Tag: کلاؤڈ برسٹ

  • باجوڑ میں بادل پھٹنے سے جاں بحق افراد کی تعداد 18 ہوگئی ، 3 افراد تاحال لاپتہ

    باجوڑ میں بادل پھٹنے سے جاں بحق افراد کی تعداد 18 ہوگئی ، 3 افراد تاحال لاپتہ

    باجوڑ: خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع باجوڑ میں کلاؤڈ برسٹ سے ہلاکتوں کی تعداد 18 ہو گئی جبکہ 3 افراد تاحال لاپتہ ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں آسمانی بجلی، شدید بارش اور کلاؤڈ برسٹ نے نظامِ زندگی مفلوج کر دیا۔

    خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع باجوڑ کے علاقے سلارزئی میں کلاؤڈ برسٹ سے ہلاکتوں کی تعداد 18 ہو گئی جبکہ 3 افراد تاحال لاپتہ ہیں۔

    چار مکانات مکمل طور پر تباہ ہوگئے اور ریسکیو ٹیمیں ہیوی مشینری کی مدد سے لاپتہ افراد کی تلاش میں مصروف ہیں۔

    لوئر دیر میں مکان کی چھت گرنے سے پانچ افراد جاں بحق اور چار زخمی ہوگئے، مانسہرہ کے بالاکوٹ بسیاں میں گاڑی نالے میں بہہ جانے سے دو افراد جان سے گئے، جبکہ شاہی کوٹ میں ندی نالوں کی طغیانی میں پھنسے 25 سے زائد سیاحوں کو بحفاظت نکال لیا گیا۔

    اپر اور لوئر چترال میں ندی نالوں اور دریائے چترال میں اونچے درجے کا سیلاب آنے سے کئی ایکڑ زرعی زمین ڈوب گئی، دیوسیرا اور دونیچ نالہ میں تین مکانات منہدم ہوگئے۔

    سوات کے مٹہ کے بالائی علاقوں میں بارشوں سے پانی آبادی میں داخل ہوگیا اور نشیبی علاقے زیرِ آب آگئے۔

    وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے متاثرہ اضلاع کی انتظامیہ کو ہائی الرٹ رہنے، ریسکیو اور ریلیف کارروائیوں میں تمام وسائل بروئے کار لانے اور پیشگی حفاظتی انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

    دوسری جانب مقبوضہ کشمیر کے ضلع کشتواڑ میں بھی کلاؤڈ برسٹ نے تباہی مچا دی، صرف ایک گھنٹے میں 100 ملی میٹر سے زائد بارش سے ندی نالے بپھر گئے۔ منہ زور ریلوں اور لینڈ سلائیڈنگ سے 44 افراد جاں بحق ہوگئے، جبکہ 200 سے زائد لاپتہ ہیں۔

    ایک سو بیس افراد کو ریسکیو کر لیا گیا، تاہم ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے، درجنوں مکانات مکمل طور پر تباہ اور متعدد زخمی اسپتال منتقل کر دیے گئے۔

  • جھیل سیف الملوک کے اطراف کلاؤڈ برسٹ ، 500 سے زائد سیاح پھنس گئے

    جھیل سیف الملوک کے اطراف کلاؤڈ برسٹ ، 500 سے زائد سیاح پھنس گئے

    ناران : جھیل سیف الملوک روڈ  پر کلاؤڈ برسٹ سے تودہ گرنے سے پھنسے سیکڑوں سیاحوں اور گاڑیوں کو ریسکیو کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق جھیل سیف الملوک کے اطراف کلاؤڈ برسٹ سے تودہ گرگیا، طوفانی بارشوں کے بعد لینڈسلائیڈنگ سے راستے بند ہوگئے۔

    جس کے باعث 117 گاڑیوں میں 500 سے زائد سیاح پھنس گئے، سیکریٹری سیاحت کے پی ڈاکٹرعبد الصمدخان نے نوٹس لیا۔

    سیکریٹری سیاحت کی فوری ہدایت پرریسکیو آپریشن شروع کیا گیا، ریسکیو اہلکار،مقامی رضاکار اورانتظامیہ نے بھاری مشینری کے ساتھ کارروائی کی اور ناران کے مختلف علاقوں میں پھنسے سیکڑوں سیاحوں اورگاڑیوں کو آٹھ گھنٹے بعد ریسکیو کرلیا گیا۔

    یاد رہے سیلاب نے گلگت بلتستان کا نقشہ ہی اجاڑدیا، درجنوں گھر زمین بوس ہوگئے، سڑکوں کا تو وجود ہی غائب ہوگیا، اب تک نو افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جبکہ بارہ افراد لاپتا ہیں۔

