Tag: کشمیر کی خبریں

  • کشمیر پر وزیر اعظم کے قوم سے خطاب کا خیر مقدم کرتی ہوں: مشال ملک

    کشمیر پر وزیر اعظم کے قوم سے خطاب کا خیر مقدم کرتی ہوں: مشال ملک

    اسلام آباد: حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشال ملک کا کہنا ہے وہ کشمیر پر وزیر اعظم عمران خان کے قوم سے خطاب کا خیر مقدم کرتی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق اے آر وائی نیوز کے پروگرام پاور پلے میں گفتگو کرتے ہوئے مشال ملک نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کا خطاب سن کر خوشی ہوئی، میں اس کا خیر مقدم کرتی ہوں۔

    مشال ملک نے کہا کہ بھارت کی ریاستی دہشت گردی دہائیوں سے جاری ہے، وزیراعظم عمران خان نے کشمیریوں کا آخر تک ساتھ دینے کا کہا ہے، اس سے کشمیریوں کا حوصلہ بڑھا ہے۔

    انھوں نے کہا کہ پاکستان نے عالمی سطح پر پوری قوت کے ساتھ مسئلہ کشمیر کو اجاگر کیا ہے، اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل کے سلسلے میں طویل مدت پالیسی آنی چاہیے۔

    یہ بھی پڑھیں:  مودی کی غلطی سے کشمیریوں کو آزادی کا تاریخی موقع مل گیا: وزیراعظم

    ان کا کہنا تھا کہ چیپٹر 6 کے اندر جو ہماری یو این ریزولوشن آتی ہے، اس کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ یہ وہ ریزولوشن نہیں ہے جس پر اقوام متحدہ بہ زور طاقت عمل کرائے، لیکن یو این چارٹر کے اندر شق 24 اور 25 کے مطابق یو این کی تمام قراردادیں قانونی طور پر پابندی کا تقاضا کرتی ہیں، اس لیے ان شقوں کی بھی مدد لی جائے۔

    مشال ملک نے کہا کہ مقبوضہ وادی میں نسل کشی کی جا رہی ہے، ایک پوری قوم کو ختم کیا جا رہا ہے، یہی وجہ ہے کہ اس وقت گلوبل شہری اس مسئلے پر زبردست ریسپانس دے رہے ہیں، اور اب اطلاعات ہیں کہ امریکی سیاست دانوں کا بھارت پر دباؤ آ رہا ہے۔

    واضح رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے کل قوم سے خطاب میں کہا تھا کہ پاکستان کشمیر کے لیے ہر حد اور ہر سطح تک جائے گا، کشمیر کی آزادی کا تاریخی موقع آ چکا ہے، مودی نے تکبر میں بڑی غلطی کر دی، معاملہ جنگ کی طرف گیا تو دنیا یاد رکھے پاکستان اور بھارت دونوں ایٹمی ملک ہیں۔

    انھوں نے کہا تھا کہ ایٹمی جنگ کے اثرات پوری دنیا پر پڑیں گے، پاک فوج پوری طرح تیار ہے، ظلم سہتے اسی لاکھ کشمیری ہماری طرف دیکھ رہے ہیں۔

  • مقبوضہ کشمیر: وزیر خارجہ کا اسلامی ممالک کی تنظیم او آئی سی سے رابطہ

    مقبوضہ کشمیر: وزیر خارجہ کا اسلامی ممالک کی تنظیم او آئی سی سے رابطہ

    اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے مقبوضہ کشمیر کی موجودہ تشویش ناک صورت حال پر اسلامی ممالک کی تنظیم او آئی سی سے رابطہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اسلامی ممالک کی تنظیم (او آئی سی) کے سیکریٹری جنرل سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور مقبوضہ جموں و کشمیر کی تشویش ناک صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔

    شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے نہتے مسلمانوں پر ظلم و ستم کے پہاڑ توڑے جا رہے ہیں، مقبوضہ کشمیر کے مسلمان او آئی سی پر نظریں جمائے بیٹھے ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ کشمیری مسلمانوں کو عید اور جمعے کی نمازیں بھی ادا کرنے نہیں دی گئیں، مقبوضہ وادی میں حقایق مخفی رکھنے کے لیے ذرایع مواصلات پر پابندی ہے۔

    تازہ ترین خبریں پڑھیں:  بھارت کے خلاف حکومت اور فوج تیار ہے، شاہ محمود قریشی

    دریں اثنا، او آئی سی کے سیکریٹری جنرل نے مقبوضہ وادی کی صورت حال پر اظہار تشویش کیا اور کہا کہ ساری صورت حال پر وہ گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔

    دونوں رہنماؤں نے اس سلسلے میں مشاورت جاری رکھنے کا بھی فیصلہ کیا۔

    دوسری طرف آج وزیر خارجہ نے اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کے دوران پڑوسی ملک بھارت کو واضح تنبیہہ کی کہ اس کے خلاف حکومت، فوج اور عوام تیار ہیں۔

    انھوں نے مقبوضہ کشمیر میں لاگو بھارتی قوانین کو ڈریکولائی قوانین قرار دیا، کہا کہ ہر کشمیری کے دروازے پر ایک بھارتی فوجی کھڑا ہے، جب کہ دنیا بھارت کو خطے میں امن کو داؤ پر لگاتے ہوئے دیکھ رہی ہے۔

  • کشمیر میں مودی تنہا ہے، بھارت میں بھی سیاسی جماعتیں دور ہو رہی ہیں: فواد چوہدری

    کشمیر میں مودی تنہا ہے، بھارت میں بھی سیاسی جماعتیں دور ہو رہی ہیں: فواد چوہدری

    اسلام آباد: وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ کشمیر میں نریندر مودی تنہا ہے، بھارت میں بھی سیاسی جماعتیں اس سے دور ہو رہی ہیں، عمران خان کی دنیا میں حیثیت سے مودی مشکلات کا شکار ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام میں کیا، فواد چوہدری نے کہا کہ کشمیر میں مودی کا کوئی نام لیوا نہیں ہے، کشمیر کے ایشو میں نریندر مودی خود بھی پھنس گئے ہیں، وہ خود بھارت میں تنہا ہو رہا ہے۔

    فواد چوہدری نے کہا کہ آخری تین سالوں میں مولانا فضل الرحمان کی کشمیر کمیٹی نے 17 کروڑ روپے خرچ کیے، لیکن اب فخرامام اور شیری مزاری جیسے لوگ بہت افیکٹیو ہیں، کشمیر کمیٹی میں اور لوگ بھی شامل کیے جا رہے ہیں۔

    وفاقی وزیر نے محرم کے چاند کے سلسلے میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس بار بھی ہم نے یکم ستمبر کو محرم کے آغاز کی پیش گوئی کی تھی، ہمیں جلدی نہیں ہے، آپ اور دیکھ لیں، آگر آپ کچھ ٹھیکے داری مزید چلانا چاہتے ہیں تو چلا لیں، ہمارا جو کام تھا ہم نے کر کے دے دیا ہے، باقی کام اسلامی نظریاتی کونسل کا ہے۔

    کرتارپور راہ داری سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ اس کوریڈور سے بھارت کی سکھ برادری کو سہولت ملنے جا رہی ہے، کرتارپور سکھ برادری کے لیے مذہبی عقیدت کی حیثیت رکھتا ہے، اب قوموں کے مفادات کو مد نظر رکھ کر فیصلے کیے جاتے ہیں۔

