Tag: کلثوم نواز

  • مرحومہ کلثوم نواز کی بھی جعلی ویکسینیشن انٹری سامنے آ گئی

    مرحومہ کلثوم نواز کی بھی جعلی ویکسینیشن انٹری سامنے آ گئی

    لاہور: زندہ لوگوں کے بعد مرحوم افراد کی بھی جعلی کرونا ویکسین انٹریاں ہونے لگیں، مرحومہ کلثوم نواز کی بھی جعلی ویکسینیشن انٹری سامنے آ گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعظم نواز شریف کے بعد ان کی اہلیہ مرحومہ بیگم کلثوم نواز کی بھی جعلی انٹری کا انکشاف ہوا ہے، مرحومہ کی کینسائنو ویکسین کی ڈوز کا اندراج سامنے آیا ہے۔

    مرحومہ بیگم کلثوم نواز کی ویکسین کی جعلی انٹری گزشتہ روز 5 اکتوبر کو کی گئی ہے، جب کہ ان کی ویکسین کا جعلی اندراج میلسی کے علاقے میں ہوا، بیگم کلثوم  تین سال قبل انتقال کر چکی ہیں۔

    ادھر اسحاق ڈار کا بھی جعلی اندراج سامنے آ گیاہے، اسحاق ڈار گزشتہ کئی سال سے نواز شریف کے ساتھ لندن میں مقیم ہیں، اسحاق ڈار کی جعلی ویکسین کا اندراج گزشتہ روز ملتان سے کیا گیا۔

    یاد رہے کہ اس سے قبل میاں نواز شریف کا مختلف مقامات پر جعلی ویکسینیشن اندراج ہو چکا ہے، گزشتہ روز محکمہ صحت پنجاب نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کے شناختی کارڈ پر ویکسینیشن کے جعلی اندراج کا ڈیٹا ڈیلیٹ کر دیا۔

    نواز شریف کی ایک اور ویکسینیشن کا جعلی اندراج، محکمہ صحت نے ڈیٹا ڈیلیٹ کردیا

    نواز شریف کے شناختی کارڈ نمبر پر کرونا ویکسینیشن کے جعلی اندراج کی خبر منظر عام پر آتے ہی حکام نے تحقیقات شروع کر کے ملوث افراد کو گرفتار کر لیا تھا۔

    محکمہ صحت پنجاب نے جعلی اندراج سے متعلق ایف آئی اے کو ایک اور درخواست لکھنے کا عندیہ بھی دیا تھا۔

    خیال رہے کہ لندن میں مقیم نواز شریف کی جعلی ویکسینیشن انٹری کرنے والے 2 ملزمان گرفتار ہو چکے ہیں، دونوں کوٹ خواجہ سعید اسپتال کے ملازم ہیں۔

  • بلاول اور زرداری کی نوازشریف سے ملاقات، بیگم کلثوم نواز  کے انتقال پر تعزیت

    بلاول اور زرداری کی نوازشریف سے ملاقات، بیگم کلثوم نواز کے انتقال پر تعزیت

    لاہور: سابق صدر آصف علی زرداری اور پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے جاتی امرا پہنچ کر نوازشریف سے بیگم کلثوم نواز کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا۔

    تفصیلات کے مطابق سابق خاتون اول بیگم کلثوم نواز کے انتقال پر مختلف سیاسی و مذہبی شخصیات کی جانب سے تعزیتوں کا سلسلہ جاری ہے۔ اس ضمن میں سابق صدر آصف زرداری اور بلاول بھٹو جاتی امرا پہنچے جہاں انہوں نے نوازشریف اور خاندان کے دیگر افراد سے بیگم کلثوم نواز کے انتقال پر تعزیت اور درجات کی بلندی کے لیے دعا بھی کی۔ ملاقات میں پی پی قیادت اور وفد نے سابق خاتون اول کو خراج عقیدت بھی پیش کیا اور لواحقین کے لیے صبر کی دعا بھی کی۔

    سابق صدر آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ بلا شبہ بیگم کلثوم نواز بہادر خاتون تھیں، جمہوریت اور ملک کے لیے جو بھی جد و جہد کرے اُسے یاد رکھا جاتا ہے، سابق خاتون اول کا انتقال شریف خاندان کے لیے بہت بڑا صدمہ ہے۔ پی پی کے شریک چیئرمین کا کہنا تھا کہ شریف خاندان اور ن لیگ کےدکھ میں برابر کے شریک ہیں۔