    گمشدہ افراد کی تلاش کیلئے سرچ آپریشن جاری ہے، چیف سیکریٹری گلگلت بلتستان نےبتایا سیلاب سےحادثات میں نو اموات میں سےآٹھ کا تعلق دیامر سے ہے جبکہ سیلابی ریلے سے پانچ سو سے زیادہ مکان، بارہ کلومیٹر سے زائد سڑکیں تباہ ہوئیں جبکہ ستائیس پُل اوربائیس گاڑیاں آبی ریلے میں بہہ گئیں۔ سب سے زیادہ جانی و مالی نقصان ضلع دیامر میں ہوا۔

    پاک فضائیہ نے گلگت بلتستان میں شدید موسمی حالات کے دوران ریسکیو مشن مکمل کرلیا،سی ون تھرٹی طیارے نے گلگت میں پھنسے سیاح اور مقامی افراد سمیت ایک سو پچیس لوگوں کی جان بچائی۔

    کل سے ایک بار پھر آندھی، ژالہ باری، لینڈسلائیڈنگ اور ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ ہے، جس کے بعد ہدایت جاری کی ہے کہ عوام غیر ضروری سفر سے گریز، ندی نالوں اور پہاڑی علاقوں سے دور رہیں۔

  • چکوال میں کلاؤڈ برسٹ ،  425 ملی میٹر بارش ریکارڈ  ،نظام زندگی مفلوج

    چکوال میں کلاؤڈ برسٹ ، 425 ملی میٹر بارش ریکارڈ ،نظام زندگی مفلوج

    چکوال : پنجاب کے شہر چکوال میں کلاؤڈ برسٹ سے 425 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ، جس سے نظام زندگی مفلوج ہوگیا تاہم فلڈایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مون سون کی طوفانی بارش نے جہلم اورچکوال میں تباہی پھیلادی، درجنوں دیہات زیرآب آگئے۔

    چکوال میں کلاؤڈ برسٹ ہونے سے چار سو پچیس ملی میٹر بارش ہوئی، جس سے تلہ گنگ، لاوہ، کلر کہار، چوآسیدن شاہ میں نظام زندگی مفلوج ہوکر رہ گیا۔

    بارش کے بعد مختلف علاقوں میں طغیانی آگئی، شہر اور گردونواح کے نشیبی علاقے زیر آب آگئے جبکہ متعدد دیہات کا زمینی رابطہ ضلعی ہیڈ کوارٹرز سے منقطع ہوگیا۔

    کلر کہار ، وہالی زیر میں 325 اور چو آسیدن شاہ میں 310 ملی میٹربارش ریکارڈ کی گئی۔

    ندی نالوں میں طغیانی سے پنوال ڈیم کا بند ٹوٹ گیا ، جس سے بھٹہ خشت زیرآب آگیا جبکہ گاڑیاں بہہ گئیں تاہم دو افراد کو ریسکیو کر لیاگیا جبکہ ایک کی تلاش جاری ہے۔

    قصبہ کھیوال میں مکان گرنے سے باپ بیٹا جاں بحق جبکہ بیوی اور دوسرا بچہ زخمی ہو گئے، جنہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

    شدید بارش سے ڈوہمن پل بند، کئی دیہات کا چکوال شہر سے رابطہ منقطع ہوگیا اور رابطہ سڑکیں تباہ ہو گئیں۔

    ڈپٹی کمشنر سارہ حیات نے چکوال اور تلہ گنگ میں فلڈایمرجنسی نافذ کردی اور تمام محکموں کے سربراہان کو 24 گھنٹے دستیاب رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ بارشوں سے متاثرہ علاقوں میں فوری ریلیف یقینی بنایا جائے۔

    انتظامیہ نے پاک فوج کی مدد طلب کر لی ہے، ریسکیو سرگرمیاں جاری ہیں، محکمہ موسمیات نے مزید بارش کی پیشگوئی کی ہے، جس کے پیش نظر شہریوں کو احتیاط کی ہدایت دی گئی ہے۔

    دوسری جانب جہلم کےنالہ گھان میں طغیانی سے پانی آبادی میں داخل ہوگیا ، جس کے بعد پاک فوج کے جوانوں کی امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور ہیلی کاپٹر سے ریلے میں پھنسےانتیس افراد کو بچالیا گیا۔

  • مظفرآباد میں کلاؤڈ برسٹ نے تباہی مچادی

    مظفرآباد میں کلاؤڈ برسٹ نے تباہی مچادی

    مظفرآباد : آزاد کشمیر کے دارلحکومت کلاؤڈ برسٹ نےتباہی مچادی، گوہرآباد میں متعدد مکانات اور املاک کونقصان پہنچا۔

    تفصیلات کے مطابق آزاد کشمیرمیں بھی بارشوں سے نظامِ زندگی مفلوج ہوگیا، مظفرآباد میں کلاؤڈ برسٹ نےتباہی مچادی۔

