Tag: کشیدگی

  • تیل بردار جہازوں پر حملہ بین الاقوامی سلامتی کے لیے سنگین خطرہ ہے: سلامتی کونسل

    تیل بردار جہازوں پر حملہ بین الاقوامی سلامتی کے لیے سنگین خطرہ ہے: سلامتی کونسل

    نیویارک: اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے امارات کے مقابل چار تیل بردار جہازوں پر حملے کو بین الاقوامی سلامتی کے لیے سنگین خطرہ قرار دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کی عالمی سلامتی کونسل نے مئی میں امارات کے ساحل کے مقابل چار بحری جہازوں اور رواں ماہ سلطنت عمان کے ساحل کے مقابل دو بحری جہازوں کو نشانہ بنائے جانے کی شدید مذمت کی ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ موقف ہونے والے بند کمرے کے اجلاس میں سامنے آیا جو دو گھنٹے تک جاری رہا۔ سلامتی کونسل نے تمام فریقوں سے اپیل کی ہے کہ وہ تحمل کا مظاہرہ کریں۔

    اس سلسلے میں کویت کی جانب سے تیار کیے جانے والے پریس ریلیز کو متفقہ طور پر جاری کیا گیا۔ بیان میں سلامتی کونسل نے تیل بردار جہازوں پر حالیہ حملوں کی مذمت کرتے ہوئے انہیں تیل کی عالمی رسد اور بین الاقوامی سلامتی اور امن کے لیے خطرہ قرار دیا۔

    اس موقع پر اقوام متحدہ میں قائم مقام امریکی سفیر جوناتھن کوہین جنہوں نے یہ ہنگامی اجلاس طلب کیا تھا، انہوں نے کونسل کے سامنے اپنی بریفنگ میں بتایا کہ بحری جہازوں پر حملوں کے حوالے سے ان کی تحقیقات جاری ہیں۔

    کوہین کے مطابق ابتدائی نتائج سے معلوم ہوتا ہے کہ ان حملوں کا ذمے دار ایران ہے۔ اس کا ثبوت یہ ہے کہ حملے میں استعمال ہونے والی بارودی سرنگیں اس نوعیت کی ہیں جو ایران میں تیار ہوتی ہیں۔ اس کے علاوہ ایرانی کشتی کا نہ پھٹنے والی بارودی سرنگ کی واپسی کے لیے ایک بحری جہاز کی طرف جانا بھی اہم شواہد میں سے ہے۔

    امریکا نے ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای پر پابندیاں عاید کردیں

    علاوہ ازیں سلامتی کونسل نے امریکا اور ایران کے درمیان بڑھتی کشیدگی کے علاج کے واسطے بات چیت کا مطالبہ کیا اور خلیج میں کشیدگی کے خاتمے کے لیے اقدامات پر زور دیا۔ اجلاس میں واضح کیا گیا کہ تمام فریقوں پر لازم ہے کہ وہ اس عسکری تصادم سے پیچھے ہٹ جائیں جس کے واقع ہونے کا اندیشہ ہے۔

    عالمی برادری کا یہ مشترکہ موقف امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران پر نئی پابندیاں عائد کیے جانے کے چند گھنٹوں بعد سامنے آیا ہے۔ نئی پابندیوں میں ایرانی سپریم لیڈر علی خامنہ ای اور آٹھ دیگر قائدین کو لپیٹ میں لیا گیا ہے۔ برطانیہ، فرانس اور جرمنی نے علاحدہ طور پر جارحیت کم کرنے، بات چیت کرنے اور بین الاقوامی قوانین کے مکمل احترام کا مطالبہ کیا ہے۔

  • بھارت: حریف سیاسی جماعتوں کے درمیان کشیدگی، 4 افراد ہلاک، اٹھارہ زخمی

    بھارت: حریف سیاسی جماعتوں کے درمیان کشیدگی، 4 افراد ہلاک، اٹھارہ زخمی

    نئی دہلی: بھارت میں حریف سیاسی جماعتوں کے درمیان جھگڑے اور فائرنگ کے نتیجے میں 4 افراد ہلاک جبکہ اٹھارہ زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق فائرنگ کا واقعہ مغربی بنگال کے علاقے سندیشخالی میں پیش آیا، بی جے پی کے تین کارکنوں کی ہلاکتوں کی تصدیق کردی۔

    بھارت کی ریاست مغربی بنگال میں 2 حریف سیاسی جماعتوں کے درمیان کشیدگی کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے 3 اور مقامی سیاسی جماعت ترنمول کانگریس پارٹی کا ایک رکن ہلاک ہوگیا۔

