Tag: کشمیر

  • کشمیریوں‌ سے اظہار یکجہتی کے لیے جذباتی نغمہ جاری

    کشمیریوں‌ سے اظہار یکجہتی کے لیے جذباتی نغمہ جاری

    کراچی: مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا نشانہ بننے والے عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے نغمہ ریلیز کردیا گیا جس میں بھارتی مظالم اور کشمیریوں کو آزادی مانگتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مقبوضہ وادی میں جاری بھارتی مظالم اور نہتے کشمیریوں کی آزادی کے حوالے سے جذباتی نغمہ ریلیز کردیا گیا جس میں ایک ماں اور ننھے کشمیری پر قابض فوجیوں کے مظالم دکھائے گئے ہیں۔


    نغمے کے ابتداءمیں کشمیر کی خوبصورت وادی دکھائی گئی ہے جس میں بچہ اپنی والدہ سے سوال کرتا نظر آتا ہے کہ ’’ماں کشمیر تو جنت ہے تو پھر جنت میں طوفان ہے کیوں؟‘‘، نغمے میں بچے کو اس عزم کا اظہار کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے کہ میں اس جنت میں رہنا چاہتا ہوں مگر قابض فوجیوں کے مظالم پر دنیا کے خاموش دکھائی دیتی ہے‘‘۔

    گانے کی شاعری میں بچے نے اقوام متحدہ سمیت تمام ممالک سے مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے مظالم پر خاموشی کے حوالے سے سوال اٹھایا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ ’’دنیا کو سب کے دکھ یاد ہیں تاہم کشمیریوں کے دکھوں کا کوئی مداوا نہیں کرتا باوجود اس کے دنیا آزاد ہے اور میں ابھی تک غلامی کی زندگی گزار رہا ہوں‘‘۔

    ویڈیو میں دیوار پر آزادی کے حوالے سے سطریں تحریر ہوئی دکھائی گئی ہیں جبکہ مزید دکھایا گیا ہے کہ ایک ماں اپنے بچوں کو اسکول چھوڑنے کے لیے گھر سے نکلتی ہے تو باہر قابض فوجیوں نے محاصرہ کیا ہوتا ہے مگر بچوں کے اسکول کی چھٹی نہ کروانے کے لیے وہ گھر سے نکل جاتی ہے تاہم بھارتی فوجی اُسے روکنے کی کوشش کرتی ہے مگر مسلسل جدوجہد کے بعد وہ فوجی محاصرہ توڑتے ہوئے اپنے بیٹے اور بیٹی کے ہمراہ جانے کی کوشش کرتی ہے تو فوجی اہلکار اُس کے بچے پر مظالم کے لیے آجاتے ہیں۔

    بچوں کو فوجیوں کے درمیان دیکھ کر ماں دوڑ کر واپس آتی ہے اور اہلکار کی لاٹھی روکتی ہے جس پر دوسرا فوجی ڈنڈے برسانا شروع کردیتا ہے اور ماں اپنے بچے کے برابر میں گر جاتی ہے بعد ازاں قابض فوجی دونوں پر مظالم کرتے رہتے ہیں‘‘۔

  • بھارت الزام لگانے کے بجائےمسئلہ کشمیر پر توجہ دے،اعزازچوہدری

    بھارت الزام لگانے کے بجائےمسئلہ کشمیر پر توجہ دے،اعزازچوہدری

    نیویارک: سیکٹری خارجہ اعزاز چوہدری کا کہنا ہے کہ بھارت کو پاکستان پر الزام لگانے کے بجائےمسئلہ کشمیر پر توجہ دینی چاہیے جبکہ مقبوضہ کشمیرکےمعاملےپرصورتحال جنگ کی جانب نہیں جانی چاہیے۔

    تفصیلات کےمطابق نیویارک میں پریس کانفرنس کے دوران سیکرٹری خارجہ اعزاز چوہدری کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی مظالم کا ردعمل سامنے آتا رہے گا جبکہ بھارت کو کشمیری عوام کی آواز سننے کی ضرورت ہے۔

    انہوں نے کہا کہ بھارت کےدھمکی آمیزبیانات سےعلاقائی امن کوخطرات لاحق ہیں لہذا مقبوضہ کشمیر کے معاملے پر صورتحال جنگ کی جانب نہیں جانی چاہیے جبکہ امریکا مقبوضہ کشمیر کے معاملے پر کردار ادا کر سکتا ہے۔

