Tag: کفایت شعاری

  • پی آئی اے میں کفایت شعاری کےثمرات آنا شروع، خسارے میں بڑی کمی

    پی آئی اے میں کفایت شعاری کےثمرات آنا شروع، خسارے میں بڑی کمی

    کراچی : پی آئی اے میں کفایت شعاری مہم کے ثمرات آنا شروع ہوگئے، پی آئی اے کو رواں سال کے پہلے 6 ماہ میں ریونیو کی مد میں 44فیصد اضافہ ہوا۔

    تفصیلات کے مطابق پی آئی اے میں اصلاحات کے عمل کے ساتھ کفایت شعاری مہم کے ثمرات نمایاں ہونے لگے ، رواں سال کے پہلے 6 ماہ میں قومی ائیرلائن کےخسارے میں بڑی کمی آئی، پی آئی اے کو رواں سال کے پہلے 6 ماہ میں ریونیو کی مد میں 44فیصد اضافہ ہوا جبکہ 75 فیصد آپریشنل نقصان میں بھی کمی واقع ہوئی ہے۔

    پی آئی کے اعداد شمار کے مطابق یکم جنوری 2019 سے جون 2019 تک کی پی آئی اے کی کارکردگی میں شاندار اضافہ رہا اور پی آئی اے کو 6 ماہ میں  آپریٹنگ خسارے کی مد میں 48.7 فیصد کی کمی واقع ہوئی ہے۔

    پی آئی اے نے اعداد و شمار وزارت خزانہ میں جمع کرادیئے ہیں ، رپورٹ میں دیئے گئے اعداد و شمار میں بتایا گیا رواں سال کے پہلے 6 ماہ میں پی آئی اے کے خسارے میں بجٹ کے مقابلے کے حساب سے 36 فیصد کمی ہوئی ، جس کی وجہ سے سال 2019 کے پہلے 6 ماہ میں پی آئی اے کا آپریٹنگ خسارہ جو پچھلے سال 21 ارب تھا کم ہوکر 5 ارب رہ گیا۔

    مزید پڑھیں : پی آئی اے کو ایک سال میں67ارب32کروڑکاخسارہ ہوا

    اعداد و شمار کے مطابق سال 2018 کے پہلے 6 ماہ میں پی آئی اے کو 38ارب 50 کروڑ روپے کا خسارہ ہوا جو کہ اب 32 ارب رہ گیا جبکہ 2019 کے پہلے 6 ماہ میں پی آئی اے کی آمدنی میں 29 ارب روپے کا اضافہ ہوا اور 94 ارب 73 کروڑ 80 لاکھ روپے کی آمدنی ہوئی۔

    دوسری جانب سال 2018 کے پہلے 6 ماہ میں پی آئی اے کو 65ارب 70کروڑ 23لاکھ روپے کی آمدنی ہوئی تھی۔ انتظامیہ کے مطابق پی آئی اے نے خلیجی ممالک سعودی عرب سمیت دیگر منافع بخش روٹ میں اضافے کی وجہ سے بھی ریونیو میں اضافہ ہوا۔

    یاد رہے 3 روز قبل قومی ایئر لائن کے بورڈ آف ڈائریکٹر کا اجلاس ہوا تھا ، جس میں  بورڈ نے 2018کےمالی نتائج کااعلان کیا تھا،  رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ 2018میں ناقص حکمت عملی سے67ارب32کروڑکاخسارہ ہوا جو کہ 2017 کے خسارے کا 32 فیصد زائدہے جبکہ پی آئی اے کو 2017 میں50ارب98کروڑ کاخسارہ ہواتھا۔

    مالی نتائج کے مطابق پی آئی اے کا خسارہ31دسمبر2018 کو437ارب روپےسےتجاوز کرگیا جب کہ 31دسمبرتک پی آئی اے پرمجموعی قرضہ288ارب روپےتک گیاتھا۔

  • اقوام متحدہ کے دورے پر کس وزیر اعظم نے کتنے خرچ کیے؟

    اقوام متحدہ کے دورے پر کس وزیر اعظم نے کتنے خرچ کیے؟

    اسلام آباد: پاکستان کے متعدد وزرائے اعظم کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کا موقع ملا ہے، کس وزیر اعظم نے دورے پر کتنے خرچ کیے، فیصل جاوید نے تفصیل بتا دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کے سینیٹر فیصل جاوید نے ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان اوروں کی طرح عوام کے پیسے پر عیاشیاں نہیں کرتے، ان کے اقوام متحدہ کے دورے پر سب سے کم پیسے خرچ ہوئے۔