    پولیس اور مقامی سیاستدانوں کا کہنا تھا کہ واقعہ میں کم سے کم 18 افراد زخمی بھی ہوئے۔ خیال رہے کہ گذشتہ سال اسی ریاست میں پارلیمانی نشست پر کامیابی کے لیے وزیراعظم نریندر مودی کی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جی پی) نے جارحیانہ مہم کا آغاز کیا تھا۔

    پولیس حکام نے بتایا کہ مقامی جماعت کے کارکنوں کی فائرنگ سے بی جے پی کے 3 کارکن ہلاک ہوئے۔ بی جے پی کے مقامی رہنما موکول روئے نے سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے 3 کارکنوں کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ فائرنگ کا واقعہ مغربی بنگال کے علاقے سندیشخالی میں پیش آیا۔

    پاک بھارت کشیدگی: دنیا ایک بارپھرایٹمی تصادم کے دہانے پر

    تصادم کے نتیجے میں زخمی ہونے والوں میں دونوں جماعتون کے کارکنان شامل ہیں جنہیں قریب اسپتال میں طبی امداد فراہم کی گئی۔

    خیال رہے کہ مغربی بنگال گزشتہ 2 دہائیوں سے ترینمول پارٹی کا گڑھ رہا ہے جو کہ بی جے پی کی سخت مخالف جماعت ہے، بی جے پی کی جانب سے بھی سابق وزیراعلیٰ اور پارٹی رہنما ممتا بنر جی پر سخت اور فحش تنقید کی جاتی رہی ہے۔

  • ایران، امریکی دباؤ میں نہیں آئے گا: روسی نائب وزیرخارجہ

    ایران، امریکی دباؤ میں نہیں آئے گا: روسی نائب وزیرخارجہ

    ماسکو: روسی نائب وزیر خارجہ سرگئی ریابکوف نے کہا ہے کہ ایران کبھی امریکی دباؤ میں نہیں آئے گا۔

    تفصیلات کے مطابق روس کا کہنا ہے کہ امریکا دباؤ کے ذریعے ایران کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور نہیں کر سکتا، تنازعے کا حل ہونا ضروری ہے۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق روس کے نائب وزیر خارجہ سرگئی ریابکوف نے امریکا کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر امریکا یہ تصور کرتا ہے کہ وہ ایران پر دباؤ ڈال کر اسے جھکنے پر مجبور کرسکتا ہے تو یہ اس کی بھول اور بہت بڑی غلط فہمی ہوگی۔

    روسی نائب وزیر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات سے عدم مذاکرات بہتر ہیں، مشترکہ ایٹمی معاہدے اور دیگر عالمی معاہدوں سے امریکا کے نکلنے کے بعد عالمی سطح پر امریکا سے اعتماد ختم ہوگیا ہے۔

    قبل ازیں امريکا کی قومی سلامتی کے مشير جان بولٹن نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ ايران سے لاحق خطرہ ابھی پوری طرح ختم نہيں ہوا، ایسا کہنا قبل از وقت ہوگا، البتہ واشنگٹن کے فوری اقدامات کی وجہ سے يہ خطرہ بہ ہرحال ٹل ضرور گيا ہے۔

    امریکا سے مذاکرات نہیں کریں گے، آیت اللہ خامنہ ای کا دوٹوک جواب

    علاوہ ازیں آیت اللہ خامنہ ای نے ایران امریکا تناؤ سے متعلق کہا کہ امریکا سے مذاکرات کا کوئی فائدہ نہیں تاہم یورپی اور دیگر ممالک سے مذاکرات میں کوئی مسئلہ نہیں ہے۔

    ايران سے لاحق خطرہ فی الحال ٹل گيا ہے: امریکا

    خیال رہے کہ ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ سیّد علی خامنہ ای نے دوٹوک انداز میں واضح کیا ہے کہ ایران امریکا کے ساتھ کسی قسم کے کوئی مذاکرات نہیں کرے گا۔