    فواد چوہدری نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے کافی کوشش کی ہے کہ ٹینکوکریٹس کو بھی سیاسی فیصلوں میں شامل کیا جا سکے، پارلیمنٹری ڈیمو کریسی میں ووٹر اہم ہوتا ہے، الیکٹڈ لوگوں کی فیصلہ سازی کی حیثیت ہوتی ہے، وزیر اعظم بھی اس کی اہمیت کو سمجھتے ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ میں نے آرٹیکل میں لکھا تھا کہ صوبائی حکومتوں کا انفرا اسٹرکچر درست نہیں، چیف سیکریٹری اتنے پاور فل ہیں کہ وزرا کو بائی پاس کر سکتے ہیں، شہباز شریف، قائم علی شاہ نے جیسے گورننس کی وہ کلاسک کیس ہے، ان لوگوں نے اپنے وسائل کو بہت بری طرح ضایع کیا۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پنجا ب میں ٹرانسفر اور پوسٹیں زیادہ ہوئی ہیں، چیف سیکریٹری اور آئی جی صاحب کو اس معاملے کو دیکھنا چاہیے، پنجاب میں سیکریٹریز کی تقرریاں بھی بہت جلدی ہوئی ہیں۔

  • مقبوضہ کشمیر میں بھارتی عزائم کھل کر سامنے آ گئے

    مقبوضہ کشمیر میں بھارتی عزائم کھل کر سامنے آ گئے

    سری نگر: بھارت کے زیر تسلط کشمیر میں بھارت کے عزائم کھل کر سامنے آنے لگے ہیں، جموں میں سیکریٹریٹ کی عمارت سے کشمیر کا پرچم اتار دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر کو بد ترین کرفیو سے قید خانہ بنانے والی مودی سرکار کے عزائم کھل کر سامنے آنے لگے ہیں۔

    مودی سرکار نے جموں میں سیکریٹریٹ کی عمارت سے کشمیر کا پرچم اتار کر سول سیکریٹریٹ پر ترنگا لہرا دیا۔ تین ہفتے قبل مودی سرکار نے جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کر دی تھی۔

    یاد رہے کہ آرٹیکل 370 اے ختم کرنے کے بعد مقبوضہ کشمیر میں آج 21 ویں روز بھی کرفیو جاری ہے، موبائل فون، انٹرنیٹ سروس بند اور ٹی وی نشریات معطل ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  مقبوضہ کشمیر میں  21ویں روز بھی کرفیو

    دو دن قبل سری نگر میں کشمیریوں کو نماز جمعہ بھی ادا نہیں کرنے دی گئی تھی، مسجدوں کو تالے لگا دیے گئے تھے۔

    گزشتہ روز مقبوضہ وادی کے شہر سری نگر کی فضاؤں میں اللہ اکبر کی صدائیں گونج اٹھی تھیں، آزادی کے متوالے ہزاروں کشمیری بھارتی فوج کا بد ترین لاک ڈاؤن توڑ کر سڑکوں پر آ گئے تھے۔

    ہزاروں کشمیریوں نے سری نگر کے علاقے صورہ میں نماز جمعہ کے بعد زبردست مظاہرہ کیا، پاکستانی پرچم تھامے کشمیریوں نے فلک شگاف نعرے لگائے۔

    ادھر اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوٹیرس نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں تشویش ناک صورت حال پر ان کی نظر ہے، اقوام متحدہ اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔

  • ہزاروں کشمیری بھارتی فوج کا بد ترین لاک ڈاؤن توڑ کر سڑکوں پر آ گئے

    ہزاروں کشمیری بھارتی فوج کا بد ترین لاک ڈاؤن توڑ کر سڑکوں پر آ گئے

    سری نگر: مقبوضہ وادی کے شہر سری نگر کی فضاؤں میں اللہ اکبر کی صدائیں گونج اٹھیں، آزادی کے متوالے ہزاروں کشمیری بھارتی فوج کا بد ترین لاک ڈاؤن توڑ کر سڑکوں پر آ گئے۔