    فیصل جاوید کے مطابق آصف زرداری نے اقوام متحدہ کے دورے پر 13 لاکھ ڈالرز خرچ کیے، نواز شریف نے 11 لاکھ ڈالرز خرچ کیے، جب کہ شاہد خاقان عباسی نے اقوام متحدہ کے دورے پر 7 لاکھ ڈالرز خرچ کیے۔

    فیصل جاوید کا کہنا ہے کہ ایک طرف اقوام متحدہ کے دوروں پر اتنے اخراجات کیے گئے دوسری طرف وزیر اعظم عمران خان نے صرف 1.5 لاکھ ڈالرز خرچ کیے ہیں۔

    انھوں نے مزید لکھا کہ اپوزیشن کہتی ہے کہ عمران خان گھر جائیں، وہ تو روز گھر جاتے ہیں، اور اپنے گھر جاتے ہیں، دوسروں کی طرح پی ایم ہاؤس میں نہیں رہتے، وزیر اعظم اپنے گھر کا خرچہ بھی خود ہی اٹھاتے ہیں، اپنے گھر میں اپنی جیب سے باڑ لگوائی، اور گھر کے باہر سڑک کا کام بھی اپنے خرچ پر کرایا۔

    واضح رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں تاریخی تقریر کی تھی، انھوں نے مؤثر طریقے سے کشمیر کا مقدمہ عالمی سطح پر پیش کیا، اور بتایا کہ بھارت جموں و کشمیر میں کس طرح ظلم ڈھا رہا ہے۔ انھوں نے تقریر میں دنیا میں پھیلی ہوئی اسلاموفوبیا پر بھی خاص طور سے بات کی۔

  • وزیراعظم عمران خان کے دورہ امریکا میں کفایت شعاری کے بھارت میں بھی چرچے

    وزیراعظم عمران خان کے دورہ امریکا میں کفایت شعاری کے بھارت میں بھی چرچے

    نئی دہلی : بھارتی میڈیا بھی وزیراعظم عمران خان کےدورہ امریکا میں کفایت شعاری کے اقدامات کی تعریف کیے بغیرنہ رہ سکا اور مشورہ دیا کہ بھارت کے سیاستدان عمران خان سے سیکھیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے دورہ امریکا میں کفایت شعاری کے سرحدپاربھی چرچے ہونے لگے اور بھارتی میڈیا بھی وزیراعظم کی تعریف کیے بغیرنہ رہ سکا۔

    بھارتی اخبار انڈیا ٹو ڈے میں وزیراعظم پاکستان کی کفایت شعاری پر آرٹیکل شائع کیا گیا، جس میں کہا گیا کہ عمران خان ملک کو خراب معاشی صورتحال سے نکالنے کے لئے کوشاں ہیں،دورہ امریکا کے لئے کمرشل پرواز میں سفر کیا۔

    آرٹیکل میں کہا گیا عمران خان سے پہلےپاکستانی حکمران خصوصی طیاروں میں سفرکرتےتھے، عمران خان نے وزیراعظم ہاؤس کے اخراجات 32 فیصد گھٹائے، انھوں نے اس سے پہلے دورہ امریکا پر بھی کمرشل فلائٹ میں سفر کیا۔

    بھارتی اخبار کا کہنا تھا کہ پاکستانی وزیراعظم نے امریکا میں پُرتعیش ہوٹل کے بجائے اپنے سفارتخانے میں قیام کیا، سابق پاکستانی حکمرانوں کا چارٹرڈ طیاروں کا استعمال معمول تھا، عمران خان کا دورہ امریکا کفایت شعاری مہم کا تسلسل ہے۔

    بھارتی صحافی نے اپنے حکمرانوں کو وزیراعظم پاکستان کی تقلید کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ معاشی مسائل سے دوچار بھارت کے سیاستدان عمران خان سے سیکھیں۔

  • کفایت شعاری مہم: قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کے اخراجات میں 36 کروڑ سے زائد کی بچت

    کفایت شعاری مہم: قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کے اخراجات میں 36 کروڑ سے زائد کی بچت