  • حزب اللہ نے عراقی پارلیمنٹ کے اسپیکرکو قتل کی تحریری دھمکی دے دی

    حزب اللہ نے عراقی پارلیمنٹ کے اسپیکرکو قتل کی تحریری دھمکی دے دی

    بغداد:عراقی حزب اللہ ملیشیا کے عناصر کی جانب سے چند روز قبل عراقی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد الحلبوسی کو قتل کی دھمکی دی گئی ہے۔ دھمکی کا سبب امریکی ایرانی تنازع کے حوالے سے الحلبوسی کا موقف ہے۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق مذکورہ عناصر کی جانب سے بھیجے گئے دھمکی آمیز خط پر عراقی حزب اللہ کا لوگو اور مہر موجود تھی۔الحلبوسی کے سکریٹری کی گاڑی کو دارالحکومت بغداد کی ایک سڑک پر روکا گیا اور مطالبہ کیا گیا کہ وہ یہ خط ذاتی طور پر عراقی پارلیمنٹ کے اسپیکر کے حوالے کرے۔

    گاڑی روکنے والا شخص ابو حیدر کے نام سے جانا جاتا ہے اور وہ عراقی حزب اللہ ملیشیا کی قیادت میں شامل ہے۔اس سے قبل عراقی پارلیمنٹ کے اسپیکر یہ باور کرا چکے ہیں کہ ان کا ملک ایک بار پھر امریکا اور ایران کے درمیان بحران کے حل کے لیے ثالثی بننے کے لیے تیار ہے۔

    الحلبوسی نے واضح کیا کہ بغداد اپنے طور پر واشنگٹن اور تہران کے درمیان وساطت کار کا کردار ادا کرنے کو تیار ہے مگر فریقین میں سے کسی نے سرکاری طور پر اس کا مطالبہ نہیں کیا۔

    یا درہے کہ دو روز قبل ایران کے وزیرخارجہ جواد ظریف سرکاری دورے پر عراق پہنچے تھے ، اس دوران دیگر اعلٰی عہدیداروں کے علاوہ عراقی وزیر اعظم عادل عبدالمہدی سے بھی ملاقات کی۔

    عراق کے سرکاری عہدیداروں سے ملاقات کے موقع پر امریکا کے ساتھ تنازعے کے خطے پر پڑنے والے اثرات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ عراق امریکا کا سب سے بڑا اتحادی تصور کیا جاتا ہے، علاوہ ازیں عراق میں دہشت گردی کے خاتمے بالخصوص داعش کے خاتمے کے لیے امریکی فوج عراقی سرزمین پر موجود ہے۔

  • ایران نے امریکا کے خلاف کوئی کارروائی کی تو بھاری خمیازہ بھگتے گا: ٹرمپ

    ایران نے امریکا کے خلاف کوئی کارروائی کی تو بھاری خمیازہ بھگتے گا: ٹرمپ

    واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خبردار کیا ہے کہ اگر ایران نے امریکا کے خلاف کوئی کارروائی کی تو وہ بھاری خمیازہ بھگتے گا۔

    تفصیلات کے مطابق ایران اور امریکا کے درمیان تنازعہ شدت اختیار کرچکا ہے، دونوں ممالک کی جانب سے ایک دوسرے پر سنگین الزامات عائد کیے جارہے ہیں، جبکہ دھمکیوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے ایران کو خبردار کیا کہ اگر امریکی مفادات کو ٹھیس پہنچی تو ایران کو سنگین تنائج بھگتنا ہوں گے۔

    متحدہ عرب امارات کی سمندری حدود میں سعودی تیل بردار جہازوں پر حملے پر عالمی سطح پر شدید تشویش پائی جاتی ہے، جبکہ ان حملوں کا الزام بھی ایران پر عائد کیا جارہا ہے۔

    امریکی صدر نے ایرانی دھمکیوں اور مذکورہ حملے کے تناظر میں ایران کو خبردار کیا ہے کہ وہ اپنی سرگرمیوں سے باز رہے، اس سے قبل امریکی وزیرخارجہ مائیک پامپیو بھی ایرانی حکام کو تنبیح کرچکے ہیں۔

    مائیک پومپیو کا کہنا تھا کہ اگر ایران نے کوئی حملہ کیا تو اس کے جواب میں امریکا فوری اور فیصلہ کن ردعمل ظاہر کرے گا۔

    خیال رہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان جاری کشیدگی پر یورپ نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے معاملے کے حل پر زور دیا ہے۔

    ایران امریکا کشیدگی، یورپ نے تشویش کا اظہار کردیا

    واضح رہے کہ ایران نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ عالمی مالیاتی امور میں شفافیت کے قوانین پر عملدرآمد کا یورپ اور ایران کے درمیان تجارتی روابط یا سہولیات کے ساتھ کوئی تعلق نہیں ہے۔