    مزید پڑھیں: بیگم کلثوم نوازکی رسم قل کی تیاریاں مکمل

    اس موقع پر نوازشریف کا کہنا تھا کہ تکلیف اس بات کی ہےکہ آخری وقت بیمار بیوی کےساتھ نہ گزارسکا، پیپلز پارٹی کی قیادت کاشکر گزار ہوں کہ انہوں نے دکھ کی اس گھڑی میں ہماراساتھ دیا۔ سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کاوفدنماز جنازہ میں بھی شریک ہوا، آج بھی قیادت کے آنے پر اُن کا شکر گزار ہوں۔

    نوازشریف سے کچھ دیر کی ملاقات کے بعد آصف زرداری اور بلاول کی قیادت میں آنے والا وفد واپس روانہ ہوگیا۔

    قبل ازیں چوہدری شجاعت حسین کی سربراہی میں مسلم لیگ ق کا وفد جاتی امرا پہنچا اور نوازشریف سے ملاقات کر کے بیگم کلثوم نواز کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا۔

    واضح رہےکہ بیگم کلثوم نواز کے انتقال پر وفاقی حکومت نے کرپشن کے الزام میں گرفتار میاں نواز شریف، مریم اور صفدر کو اڈیالہ جیل سے پیرول پر رہا کیا تھا بعد ازاں  اُن کی مدتِ رہائی میں 4 روز  کی توسیع کی گئی تھی جو کل ختم ہوجائے گی۔

  • بیگم کلثوم نواز کی میت جاتی امرا پہنچا دی گئی

    بیگم کلثوم نواز کی میت جاتی امرا پہنچا دی گئی

    لاہور: سابق وزیراعظم نوازشریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کی میت جاتی امرا پہنچا دی گئی ہے، نماز جنازہ جاتی امرا کے میڈیکل سٹی گراؤنڈ میں ادا کی جائے گی، مولانا طارق جمیل نمازہ جنازہ پڑھائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے صدر شہبازشریف آج صبح بیگم کلثوم نواز کی میت کے ہمراہ لندن سے لاہور ایئرپورٹ پہنچے۔ کلثوم نواز کی میت پاکستان لانے والی پرواز پی کے 758 کو سوا گھنٹہ تاخیر کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

    میت کے ہمراہ ان کی صاحبزادی اسما نواز، حسن نواز اور حسین نواز کے صاحبزادے شہبازشریف اور دیگر اہلِ خانہ سمیت 13 افراد وطن واپس پہنچے ہیں۔

    بیگم کلثوم نواز کی میت کو ایئرپورٹ پروصول کرنے کے لیے شریف خاندان کے دیگر افراد بھی موجود تھے۔

    سابق وزیراعظم کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کی نماز جنازہ اور تدفین شریف میڈیکل کمپلیکس رائے ونڈ جاتی امرا میں کی جائے گی۔ انہیں نوازشریف کے والد میاں محمد شریف کے پہلو میں سپرد خاک کیا جائے گا۔

    نماز جنازہ کے لیے تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں، جنازہ گاہ میں صفحوں کی نشاندہی کے لیے لائنیں لگائی گئی ہیں جبکہ لاؤڈ اسپیکر بھی نصب کردیا گیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق جاتی امرا کے اطراف میں 3 مقامات پرسیکیورٹی ہائی الرٹ رکھی گئی ہے جبکہ کارکنان کو سوئی گیس سوسائٹی کی جانب سے آنے کی اجازت ہوگی۔

    لندن: بیگم کلثوم نواز کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی

    اس سے قبل گزشتہ روز سابق وزیراعظم نوازشریف کی اہلیہ کلثوم نواز کی نماز جنازہ لندن کے ریجنٹ پارک کی مسجد میں ادا کی گئی تھی ۔ اس موقع پر لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی تھی۔

    نماز جنازہ میں کلثوم نواز کے دونوں صاحبزادے حسن اور حسین نواز، شہبازشریف، سابق وزیرداخلہ چوہدری نثار، سابق وزیرخزانہ اسحاق ڈار، سابق وزیراعلیٰ بلوچستان ثناء اللہ زہری بھی شریک تھے۔

    بیگم کلثوم نوازانتقال کرگئیں

    یاد رہے کہ گزشتہ برس 22 اگست کو تشخیص ہوئی تھی کہ سابق خاتون اول کلثوم نواز گلے کے کینسر میں مبتلا ہیں۔ وہ ایک گزشتہ ایک سال سے لندن میں زیرعلاج تھیں۔

    بیگم کلثوم نوازکی عمر 68 سال تھی اور وہ برصغیر کے مشہور پہلوان رستم ہند گاما پہلوان کی نواسی تھیں جبکہ 1971ء میں ان کی شادی نوازشریف سے ہوئی تھی۔