    گوہرآباد میں متعدد مکانات اور املاک کونقصان پہنچا، سڑکیں اورگلیاں زیرِآب آگئیں جبکہ رجنوں مویشی سیلابی ریلے میں بہہ گئے اور شاہراہ لیپہ لینڈ سلائیڈنگ سے بند ہوگئی۔

    اسٹیٹ ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر آپریشنز سعید قریشی کے مطابق رات بھر ہونے والی شدید بارش اور 3:45 بجے کے قریب بادل پھٹنے سے گوہر آباد نالے میں پانی کا اچانک اضافہ ہوا، جس سے ملحقہ رہائشی علاقے زیرآب آگئے اور بھاری ملبے کی وجہ سے چار لنک سڑکیں مکمل طور پر بند ہوگئیں۔

    آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم چوہدری انوار الحق کی ہدایت پر مظفرآباد کے ڈویژنل کمشنر چوہدری گفتار حسین اور ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) پولیس یاسین قریشی نے متاثرہ گاؤں کا دورہ کیا اور صورتحال کا جائزہ لیا اور امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔

    کمشنر حسین نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ نقصانات کا تخمینہ ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے تاکہ بروقت معاوضہ اور بحالی کی سہولت فراہم کی جا سکے۔ انہوں نے مکینوں کو یقین دلایا کہ حکومت انہیں کسی صورت نہیں چھوڑے گی اور ان کی مدد کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے گی۔

    مزید بارشوں کی پیشین گوئی کے پیش نظر، کمشنر نے شہریوں سے خاص طور پر ندیوں اور نالہوں کے کنارے رہنے والوں پر زور دیا کہ وہ مون سون کے دوران محفوظ علاقوں میں منتقل ہوجائیں۔

    دوسری جانب گلگت بلتستان میں بھی شدید بارشوں کے باعث سیلاب اور لینڈ سلا ئیڈنگ کی صورتحال پیداہوگئی ہے، چلاس،ہنزہ اوردیامر میں شاہراہ قراقرم سمیت کئی سڑکیں اوررابطہ پل بند ہوگئے جبکہ درجنوں مکانات، زرعی زمینیں اورباغات متاثرہوئے۔

    ہنزہ میں حسین آباد نالے میں طغیانی، دیامر میں واٹر چینلز اور بجلی کا نظام بھی شدید متاثر ہوا۔

    موسم سے متعلق خبریں

  • بھارت، کلاؤڈ برسٹ سے سیلابی صورتحال، متعدد افراد لاپتا

    بھارت، کلاؤڈ برسٹ سے سیلابی صورتحال، متعدد افراد لاپتا

    بھارت کی ریاست ہماچل پردیش میں (کلاؤڈ برسٹ) بادل پھٹنے سے سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی، جس کے نتیجے میں 2 افراد ہلاک جبکہ متعدد لاپتا ہوگئے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق بھارت میں مون سون سیزن کا آغاز ہوچکا ہے، جس کے سبب بیشتر ریاستوں میں شدید طوفانی بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔

    رپورٹس کے مطابق ریاست ہماچل پردیش کے ضلع کانگڑا میں کلاؤڈ برسٹ بادل پھٹنے سے سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی جس کی وجہ سے 2 افراد ہلاک اور متعدد لاپتا ہوگئے، سیلاب کے باعث متعدد گھر بھی پانی کی نذر ہوگئے۔

    کانگڑا کے ڈپٹی کمشنر کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ اب تک 2 افراد کی لاشیں نکالی گئی ہیں اور دیگر لاپتا افراد کی تلاش شروع کردی گئی ہے، متاثرین دھرم شالہ کے قریب ایک چھوٹے پن بجلی منصوبے میں کام کر رہے تھے۔

    رپورٹس کے مطابق پنڈوہ ڈیم میں پانی کی سطح بلند ہونے سے دروازوں کو کھول دیا گیا ہے، جبکہ پاروتی ندی پر طوفانی بارش کی وجہ سے ایک پل بہہ جانے پر لوگوں کو محفوظ مقام پر منتقل ہونے کا کہا گیا ہے۔

    طوفانی بارشوں کے باعث لوگوں کو کافی مشکلات کا سامنا ہے، گجرات، مہاراشٹر، بہار، جھارکھنڈ سمیت کئی ریاستوں میں سیلابی صورتحال ہے۔

    رپورٹس کے مطابق جھار کھنڈ میں شدید بارش کا اثر واضح طور پر دیکھا جا رہا ہے، سیلاب نے پوری ریاست میں صورتحال خراب کردی ہے، تیز بارش کی وجہ سے گاڑیاں ڈوب چکی ہیں۔

    زمین پر موسموں کا نظام نہایت پیچیدہ اور نازک ہوتا ہے، جانیے کیسے؟

    رپورٹس کے مطابق مہاراشٹر اور گجرات میں بھی کم و بیش ایسی ہی صورتحال کا سامنا ہے، ممبئی میں بھی یہی صورتحال ہے۔ کئی اضلاع میں سیلاب سے معمولات زندگی شدید متاثر ہوچکے ہیں۔