  • مودی دوبارہ برسر اقتدار آئے تو پاک،بھارت کشیدگی بدترین ہو جائے گی، امریکی ماہرین

    مودی دوبارہ برسر اقتدار آئے تو پاک،بھارت کشیدگی بدترین ہو جائے گی، امریکی ماہرین

    واشنگٹن : امریکی ماہرین نےکہا ہے کہ بھارت کی جانب سے پاکستانی طیارہ مار گرانے اور بالاکوٹ میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کے ثبوت پیش کرنے میں ناکامی کے سنگین سیاسی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق اپنے تعارفی نوٹ میں واشنگٹن کے ادارے نے خبردار کیا کہ حالیہ پاک، بھارت کشیدگی نے دنیا کو خبردار کردیا ہے کیونکہ جوہری صلاحیت کے حامل دونوں ممالک نے بحران کے دوران کشیدگی بڑھانے کے حوالے سے اپنے عزائم کا اظہار کر چکے ہیں۔

    کوگلمین نے خبردار کیا کہ بھارت کی جانب سے اپنے دعوے ثابت کرنے میں ناکامی کے سنگین اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔

    کوگلمین نے ساتھ ساتھ کرسٹوفر کیری کی ٹوئٹ کی جانب بھی اشارہ کیا، جو نیویارک کی اسٹیٹ یونیورسٹی میں پولیٹیکل سائنس کے اسسٹنٹ پروفیسر ہیں، اور انہوں نے لکھا کہ کچھ لوگ کہتے ہیں کہ امریکا جانتا ہے کہ پاکستان ایک ایف 16 سے محروم ہو گیا ہے لیکن وہ اپنے تجارتی فائدے اور فخر کے سبب یہ تسلیم کرنے سے انکاری ہے۔

    میں یہ کہنا چاہتا ہوں کہ امریکی بیورو کریسی میں پاکستان کے متعدد دشمن ہیں اور شاید (کیپیٹول) ہل میں اور زیادہ ہیں اور میرے خیال میں اگر پاکستان ایف 16 سے محروم ہوتا تو امریکی بخوشی اس خبر کو لیک کر دیتے۔

    کوگلمین نے اس ٹوئٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ میں اس سے اتفاق کرتا ہوں، اگر پاکستان کا ایف 16 طیارہ گرایا گیا ہوتا تو امریکی حکومت میں سے کوئی نہ کوئی بخوشی اس خبر کو لیک کر دیتا۔

    انہوں نے امریکی صحافی کے انکشاف کی جانب بھی اشارہ کیا کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے پاس کچھ ہے جسے وہ ووٹنگ سے محض کچھ دیر قبل استعمال کریں گے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق ماہرین کا کہنا تھا کہ اگر نریندر مودی دوبارہ اقتدار میں آئے تو پاک بھارت کشیدگی بدترین صورتحال اختیار کرلے گی۔

    کوگلمین نے مزید کہا کہ بالاکوٹ کی کارروائی اور اس کے نتیجے میں جو کچھ ہوا، اسے عوام نے جس طرح لیا، وہ بھارت کے نزدیک مطلوبہ نتائج سے بہت کم تھا۔

    بھارتی میڈیا رپورٹ کررہا ہے کہ پاکستان نے اپنا نقصان چھپانے کے لیے اردن سے ایف 16 طیارہ لیا جس پر کوگلمین نے کہا کہ یہ ممکن نہیں کیونکہ اردن، پاکستان کو غیر قانونی طور پر ایف 16 بیچنے کے لیے امریکا کی جانب سے ملنے والی سالانہ 1.275 ارب ڈالر کی امداد کو خطرے میں نہیں ڈال سکتا۔

    کوگلمین نے خبردار کیا کہ اگر بھارت میں ایک اور دہشت گردی کا حملہ ہوتا ہے تو اس کے نتیجے میں بھارت کا ردعمل انتہائی تباہ کن ہو سکتا ہے، اگر ایسا ہوا تو آپ کو جوہری جنگ کے منظر نامے کے بارے پریشانی شروع ہو جانی چاہیے۔

    یادرہے کہ مائیکل کوگلمین ایک ماہر ہیں اور واشنگٹن کے وڈ رو ولسن سینٹر سے منسلک ہیں جنہوںنے 2019 کی پاک،بھارت صورتحال پر ایک دستاویز جاری کی تھی۔

  • پاک بھارت کشیدگی: پاکستان پیار اور عزت دینے والا ملک ہے، شاہد آفریدی

    پاک بھارت کشیدگی: پاکستان پیار اور عزت دینے والا ملک ہے، شاہد آفریدی

    لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے پاک بھارت کشیدگی پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان پیار اور عزت دینے والا ملک ہے۔