    کلثوم نواز کے سوگوران میں ان کے شوہر نوازشریف، بیٹیاں مریم صفدر اور اسما اور دو بیٹے حسن اور حسین نوازشامل ہیں۔

  • شہبازشریف لندن سے کلثوم نواز کی میت لے کر لاہور پہنچ گئے

    شہبازشریف لندن سے کلثوم نواز کی میت لے کر لاہور پہنچ گئے

    لندن: شہبازشریف لندن سے سابق وزیر اعظم نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نوازکی میت لے کر لاہور پہنچ گئے۔

    تفصیلات کے مطابق سابق خاتون اول کلثوم نواز کی میت لے کر پی آئی اے کی پروازلندن سے لاہور پہنچی۔

    پروازسوا گھنٹے تاخیرسے روانہ ہوئی، طیارہ آج صبح سات بجے کے قریب لاہور ایئرپورٹ پراترا.

    قبل ازیں بیگم کلثوم نواز کی نماز جنازہ لندن کی ریجنٹ پارک مسجد میں ادا کی گئی، نمازجنازہ میں شہبازشریف،اسحاق ڈار سمیت دیگرعزیز و اقارب شریک ہوئے.

    پاکستانی ہائی کمیشن کےحکام اور پاکستانی کمیونٹی کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی، چوہدری نثارجنازےمیں شرکت کےلیے خاص طورپرلندن پہنچے.

    کلثوم نواز کے صاحب زادوں حسن اور حسین نواز نے والدہ کا آخری دیدار لندن میں کیا۔ اسمانواز، حلیمہ ڈار، عثمان ڈار،  محمد عدنان، فیصل ٹوانا ، اسدبیگ مرزا، خدیجہ حفیظ مرزا، سائرہ صالح ،صلاح الدین بٹ، صائمہ طارق، اعجازگل اور فراست حسین شہباز شریف کے ہمراہ ہیں.

    آج شام پانچ بجے مولانا طارق جمیل کلثوم نواز کی نماز جنازہ پڑھائیں گے، انھیں جاتی امرا میں سپرد خاک کیاجائے گا۔ 

    یاد رہے کہ آج نواز شریف اور مریم نواز نے پیرول پر رہا ہونے کے بعد پہلی مرتبہ تعزیت کے لیے آنے والوں سے ملاقات کی۔

  • پیپلز پارٹی کا وفد بیگم کلثوم نواز کی نماز جنازہ میں شرکت کرے گا

    پیپلز پارٹی کا وفد بیگم کلثوم نواز کی نماز جنازہ میں شرکت کرے گا

    لاہور: پیپلز پارٹی کا وفد بیگم کلثوم نواز کی نماز جنازہ میں شرکت کرے گا۔ پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو بعد میں تعزیت کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے سابق خاتون اول بیگم کلثوم نواز کی نماز جنازہ میں شرکت کے لیے وفد تشکیل دے دیا۔

    وفد میں یوسف رضا گیلانی، راجہ پرویز اشرف، خورشید شاہ، نوید قمر، قمر الزمان کائرہ، چوہدری منظور اور حسن مرتضیٰ شامل ہیں۔

    چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو بعد میں اہلخانہ سے تعزیت کریں گے۔

    خیال رہے کہ سابق خاتون اول  بیگم کلثوم نواز طویل علالت کے بعد لندن میں انتقال کر گئی تھیں۔

    اس موقع پر نواز شریف، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن صفدر کو  پیرول پر رہا کیا گیا تھا۔

    سابق خاتون اول کا جسد خاکی وطن لانے کے لیے نواز شریف کے بھائی شہباز شریف لندن پہنچے ہیں۔

    بیگم کلثوم نواز کی نماز جنازہ آج شام لندن میں ادا کی جائے گی جس کے بعد شہباز شریف ان کا جسد خاکی لے کر وطن واپس پہنچیں گے۔

    سابق خاتون اول کی تدفین لاہور میں واقع ان کی رہائش گاہ جاتی امرا میں ہی کی جائے گی۔

  • العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس کی سماعت 17 ستمبرتک ملتوی

    العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس کی سماعت 17 ستمبرتک ملتوی

    اسلام آباد : احتساب عدالت میں سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کے خلاف العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس کیس کی سماعت 17 ستمبرتک ملتوی ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں نوازشریف کے خلاف العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس کی سماعت احتساب عدالت کے جج محمد ارشد ملک نے کی۔

