Tag: کشمیر کی خبریں

  • سابق بھارتی فوجی نے بھی مودی سرکار کو آئینہ دکھا دیا

    سابق بھارتی فوجی نے بھی مودی سرکار کو آئینہ دکھا دیا

    نئی دہلی: مقبوضہ کشمیر میں زبردست احتجاج کے بعد مودی سرکار کے منہ پر ایک اور تمانچا پڑ گیا ہے، بھارت کا حقیقت پسند طبقہ حقایق سامنے لانے لگا۔

    تفصیلات کے مطابق سابق بھارتی فوجی، مصنف اور صحافی نے نریندر مودی کے لیے چشم کشا ٹویٹ کر دیا ہے، کہا کہ خطے کے اہم ممالک مسئلہ کشمیر کا حل چاہتے ہیں۔

    سابق بھارتی فوجی پراوین ساہنے نے ٹویٹ میں لکھا کہ روس اور چین اعتماد سازی نہیں بلکہ مسئلہ کشمیر کا حل چاہتے ہیں۔

    انھوں نے کہا خطے کے اہم ممالک کی طرف سے کشمیر کے مسئلے کی طرف توجہ سے مودی حکومت کے لیے جلد مذاکرات کا آغاز کرنا ناگزیر ہو جائے گا۔

    پراوین ساہنے نے اپنے ٹویٹ میں بھارتی فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں پر بھی تنقید کی، انھوں نے کہا کہ بھارتی فوج آپریشنز کے علاوہ لڑنے کی صلاحیت نہیں رکھتی۔

    یہ بھی پڑھیں:  مقبوضہ کشمیر: کرفیو کے باوجود ہزاروں افراد کا احتجاج، بھارتی فورس کی فائرنگ سے متعدد زخمی

    سابق بھارتی فوجی نے لکھا ہم نے اپنی فوج کو دور جدید کی جنگ کے لیے ناکارہ بنا دیا ہے، دوسری طرف آج ایک دور جدید کی جنگ ہمارے چہرے کو گھور رہی ہے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز بھارت کے غیر قانونی اقدام کے خلاف مقبوضہ کشمیر میں‌ شدید احتجاج اور مظاہرے کیے گئے، برطانوی خبر رساں ادارے نے بھارتی دعوؤں کا پردہ چاک کرتے ہوئے واضح کیا کہ مقبوضہ کشمیر میں نماز جمعہ کے بعد بڑے پیمانے پر مظاہرے ہوئے۔

    کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت ختم کرنے کے فیصلے کو کشمیریوں نے قبول نہیں کیا، مظاہروں سے بوکھلاہٹ‌ کی شکار بھارتی انتظامیہ نے نہتے شہریوں پر فائرنگ کی، جس سے متعدد افراد شدید زخمی ہوگئے، جن کی حالت تشویش ناک ہے۔

  • مقبوضہ وادی میں نہتے کشمیریوں پر مظالم، پاکستانی سیاست دانوں کی شدید مذمت

    مقبوضہ وادی میں نہتے کشمیریوں پر مظالم، پاکستانی سیاست دانوں کی شدید مذمت

    اسلام آباد: مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کے مظالم میں بے پناہ اضافہ ہو گیا ہے، نہتے کشمیریوں نے بھارتی قبضے کے خلاف سخت احتجاج شروع کر دیا ہے، جس پر بھارتی فورسز نے گولیاں چلا دیں۔

    ادھر پاکستان میں حکومتی اور اپوزیشن سے تعلق رکھنے والے سیاست دانوں نے متفقہ طور پر نہتے کشمیریوں پر مظالم کی شدید مذمت کی ہے۔

    معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ مودی نئے دور کا ہٹلر ہے، کشمیر پر حملہ پاکستان پر حملے کے مترادف ہے، بھارت کشمیر کا جغرافیہ بدلنا چاہ رہا ہے، کشمیری اپنے حق کے لیے کھڑے ہوئے ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ کشمیر کو گھیرے میں لے کر جیل میں تبدیل کر دیا گیا ہے، بھارت کشمیریوں کے حق کی آواز طاقت سے دبانا چاہتا ہے، لیکن یہ کرفیو زیادہ دیر نہیں چل سکے گا، مقبوضہ وادی لہو لہو ہے، آزادی کی تحریک ضرور کام یاب ہوگی۔