    اپنی جارحانہ بلے بازی کی بدولت شائقین کرکٹ کے دلوں میں راج کرنے والے شاہد آفریدی نے بھی جذبہ خیرسگالی اور امن کا پیغام دے دیا۔

    ان کا کہنا تھا کہ پڑوسیوں سے اچھے تعلقات ہونے چاہئیں، وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف نے جو کچھ کہا ہمیں اس پر ثابت قدم رہنا چاہیے۔

    کرکٹر کا کہنا تھا کہ بھارتی میڈیا بھی مثبت چہرہ دکھانے میں کردار ادا کرے۔

    خیال رہے کہ بھارتی جارحیت کے جواب میں پاکستان کا امن کا پیغام دینے پر پوری دنیا میں ملکی اقدامات کا سراہا جارہا ہے، وزیراعظم عمران خان نے بھارتی پائلٹ کی رہائی کا بھی اعلان کردیا۔

    پاک بھارت کشیدگی: وزیر اعظم کا ترک صدر اور ولی عہد یو اے ای سے رابطہ

    دوسری جانب اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے بھی پاکستانی اقدامات کا خیرمقدم کیا اور مذاکرات کے ذریعے معاملے کے حل پر زور دیا۔

    علاوہ ازیں امریکی وزیرخارجہ مائیک پومپیو نے کہا کہ پاکستان اور بھارت سے رابطے میں ہیں، جلد تنازعہ حل ہوجائے گا۔

  • پاک بھارت تنازعے کی اصل وجہ مسئلہ کشمیر ہے، برطانوی رکن پارلیمنٹ

    پاک بھارت تنازعے کی اصل وجہ مسئلہ کشمیر ہے، برطانوی رکن پارلیمنٹ

    لندن: پاکستانی نژاد برطانوی ایم پی افضل خان کا کہنا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان تنازعے کی اصل وجہ مسئلہ کشمیر ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاک بھارت کشیدگی پر برطانوی پارلیمنٹ سے خطاب کرتے ہوئے افضل خان کا کہنا تھا کہ پاک بھارت کشیدگی کے خاتمے کے لیے برطانوی حکومت کردار ادا کرے۔

    انہوں نے کہا کہ برطانیہ اقوام متحدہ کے ذریعے معاملے کی عالمی تحقیقات کرائے، مسئلہ کشمیر اہم ہے جب تک یہ حل نہیں ہوتا معاملات کبھی حل نہیں ہوں گے۔

    دوسری جانب وزیرخارجہ برائے جنوبی ایشیا مارک فیلڈ کا کہنا تھا کہ برطانیہ کو معاملے پر تشویش ہے، اقوم متحدہ کی سطح پر برطانیہ کی سفارتی کوششیں جاری ہیں۔

    شاہ محمود قریشی کو اقوام متحدہ کے جنرل سیکریٹری کا ٹیلی فون

    یاد رہے بھارتی ایئرفورس کی جانب سے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کی گئی تھی اور پاک فضائیہ کی بروقت ردعمل کے بعد بھارتی طیارے فرار ہوگئے تھے۔

    بھارتی دراندازی کے بعد وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت قومی سلامتی سے متعلق اجلاس ہوا تھا ، جس میں وزیراعظم نے پاک فضائیہ کے بروقت ایکشن کی تعریف کرتے ہوئے پاک فوج اور عوام کو تیار رہنے کی ہدایت کی تھی اور کہا تھا جوابی کارروائی کیلئے پاکستان وقت اور جگہ کا انتخاب خود کرے گا۔

    گذشتہ روز پاکستان کی جانب سے سرحدی حدود کی خلاف ورزی کرنے پر 2 بھارتی طیارے مار گرائے، اور واضح کیا کہ ملکی افواج جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے ہروقت تیار ہیں۔

  • فلسطین: شہادتوں کے خلاف شدید احتجاج، اسرائیل فوجی کی مظاہرین پر فائرنگ، 13 زخمی

    فلسطین: شہادتوں کے خلاف شدید احتجاج، اسرائیل فوجی کی مظاہرین پر فائرنگ، 13 زخمی

    یروشلم: فلسطین میں یوم الارض کے سلسلے مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے، جس میں گذشتہ دونوں 16 فلسطینیوں کی شہادت کے واقعے کے بعد شدت آگئی ہے۔ مظاہرہ پر اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے مزید تیرہ فلسطینی شدید زخمی ہوگئے ہیں۔ 