    بھارت کی ریاست گجرات میں بارش کی وجہ سے اب تک 18 افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں، احمد آباد، گاندھی نگر، نوساری سمیت کئی اضلاع میں سیلاب کی وجہ سے لوگ پھنسے ہوئے ہیں۔

  • آزاد کشمیر میں کلاؤڈبرسٹ سے 3 خواتین جاں بحق

    آزاد کشمیر میں کلاؤڈبرسٹ سے 3 خواتین جاں بحق

    مظفرآباد: آزاد کشمیر میں طوفانی بارشیں ہونے کے ساتھ ساتھ کلاؤڈبرسٹ کا واقعہ بھی پیش آیا ہے جس میں 3 خواتین جاں بحق ہوگئیں۔

    ایس ڈی ایم اے نے بتایا کہ بلگراں میں کلاؤڈبرسٹ سے 3 خواتین جاں بحق ہوئیں، 2 خواتین موقع پر ہی دم توڑگئیں، اس کے علاوہ کلاؤڈبرسٹ کی زد میں آکر شدید زخمی ہونے والی ایک خاتون اسپتال میں انتقال کرگئی۔

    75سالہ جلال الدین تاحال لاپتہ ہے جس کی تلاش جاری ہے، تحصیل پٹہکہ میں کلاؤڈبرسٹ کے2 حادثات ہوئے ہیں۔

    ایس ڈی ایم اے نے بتایا کہ واقعات میں بلگراں اور کھیتر کے کئی گھروں کو نقصان پہنچا، متاثرین کو محفوظ مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔

    کلاؤڈبرسٹ کیا ہے؟

    محکمہ موسمیات کے جاری کردہ بیان کے مطابق کلاؤڈ برسٹ کو رین گش اور رین گسٹ بھی کہا جاتا ہے، کسی علاقے میں مختصر وقفے میں شدید بارش ہوجائے تو اسے کلاؤڈ برسٹ کہا جاتا ہے، یعنی مخصوص علاقے میں ایک گھنٹے میں کم سے کم 200 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی جائے تو اسے کلاؤبرسٹ کہا جائے گا۔

    کلاؤڈبرسٹ مختصر وقفے کے لیے رونما ہوتا ہے، کلاؤبرسٹ گرج چمک اور شدید برقی سرگرمی کی وجہ بنتا ہے، اس میں عموماً بادل کے نیچے کی ہوا اوپر اٹھتی ہے اور پانی کے قطروں کو کچھ دیر گرنے سے روکتی ہے۔

    ان بادلوں میں جیسے ہی ہوا کا دباؤ کم ہوتا ہے پانی کی بڑی مقدار بادل سے گرتی ہے اور یوں بادلوں کا پانی گویا اس طرح بہتا ہے کہ کسی نے پانی سے بھری بالٹی الٹ دی ہو۔

    کلاؤڈبرسٹ کے زیادہ ترواقعات پہاڑی علاقوں میں رونما ہوتے ہیں، جب پانی کی بڑی مقدار نیچے گرتی ہے تو سیلابی کیفیت پیدا ہوجاتی ہے اور اس کے بہاؤ میں آبادی اور فصلوں کا بہت نقصان ہوسکتا ہے۔

  • جدہ  میں کلاؤڈ برسٹ ، بارش کا 13 سال کا ریکارڈ ٹوٹ گیا

    جدہ میں کلاؤڈ برسٹ ، بارش کا 13 سال کا ریکارڈ ٹوٹ گیا

    جدہ : سعودی شہر جدہ میں بارش کا 13 سال کا ریکارڈ ٹوٹ گیا ، دس گھنٹے میں 266 ملی میٹر سے زیادہ بارش ہوئی۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کے شہر جدہ میں کلاؤڈ برسٹ ہوگیا اور موسلادھار بارش کا 13 سال کاریکارڈٹوٹ گیا۔

    دس گھنٹے میں دو سو سڑسٹھ ملی میٹر سے زیادہ بارش ہوئی، جس کے باعث بہت سے علاقے زیرآب آگئے، گاڑیوں کے ڈھیر لگ گئے۔

    مختلف حادثات میں دو افراد جان سے گئے جبکہ مکہ جانے والی سڑکیں بند ہوگئیں، جسے کھولنے کا کام جاری ہے۔

    مکہ اورجدہ میں گیارہ ہزار رضاکارکام کر رہے ہیں۔۔ شاہراہوں سے پانی نکالا جارہا ہے۔

    محکمہ موسمیات نے پورے ہفتے بارش کی پیش گوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج بھی مختلف علاقوں میں طوفانی بارش کا امکان ہے۔