    تازہ ترین خبریں پڑھیں:  یوم آزادی پر کشمیر سے منسوب لوگو تیار، کشمیری جھنڈے کی طلب بھی بڑھ گئی

    وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے بھی کشمیریوں پر مظالم کے خلاف آواز بلند کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیری کرفیو میں بھی نکل آئے ہیں، ابھی تھوڑا صبر کریں بہت کچھ ہونے والا ہے، مودی سرکار کے آخری دن شروع ہو گئے ہیں، کشمیریوں کی جدوجہد مزید تیز ہوگی۔

    وفاقی وزیر برائے مواصلات مراد سعید کہتے ہیں آج کشمیر کا بچہ بچہ بھارتی فوج کے لیے برہان وانی بن گیا ہے، کشمیری کرفیو میں بھی نکل کر کہہ رہے ہیں ہم چاہتے ہیں آزادی، مودی کا اصل چہرہ نئے دور کے ہٹلر کے طور پر سامنے آ گیا ہے۔

    انھوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں نہتے لوگوں پر فائرنگ کی گئی، ان کی آواز دبانے کی کوشش کی گئی، برہان وانی کی شہادت کے بعد تحریک آزادی مزید بڑھی، کشمیری کہتے ہیں ہم نے بھارتی آئین کو تو کبھی تسلیم ہی نہیں کیا تھا، بھارت نے خود اپنی بربادی کا آغاز کر دیا، انشاء اللہ کشمیر آزاد ہوگا۔

    پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والی سینئر رہنما سینیٹر شیری رحمان نے کہا بھارت نے مقبوضہ کشمیر کو جیل بنا دیا ہے، مودی سرکار کو منہ کی کھانا پڑے گی، بڑے دکھ کی بات ہے عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں یہ سب ہونے دے رہی ہے، مقبوضہ کشمیر کی کہانی بھارت کسی صورت نہیں دبا سکتا، بھارت غیر قانونی اقدام سے کچھ حاصل نہیں کر سکے گا۔

  • یوم آزادی پر کشمیر سے منسوب لوگو تیار، کشمیری جھنڈے کی طلب بھی بڑھ گئی

    یوم آزادی پر کشمیر سے منسوب لوگو تیار، کشمیری جھنڈے کی طلب بھی بڑھ گئی

    کراچی: پاکستان کے 72 ویں یوم آزادی کو یوم یک جہتیٔ کشمیر کے طور پر منانے کے حکومتی فیصلے کے بعد کشمیر کے جھنڈے کی طلب بڑھ گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق حکومتِ پاکستان نے اعلان کیا تھا کہ 14 اگست کو یوم آزادی اس بار مقبوضہ کشمیر کے ساتھ یک جہتی کے دن کے طور پر منایا جائے گا۔

    حکومتی اعلان کے بعد عوام کی طرف سے بھی پذیرائی ملنے لگی ہے، مارکیٹ میں کشمیر کے جھنڈے کی ڈیمانڈ بڑھ گئی۔

    یوم آزادی پر پاک وطن کے پرچم چھاپنے والے پرنٹرز کا کہنا ہے کہ کراچی کی مارکیٹ سے بڑی تعداد میں آرڈر کے بعد جھنڈوں کی تیاری زور و شور سے جاری ہے۔

    تازہ ترین خبریں پڑھیں:  کشمیر پر کشمیریوں کا جتنا حق ہے اتنا ہی پاکستانیوں کا بھی ہے: شیخ رشید

    ادھر چیئرمین آل کراچی تاجر اتحاد نے کہا ہے کہ یوم آزادی پر شہریوں کا جوش و جذبہ بڑھ گیا ہے۔

    عتیق میر نے کہا کہ ایل او سی پر بھارتی فوج کی جانب سے جارحیت اور مقبوضہ کشمیر میں ظلم اس کی بڑی وجہ ہے، 72 ویں یوم آزادی پر پرچموں کی خرید و فروخت کا سابقہ ریکارڈ ٹوٹنے کا امکان ہے۔