    سیکٹری خارجہ نے بتایا کہ اوآئی سی کے کشمیر پررابطہ گروپ کا اہم اجلاس ہوا ہے اور وزیراعظم نواز شریف نے مسلم دنیا کو کشمیر کے ایشو پر اکٹھا کرنے کی کوشش کی جبکہ کشمیری عوام کی آوازبین الاقوامی برادری تک پہنچانا ہمارا اخلاقی فرض ہے۔

    اعزازچودھری کا کہنا تھا کہ وزیراعظم سے ملاقات میں جان کیری نےانسداددہشت گردی کےلیےپاکستانی کوششوں کوتسلیم کیا جبکہ وزیراعظم نے جان کیری کو نہ صرف مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم سےآگاہ کیا بلکہ دونوں رہنماؤں کے درمیان افغانستان کے مسئلے پر بھی بات ہوئی۔

    واضح رہے کہ وزیراعظم نوازشریف کی برطانوی ہم منصب سے بھی کشمیر کے مسئلے پر بات ہوئی جبکہ سعودی ولی عہد سے ملاقات میں مسلم دنیا کو درپیش چیلنجز پر بات کی گئی ہے۔

  • پاکستان بھارتی حکام کے  بے بنیاد الزامات کی تردیدکرتاہے،سرتاج عزیز

    پاکستان بھارتی حکام کے بے بنیاد الزامات کی تردیدکرتاہے،سرتاج عزیز

    نیویارک : مشیر خارجہ سرتاج عزیز کا کہنا ہے کہ بھارت کی جانب سے پاکستان پر الزام مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہے۔

    تفصیلات کےمطابق مشیر خارجہ سرتاج عزیز نےاوڑی واقعےپربھارتی ردعمل پر نیو یارک میں کہا کہ باقاعدہ تحقیقات سےقبل پاکستان پرالزام عائدکرناافسوسناک ہے۔پاکستان اس طرح کے بے بنیاد اور غیر ذمہ دارانہ الزامات کو دوٹوک انداز میں مسترد کرتاہے۔

    انہوں نے کہا کہ یہ برہان وانی کی شہادت کے بعد مقبوضہ کشمیر میں ہونے والی انسانی حقوق کی صورتحال پر سے توجہ ہٹانے کی واضح کوشش ہے۔

    مشیر خارجہ کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پاکستان کی پیدا کردہ نہیں ہےبلکہ یہ بھارت کے غیر قانونی قبضہ اور ظلم کی طویل تاریخ کا نتیجہ ہے،جس میں ایک لاکھ افراد شہید ہوچکے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ مقبوضہ وادی میں 73روزسےجاری کرفیو اور احتجاج کے دوران بھارتی جارحیت سےبچےاوربوڑھےبھی محفوظ نہیں،جس کے دوران ایک سو زیادہ کشمیری شہید اور ہزاروں زخمی ہوچکے ہیں اور بڑی تعداد میں نوجوان پلیٹ گن کی فائرنگ سے نابینا ہوگئے ہیں۔

    مزید پڑھیں: کشمیریوں کےحق خودارادیت کی حمایت کرتےرہیں گے،وزیراعظم نواز شریف

    اس سے قبل نیویارک میں وزیراعظم نواز شریف نے امریکہ میں پاکستانی برادری سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ہر سطح پر کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی حمایت کرتا رہےگا۔

    مزید پڑھیں: اوڑی حملہ : پاکستان نے بھارتی الزامات کو بے بنیاد قرار دے دیا

    واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان نے بھارتی وزیر داخلہ کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے بھارتی الزامات کو بے بنیاد اورغیرذمے دارانہ قرار دیا تھا۔

  • کشمیرمیں ہندوستانی فوجی مرکز پر حملہ، 17فوجی ہلاک

    کشمیرمیں ہندوستانی فوجی مرکز پر حملہ، 17فوجی ہلاک

    سری نگر: مقبوضہ کشمیر کے ضلع بارہ مولہ کے قصبے اوڑی میں قائم بھارتی فوجی مرکز پر مبینہ حریت پسندوں نے حملہ کیا ہے جس کے نتیجے میں 17فوجی اہلکار ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق اتوارکیصبح  ساڑھے پانچ بجے نامعلوم تعداد میں مسلح افراد بھارتی فوج کی 12 ویں بریگیڈ ہیڈکوارٹرز میں داخل ہوئے اور فائرنگ شروع کردی۔

    حملے کا نشانہ بننے والا یہ فوجی مرکز لائن آف کنٹرول کے قریب واقع ہے جہاں سرحدی تنازع کی وجہ سے پہلے ہی سیکورٹی بہت زیادہ سخت ہوتی ہے۔