    تفصیلات کے مطابق ہزاروں کشمیریوں نے سری نگر کے علاقے صورہ میں نماز جمعہ کے بعد زبردست مظاہرہ کیا، پاکستانی پرچم تھامے کشمیریوں نے فلک شگاف نعرے لگائے۔

    مظاہرے میں بڑی تعداد میں خواتین اور بچوں نے بھی شرکت کی، مظاہرین پر بھارتی فوج نے زبردست شیلنگ کی اور پیلٹ گنوں سے حملے کیے۔

    بھارتی فوج کی فائرنگ سے متعدد کشمیری شدید زخمی ہو گئے، دوسری طرف میڈیا پر پابندیوں کے باوجود عالمی میڈیا نے مقبوضہ وادی میں مودی کا فسطائی چہرہ بے نقاب کر دیا۔

    تازہ خبریں پڑھیں:  مقبوضہ کشمیر میں کرفیو کا مسلسل 20واں روز

    امریکی میڈیا نے کشمیریوں کے مارچ کی ویڈیو جاری کر دی، نیو یارک ٹائمز نے رپورٹ کیا کہ بھارت کے دنیا کو مقبوضہ کشمیر سے بے خبر رکھنے کے لیے حربے نا کام ہو گئے۔

    امریکی میگزین فارن پالیسی نے لکھا دنیا جان لے کشمیری ہمیشہ خاموش نہیں رہیں گے، وہ فائٹ بیک کریں گے، ادھر فرانس کے ٹوینٹی فور ٹی وی نے بھی لاک ڈاؤن پر تفصیلی رپورٹ نشر کی۔

    یہ بھی پڑھیں:  سری نگر میں جمعے کو مسجدوں کو تالے لگا دیے گئے

    خیال رہے کہ آرٹیکل 370 اے ختم کرنے کے بعد مقبوضہ کشمیر میں آج کرفیو کا 20 واں روز تھا، کرفیو بدستور جاری ہے، موبائل فون، انٹرنیٹ سروس بند اور ٹی وی نشریات معطل ہیں۔

    وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے آج کہا کہ سری نگر میں کشمیریوں کو نماز جمعہ بھی ادا نہیں کرنے دی گئی، مسجدوں کو تالے لگا دیے گئے تھے۔

  • کشمیرتوجہ چاہتا ہے

    کشمیرتوجہ چاہتا ہے

    لاہور: مقبوضہ کشمیرپرعالمی دنیا کی توجہ مرکوز کرانے کے لیے ’’کشمیر توجہ چاہتا ہے‘‘ کے عنوان سے سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں نوجوانوں کی تنظیمات کے نمائندگان اور میڈیا کے شعبے سے تعلق رکھنے والے طلبہ شریک تھے۔

    تفصیلات کے مطابق کشمیر توجہ چاہتا ہے کہ عنوان سے منعقدہ سیمینارکشمیر یوتھ الائنس اور اپیکس گروپ آف کالجز کے زیراہتمام لاہور میں منعقد ہوا ، سیمینار کی صدارت رانا عدیل ممتاز کررہے تھے جبکہ مقررین میں اینکراسامہ غازی، سینئر صحافی واستاد ڈاکٹر مجاہد منصوری، اسلامک سکالر اشتیاق گوندل، یوتھ ایکٹیوسٹس رضی طاہر، طہ منیب، عدیل احسن، مہک زہرا، عائشہ صدیقہ اور بلال شوکت آزاد شامل تھے۔

    رانا عدیل ممتاز نے خطاب میں کہا کہ پاکستانی نوجوان بھارت کو ہر محاذ ہر شکست دینے کیلئے آگے بڑھیں، پہلا قدم ٹیکنالوجی ہے، اس کے استعمال سے بھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب کریں، مقررین نے اظہار خیال کرتے ہوئے مسلم دنیا پر تنقید کی اور کہا کہ کوئی اسلامی ملک حقیقی غیرت اسلامی کا مظاہرہ نہیں کررہا، مسلمان کشمیر میں مسلسل جانیں دے رہے ہیں اور ہمیں مالی مفادات عزیز ہیں۔