    اسلام آباد: حکومت کی کفایت شعاری مہم کے تحت پارلیمانی تاریخ میں پہلی بار قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کے اخراجات میں 36 کروڑ سے زائد کی بچت کی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر شروع کی جانے والی کفایت شعاری مہم کے نتائج سامنے آنے لگ گئے، موجودہ مالی سال کے دوران 36 کروڑ روپے سے زائد بچا لیے گئے۔

    اسمبلی سیکریٹریٹ میں اسپیکر اسد قیصر کی ہدایت پر کفایت شعاری مہم پرعمل درآمد جاری ہے، سیکریٹریٹ نے بچت مہم سے وزارت خزانہ کو بھی آگاہ کر دیا۔

    اسمبلی کے مجموعی بجٹ کا 18 فی صد کفایت شعاری مہم سے بچایا گیا، یہ رقم تحائف، خاطر مدارت اور سفری اخراجات کی مد میں بچائی گئی، ارکان کے اندرون و بیرون ملک دوروں میں کمی سے بھی بچت ہوئی۔

    یہ بھی پڑھیں:  ن لیگ نے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے استعفے کا مطالبہ کر دیا

    اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا کہنا ہے کہ موجودہ حکومت ملک کو معاشی بحران سے نکالے گی، ہمیں انفرادی سطح پر بہتری کی کوشش کرنی ہوگی۔

    اسد قیصر نے مزید کہا کہ پاکستان اس وقت مشکل دور سے گزر رہا ہے، ملکی ترقی کے لیے سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

    خیال رہے کہ اپوزیشن کی جانب سے قومی اسمبلی کے اسپیکر اسد قیصر پر تنقید کی جاتی رہی ہے کہ وہ اپوزیشن کو اسمبلی میں بولنے کی اجازت نہیں دیتے، ان کا اپوزیشن کے حوالے سے رویہ درست نہیں، مسلم لیگ ن ان کے استعفے کا بھی مطالبہ کر چکی ہے۔

  • وزیرِ اعظم کی اراکین پنجاب اسمبلی کی تنخواہوں میں اضافے کی سمری روکنے کی ہدایت

    وزیرِ اعظم کی اراکین پنجاب اسمبلی کی تنخواہوں میں اضافے کی سمری روکنے کی ہدایت

    اسلام آباد: اراکینِ پنجاب اسمبلی کی تنخواہوں میں اضافے کے معاملے پر ذرایع نے کہا ہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان نے اضافے کی سمری روکنے کی ہدایت کر دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم نے گورنر پنجاب کو سمری پر دستخط سے روک دیا ہے، وزیر اعظم نے وزیرِ اعلیٰ پنجاب کو بل دوبارہ ایوان میں لانے کی ہدایت بھی کر دی ہے۔

    ذرایع نے بتایا ہے کہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو دی گئی لائف ٹائم مراعات کے فیصلے پر بھی نظرِ ثانی کی ہدایت کی گئی ہے۔

    وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ کو پوری زندگی کے لیے گھر دینے کا فیصلہ مناسب نہیں ہے، لائف ٹائم مراعات کا دورانیہ زیادہ سے زیادہ 3 ماہ کرنے کی تجویز دی گئی۔

    دوسری طرف وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی نعیم الحق نے کہا ہے کہ تنخواہوں میں اضافے کا بل پی ٹی آئی کی سوچ کے بر عکس ہے، وزیر اعلیٰ پنجاب کو احساس دلایا گیا ہے کہ یہ غلط ہوا ہے۔

    نعیم الحق نے کہا کہ وزیر اعظم نے ارکان پنجاب اسمبلی کی تنخواہیں بڑھانے کا سخت نوٹس لیا، میں نے وزیر اعظم کی ہدایت پر وزیر اعلیٰ پنجاب سے بل واپس لینے کی بات کی ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  وزیراعظم اراکینِ پنجاب اسمبلی کی تنخواہوں میں اضافے پربرہم

    ادھر حکومت پنجاب کے ترجمان شہباز گل نے تنخواہیں بڑھنے کے بل پر میڈیا پر چلنے والی خبروں پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ بل نافذ نہیں ہوا ہے، گورنر پنجاب کے دستخط کے بعد ہی بل نافذ العمل ہوگا، وزیر اعلیٰ کے پاس ایسی کوئی مراعات نہیں ہیں جس پر ایشو بنایا جائے۔