    تفصیلات کے مطابق فلسطینی شہری یوم الارض کے سلسلے میں احتجاجی مظاہرہ کر رہے ہیں جس کا مقصد فلسطینی سرزمین کو اسرائیلی افواج کے قبضے سے چھڑانا اور دوبارہ سے اپنی زمین کو بازیاب کرانا ہے تاہم گذشتہ دنوں اسرائیلی فوج کی جانب سے  فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں  16 فلسطینی شہید جبکہ  متعدد زخمی ہوگئے تھے۔

    مظاہرین کی جانب سے غزہ اور اسرئیل کے سرحدی حصے پر احتجاج کیا جارہا ہے جہاں ہزاروں کی تعداد میں فسلطینی اپنے حق کی آواز بلند کر رہے ہیں تاہم اسی دوران مظاہرین اور اسرائیلی افواج کے درمیان وقفے وقفے تصادم کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث سرحد پر شدید کشیدگی پائی جاتی ہے۔

    اقوام متحدہ کی اسرائیلی فوج کے ہاتھوں بے گناہ فلسطینیوں کی شہادت کی پرزور مذمت

    خیال رہے کہ گذشتہ دنوں واقعے سے متعلق اسرائیلی فوج کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا تھا کہ مظاہرے میں شامل چند لوگوں کی طرف سے پہلے فائرنگ کی گئی اور پتھراؤ بھی کیا گیا بعد ازاں معاملہ سنگین ہوگیا اور مقابلے کی صورت اختیار کر گیا، التبہ واقعے سے متعلق تفصیلات حاصل کر رہے ہیں۔

    دوسری جانب فلسطینی صدر محمود عباس نے اسرائیلی افواج کی فائرنگ سے شہید ہونے والے نوجوانوں کے غم میں یوم سوگ منانے کا اعلان کیا اس موقع پر فلسطین کے علاقے غرب اور اردن میں مکمل ہڑتال کی گئ تھی۔

    اقوام متحدہ میں فلسطین پر جاری اسرائیلی مظالم کے خلاف 5 قراردادیں منظور، امریکا کی مخالفت

    واضح رہے کہ صدر محمود عباس کے ترجمان کا واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہنا تھا کہ فلسطینیوں کی طرف سے بڑا واضح پیغام ہے کہ فلسطینی سر زمین ان کا جائز حق ہے اور ایک دن  اسرائیل کے قبضے کو ختم کرالیا جائے گا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • پاک بھارت کشیدگی خطےکےمفاد میں نہیں‘ امریکہ

    پاک بھارت کشیدگی خطےکےمفاد میں نہیں‘ امریکہ

    واشنگٹن : امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان کا کہنا ہے ایل او سی پر کشیدگی ختم کرنے کے لیے پاکستان اور بھارت کو مل کر کام کرنا ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ہیدرنوئیرٹ کا کہنا ہے کہ پاک بھارت کشیدگی خطے کے مفاد میں نہیں ہے۔

    ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نے کہا کہ پاک بھارت کشیدگی ختم کرنے کے لیے اقدامات کرنے کی ضرورت ہے، پاک بھارت کشیدگی کا بغورجائزہ لے رہے ہیں۔

    ہیدرنوئیرٹ نے کہا کہ لائن آف کنٹرول پرکشیدگی ختم کرنے کے لیے پاکستان اور بھارت کومل کر کام کرنا ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے مسئلےکوپاکستان سے زیادہ کوئی نہیں سمجھتا، یقین ہے پاکستان دہشت گردی کے خلاف مزید اقدامات کرسکتا ہے۔

    ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ امریکی وزیردفاع جیمز میٹس پاکستانی ہم منصب کومطالبات سے آگاہ کرچکے ہیں۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز سوئٹزرلینڈ کے شہرڈیووس میں وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ لائن آف کنٹرول پر سیز فائر کی خلاف ورزیوں کا جواب دینے کی صلاحیت ہے۔


    ایل او سی پربھارتی فوج کی فائرنگ‘ 2 شہری شہید


    یاد رہے کہ 21 جنوری کو بھارتی فوج کی جانب سے نکیال سیکٹرپر بلا اشتعال فائرنگ کی گئی تھی جس سے خاتون سمیت 2 افراد شہید جبکہ 6 ماہ کی بچی اور 2 خواتین شدید زخمی ہوگئیں تھیں۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