    بھارت ایک جانب کشمیر میں خون کی ندیاں بہا رہا ہے اور دوسری جانب آبی جارحیت دکھا رہا ہے، کبھی بن بتائے پانی کھول دیتا ہے جو سیلاب کا سبب بنتے ہیں اور کبھی پانی روک کر خشک سالی کا سبب بنتا ہے، دنیا کو بتادینا چاہتا ہوں پاکستان کا پانی روکیں گے تو 20کروڑ خودکش بمبار تیار ہوجائیں گے، ڈاکٹرمجاہد منصوری نے کہا کہ حیران ہوں کہ نئی دہلی میں بیٹھے 100سے زیادہ بین الاقوامی میڈیا کے نمائندگان کو کشمیرکی صورتحال دکھائی کیوں نہیں دیتی؟۔میڈیا کے طلبہ سوشل میڈیا کے ذریعے دنیا کے سامنے سوال کریں کہ یہ کیسی بے حسی ہے۔

    اسلامک سکالر اشتیاق گوندل نے کہا کہ ایک انسانیت کا قتل پوری انسانیت کا قتل ہے، ہم مسلمان ہیں اور بحیثیت مسلمان کسی خطے میں ظلم ہو ہم اس کے خلاف آواز اٹھاتے رہیں گے، کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور پاکستان کا حصہ ہے، تاریخ کو جھٹلایا نہیں جاسکتا، اینکر اسامہ غازی نے اپنی گفتگو میں کہا کہ اگلے دو سال بہت اہم ہیں، کشمیر میں تحریک آزادی میں نیا جذبہ پیدا ہوگا، مودی کو بہت جلد اپنی غلط پالیسیوں کا احساس ہوگا، کشمیر بھارت کے ہاتھ سے نکل رہا ہے۔

    سیمینار سے رضی طاہر، رانا عدیل احسن، طہ منیب اور بلال شوکت آزاد نے بھی اظہار خیال کرتے ہوئے اہل کشمیر پر ہونے والے ظلم وستم کو روکنے کیلئے عالمی دنیا کو جھنجھوڑا، اقوام متحدہ سے مخاطب ہوکر نوجوان مقررین نے کہا کہ اقوام متحدہ دراصل اقوام شرمندہ بن چکی ہے جبکہ او آئی سی بھی محض مذمتی بیانات تک محدود ہے۔

  • مودی کی پیرس آمد پر یونیسکو آفس کے سامنے احتجاج کی تیاریاں

    مودی کی پیرس آمد پر یونیسکو آفس کے سامنے احتجاج کی تیاریاں

    پیرس: بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی پیرس آمد کے موقع پر پاکستانی، کشمیری اور سکھ کمیونٹی نے یونیسکو آفس کے سامنے احتجاج کا اعلان کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نریندر مودی پیرس دورے کے موقع پر جمعہ 23 اگست کو یونیسکو آفس اجلاس میں شرکت کریں گے، مقبوضہ کشمیر کی نازک صورت حال کے پیشِ نظر پاکستانی، کشمیری اور سکھ کمیونٹیز اس موقع پر سخت احتجاج کریں گے۔

    ذرایع کا کہنا ہے کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی سے فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون مسئلہ کشمیر پر گفتگو بھی کریں گے۔

    واضح رہے کہ نریندر مودی امریکا کا دورہ بھی کرنے والے ہیں، وزیر اعظم عمران خان نے پارٹی کی تنظیم برائے بین الاقوامی شعبہ جات کو ہدایت کی ہے کہ نیویارک میں مودی کے خلاف شدید ردِ عمل دیا جائے۔