    خیال رہے کہ یوم آزادی کو یوم یک جہتیٔ کشمیر کے طور پر منانے کا فیصلہ ہوا ہے، جس کے لیے کشمیر بنے گا پاکستان کا لوگو بھی تیار کر لیا گیا ہے، یوم آزادی کو یوم یک جہتیٔ کشمیر کے طور پر منانے کا فیصلہ قومی سلامتی کمیٹی نے کیا تھا۔

    14 اگست پر کشمیر سے منسوب قومی لوگو پر کشمیر بنے گا پاکستان کا مقبول نعرہ درج کیا گیا ہے، لوگو میں سرخ رنگ سے لکھا کشمیر جدوجہد آزادی کی قربانیوں کو ظاہر کر رہا ہے۔

    کشمیر کی آزادی کے لیے ہر حد تک جانے کے جذبے کو خون کے سرخ سے اجاگر کیا گیا، لوگو میں پاکستان کا جھنڈا کشمیر بنے گا پاکستان کا عزم لیے لہرا رہا ہے، جب کہ لوگو کے گرد سرخ رنگ کی لکیر کشمیر پر بھارتی غاصبانہ قبضے و مظالم کو ظاہر کر رہی ہے۔

  • مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی، کرفیو، عوام پر فائرنگ، 6 کشمیری شہید

    مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی، کرفیو، عوام پر فائرنگ، 6 کشمیری شہید

    سری نگر: انتہا پسند مودی سرکار کی مقبوضہ جموں و کشمیر میں ریاستی دہشت گردی جاری ہے، بھارتی فورسز کی جانب سے نہتے کشمیریوں پر فائرنگ سے 6 کشمیری شہید، 100 سے زائد زخمی ہو گئے۔

    کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں تیسرے روز بھی کرفیو نافذ رہا، اور مواصلات کے ذرایع بند رہے، قابض بھارتی فوج کی فائرنگ سے 6 کشمیری شہید جب کہ 100 سے زائد زخمی ہوئے۔

    بھارتی فورسز کی جانب سے مظاہرین پر گولیوں کی بوچھار کی گئی، چھروں اور آنسو گیس کا بے دریغ استعمال کیا گیا۔

    نہتے کشمیری بھارت کی جانب سے آرٹیکل 35،370 اے کی منسوخی کے خلاف احتجاج کر رہے تھے۔

    خیال رہے مقبوضہ کشمیر میں صورت حال انتہائی کشیدہ ہے، کشمیریوں پر زندگی تنگ کرنے کے لیے مزید اڑتیس ہزار فوجی تعینات کر دیے گئے ہیں اور لوگ گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں، کشمیریوں نے کھانے پینے کی اشیا، دوائیں اور پیٹرول جمع کرنا شروع کر دیا ہے، اس دوران لوٹ مار کی وارداتوں میں بھی اضافہ ہوا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  بھارت کا گھناؤنا منصوبہ، آرٹیکل 370 کی منسوخی پر اقوام متحدہ کا اظہار تشویش

    واضح رہے کہ بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں مسلم اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کے گھناؤنے منصوبے پر اقوام متحدہ نے بھی شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔

    ترجمان اقوام متحدہ کا کہنا تھا کہ پاک بھارت تصفیہ طلب مسائل کا مذاکرات سے حل نکالا جائے، اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل مسئلہ کشمیر پر ثالثی کی پیش کش بھی کر چکے ہیں۔

  • مقبوضہ کشمیر کی حیثیت ختم کرنے پر لندن میں بھارت کے خلاف مظاہرہ

    مقبوضہ کشمیر کی حیثیت ختم کرنے پر لندن میں بھارت کے خلاف مظاہرہ

    لندن: مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے پر لندن میں بھارت کے خلاف زبردست مظاہرہ کیا گیا، جس میں مظاہرین نے بھارت کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی جداگانہ حیثیت کے باقاعدہ خاتمے پر دنیا بھر میں مقیم کشمیری سراپا احتجاج بن گئے ہیں۔

    اس سلسلے میں لندن میں بھارتی ہائی کمیشن کے سامنے بڑا مظاہرہ کیا گیا، جس میں طلبہ نے بھی شرکت کی اور ہندو پنڈت بھی بھارتی فیصلے کے خلاف احتجاج کرتے دکھائی دیے۔

    مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے اور مزید فوج کی تعیناتی پر لندن میں ٹریڈ یونینز کے نمایندے بھی کشمیریوں کی حمایت میں نکل آئے۔

