Tag: کشمیر

  • 5 اگست کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے سلسلے میں چیئرمین سینیٹ کا بڑا فیصلہ

    5 اگست کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے سلسلے میں چیئرمین سینیٹ کا بڑا فیصلہ

    اسلام آباد: پانچ اگست کو کشمیریوں کے ساتھ اظہار یک جہتی کے سلسلے میں چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے خصوصی اجلاس بلانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق 5 اگست کو کشمیروں سے اظہار یک جہتی کے لیے سینیٹ کا خصوصی اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، چیئرمین سینیٹ کی رولنگ پر سینیٹ سیکریٹریٹ نے وزارتِ پارلیمانی امور کو اس سلسلے میں خط لکھ دیا ہے۔

    خط میں لکھا گیا ہے کہ کشمیریوں پر ظلم و ستم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر آواز اٹھائی جائے، وزارتِ پارلیمانی امور اس سلسلے میں صدر مملکت کو فوری سمری ارسال کرے۔

    5 اگست کو ہونے والے خصوصی اجلاس میں کشمیر پر ایک نکاتی ایجنڈا زیر غور ہوگا، چیئرمین سینیٹ نے پارلیمانی امور سے مظفر آباد میں سیشن رکھنے کے لیے رائے مانگ لی، چیئرمین سینیٹ کا کہنا تھا کہ کشمیریوں سے اظہار یک جہتی کے لیے اجلاس مظفر آباد میں کرنا چاہتے ہیں۔

    واضح رہے کہ بھارت نے 5 اگست 2019 کو اپنے آئین کے آرٹیکل 370 اور 35 اے کا خاتمہ کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر کو اس کی خصوصی حیثیت سے محروم کر دیا تھا جب کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کو تقسیم کرتے ہوئے اسے 2 وفاقی اکائیوں میں تبدیل کر دیا تھا جس کا اطلاق گزشتہ سال 31 اکتوبر سے ہو گیا تھا۔

    ساتھ ہی بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں کرفیو نافذ کرتے ہوئے مکمل لاک ڈاؤن کر دیا تھا جو 5 اگست سے اب تک جاری ہے جب کہ وہاں کے عوام کو مواصلاتی نظام کی بندش کا بھی سامنا ہے جس کی وجہ سے معاشی اور انسانی بحران پیدا ہو گیا ہے۔

  • الحاق پاکستان کی قرارداد مذہبی، ثقافتی اور معاشی حقوق کے تحفظ کے لیے تھی: میر واعظ

    الحاق پاکستان کی قرارداد مذہبی، ثقافتی اور معاشی حقوق کے تحفظ کے لیے تھی: میر واعظ

    سرینگر: کشمیری حریت رہنما میر واعظ عمر فاروق کا کہنا ہے کہ الحاق پاکستان کا فیصلہ اس بات کا ثبوت ہے کہ کشمیری اپنا مستقبل پاکستان کے ساتھ دیکھتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق یوم الحاق پاکستان پر حریت رہنما میر واعظ عمر فاروق نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ 19 جولائی کا دن کشمیر کی تاریخ میں خاص اہمیت رکھتا ہے، آج پاکستان میں شامل ہونے کی تاریخی قرارداد منظور کی گئی تھی۔

    میر واعظ عمر فاروق کا کہنا تھا کہ قرارداد مذہبی، ثقافتی، جغرافیائی اور معاشی حقوق کے تحفظ کے لیے تھی، یہ فیصلہ اس بات کا ثبوت ہے کہ کشمیری اپنا مستقبل پاکستان کے ساتھ دیکھتے ہیں۔

    خیال رہے کہ یوم الحاق پاکستان پر وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ کشمیریوں کی جدوجہد حق خود ارادیت کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں، ہم کشمیریوں کے حق کے لیے جنگ لڑتے رہیں گے۔

    ان کا کہنا تھا کہ سلامتی کونسل بھی کشمیریوں کا حق خود ارادیت تسلیم کرتی ہے، کشمیریوں کو انصاف فراہم کروانے کے لیے جنگ لڑتے رہیں گے، میں جانتا ہوں ایک دن انصاف کا بول بالا ہوگا۔

  • کشمیری حق خود ارادیت کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے: سید علی گیلانی

