقلیت میں بدل جائے گی۔

    بھارت کشمیریوں کی اکثریت کواقلیت میں بدلنےکی کوشش کررہا ہے‘ مشعال ملک

    وادی میں مسلم اکثریت کے خلاف اس سازش کے بے نقاب ہونے پر حریت قیادت نے زبردست احتجاج کیا، حریت پسند رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی سازش کام یاب نہیں ہونے دی جائے گی۔

    ان کا کہنا تھا کہ عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں مظالم پر گونگی بہری بنی ہوئی ہے، انھوں نے مطالبہ کیا کہ اقوامِ متحدہ اپنے قراردادوں پر عمل کرائے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • مسئلہ کشمیر: نریندر مودی، عمران خان کی پیش کش قبول کریں، محبوبہ مفتی

    مسئلہ کشمیر: نریندر مودی، عمران خان کی پیش کش قبول کریں، محبوبہ مفتی

    کشمیر: مقبوضہ کشمیر کی سابق وزیرِ اعلیٰ محبوبہ مفتی نے بھارتی وزیرِ اعظم نریندر مودی کو مشورہ دیا ہے کہ وہ عمران خان کی پیش کش قبول کر لیں۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وزیرِ اعلیٰ مقبوضہ کشمیر نے کشمیر کے دیرینہ مسئلے کے حل کے سلسلے میں نریندر مودی کو مشورہ دیا ہے کہ وہ پاکستانی انتخابات میں اکثریت حاصل کرنے والے رہنما عمران خان کی پیش کش قبول کرلیں۔

    محبوبہ مفتی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ’عمران خان کی مسئلہ کشمیر کے حل اور دونوں ممالک کی دوستی کے لیے پیش کش قبول کر کے اس کا مثبت جواب دیا جائے۔‘

    خیال رہے کہ جموں اینڈ کشمیر پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی صدر محبوبہ مفتی نے عمران خان کو انتخابات میں برتری حاصل کرنے پر سوشل رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر کے ذریعے مبارک باد بھی دی تھی۔

    یاد رہے کہ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے انتخابات میں اکثریت حاصل کرنے کے بعد 26 جولائی کو قوم سے غیر سرکاری خطاب میں بھارت کو مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے پُر امن مذاکرات کی پیش کی تھی۔

    عمران خان کا خطاب، متوقع پالیسیوں پر اظہار خیال، دھاندلی الزامات کی تحقیقات کی پیش کش

    عمران خان نے کہا تھا کہ خطے میں امن کے لیے ضروری ہے کہ بھارت اور پاکستان غربت کے خاتمے کے لیے کام کریں، اس سلسلے میں انھوں نے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات کو بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔

    کیا عمران خان خارجہ پالیسی میں ’تبدیلی‘ لاسکیں گے

    پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا تھا ’میں وہ پاکستانی ہوں جو یقین رکھتا ہے کہ برّ صغیر میں معیشت کی بہتری کے لیے پاک بھارت تجارتی تعلقات ضروری ہیں، یہ دونوں ممالک کے لیے مفید ثابت ہوں گے۔‘


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • عمران خان کا مسئلہ کشمیر بات چیت سے حل کرنے کا بیان خوش آئند ہے، میر واعظ

    عمران خان کا مسئلہ کشمیر بات چیت سے حل کرنے کا بیان خوش آئند ہے، میر واعظ

    سری نگر: حریت پسند کشمیری لیڈر میر واعظ عمر فاروق نے عمران خان کی تقریر پر ردِ عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی طرف سے مسئلہ کشمیر کا حل بات چیت سے نکالنے کا بیان خوش آئند ہے۔

    کشمیری رہنما نے سوشل رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر لکھا کہ عمران خان نے کشمیریوں کے درد و کرب کو محسوس کیا ہے، پی ٹی آئی لیڈر کا بیان خوش آئند ہے۔

    میر واعظ عمر فاروق نے روایتی ہٹ دھرمی کے لیے مشہور بھارت سے امید وابستہ کرتے ہوئے ٹویٹ کیا ’امید ہے بھارتی حکومت ان کے بیان کا مثبت جواب دے گی۔‘

    حریت رہنما میر واعظ کا کہنا تھا کہ کشمیری عوام کشمیر کے دیرینہ مسئلے کے سلسلے میں عمران خان کے اس بیان کا خیر مقدم کرتے ہیں۔

    عمران خان کا خطاب، متوقع پالیسیوں پر اظہار خیال، دھاندلی الزامات کی تحقیقات کی پیش کش

    واضح رہے کہ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کے خطاب کو عالمی میڈیا نے نمایاں طور پر نشر کیا اور ان کی تقریر کو پاکستان کے اگلے متوقع وزیرِ اعظم کی طرف سے ایک مثبت تقریر قرار دیا جارہا ہے تاہم بھارتی میڈیا اپنی روایتی شر انگیزی برقرار رکھتے ہوئے اس پر تنقید کر رہا ہے۔

    کیا عمران خان خارجہ پالیسی میں ’تبدیلی‘ لاسکیں گے

    دوسری طرف عمران خان نے اپنی تقریر میں بھارت سمیت تمام پڑوسی ممالک کے ساتھ بہتر تعلقات کا عندیہ دیا اور بھارت کے ساتھ بالخصوص تجارتی تعلقات بڑھانے کی بات کی، تاہم انھوں نے آگے بڑھنے کے لیے کشمیر کے پُر امن حل کی بھی بات کی جو شاید بھارت کے لیے قابل قبول نہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