    رپورٹ کے مطابق حریت پسندوں اور ہندوستانی فورسز کے درمیان فوجی مرکز کے اندر فائرنگ کا تبادلہ اب بھی جارہی ہے جبکہ دھماکوں کی بھی آوازیں سنائی دے رہی ہیں۔

    ہندوستانی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے واقعے کی اطلاع ملتے ہی اپنا دورہ امریکا اور روس ملتوی کردیا جبکہ ہنگامی اجلاس بھی طلب کرلیا ہے۔

    دوسری جانب جموں و کشمیر کی وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے بھی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ کو تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیاجبکہ جموں و کشمیر پولیس حکام نے حملے میں دو فوجی اہلکاروں کی ہلاکت اور 6 کے زخمی ہونے کی تصدیق کردی۔

    حملے کے بعد فوج کے خصوصی دستوں کو ہیلی کاپٹر کی مدد سے اوڑی میں اتارا گیا جبکہ اوڑی اور لائن آف کنٹرول کی طرف جانے والی سڑکوں کی سیکورٹی سخت کردی گئی ہے۔

  • مقبوضہ کشمیر،باون روز بعد کئی علاقوں سے کرفیواُٹھا لیا گیا

    مقبوضہ کشمیر،باون روز بعد کئی علاقوں سے کرفیواُٹھا لیا گیا

    سری نگر: بھارتی فورسز نے سری نگر اور پلواما کے علاوہ کئی علاقوں سے باون روز سے جاری کرفیو اُٹھا لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت کی کٹھ پتلی انتظامیہ نے کشمیریوں کےعزم اور ولولے کے سامنے ہتھیارڈال دیئے ہیں جس کلے بعد مقبوضہ وادی کے متعدد علاقوں میں باون روز سے جاری کرفیو اٹھا لیا گیا ہے تاہم سری نگر اور پلواما سمیت کچھ علاقوں میں کرفیو بدستور جاری ہے۔

    ذرائع کے مطابق معصوم اور نہتے کشمیری عوام پر ظلم کے پہاڑ توڑنے والی بھارتی نواز کٹھ پتلی انتظامیہ نے آخر کارخود ہی ہارمان کرکئی علاقوں سے کرفیو اٹھا لیا ہے

    اسی سے متعلق : بھارتی فوج کی بربریت،حریت پسند رہنما برہان وانی شہید

    چشمِ تماشا نے یہ بھی منظر دیکھا کہ نہتے کشمیریوں پر بربریت کی انتہا کرنے والے خود ہی ان کی خیریت بھی دریافت کررہے ہیں،بھارتی میڈیا کے مطابق کٹھ پتلی وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی نے گزشتہ روز ایک سرکاری ہسپتال کا دورہ کیا اور زخمیوں کی عیادت کی۔

    یہ خبر بھی پڑھیں : کشمیر میں شہید ہونے والوں کی تعداد نواسی ہوگئی

    واضح رہے مقبوضہ کشمیرمیں باون روز سے جاری رفیو کے باعث زندگی مفلوج تھی جب کہ موبائل اور نیٹ کی سہولیات میں بندش کی وجہ ان علاقوں کا رابطہ دیگر علاقوں سے کٹ گیا تھا اور کرفیو کے باعث لوگ گھروں میں قید ہوگئے تھے سرکاری ریڈیوکی نشریات بھی بند کردی گئی ہیں۔

    حریت پسند رہنما برہان وانی کی بھارتی افواج کے ہاتھوں شہادت کے بعد پھوٹنے والے فسادات اور کشیدگی کے بعد لگائے گئے مسلسل کرفیو کے باعث کھانے پینے کی اشیا کی بھی شدید قلت پیدا ہوگئی تھی جب کہ کرفیو والے علاقوں میں کاروباری مراکز اورسرکاری ادارے بند تھے۔

  • مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فوج کے قافلے پرحملہ،3 اہلکارہلاک

    مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فوج کے قافلے پرحملہ،3 اہلکارہلاک

    سری نگر: مقبوضہ کشمیرمیں قابض بھارتی فوج کے قافلے پرحملے میں 2 فوجیوں سمیت 3 سیکورٹی اہلکارہلاک ہوئے.

    تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیرکے ضلع بارہ مولا کے علاقے خواجہ باغ میں منگل اوربدھ کی درمیانی شب ایک فوجی قافلے پراس وقت حملہ کیا گیا جب قابض فوج کی نقل وحرکت کے باعث علاقے میں کرفیونافذ تھا.