    لندن میں سراپا احتجاج مظاہرین کا کہنا تھا کہ بھارت کشمیر میں اسرائیل کی طرز پر آپریشن کرنے جا رہا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  پاکستان نے مقبوضہ کشمیر سے متعلق بھارتی اعلان مسترد کردیا

    دریں اثنا، بھارتی اقدام پر برطانیہ میں پاکستانی کمیونٹی بھی ناراض دکھائی دے رہی ہے، مسیحی مبلغ جیمز شیرا نے برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن کو خط لکھ کر تحفظات کا اظہار کر دیا ہے۔

    جیمز شیرا نے خط میں لکھا کہ بھارت آرٹیکل 370 ختم کر کے کشمیر میں آبادی کا تناسب بگاڑنا چاہتا ہے، کشمیر کے خصوصی تشخص کو ختم کرنے سے خطے میں بگاڑ پیدا ہوگا۔

    عیسائی رہنما کا کہنا تھا کہ بھارت کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند کرے، برطانوی حکومت کشمیر کے معاملے میں بھارت پر دباؤ ڈالے۔

    واضح رہے کہ بھارت نے آئین کے آرٹیکل 370 کا خاتمہ کر کے مقبوضہ کشمیر کی جداگانہ حیثیت کا خاتمہ کر دیا ہے جس پر دنیا بھر کے کشمیری سراپا احتجاج ہیں۔

    برسلز میں یورپی کشمیر کونسل کے چیئرمین علی رضا نے اپنے بیان میں کہا کہ اب جموں و کشمیر کی حیثیت 1947 جیسی ہو گئی ہے، جموں و کشمیر کی جداگانہ حیثیت ختم کر کے کشمیر کا بھارت سے مشروط الحاق ختم کر دیا گیا ہے، اس لیے اقوام متحدہ اپنی امن فوجیں مقبوضہ وادی روانہ کرے۔

  • او آئی سی کشمیر میں گھمبیر صورت حال کا فوری طور نوٹس لے: شاہ محمود

    او آئی سی کشمیر میں گھمبیر صورت حال کا فوری طور نوٹس لے: شاہ محمود

    اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) سے مطالبہ کیا ہے کہ کشمیر میں گھمبیر ہوتی صورت حال کا فوری طور نوٹس لیا جائے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود نے او آئی سی کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر یوسف احمد سے فون پر رابطہ کر کے کشمیر میں بڑھتی بھارتی جارحیت اور امن و امان کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔

    وزیر خارجہ شاہ محمود نے کہا کہ بھارت کا نہتے کشمیریوں پر سفاکانہ طاقت کا استعمال انتہائی قابل مذمت ہے۔

    انھوں نے کہا کہ بھارت نہتے کشمیریوں پر ظلم و ستم کے پہاڑ توڑ رہا ہے، اور عالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزیوں کا مرتکب ہو رہا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  کلسٹر بم کا استعمال، وزیراعظم عمران خان کا عالمی برادری سے نوٹس کا مطالبہ

    ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ غیر ملکیوں کو کشمیر سے نکلنے کے احکامات تشویش میں اضافے کا سبب ہیں، او آئی سی فوری طور اس گھمبیر صورت حال کا نوٹس لے۔

    دریں اثنا، سیکریٹری جنرل او آئی سی ڈاکٹر یوسف احمد نے کشمیر کی صورت حال کا نوٹس لینے اور ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔

    خیال رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے بھی مقبوضہ کشمیر اور لائن آف کنٹرول پر بھارتی جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کلسٹر بم کا استعمال عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے، عالمی برادری بھارتی جارحیت کا نوٹس لے۔

  • دلی میں قید یاسین ملک کی بگڑتی صحت پر تشویش ہے: میر واعظ کا ٹویٹ

    دلی میں قید یاسین ملک کی بگڑتی صحت پر تشویش ہے: میر واعظ کا ٹویٹ

    سری نگر: حریت رہنما میر واعظ عمر فاروق نے کہا ہے کہ بھارت نے یاسین ملک کو غیر قانونی حراست میں رکھا ہوا ہے، ان کی روز بہ روز بگڑتی صحت پر انھیں تشویش ہے۔

