Tag: کشمیر کی خبریں

  • وزیر خارجہ کی جنیوا میں یو این سفرا، مستقل مندوبین کو مقبوضہ کشمیر پر بریفنگ

    وزیر خارجہ کی جنیوا میں یو این سفرا، مستقل مندوبین کو مقبوضہ کشمیر پر بریفنگ

    جنیوا: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اقوام متحدہ میں تعینات سفیروں اور مستقل مندوبین سے ملاقات کر کے ان کے ساتھ مقبوضہ کشمیر کی تشویش ناک صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔

    تفصیلات کے مطابق شاہ محمود نے انسانی حقوق کونسل کے اجلاس کے سلسلے جنیوا میں موجودگی کے دوران یو این سفیروں اور مستقل مندوبین کو بھارت کے غیر آئینی اقدامات اور ان کے مضمرات سے آگاہ کیا۔

    شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت کی جانب سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں عروج پر ہیں، مقبوضہ کشمیر میں یک طرفہ اقدام یو این قراردادوں کی خلاف ورزی ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  وزیر خارجہ کی او آئی سی گروپ کے سفرا سے ملاقات

    وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ کشمیری بھارتی مظالم سے نجات کے لیے عالمی برادری کی طرف دیکھ رہے ہیں، کشمیریوں کو بھارتی بربریت سے بچانے کے لیے دنیا کو کردار ادا کرنا ہوگا۔

    قبل ازیں، وزیر خارجہ شاہ محمود نے تنظیم تعاون اسلامی (او آئی سی) گروپ کے سفرا سے بھی ملاقات کی، انھوں نے کہا کہ بھارت نے اب تک نہتے کشمیریوں کو کرفیو لگا کر محصور کر رکھا ہے۔

    خیال رہے کہ وزیر خارجہ نے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں اشیائے خور و نوش اور دواؤں کی شدید قلت ہے، بھارت نے مقبوضہ کشمیر کو دنیا کی سب سے بڑی جیل بنا رکھا ہے۔

  • دفتر خارجہ میں قائم ’کشمیر سیل‘ کا دوسرا اجلاس آج ہوگا

    دفتر خارجہ میں قائم ’کشمیر سیل‘ کا دوسرا اجلاس آج ہوگا

    اسلام آباد: ذرایع کا کہنا ہے کہ دفتر خارجہ میں قائم ’کشمیر سیل‘ کا دوسرا اجلاس آج ہوگا، ’کشمیرسیل‘ وزیر اعظم کی ہدایت پر قایم کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی خصوصی ہدایت پر دفتر خارجہ میں قایم کشمیر سیل کا دوسرا اجلاس آج منعقد ہوگا، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اجلاس کی صدارت کریں گے۔

    ذرایع نے بتایا ہے کہ وفاقی وزرا، سِول اور عسکری حکام، سیکریٹری اور دفتر خارجہ کے حکام اجلاس میں شریک ہوں گے، جس میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں بگڑتی صورت حال کا جائزہ لیا جائے گا۔

    اجلاس میں مسئلہ کشمیر پر پاکستان کی سفارتی کاوشوں کا جائزہ لیا جائے گا، ارکان پارلیمنٹ، سینیٹ کمیٹی اور دیگر کی تجاویز کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔

    یہ بھی پڑھیں: مقبوضہ کشمیر میں 35 ویں روز بھی کرفیو

    ذرایع کا کہنا ہے کہ انسانی حقوق کونسل کے لیے پاکستان کے مؤقف کو حتمی شکل دی جائے گی، جب کہ یو این ہیومن رائٹس کونسل کا اجلاس کل جنیوا میں ہوگا۔

    یاد رہے کہ کشمیر سیل کا پہلا اجلاس اسلام آباد میں پانچ روز قبل 3 ستمبر کو ہوا تھا، وزیر خارجہ نے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری اسی طرح خاموش رہی تو مقبوضہ کشمیر کی صورت حال مزید گھمبیر ہو جائے گی۔

    واضح رہے کہ اس خصوصی سیل کے قیام کا مقصد مقبوضہ جموں و کشمیر سے متعلق تازہ ترین صورت حال پر غور و خوض کرنا اور ملکی خارجہ پالیسی کی ترجیحات کے پیش نظر مقبوضہ جموں و کشمیر کے حوالے سے مؤثر حکمت عملی وضع کرنے کے حوالے سے ضروری معاونت فراہم کرنا ہے۔