    تازہ ترین خبریں پڑھیں:  نریندر مودی کو عالمی سطح پر شدید ردِ عمل دینے کی تیاری

    وزیر اعظم ہاؤس میں عمران خان سے پارٹی کے سیکریٹری او آئی سی ڈاکٹر عبد اللہ ریاڑ نے خصوصی ملاقات کی، عمران خان نے انھیں مودی کے خلاف بھرپور احتجاج کی ہدایت کی اور کہا کہ بھارتی بربریت کے خلاف کمیونٹی اور انسانی حقوق کی تنظیموں کو متحرک کیا جائے۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ مودی سرکار نے تمام انسانی و بین الاقوامی قوانین کو روند ڈالا ہے، مودی حکومت کشمیریوں کو نشانہ ستم بنانے کی تیاریوں میں ہے۔

    خیال رہے کہ کشمیر پر غاصبانہ تسلط کے لیے غیر قانونی اقدامات کے بعد بھارت اور مودی کے خلاف دنیا بھر میں احتجاج کا سلسلہ جاری ہے، عالمی سطح پر بھارتی اقدامات کی شدید مذمت کی گئی ہے۔

  • 2 ہفتے میں 4 ہزار کشمیریوں کو گرفتار کیا گیا: فرانسیسی خبر رساں ادارہ

    2 ہفتے میں 4 ہزار کشمیریوں کو گرفتار کیا گیا: فرانسیسی خبر رساں ادارہ

    سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا سلسلہ جاری ہے، فرانسیسی خبر رساں ادارے نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ 2 ہفتے میں 4 ہزار کشمیریوں کو گرفتار کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق فرانسیسی خبر ایجنسی کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے حراستی مراکز میں جگہ کم پڑ گئی ہے، صرف دو ہفتے میں چار ہزار کشمیری پابند سلاسل کر دیے گئے۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بیش تر کشمیریوں کو مقبوضہ وادی سے باہر قید کیا گیا ہے۔

    بتایا گیا ہے کہ دو ہفتے قبل جب بھارت نے وادی کی خود مختاری سلب کر لی تھی تو اس کے بعد سے بھارت مسلسل اس خوف میں مبتلا ہے کہ کشمیر میں اس کے خلاف بدامنی کی صورت حال نہ پیدا جائے۔

    کشمیریوں کو پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت گرفتار کیا گیا ہے جو ایک متنازعہ قانون ہے جس کے تحت کشمیری باشندوں کو دو سال تک بغیر کسی الزام اور ٹرائل کے قید کیا جا سکتا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے عصمت دری شروع کردی، آسٹریلوی صحافی کی چونکا دینے والی رپورٹ

    دوسری طرف بھارتی حکام کی جانب سے مسلسل انکار کیا جا رہا ہے کہ کتنے کشمیریوں کو گرفتار کیا گیا ہے، اس کے برعکس ابتدائی چند دنوں میں 100 سے زاید مقامی سیاست دانوں، ایکٹوسٹس اور ماہرین تعلیم کو گرفتار کیا گیا تھا۔

    خبر رساں ادارے کے مطابق سری نگر میں پولیس اور سیکورٹی عملے سمیت حکومتی افراد نے بھی بے شمار کشمیریوں کی اندھا دھند گرفتاری کی تصدیق کی ہے۔

    رپورٹ کے مطابق سری نگر میں 6 ہزار گرفتار کشمیریوں کا مختلف مقامات پر طبی معائنہ بھی کرایا گیا ہے۔ گرفتار شدگان کو پہلے سری نگر جیل میں رکھا گیا تھا، بعد ازاں فوجی طیاروں میں انھیں کشمیر سے باہر لے جایا گیا۔

    یہ بھی بتایا گیا ہے کہ بہت سارے کشمیری پولیس اسٹیشنز میں بھی زیر حراست رکھے گئے ہیں، جن کی تعداد ان چار ہزار کشمیریوں سے الگ ہے۔