    بھارتی حکام نے حملے میں 2 فوجی اورایک پولیس اہلکارکی ہلاکت جب کہ 3 اہلکاروں کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے.

    *بھارت کے یوم آزای پرمقبوضہ کشمیرمیں مسلح تصادم،دو بھارتی فوجی ہلاک

    ایس ایس پی بارہ مولا امتیازشیخ کا کہنا ہے کہ مسلح افراد نے فوجیوں کے قافلے کو نشانہ بنایا تھا تاہم اس حملے میں وہ پولیس اہلکار بھی زد میں آئے جو وہاں موجود تھے.

    مقبوضہ کشمیر میں گذشتہ ایک ماہ سے زیادہ عرصے سے جاری تشدد میں اب تک 80 سے زائدکشمیری شہید جبکہ پانچ ہزار سے زیادہ زخمی ہو چکے ہیں.

    واضح رہے کہ 8 جولائی کو حریت پسند برہان وانی کی بھارتی فوج کے ہاتھوں شہادت کے بعد مقبوضہ وادی میں پر امن احتجاج کا سلسلہ شروع ہوا تھا.

  • اسلام آباد اورکشمیرکا سرحدی علاقہ سیلاب میں ڈوب گیا

    اسلام آباد اورکشمیرکا سرحدی علاقہ سیلاب میں ڈوب گیا

    اسلام آباد : بے رحم موجوں نے پنجاب اور کشمیر کے بارڈر کے علاقے بنال کو لپیٹ میں لے لیاہے۔ وفاقی وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی کے حلقہ میں 126گھروں سمیت 2000 ایکڑاراضی زیرآب آگئی۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد اور کشمیر کاسرحدی علاقہ سیلاب میں ڈوب گیا، پنجاب کی تحصیل کلرسیداں سے تقریبا 30 کلومیڑ کے فاصلے پر وفاقی وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی کا حلقہ بنال پانی میں ڈوب چکا ہے۔

    منگلا ڈیم کے پانی سے 126 سے زائد خاندان کے سیکڑوں افراد پانی کی بے رحم موجوں کی نذر ہو رہے ہیں اور کوئی پرسان حال نہیں، گھروں کی چھتوں پر کھڑے پانی میں گھرے مکین اپنی آنکھوں کے سامنے اپنے گھر تباہ ہوتے دیکھ رہے ہیں۔

    علاقہ مکین کہتے ہیں کہ پانی آنے سے گھر تو برباد ہوئے قیمتی سامان کی صورت میں بھی لاکھوں کا نقصان برداشت کر چکے ہیں۔

    اہل علاقہ نے وزیراعظم نواز شریف، وفاقی وزیر اور وزیر اعلیٰ سے فریاد کی ہے کہ رہے سہے گھر بچانے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کریں، بصورت دیگر انہیں مناسب معاوضہ ادا کیا جائے تا کہ وہ پانی کی اس بستی سے ہجرت کر کے خوشحال زندگی گزار سکیں۔

     

  • کشمیر میں مظالم، دفاع پاکستان کونسل کاریلی نکالنے کا اعلان

    کشمیر میں مظالم، دفاع پاکستان کونسل کاریلی نکالنے کا اعلان

    ایبٹ آباد: دفاع پاکستان کونسل نے مقبو ضہ کشمیر کے عوام سے اظہار یکجہتی اور کوئٹہ میں دھماکوں کی مذمت کرتے ہوئے 14 اگست کو کراچی میں ریلی نکالنے کا اعلان کر دیا۔

    ایبٹ آباد میں حاجی ایاز خان جدون کی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے دفاع پاکستان کونسل کے ممبر اوراہل سنت والجماعت کے سربراہ مولانا محمد احمد لدھیانوی کا کہنا تھا کہ حکومت عوام کے جان ومال کے تحفظ کرنے میں مکمل ناکام ہو چکی، بلوچستان کے وزیراعلیٰ کے را کی پاکستان میں موجودگی کے بیان کے باوجود حکومت خاموش ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں ہونے والی حالیہ دہشت گردی کی مثال نہیں ملتی جس میں آئین کا تحفظ کرنے والے وکلا کو بڑی تعداد میں شہید کیا گیا۔

    مولانا محمد احمد لدھیانوی کا مزید کہنا تھا کہ حکومت بے قصور افراد کو پکڑنے کے بجائے پاکستان کو عدم استحکام کانشانہ بنانے والے عناصر کا خاتمہ کرے۔