  • بھارتی فوج کی مقبوضہ کشمیر میں ماتمی جلوس پر فائرنگ، پیلٹ گنوں سے حملے

    بھارتی فوج کی مقبوضہ کشمیر میں ماتمی جلوس پر فائرنگ، پیلٹ گنوں سے حملے

    سری نگر: بھارتی فوج کے مظالم حد سے بڑھ گئے ہیں، مقبوضہ کشمیر میں محرم کے ماتمی جلوس کو بھی نہیں بخشا، ظالم فوجیوں نے جلوس کے شرکا پر بندوقوں کے دہانے کھول دیے۔

    تفصیلات کے مطابق سری نگر کے ایک علاقے حسن آباد میں بھارتی فوجیوں نے ماتمی جلوس پر فائرنگ کھول دی، جلوس کے شرکا کو ممنوعہ پیلٹ گنوں کے نشانے پر رکھا۔

    کشمیر میڈیا سروس نے خبر دی ہے کہ بھارتی فوج کی شیلنگ سے متعدد عزا دار زخمی ہو گئے ہیں، کشمیر کا فوٹو جرنلسٹ بھی پیلٹ گنوں کے چھرے لگنے سے زخمی ہو گیا۔

    بھارتی فورسز نے جلوس کی کوریج کرنے والے فوٹو جرنلسٹ کا کیمرا بھی چھین کر توڑ دیا۔

    کے ایم ایس کے مطابق بھارتی فورسز نے تین صحافیوں کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا جن میں شاہد خان، مبشر ڈار اور بلال بھٹ شامل ہیں۔

    واضح رہے کہ آج آرٹیکل 370 اے ختم کرنے کے بعد مقبوضہ کشمیر میں 35 ویں روز بھی کرفیو جاری ہے، وادی میں موبائل فون، انٹرنیٹ سروس بند اور ٹی وی نشریات مکمل طور پر معطل ہیں۔

    قابض انتظامیہ نے ٹیلی فون سروس بند کر رکھی ہے جب کہ ذرایع ابلاغ پرسخت پابندیاں عاید ہیں۔

    کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق مواصلاتی نظام کی معطلی، مسلسل کرفیو اور سخت پابندیوں کے باعث لوگوں کو بچوں کے لیے دودھ، زندگی بچانے والی ادویات اور دیگر اشیائے ضروریہ کی شدید قلت کا سامنا ہے۔

  • مقبوضہ کشمیر: نیو یارک میں موبائل ٹرک پر کرفیو کلاک آویزاں

    مقبوضہ کشمیر: نیو یارک میں موبائل ٹرک پر کرفیو کلاک آویزاں

    نیویارک: اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے قبل یو این آفس کے باہر بھارتی مظالم کے خلاف آوازیں اٹھنے لگی ہیں، کشمیریوں پر بھارتی مظالم کے خلاف سمندر پار پاکستانیوں نے احتجاج شروع کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کے دفتر اور بھارتی قونصلیٹ کے سامنے گشت کرتے ایک موبائل ٹرک پر کرفیو کلاک آویزاں کر دیا گیا ہے جس کا مقصد دنیا کو یہ بتانا ہے کہ کشمیری کتنے دن سے بھارتی فوج کے لگائے گئے بد ترین کرفیو کے نرغے میں ہیں۔

    یہ موبائل ٹرک یو این آفس اور بھارتی قونصلیٹ کے سامنے گشت کر رہا ہے، اس پر نصب ڈیجیٹل اسکرین پر مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے کلپس دکھائے جا رہے ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  مقبوضہ کشمیر پر دنیا میونخ کی طرح اب محض لا علمی کا بہانہ نہیں کر سکتی: وزیر اعظم

    موصولہ اطلاعات کے مطابق موبائل ٹرک پر چلتے ویڈیو کلپس ہزاروں لوگوں کی توجہ کا مرکز بن گئے ہیں۔

    واضح رہے کہ آج وزیر اعظم عمران خان نے مقبوضہ کشمیر کی نہایت مخدوش صورت حال سے متعلق ایک اہم ٹویٹ کر کے عالمی برادری کے ضمیر کو جھنجھوڑا۔

    وزیر اعظم نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر پر دنیا میونخ کی طرح اب محض لا علمی کا بہانہ نہیں کر سکتی، آج مودی کی بھارتی فورسز کا مقبوضہ کشمیر پر قبضے کا 32 واں دن ہے۔

    انھوں نے سوال کیا کہ جب مسلمانوں پر ستم کے پہاڑ توڑے جاتے ہیں تو کیا اقوام عالم کی انسانیت دم توڑ دیتی ہے؟

  • مقبوضہ کشمیر پر دنیا میونخ کی طرح اب محض لا علمی کا بہانہ نہیں کر سکتی: وزیر اعظم