    سابق وزیراعظم نوازشریف کے وکیل خواجہ حارث احتساب عدالت میں استغاثہ کے گواہ واجد ضیاء پر جرح کی۔

    سابق وزیراعظم نوازشریف کی جانب سے ان کے وکیل نے آج حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی جسے احتساب عدالت نے منظور کرلیا۔

    خواجہ حارث نے سوال کیا کہ والیم 10جب سپریم کورٹ میں جمع کرایا گیا تو سیل کیا ہوا تھا، واجد ضیاء نے جواب دیا کہ والیم 10جب سپریم کورٹ میں جمع کرایا گیا تب سیل نہیں تھا۔

    نوازشریف کے وکیل نے واجد ضیاء سے پوچھا کہ کیا سپریم کورٹ نے تحریری طورپروالیم 10 سیل کرنے کا حکم دیا تھا جس پرگواہ نے جواب دیا کہ سپریم کورٹ نے زبانی کہا تھا لیکن تحریری حکم نہیں تھا۔

    خواجہ حارث نے کہا کہ کیا کوئی تحریری حکم ہے جووالیم 10 سیل کرکے جمع کرایا جائے، واجد ضیاء نے جواب دیا کہ میرے پاس کوئی تحریری حکم نامہ نہیں۔

    جے آئی ٹی سربراہ نے کہا کہ عدالتی حکم پروالیم 10سیل کرکے رجسٹرارآفس میں جمع کرایا، جے آئی ٹی ممبران نے والیم 10سیل کرکے جمع کرایا۔

    نوازشریف کے وکیل نے سوال کیا کہ جےآئی ٹی نےعدالت میں والیم 10کی کتنی کاپیاں جمع کرائیں؟ جس پر واجد ضیاء نے جواب دیا کہ یقین سے نہیں کہہ سکتا، مجھے یاد ہے 5 کاپیاں جمع کرائی تھیں۔

    استغاثہ کے گواہ نے کہا کہ کتنی کاپیاں جمع کرائیں بتانے کے لیے مجھے ریکارڈ دیکھنا پڑے گا، خواجہ حارث نے کہا کہ کیا والیم 10کی کوئی کاپی جےآئی ٹی نے اپنے پاس رکھی۔

    واجد ضیاء نے کہا کہ جےآئی ٹی نے اپنے پاس والیم 10 کی کوئی کاپی نہیں رکھی، خواجہ حارث نے کہا کہ ایون فیلڈ ریفرنس میں آپ نے کہا تھا کاپی اپنے پاس رکھی۔

    استغاثہ کے گواہ نے کہا کہ میں نے بیان میں یہ نہیں کہا تھا جے آئی ٹی نے کاپی اپنے پاس رکھی، نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ گواہ کے کسی دوسرے ریفرنس میں پرانے بیان پرتضاد نہیں نکالا جا سکتا۔

    بعدازاں احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کے خلاف العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس کیس کی سماعت 17 ستمبرتک ملتوی کردی۔

    خواجہ حارث نے گزشتہ روز سماعت کے آغاز پرعدالت کو آگاہ کیا تھا کہ نواز شریف کلثوم نواز کی وفات کے باعث لاہور میں ہیں، ان سے کارروائی کے حوالے سے ہدایات نہیں لے سکا۔

    انہوں نے عدالت سے استدعا کی تھی کہ سماعت جمعرات تک ملتوی کی جائے تاکہ اپنے مؤکل سے ہدایات لے سکوں جس پر احتساب عدالت کے جج نے ریمارکس دیے تھے کہ کلثوم نوازبڑی شخصیت تھی، کارروائی چلانا مناسب نہیں۔

    بعدازاں احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم نوازشریف کے خلاف العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس کی سماعت ملتوی کردی تھی۔

    بیگم کلثوم نوازانتقال کرگئیں

    یاد رہے کہ 11 ستمبر کو سابق وزیراعظم نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز طویل علالت کے بعد لندن میں انتقال کر گئی تھیں۔

  • کلثوم نواز نے ڈکٹیٹر کے دور میں جمہوریت کا علم بلند کیا: حمزہ شہباز

    کلثوم نواز نے ڈکٹیٹر کے دور میں جمہوریت کا علم بلند کیا: حمزہ شہباز

    لاہور: مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیر اعلیٰ شہباز شریف کے صاحبزادے حمزہ شہباز نے کلثوم نواز کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ڈکٹیٹر کے دور میں جمہوریت کا علم بلند کیا۔

    تفصیلات کے مطابق جاتی امرا میں مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بیگم کلثوم نواز ایک بہادر خاتون تھیں۔