  • قومی اسمبلی کا کشمیری باشندوں کی حمایت جاری رکھنے کا مطالبہ، قرار داد منظور

    قومی اسمبلی کا کشمیری باشندوں کی حمایت جاری رکھنے کا مطالبہ، قرار داد منظور

    اسلام آباد: قومی اسمبلی نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف قرارداد مقفقہ طور پر منظور کرلی جس میں حکومت سے کشمیری باشندوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

    قومی اسمبلی کے اجلاس میں قرار داد پر بات کرتے ہوئے مشیر خزانہ سرتاج عزیز نے کہا کہ کشمیری باشندوں کی تحریک آزادی کی بیرونی مدد کا پروپیگنڈا گمراہ کن ہے، کشمیری باشندوں پر بھارتی مظالم کے خلاف مختلف ممالک کو خطوط ارسال کیے ہیں اور انسانی حقوق کمیشن سے چھروں والی گن پر پابندی عائد کرنے مطالبہ کیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں کٹھ پتلی انتظامیہ نے تمام ذرائع ابلاغ سمیت سوشل میڈیا پر بھی پابندی عائد کررکھی ہے، مقبوضہ کشمیر میں بدستور کرفیو کا نفاذ ہے،عوام کو ہراساں کیا جارہا ہے ،بھارت سمجھتا ہے کہ تحریک آزادی کو طاقت کے زور سے دبا لے گا تو یہ اس کی بھول ہے، تحریک آزادی کو دہشت گردی سے تعبیر نہیں کیا جاسکتا۔

    سرتاج عزیز نے مزید کہا کہ وزیراعظم اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو جلد خط تحریر کریں گے ، کشمیری عوام کو جلد ان کی قربانیوں کو ثمر لے گا۔

  • پیپلز پارٹی شکست کے باوجود ہر فورم پر کشمیر کے لیے جدوجہد کرے گی، بلاول بھٹو

    پیپلز پارٹی شکست کے باوجود ہر فورم پر کشمیر کے لیے جدوجہد کرے گی، بلاول بھٹو

    کراچی: پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے آزاد جموں و کشمیر کے انتخابات میں حکمراں نواز لیگ اور ان کے وزیروں کی جانب سے ” قبل از انتخابات دھاندلی“ کی مذمت کرتے ہوئے خبردار کیا کہ اس متنازعہ جیت کا مطلب پاکستان پیپلزپارٹی کی شفاف جمہوریت کے لیے جاری کاوشوں کو دگنا کرنا ہے جس کا آغاز پانامالیکس پر احتساب سے ہوتا ہے۔

    جاری کردہ بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ نواز لیگ حکومت نے کشمیر کونسل کے فنڈز استعمال کرتے ہوئے اپنے پارٹی عہدیداران کے ہاتھوں ٹرانفارمر بانٹنے سمیت تمام غیر آئینی اور غیر قانونی طریقے استعمال کرکے کشمیری عوام کا مینڈیٹ چرایا، انہوں نے کہا کہ اتنے بڑے پیمانے پر دھاندلی اور ہیرا پھیری کے باوجود بھی پیپلزپارٹی نے قوم کے وسیع ترمفاد اور جمہوری عمل کو آگے بڑہانے کے لیے انتخابی نتائج قبول کیے۔

    انہوں نے ایک بار پھر یقین دلاتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کا یہ عزم ہے کہ وہ انتخابی نتائج کو ایک طرف رکھ کر ہر فورم پر کشمیر کے لیے جدوجہد کرے گی،کیونکہ کشمیر پاکستان اور پیپلزپارٹی کے دلوں میں موجود ہے،بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ نواز حکومت کے جہاں بس چلے عوامی مینڈیٹ کو چرانے کے لیے طریقے متعارف کرانے اور انتخابی نظام کی توسط سے جمہوریت کو کمزور کرنے کی کاوشوں کے خلاف پیپلزپارٹی مزاحمت کرے گی۔

    انہوں نے کہا کہ شفاف جمہوریت کو تب ہی یقینی بنایا جا سکتا ہے جب پانامالیکس میں آزاد انکوائری کرائی جائے گی،کیونکہ جو ممالک اس اسکینڈل میں شامل تھے وہاں انکوائریز شروع ہو چکی ہیں یہاں تک کہ وزراء اعظم اور وزراء مستعفی بھی ہو ئے ہیں لیکن یہاں پاکستان میں نواز لیگ حکومت پانامالیکس پر خاموشی کرانے کی کوشش کرتے ہوئے اپنی آف شور کمپنیز پر انکوائری سے گریز کر رہی ہے۔