    کشمیری حق خود ارادیت کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے: سید علی گیلانی

    سرینگر: کشمیری حریت رہنما سید علی گیلانی کا کہنا ہے کہ کشمیری حق خود ارادیت کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے، محمد اشرف صحرائی اور کارکنوں کی گرفتاری بھارت کی بوکھلاہٹ کا ثبوت ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کشمیری حریت رہنما سید علی گیلانی کا کہنا ہے کہ کشمیری عوام بھارت کے جارحانہ اقدامات کے آگے نہیں جھکیں گے۔

    سید علی گیلانی کا کہنا تھا کہ حق خود ارادیت کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے، محمد اشرف صحرائی اور کارکنوں کی گرفتاری بوکھلاہٹ کا ثبوت ہے۔

    خیال رہے کہ بھارتی فوج نے یوم شہدائے کشمیر سے ایک روز قبل حریت رہنما اشرف صحرائی کو گرفتار کیا تھا، اشرف صحرائی کو صبح سویرے سرینگر میں ان کے گھر سے گرفتار کیا گیا۔

    قابض فورسز اشرف صحرائی کے بیٹے جنید صحرائی کو پہلے ہی نام نہاد آپریشن کے دوران شہید کر چکی ہے۔

    مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی بربریت جاری ہے، چند روز قبل بارہ مولا میں آپریشن کے دوران ایک کار سوار کو گاڑی سے نیچے اتار کر اس کے 3 سالہ نواسے کے سامنے فائرنگ کر کے قتل کردیا گیا تھا۔

    بعد ازاں ایک اور کارروائی میں قابض فوج نے مزید 2 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا تھا۔

  • ’کشمیری اپنی منزل حاصل کرکے رہیں گے‘

    ’کشمیری اپنی منزل حاصل کرکے رہیں گے‘

    اسلام آباد: وفاقی وزیراطلاعات شبلی فراز نے کہا ہے کہ بھارت جبر سے کشمیریوں کے خود ارادیت کی جدوجہد کا راستہ نہیں روک سکتا، کشمیری اپنی منزل حاصل کرکے رہیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شبلی فراز نے ٹوئٹ کیا کہ دنیا کروناوائرس کی وبا سے برسر پیکار ہے جبکہ بھارت بنیادی انسانی حقوق روند رہا ہے، بھارت کا انتہا پسند چہرہ دنیا پر بے نقاب ہو چکا ہے۔

    شبلی فراز نے اپنے ٹوئٹ کے ذریعے مودی سرکار کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور بھارتی جارحیت کی مذمت کی۔

    خیال رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی کا سلسلہ تھم نہ سکا، تازہ کارروائی میں ضلع شوپیاں میں مزید 4 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا، گزشتہ 24 گھنٹوں میں شہید ہونے والے افراد کی تعداد 9 ہوگئی۔

    مقبوضہ کشمیر میں مزید4 نوجوان شہید، 24 گھنٹوں میں تعداد 9ہوگئی

    بھارتی فوج نے ضلع شوپیاں کے علاقے پنجوڑہ میں سرچ آپریشن کے نام پر نہتے نوجوانوں کو فائرنگ کانشانہ بنایا، فائرنگ کے بعد سینکڑوں افراد گھروں سے باہر نکل آئے، مشتعل مظاہرین نے بھارتی فوج پر پتھراؤ کیا، مظاہرین نے کشمیر کی آزادی کے حق میں اور مودی سرکار کیخلاف نعرے بازی کی۔

  • قابض بھارتی فوج کے ہاتھوں مزید 3 کشمیریوں کی شہادت

    قابض بھارتی فوج کے ہاتھوں مزید 3 کشمیریوں کی شہادت

    سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں درندہ صفت بھارتی فوج نے بربریت کی نئی مثال قائم کردی، وادی میں مزید 3 کشمیریوں کو شہید کردیا،3روز میں شہید کشمیریوں کی تعداد 18ہوگئی۔