    تفصیلات کے مطابق میر واعظ عمر فاروق نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا دلی میں قید یاسین ملک کی بگڑتی صحت پر تشویش ہے، یاسین ملک کو دلی کے تہاڑ جیل میں محبوس رکھا گیا ہے۔

    حریت پسند کشمیری رہنما نے ایک بار پھر مطالبہ کیا کہ بھارت یاسین ملک کو فوراً مناسب طبی سہولتیں فراہم کرے۔

    ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے حریت رہنماؤں اور نوجوانوں کو انتقاماً حراست میں رکھا ہوا ہے، بھارت یاسین ملک کو غیر قانونی حراست سے رہا کرے۔

    یہ بھی پڑھیں:  مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فوج کی فائرنگ، کشمیری نوجوان شہید

    واضح رہے کہ مقبوضہ وادی میں بھارتی فورسز کی جانب سے مظالم کا سلسلہ جاری ہے، آج بارہ مولہ میں قابض فورسز نے فائرنگ کر کے ایک کشمیری نہتے نوجوان کو زندگی سے محروم جب کہ ایک زخمی کو گرفتار کر لیا۔

    کشمیری میڈیا کے مطابق بھارتی فورسز نے علاقے میں دہشت گردی کے بعد غیر اعلانیہ کرفیو بھی نافذ کیا، اور حسب معمول انٹرنیٹ اور موبائل فون سروس بھی بند کی گئی۔

    انڈین فوجیوں نے علاقے میں گھر گھر تلاشی بھی لی، اور اس بہانے خواتین اور بچوں کو گھروں سے نکال دیا۔

    یاد رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے ریاستی دہشت گردی کی جاری کارروائیوں کے دوران گزشتہ ماہ جون میں 28 کشمیریوں کو شہید کیا تھا۔

  • محبوبہ مفتی کی اضافی بھارتی فوجی اہل کار بھیجنے کی مذمت

    محبوبہ مفتی کی اضافی بھارتی فوجی اہل کار بھیجنے کی مذمت

    سری نگر: مقبوضہ جموں و کشمیر کی سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے بھارت کی جانب سے وادی میں اضافی بھارتی فوجی اہل کار بھیجنے کے اعلان کی مذمت کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت نے اعلان کیا ہے کہ وہ مقبوضہ وادی میں مزید 10 ہزار فوجی بھیج رہا ہے، محبوبہ مفتی نے کہا کہ بھارت کی طرف یہ اعلان قابل مذمت ہے۔

    کشمیری میڈیا کے مطابق محبوبہ مفتی کا کہنا تھا کہ اضافی فوجیوں کی تعیناتی سے عوام میں خوف و ہراس بڑھے گا، کشمیر سیاسی مسئلہ ہے فوجی طریقے سے حل نہیں ہو سکتا۔

    محبوبہ مفتی نے مزید کہا کہ بھارت کو کشمیر سے متعلق پالیسی دوبارہ بنانے کی ضرورت ہے۔

    خیال رہے کہ مودی سرکار نے مقبوضہ کشمیر میں فوری طور پر مزید دس ہزار فوجی تعینات کرنے کا اعلان کیا ہے، اعلان کے بعد کمپنیاں روانہ کرنے کے احکامات بھی جاری کر دیے گئے ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  بھارت کا مقبوضہ کشمیر میں مزید دس ہزار فوجی تعینات کرنے کا اعلان

    بھارتی وزارت داخلہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ وادی میں انٹیلی جنس کو مضبوط کرنے کے لیے فورسز تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    جن کمپنیوں کو مقبوضہ کشمیر میں تعیناتی کے احکامات جاری کیے گئے ہیں ان میں سی آر پی ایف کی 50 کمپنیاں، بی ایس ایف کی 10، ایس ایس بی کی 30 اور آئی ٹی بی کی 10 کمپنیاں شامل ہیں۔

    خیال رہے یہ احکامات امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی اس پیش کش کے بعد جاری کیے گئے ہیں جس میں انھوں نے کہا تھا کہ وہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کشمیر تنازع پر ثالثی کے لیے تیار ہیں۔

  • اقوام متحدہ کی جانب سے  مقبوضہ کشمیر کی صورت حال پر نئی رپورٹ جاری

    اقوام متحدہ کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی صورت حال پر نئی رپورٹ جاری