  • آزاد کشمیر میں بارش کے بعد راولاکوٹ میں لینڈ سلائیڈنگ، 7 افراد جاں بحق

    آزاد کشمیر میں بارش کے بعد راولاکوٹ میں لینڈ سلائیڈنگ، 7 افراد جاں بحق

    راولاکوٹ: آزاد کشمیر میں بارش کے بعد راولاکوٹ میں لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے 7 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق آزاد کشمیر میں تیز بارش کے بعد راولاٹ میں لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں سات افراد جاں بحق ہو گئے، پاک فوج کے جوان امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔

    راولاکوٹ میں لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں متعدد افراد کے زخمی ہونے کی بھی اطلاع ہے۔ شدید بارش کے باعث ریسکیو آپریشن میں مشکلات کا سامنا ہے جب کہ حکام نے مزید لینڈ سلائیڈنگز کا خدشہ بھی ظاہر کیا ہے۔

    بارشوں کے نتیجے میں لینڈ سلائیڈنگ کا واقعہ ضلع راولا کوٹ کے علاقے پوٹھی چھپریاں میں پیش آیا، جس کے باعث 4 مکانات ملبے کا ڈھیر بن گئے۔

    یہ بھی پڑھیں:  راولاکوٹ، بھارتی فوج کی گولہ باری، خاتون شہید، بزرگ شہری زخمی

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارشوں کے باعث ہزارہ، مالاکنڈ ڈویژن، گلگلت بلتستان اور کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔

    ایبٹ آباد، ہری پور، بونیر، سوات، مردان اور کرک سمیت خیبر پختون خوا کے مختلف شہروں میں موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

    ادھر راولپنڈی، اسلام آباد، سرائے عالم گیر، جہلم، سیالکوٹ، اور ڈسکہ پھالیہ میں بھی بادل شدت سے برس پڑے ہیں۔

    دریائے چناب، راوی، ستلج، بیاس اور جہلم میں سیلاب کا خدشہ ہے، پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کر دیا۔

  • کشمیر پر کسی قسم کے سمجھوتے کا سوال  ہی پیدا نہیں ہوتا: آرمی چیف

    کشمیر پر کسی قسم کے سمجھوتے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا: آرمی چیف

    راولپنڈی: پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ کشمیر پر کسی قسم کے سمجھوتے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔

    تفصیلات کے مطابق یوم آزادی اور یوم یک جہتی کشمیر پر پاکستان آرمی چیف کا بڑا بیان سامنے آیا ہے، جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ 1947 میں کاغذ کا ایک غیر قانونی ٹکڑا کشمیر کی حیثیت تبدیل نہ کر سکا۔

    آرمی چیف نے کہا کہ موجودہ یا مستقبل میں بھی کوئی غیر قانونی قدم کشمیر کی حیثیت تبدیل نہیں کر سکتا۔

    انھوں نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان غاصبانہ عزائم کے خلاف کشمیریوں کے ساتھ کھڑا ہے اور کھڑا رہے گا، کشمیر پر کسی قسم کے سمجھوتے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔

    تازہ ترین خبریں پڑھیں:  میں سفیربن کر کشمیرکی آوازدنیا میں اٹھاؤں گا، وزیراعظم عمران خان

    جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ ہم کشمیریوں پر بھارت کے جبر کے سامنے سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑے ہیں، ہم کھڑے ہیں چاہے اس کی ہمیں کوئی بھی قیمت ادا کرنی پڑے۔

    آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاک فوج کو جموں و کشمیر کے تقدس کا بھرپور ادراک ہے، پاک فوج کشمیر کاز کے لیے قومی ذمے داری نبھانے کو مکمل تیار ہے۔

    واضح رہے کہ آج مظفر آباد آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے بھی واضح پیغام دیا، انھوں نے کہا میں مودی کوپیغام دیتا ہوں، آپ ایکشن لیں، اینٹ کا جواب پتھر سے دیا جائے گا۔