    مقبوضہ کشمیر پر دنیا میونخ کی طرح اب محض لا علمی کا بہانہ نہیں کر سکتی: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے ایک ٹویٹ کے ذریعے دنیا کے ضمیر کو جھنجھوڑتے ہوئے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر پر دنیا میونخ کی طرح اب محض لا علمی کا بہانہ نہیں کر سکتی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے مقبوضہ کشمیر کی نہایت مخدوش صورت حال سے متعلق ایک اہم ٹویٹ کر کے عالمی برادری کے ضمیر کو جھنجھوڑا۔

    انھوں نے لکھا کہ دنیا اب محض لا علمی کا بہانہ نہیں کر سکتی جیسا کہ 1938 میں میونخ میں ہوا، مودی حکومت مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں کی نسل کشی کر رہی ہے، آج مودی کی بھارتی فورسز کا مقبوضہ کشمیر پر قبضے کا 32 واں دن ہے۔

    وزیر اعظم پاکستان نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت عالمی اور انسانی حقوق کی دھجیاں اڑا رہا ہے، دنیا ان بھارتی مظالم پر کیوں خاموش ہے، کیا عالمی برادری میں انسانیت مر چکی ہے، عالمی برادری ایک ارب 30 کروڑ مسلمانوں کو دنیا میں کیا پیغام دے رہی ہے۔

    انھوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں ہندوتوا کے عزائم دنیا پر آشکار ہو چکے ہیں، بھارتی ریاست آسام میں بھی ہندوتوا کے عزائم کھل کر سامنے آ گئے، بھارتی فورسز نے کشمیریوں کو قتل کیا، پیلٹ گنز سے زخمی کیا، کشمیری مردوں، خواتین اور بچوں کو تشدد کا نشانہ بنایا، لوگوں کو گرفتار کر کے بھارت کی جیلوں میں ڈال دیا گیا۔

    عمران خان نے مزید کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے اسپتالوں میں دوائیں ختم ہو گئی ہیں، بنیادی ضرورت کی چیزوں کی کمی ہو چکی ہے، جب کہ بلیک آؤٹ کی وجہ سے مقبوضہ کشمیر کے حالات دنیا سے چھپ گئے ہیں لیکن خوف ناک صورت حال کے باوجود عالمی میڈیا مظالم سامنے لا رہا ہے۔

    انھوں نے کہا کہ دوسری طرف عالمی برادری وادی میں جاری ان مظالم پر خاموش ہے۔ وزیر اعظم نے سوال کیا کہ جب مسلمانوں پر ستم کے پہاڑ توڑے جاتے ہیں تو کیا اقوام عالم کی انسانیت دم توڑ دیتی ہے؟

  • مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم پر بھارت کو ایک اور بڑے فورم پر شدید خفت کا سامنا

    مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم پر بھارت کو ایک اور بڑے فورم پر شدید خفت کا سامنا

    بلغراد: مقبوضہ کشمیر میں مودی سرکار کی جانب سے جاری بد ترین مظالم پر بھارت کو ایک اور بڑے فورم پر شدید خفت کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بیرسٹر محمد علی سیف نے ایشیائی پارلیمانی اسمبلی کے فورم پر بھارتی مظالم کا پردہ چاک کر دیا، مودی کے مظالم سے پردہ اٹھنے پر بھارتی مندوبین کو شدید شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا۔

    بھارتی مندوبین نے بار بار بیرسٹر سیف کے خطاب میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کی تاہم بیرسٹر سیف نے پاکستان کا مؤقف بھرپور طریقے سے پیش کیا، فورم کے شرکا نے پاکستان کے مؤقف کو کھل کر سراہا۔

    بیرسٹر سیف نے کہا کہ عالمی برادری اور ایشیائی قیادت کو بھارتی مظالم کا سختی سے نوٹس لینا چاہیے۔

    تازہ ترین خبریں پڑھیں:  مسئلہ کشمیر پر سعودی عرب اور یو اے ای نے پاکستانی مؤقف کی حمایت کر دی

    واضح رہے آج برطانوی وزیر خارجہ ڈومینک راب نے برطانوی پارلیمنٹ میں مقبوضہ کشمیر کی صورت حال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وادی میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی مکمل تحقیقات ہونی چاہئیں۔

    آج سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے وزرائے خارجہ نے بھی وزیر اعظم پاکستان عمران خان سے ملاقات میں مسئلہ کشمیر پر پاکستانی مؤقف کی حمایت کی ہے۔