    کشمیری میڈیا کی رپورٹ کے مطابق مقبوضہ وادی کے علاقے پلواما میں بھارتی فورسز کی فائرنگ سے مزید 3 کشمیری شہید ہوگئے، کشمیری نوجوانوں کو نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران شہید کیا گیا۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارتی فوج نے پلواما کا محاصرہ کیا اور گھروں میں توڑ پھوڑ بھی کی، مقبوضہ وادی میں 3روز میں شہید کشمیریوں کی تعداد 18ہوگئی، اور شہادتوں کا یہ سلسلہ بدستور برقرار ہے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز قابض فورسز نے مختلف کارروائیوں میں 15 کشمریوں کا شہید کیا تھا۔

    مقبوضہ کشمیر میں ظلم و بربریت کی انتہا ،24 گھنٹوں میں 15 کشمیری شہید

    کشمیر میڈیا سیل کے مطابق بھارتی فورسز نے مئی میں اکیس کشمیری نوجوانوں کوشہید کیا اور آٹھ سو زائد گھر تباہ کئے جبکہ بدترین تشدد سے دوسو سے زائد کشمیری زخمی ہوئے اور ایک سوچھیالیس کشمیریوں کو بغیر کسی جرم گرفتار کیا گیا۔

    عالمی اداروں کی جانب سے دباؤ کے باوجود مودی اپنے ناپاک عزائم سے باز نہیں آیا ہے۔

  • کشمیریوں نے عید قید تنہائی میں گزاری: مشال ملک

    کشمیریوں نے عید قید تنہائی میں گزاری: مشال ملک

    اسلام آباد: کشمیری حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشال ملک کا کہنا ہے کہ کشمیریوں نے عید قید تنہائی میں گزاری ہے، بھارت کرونا وائرس کی آڑ میں بلیک آؤٹ کر کے کشمیریوں کا قتل عام کر رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کشمیری حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشال ملک کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال پر شدید تشویش لاحق ہے، بھارت کرونا وائرس کی آڑ میں بلیک آؤٹ کر کے کشمیریوں کا قتل عام کر رہا ہے۔

    مشال ملک کا کہنا تھا کہ کشمیر میں لاک ڈاؤن کے باعث خوراک کی شدید قلت ہے، یاسین ملک سمیت قید حریت رہنماؤں کی زندگی کو خطرات ہیں۔ مقبوضہ کشمیر میں کرونا مریضوں کو کوئی سہولت فراہم نہیں کی جارہی۔

    انہوں نے کہا کہ کئی مہینوں سے لاک ڈاؤن نے کشمیریوں کی زندگی اجیرن کردی، بھارتی فورسز ظلم اور لاک ڈاؤن سے کشمیریوں کو نفسیاتی مریض بنا رہی ہے۔

    مشال ملک کا کہنا تھا کہ کشمیریوں کی جدوجہد ظلم و ستم اور جبر کے باوجود بھی جاری ہے، مودی حکومت مسلم دشمن ایجنڈے پر عمل پیرا ہے۔ کشمیریوں نے عید قید تنہائی میں گزاری۔ عالمی ادارہ صحت مقبوضہ کشمیر میں صحت سہولیات کا جائزہ لے۔

  • ’شہدا کشمیر سے تحریک آزادی فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہوچکی ہے‘

    ’شہدا کشمیر سے تحریک آزادی فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہوچکی ہے‘

    مظفرآباد: وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے کہا ہے کہ تحریک آزادی کے لیے دی گئی قربانیاں کشمیری قوم کااثاثہ ہیں، کشمیری شہدا کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر کا حریت رہنماؤں کو خراج عقیدت کرتے ہوئے کہنا تھا کہ شہدا کشمیر کا مشن ہرصورت میں پورا کیا جائے گا، حریت رہنماؤں نے بھارتی فوج کے مظالم کے خلاف آواز اٹھائی۔

    انہوں نے کہا کہ قابض فوج منصوبہ بندی سے کشمیریوں کی املاک تباہ کررہی ہے، شہدا کشمیر سے تحریک آزادی فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہوچکی ہے، خواجہ عبدالغنی لون شہید منجھے ہوے سیاستدان ومفکر تھے۔

    مقبوضہ کشمیر ، بھارتی فورسز نے حزب المجاہدین کے کمانڈر ریاض نائیکو کوشہید کردیا

    راجہ فاروق حیدر کا کہنا تھا کہ میرواعظ محمد فاروق عالم دین اور شعلہ بیاں مقرر تھے، کشمیری قوم کی قربانیاں جلد رنگ لائیں گی، بھارت مظلوموں کی آواز نہیں دبا سکتا۔