    شہباز گل کا کہنا تھا کہ پنجاب اسمبلی اراکین کی تنخواہیں بڑھنے پر وزیر اعظم نے مایوسی کا اظہار کیا، بل میں وزیر اعلیٰ پنجاب کے لیے صرف مناسب سیکورٹی کا ذکر ہے، بل سے پہلے پنجاب اسمبلی ارکان کی تنخواہ 18 ہزار تھی اب 80 ہزار کر دی گئی۔

    ترجمان نے کہا کہ خیبر پختون خوا ارکان اسمبلی کی تنخواہ 1 لاکھ 53 ہزار روپے ہے، تنخواہوں کے بل میں کچھ غلط ہوا تو ہم اسے ٹھیک کریں گے، وزیر اعلیٰ اور وزیر اعظم بھی ذاتی طور پر سمجھتے ہیں کہ یہ نہیں ہونا چاہیے تھا، میری لیڈر شپ کا مائنڈ سیٹ پوچھیں تو اس بل کا دفاع کرنا آسان نہیں۔

  • کفایت شعاری مہم: وزارت مواصلات نے ساڑھے 3 ارب روپے بچا لیے

    کفایت شعاری مہم: وزارت مواصلات نے ساڑھے 3 ارب روپے بچا لیے

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر شروع کی جانے والی کفایت شعاری کی مہم کے تحت وزارت مواصلات نے مختلف اخراجات کم کر کے ساڑھے 3 ارب روپے کی رقم بچا لی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر مختلف وزارتوں میں کفایت شعاری کی مہم جاری ہے جس پر عمل کرتے ہوئے وزارت مواصلات نے مختلف اخراجات میں کمی سے ساڑھے 3 ارب روپے بچالیے۔

    کفایت شعاری مہم کے تحت وزارت مواصلات نے اپنی اضافی گاڑیاں نیلام کردی ہیں جبکہ اعزازیہ اور انٹرٹینمنٹ فنڈز بھی ختم کردیے۔

    اضافی گاڑیوں کی نیلامی سے حاصل ہونے والے 20 کروڑ 88 لاکھ روپے قومی خزانے میں جمع کردیے گئے۔ فیول اور مرمت کے کاموں میں کمی کے باعث مزید 52 لاکھ روپے کی بچت ہوئی۔

    علاوہ ازیں وزارت کی جانب سے تجاوزات کے خلاف آپریشن میں 1 ارب 28 کروڑ روپے وصول کیے گئے جبکہ غیر قانونی ٹھیکے اور گھپلوں میں 40 کروڑ روپے کی ریکوری کرلی گئی۔

    وزارت ذرائع کے مطابق 2 ماہ میں وزارت مواصلات کی آمدن میں77 کروڑ روپے کا اضافہ بھی ہوا ہے۔

  • وزارت صحت نے کفایت شعاری مہم پر عمل شروع کردیا

    وزارت صحت نے کفایت شعاری مہم پر عمل شروع کردیا

    اسلام آباد: وزارت صحت نے کفایت شعاری مہم پر عملدر آمد کرتے ہوئے صبح 10 بجے سے پہلے اے سی کے استعمال اور مہمانوں کی تواضع کے لیے غیر ضروری خرچ پر پابندی عائد کردی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزارت قومی صحت نے کفایت شعاری مہم پر عملدر آمد کا آغاز کرتے ہوئے کفایت شعاری سے متعلق ہدایت جاری کردیں۔

    ذرائع کے مطابق وزارت صحت میں صبح 10 بجے سے پہلے اے سی کے استعمال پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔

    ہدایات کے مطابق وزیر صحت عامر کیانی نے دن کےاوقات میں غیر ضروری لائٹس جلانے سے گریز کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ افسران بجلی کا غیر ضروری استعمال روک کر بچت کریں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر صحت نے مہمانوں کی تواضع کے لیے غیر ضروری خرچ پر بھی پابندی عائد کردی ہے۔ وزیر صحت نے ہدایت کی ہے کہ اجلاسوں، کانفرنسز میں صرف چائے پیش کی جائے گی۔

    عامر کیانی نے وزارت کے لیے کسی بھی خریداری کو پیشگی اجازت سے مشروط کردیا ہے اور کہا ہے کہ وزارت کے لیے کسی بھی بڑی خریداری سے پہلے پیشگی اجازت لی جائے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارت کے افسران و عملے کو کفایت شعاری پر سختی سے عمل کرنے کی ہدایت کردی ہے۔