    یاد رہے کہ آج آرٹیکل 370 اے ختم کرنے کے بعد مقبوضہ کشمیر میں کرفیو نافذ ہوئے ایک ماہ مکمل ہو گیا ہے، مہینے بھر سے وادی میں موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس بند اور ٹی وی نشریات معطل ہیں۔

  • مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی مکمل تحقیقات ہونی چاہئیں: برطانوی وزیر خارجہ

    مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی مکمل تحقیقات ہونی چاہئیں: برطانوی وزیر خارجہ

    لندن: برطانوی وزیر خارجہ ڈومینک راب نے برطانوی پارلیمنٹ میں مقبوضہ کشمیر کی صورت حال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وادی میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی مکمل تحقیقات ہونی چاہئیں۔

    تفصیلات کے مطابق برطانوی وزیر خارجہ نے پارلیمنٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر کی صورت حال کو تشویش ناک قرار دیا، انھوں نے کہا کہ انھیں کشمیر کی صورت حال پر شدید تشویش ہے۔

    ڈومینک راب نے کہا کہ انسانی حقوق کا مسئلہ پاک بھارت نہیں عالمی مسئلہ ہے، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی مکمل تحقیقات ہونی چاہئیں، عالمی سطح پر طے انسانی حقوق کا تحفظ ہونا چاہیے۔

    انھوں نے مطالبہ کیا کہ کشمیر میں عالمی انسانی حقوق کے اداروں کو رسائی دی جائے، کشمیر میں موجود تناؤ کم کیا جانا چاہیے، مسئلہ کشمیر کو یو این قراردادوں یا شملہ معاہدے کے مطابق حل کریں۔

    یہ بھی پڑھیں:  مقبوضہ کشمیر میں کرفیو نافذ ہوئے ایک ماہ مکمل

    واضح رہے آج آرٹیکل 370 اے ختم کرنے کے بعد مقبوضہ کشمیر میں کرفیو نافذ ہوئے ایک ماہ مکمل ہو گیا ہے، مہینے بھر سے وادی میں موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس بند اور ٹی وی نشریات معطل ہیں۔

    کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مواصلاتی نظام کی معطلی، مسلسل کرفیو اور سخت پابندیوں کے باعث لوگوں کو بچوں کے لیے دودھ، جان بچانے والی ادویات اور دیگر اشیائے ضروریہ کی شدید قلت کا سامنا ہے۔

  • شاہ محمود کی ایرانی ہم منصب جواد ظریف سے مقبوضہ کشمیر سے متعلق فون پر گفتگو

    شاہ محمود کی ایرانی ہم منصب جواد ظریف سے مقبوضہ کشمیر سے متعلق فون پر گفتگو

    اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ایرانی ہم منصب جواد ظریف سے ٹیلی فونک رابطہ کر کے ان کے ساتھ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور خطے کی صورت حال پر گفتگو کی۔

    تفصیلات کے مطابق شاہ محمود نے ایران کے وزیر خارجہ جواد ظریف کو فون کر کے خطے کی صورت حال پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں 4 ہفتے سے کرفیو نافذ کر رکھا ہے، بھارت کی جانب سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں عروج پر ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ عالمی میڈیا اور انسانی حقوق کی تنظیمیں بھارتی مظالم کا پردہ چاک کر رہی ہیں، صورت حال اس قدر تشویش ناک ہے کہ خوراک اور ادویات تک میسر نہیں، بھارت یک طرفہ اقدامات سے خطے کے امن کو تہس نہس کرنے پر تلا ہے۔

    تازہ ترین خبریں پڑھیں:  وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا ترک ہم منصب سے ٹیلی فونک رابطہ

    وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ رات کی تاریکی میں بچوں اور نوجوانوں کو اغوا کر کے تشدد کیا جا رہا ہے، یہ صورت حال ایک نئے انسانی المیے کی نشان دہی کر رہی ہے، مقبوضہ کشمیر کے نہتے مسلمان بھارتی استبداد سے نجات چاہتے ہیں۔

    شاہ محمود قریشی نے اپنے ہم منصب سے کہا کہ کشمیری اقوام عالم بالخصوص مسلم امہ کی طرف نظریں جمائے ہوئے ہیں۔

    دریں اثنا، ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے مقبوضہ کشمیر کی صورت حال پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ ایسے اقدامات سے خطے میں کشیدگی میں مزید اضافہ ہوگا۔

  • یورپی پارلیمان میں بھارت کو مذاکراتی میز پر لانے کے لیے دباؤ ڈالنے کی تجویز کی حمایت