    برسلز: اقوام متحدہ کمشنر برائے انسانی حقوق کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی صورت حال پر نئی رپورٹ جاری کر دی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نئی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مئی 2018 سے اپریل 2019 تک کشمیر کے دونوں حصوں کا جائزہ لیا گیا، بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں 1990 کی پرتشدد پالیسی کو دوبارہ متعارف کرایا۔

    جنیوا سے شایع شدہ رپورٹ کے مطابق بھارتی فوج غیر قانونی حراست، تشدد، جبری ہتھکنڈے استعمال کر رہی ہے، مقبوضہ کشمیر میں 2018 میں 160 افراد کو قتل اور 1253 افراد کو بیلٹ گن کے ذریعے بینائی سے محروم کر دیا گیا۔

    رپورٹ میں اقوام متحدہ کو تجویز دی گئی ہے کہ وہ پیش کردہ اعداد و شمار کی روشنی میں ایک بین الاقوامی کمیشن آف انکوائری قائم کرے تاکہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی آزادانہ تحقیقات کی جا سکے۔

    مقبوضہ کشمیر کی صورت حال پر اقوام متحدہ کی رپورٹ کی تیاری میں سول سوسائٹی جے کے سی سی ایس نامی تنظیم نے کردار ادا کیا۔

    یہ بھی پڑھیں:  مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم، نیویارک ٹائمز کی چشم کشا رپورٹ

    ادھر پاکستانی سفیر طاہر اندرابی نے کہا ہے کہ انسانی حقوق کونسل نے کشمیر پر دوسری رپورٹ شایع کر دی ہے، بھارت کو کشمیری عوام کا حق خود ارادیت تسلیم کرنا چاہیے۔

    طاہر اندرابی کا کہنا تھا کہ کشمیر رپورٹ نے بھارت کے جھوٹ سے پردہ اٹھا دیا ہے، رپورٹ میں بھارت کے انسانیت سوز مظالم کا تفصیلی ذکر ہے۔

    انھوں نے کہا کہ عالمی برادری بھارتی افواج کے مظالم رکوانے کے لیے بھارت پر زور ڈالے، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی تحقیقات کے لیے اقوام متحدہ عالمی انکوائری کمیشن قائم کرے۔

  • مقبوضہ کشمیر میں پیلٹ گن کا استعمال رمضان میں بھی جاری ہے: میر واعظ عمر فاروق

    مقبوضہ کشمیر میں پیلٹ گن کا استعمال رمضان میں بھی جاری ہے: میر واعظ عمر فاروق

    سری نگر: حریت رہنما میر واعظ عمر فاروق نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں ظالم بھارتی فورسز کی جانب سے رمضان میں بھی پیلٹ گن کا استعمال بلا روک ٹوک جاری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق میر واعظ عمر فاروق نے کہا ہے کہ بھارتی فوج جنوبی کشمیر میں لوگوں پر مسلسل پیلٹ گنز کا استعمال کر رہی ہے جو درد ناک زخموں اور حتیٰ کہ اموات کا بھی باعث ہے۔

    حریت پسند کشمیری رہنما کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں پیلٹ گن کے استعمال اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی جاری ہے، جس کی وجہ سے وادی کی صورت حال میں مزید بگاڑ پیدا ہو رہا ہے۔

    انھوں نے کہا کہ جو لوگ مسئلہ کشمیر کو حل کرنے کے خواہش مند ہیں انھیں جاننا ہوگا کہ اسے صرف سیاسی طور پر ہی حل کیا جاسکتا ہے، طاقت کے ذریعے نہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی ریاستی دہشت گردی، 2 کشمیری نوجوان شہید

    دریں اثنا، آج بھارتی فورسز نے کلگام ضلع میں ایک اور کشمیری کو شہید کر دیا ہے، فورسز نے تازی پورہ میں محاصرہ کر کے سرچ آپریشن میں نوجوان کو شہید کیا۔

    ضلع کلگام میں بھارتی فورسز کے مظالم اور شہادتوں کے خلاف کشمیریوں کے پر امن احتجاج پر بھی فورسز نے وحشیانہ تشدد کیا، جس کے نتیجے میں 50 کشمیری شدید زخمی ہو گئے ہیں، جن میں سے چند کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