    خیال رہے کہ رمضان المبارک میں بھی وادی میں قابض بھارتی فوج کی جانب سے مظالم کا سلسلہ جاری ہے، نام نہاد آپریشن کے نام پر نہتے مظلوم کشمیروں کو شہید کیا جارہا ہے۔ حالیہ دنوں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز نے کشمیری کمانڈر ریاض نائیکو کو شہید کیا، ریاض نائیکو کو برہان وانی کی شہادت کے بعد کمانڈر مقرر کیا گیا تھا۔

  • حزب کمانڈر جنید صحرائی ساتھی سمیت شہید، کشمیری سراپا احتجاج

    حزب کمانڈر جنید صحرائی ساتھی سمیت شہید، کشمیری سراپا احتجاج

    سری نگر: جموں و کشمیر پر قابض بھارتی فوج کے ایک حملے میں حزب کمانڈر جنید صحرائی ساتھی سمیت شہید ہو گئے، جس پر کشمیری سراپا احتجاج بن گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے غاصبانہ قبضے کے خلاف کشمیری جوان برسر پیکار ہیں، قابض بھارتی فوج نے سرینگر کے علاقے نواکادل میں گزشتہ روز حملہ کیا۔

    بھارتی فوج کے حملے میں حریت رہنما اشرف صحرائی کے بیٹے اور حزب کمانڈر جنید صحرائی ساتھی سمیت شہید ہو گئے ہیں، بھارتی فوج کے حملے میں 17 مکانات بھی تباہ ہو گئے، جس کے بعد علاقہ میدان جنگ بن گیا۔

    بڑی تعداد میں کشمیری عوام سڑکوں پر نکل آئے ہیں، کئی مقامات پر بھارتی فورسز کے ساتھ جھڑپیں جاری ہیں، جس میں متعدد کشمیری زخمی ہوئے۔

    یاد رہے کہ بھارت کی جانب سے کشمیریوں کو بربریت کا مسلسل نشانہ بنایا جا رہا ہے، چند دن قبل بڈگام میں بھی پیر معراج الدین کی شہادت بھارتی مظالم کی تازہ مثال ہے، بھارتی پولیس پرامن مظاہرین پر طاقت کا بے جا استعمال کر رہی ہے، اور پرامن مظاہرین پر شاٹ گن، پیلٹ گن اور آنسو گیس استعمال کی جا رہی ہے۔

    اتوار کو بھی ضلع ڈوڈا میں 2 کشمیری شہید کر دیے گئے تھے، کشمیری میڈیا کے مطابق نوجوانوں کو نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران نشانہ بنایا گیا تھا، اس آپریشن کے دوران ایک بھارتی فوجی بھی مارا گیا۔ دو دن قبل پلواما اور شوپیاں میں بھی بھارتی فورسز نے نام نہاد سرچ آپریشن میں علاقے کا محاصرہ کر کے متعدد نوجوانوں کو گرفتار کر لیا تھا۔

  • اقوام متحدہ کی بھارت کے انسداد دہشتگردی قوانین پر شدید تنقید

    اقوام متحدہ کی بھارت کے انسداد دہشتگردی قوانین پر شدید تنقید

    نیویارک: اقوام متحدہ نے بھارت کے انسدداد دہشت گردی قوانین پر شدید تنقید کی ہے، یو این انسانی حقوق کے اعلیٰ عہدے داروں نے بھارتی قوانین پر نظر ثانی کا مطالبہ کر دیا۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ بھارتی انسداد دہشت گردی قوانین انسانی حقوق کے اصولوں پر پورا نہیں اترتے، بھارت ان قوانین پر نظر ثانی کرے۔

    اقوام متحدہ کا کہنا تھا کہ بھارتی افواج انہی غیر انسانی قوانین کا سہارا لے کر کشمیریوں پر ظلم کر رہی ہے، انسانی حقوق کے عالمی مبصرین متعدد بار بھارتی قوانین پر اعتراضات اٹھا چکے ہیں۔

    ادھر اقوام متحدہ میں مستقل مندوب منیر اکرم نے کہا ہے کہ بھارتی قوانین پر اعتراض پاکستانی اور کشمیری مؤقف کی تائید ہے، پاکستان نے ہمیشہ کہا کہ کشمیر میں حق خود ارادیت کی جدوجہد دہشت گردی نہیں، بھارتی سرکار ان قوانین کا سہارا لے کر اختلاف رائے کو دبا رہی ہے۔

    مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کے مظالم کا سلسلہ جاری، خاتون سمیت متعدد افراد زخمی

    یاد رہے کہ بھارت جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کر چکا ہے، جس کے بعد بھارت مسلسل اس کوشش میں ہے کہ کشمیریوں کو ان کی اپنی زمین پر اقلیت میں بدل دے، جب کہ بھارتی فوج نے آرٹیکل 370 کے خاتمے کے بعد وادی میں لاک ڈاؤن بھی لگایا جو آج تک جاری ہے اور اس دوران ہزاروں کشمیریوں کو جیلوں میں ڈالا جا چکا ہے۔

    ادھر گزشتہ روز بھی سری نگر میں بھارتی فورسز کی جانب سے طاقت کے وحشیانہ استعمال کے نتیجے میں خاتون سمیت متعدد افراد زخمی ہو گئے، رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں بھی مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کے مظالم کا سلسلہ نہ تھم سکا۔ بھارتی فورسز نے نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران ضلع بڈگام میں 12 سے زائد نوجوانوں کو بھی گرفتار کیا۔

  • اقوام متحدہ کی ایک اور رپورٹ میں بھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب

    اقوام متحدہ کی ایک اور رپورٹ میں بھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب

    نیویارک: اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کی ایک اور رپورٹ میں بھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب ہو گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق یو این انسانی حقوق نے آزادئ رائے کے فروغ و تحفظ سے متعلق ایک رپورٹ جاری کی ہے جس میں مقبوضہ کشمیر کی صورت حال کا خصوصی ذکر شامل کیا گیا ہے۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں ابلاغی پابندیوں کے باعث بنیادی حقوق پامال ہو رہے ہیں، وادی کے عوام کو بھارت پابندیاں لگا کر سزا دے رہا ہے، بھارت نے کشمیری عوام کے لیے انٹرنیٹ تک رسائی بھی انتہائی محدود کر دی ہے۔

    رپورٹ کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں پابندیوں کے باعث کرونا وبا کے دوران طبی عملے کے لیے اہم معلومات حاصل کرنا بھی مشکل ہو گیا ہے۔

    ادھر عالمی یوم آزادئ صحافت پر اقوام متحدہ کے خصوصی نمایندے کا ویڈیو بیان بھی سامنے آیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں انٹرنیٹ کی بندش سے معلومات کا حصول مشکل ہو گیا، کرونا وبا کے دوران معلومات کے لیے انٹرنیٹ کا حصول انتہائی ضروری تھا، اور طبی عملے کو صحت سے متعلق بین الاقوامی معلومات حاصل کرنی تھیں۔

    رپورٹ پر رد عمل دیتے ہوئے یورپ میں چیئرمین کشمیر کونسل علی رضا سید نے کہا کہ یو این رپورٹ کا خیر مقدم کرتے ہیں، مقبوضہ وادی کے گھمبیر حالات پر اقوام متحدہ کی رپورٹ حقایق پر مبنی ہے، رپورٹ نے مقبوضہ کشمیر میں مواصلات کی بندش کو آزادئ اظہار رائے کے خلاف قرار دیا، اب بھارت کشمیریوں پر جاری ظلم و ستم چھپا نہیں سکتا۔

    چیئرمین کشمیر کونسل نے مطالبہ کیا کہ عالمی برادری رپورٹ کے مطابق مقبوضہ وادی کی صورت حال کا نوٹس لے۔ انھوں نے کہا کہ ایل او سی پر بسنے والے باشندے بھی بھارتی فوج کے حملوں سے محفوظ نہیں، دنیا بھارت کو ایل او سی کی سویلین آبادی کے قتل عام سے بھی روکے۔

    خیال رہے کہ آج دنیا بھر میں یوم آزادئ صحافت منایا جا رہا ہے، اقوام متحدہ کے ادارے یونیسکو کے تحت یوم آزادئ صحافت منانے کا مقصد کسی دباؤ کے بغیر آزاد اور ذمہ دارانہ اطلاعات عوام تک پہنچانا ہے۔