    یورپی پارلیمان میں بھارت کو مذاکراتی میز پر لانے کے لیے دباؤ ڈالنے کی تجویز کی حمایت

    برسلز: بھارت کو سفارتی سطح پر ایک اور بڑی نا کامی کا سامنا کرنا پڑا ہے، برسلز میں یورپی پارلیمان میں مسئلہ کشمیر پر ان کیمرا بریفنگ نے بھارتی کوششوں کو ناکام بنا دیا۔

    تفصیلات کے مطابق مسئلہ کشمیر پر یورپی پارلیمان میں ان کیمرا بریفنگ میں برطانوی مندوب فل بینئن نے بھارت پر مذاکرات کے لیے زور دینے کی تجویز پیش کی۔

    70 رکنی اجلاس کے اکثر ارکان نے تجویز کی حمایت کی، فل بینئن نے کہا معاملہ دو طرفہ قرار دے کر ختم نہیں کیا جا سکتا، بھارت کو مذاکرات کی میز پر لانے کے لیے دباؤ ڈالنا ہوگا۔

    فل بینئن نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی ختم کرانا ہوگی، سیاسی قیدی رہا کرانا ہوں گے اور کرفیو ختم کرنا ہوگا۔

    یہ بھی پڑھیں:  کشمیر پر یورپی پارلیمنٹ کی خارجہ کمیٹی کا اجلاس بڑی پیشرفت ہے: فاروق حیدر

    اجلاس میں رکن پارلیمنٹ مائیکل گالر نے کہا کہ یورپین یونین کو مقبوضہ کشمیر پر رد عمل دینا چاہیے۔

    چیئرمین انسانی حقوق کمیٹی نے کہا مقبوضہ کشمیر میں صورت حال بہت خراب ہے، بھارت مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت فوری بحال کرے۔

    دریں اثنا، وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر کہتے ہیں کہ انھوں نے یورپی یونین حکام اور یو این نمایندے کو مقبوضہ کشمیر کی صورت حال سے آگاہ کیا۔

    واضح رہے کہ یورپی پارلیمنٹ کی خارجہ کمیٹی نے مسئلہ کشمیر پر رپورٹ طلب کی تھی، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا تھا کہ یورپی یونین پارلیمنٹ میں مسئلہ کشمیر پر اجلاس بڑی کام یابی ہے، اجلاس میں وزیر اعظم آزاد کشمیر بھی شریک ہوں گے۔

  • عمران خان بہترین وزیر اعظم ہیں: سابق را چیف کا اعتراف

    عمران خان بہترین وزیر اعظم ہیں: سابق را چیف کا اعتراف

    نئی دہلی: را کے سابق چیف نے بھی وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی صلاحیتوں کا اعتراف کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی خفیہ ایجنسی را کے سابق چیف اے ایس دولت نے ہندو سینٹر آف پالیٹکس کو انٹرویو دیتے ہوئے اعتراف کیا کہ عمران خان بہترین وزیر اعظم ہیں۔

    اے ایس دولت نے کہا کہ فیصلہ سازی، خود اعتمادی اور قائدانہ صلاحیتوں کے اعتبار سے عمران خان بے مثال شخصیت ہیں۔

    سابق ریسرچ اینڈ اینالسز ونگ چیف نے اعتراف کیا کہ کشمیر دو طرفہ مسئلہ ہے، بھارت بھی مان چکا ہے، آگے بڑھنے کا واحد راستہ مذاکرات ہیں، عمران خان ہی وہ شخصیت ہیں جن سے بات ہو سکتی ہے۔

    بدحواسی میں مودی نے کس طرح مسئلہ کشمیر کے دو طرفہ ہونے کا اعتراف کیا؟

    انھوں نے یہ بھی کہا کہ عمران خان اور پاکستان آرمی اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ میں تعلقات مثالی ہیں، اس لیے وہ بہترین فیصلہ کر سکتے ہیں، یہ مثالی تعلقات ہمارے لیے بہتر ہیں۔

    اے ایس دولت کا کہنا تھا کہ عمران خان فیصلے خود کرتے ہیں، سہاروں کے محتاج نہیں ہوتے، مودی سرکار عمران خان سے بات نہیں کر سکتی تو سدھو کو بھیج دے۔ یاد رہے کہ سابق کرکٹر سدھو نے کہا تھا کہ 73 سال کے بعد ایک فرشتہ عمران خان آیا ہے۔

    واضح رہے کہ اے ایس دولت اٹل بہاری واجپائی کے دور میں را کے سربراہ رہے تھے، بعد ازاں وہ کشمیر پر ان کے مشیر کے عہدے پر بھی تعینات رہے۔