    انہوں نے کہا کہ کلثوم نواز نے ڈکٹیٹر کے دور میں جمہوریت کا علم بلند کیا، کلثوم نواز 14 ماہ تک کینسر جیسے موذی مرض سے لڑیں۔

    حمزہ شہباز نے میاں محمد بخش کا کلام سنا کر کلثوم نواز کو خراج عقیدت بھی پیش کیا۔

    خیال رہے کہ سابق خاتون اول  بیگم کلثوم نواز طویل علالت کے بعد گزشتہ روز لندن میں انتقال کر گئی تھیں۔

    اس موقع پر نواز شریف، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن صفدر کو  پیرول پر رہا کیا گیا تھا جس کے بعد وہ جاتی امرا پہنچ گئے ہیں۔

    دوسری جانب نواز شریف کے بھائی اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف اپنی بھابھی کی میت لینے کے لیے لندن روانہ ہوچکے ہیں۔

    وہ میت لے کر جمعہ کو وطن واپس آئیں گے جس کے بعد مرحومہ کلثوم نواز کو جاتی امرا میں سپرد خاک کیا جائے گا۔

  • شریف خاندان کی پیرول پر رہائی میں 3 دن کی توسیع

    شریف خاندان کی پیرول پر رہائی میں 3 دن کی توسیع

    لاہور: سابق وزیر اعظم نواز شریف، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن صفدر کی پیرول پر رہائی میں 3 دن کی توسیع کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق سابق خاتون اول کلثوم نواز کے انتقال کے سبب ان کے شوہر نواز شریف، صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن صفدر کی پیرول پر کی جانے والی رہائی میں توسیع منظور کرلی گئی۔

    ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ نسیم نواز رہائی میں توسیع کی سمری لے کر وزیر اعلیٰ آفس پہنچے۔

    مزید پڑھیں: ’امی آنکھیں کھولیں، دیکھیں ابو جان آئے ہیں‘

    محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن صفدر کی پیرول پر رہائی میں توسیع کا فیصلہ کرتے ہوئے سمری وزیر اعلیٰ پنجاب کو ارسال کردی گئی ہے۔

    حکام کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ کی منظوری کے بعد نوٹیفکیشن جاری کر دیا جائے گا۔

    خیال رہے کہ سابق خاتون اول  بیگم کلثوم نواز طویل علالت کے بعد گزشتہ روز لندن میں انتقال کر گئی تھیں۔

    اس موقع پر نواز شریف، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن صفدر کو 12 گھنٹے کے لیے  پیرول پر رہا کیا گیا تھا جس کے بعد وہ جاتی امرا پہنچ گئے ہیں۔

    نواز شریف کے خلاف العزیزیہ ریفرنس کیس کی سماعت بھی آج بغیر کارروائی ملتوی کردی گئی۔

    دوسری جانب نواز شریف کے بھائی اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف اپنی بھابھی کی میت لینے کے لیے لندن روانہ ہوچکے ہیں۔

    وہ میت لے کر جمعہ کو وطن واپس آئیں گے جس کے بعد مرحومہ کلثوم نواز کو جاتی امرا میں سپرد خاک کیا جائے گا۔

  • ’امی آنکھیں کھولیں، دیکھیں ابو جان آئے ہیں‘: مریم نواز کی والدہ سے آخری گفتگو

    ’امی آنکھیں کھولیں، دیکھیں ابو جان آئے ہیں‘: مریم نواز کی والدہ سے آخری گفتگو

    لندن: پاکستان روانگی سے قبل مریم نواز کی اپنی والدہ کلثوم نواز سے آخری گفتگو نے ہر آنکھ اشکبار اور ہر دل سوگوار کردیا۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مریم نواز اور سابق وزیر اعظم نواز شریف پاکستان روانگی سے قبل بستر علالت پر موجود سابق خاتون اول کلثوم نواز سے ملنے آئے ہیں۔

    ویڈیو میں مریم نواز والدہ کے سر پر ہاتھ پھیر رہی ہیں اور ان سے کہہ رہی ہیں، ’امی آنکھیں کھولیں، دیکھیں ابو جان آئے ہیں۔ وہ آپ کے پاس کھڑے ہیں‘۔

    مریم نواز کہتی ہیں، ’امی آپ کو آواز آرہی ہے نا؟‘ لیکن کلثوم نواز بے حس و حرکت ہیں اور کوئی ردعمل نہیں دے رہیں۔

    یہ ویڈیو اس وقت کی ہے جب نواز شریف اور مریم نواز کو پاکستان واپس آنا تھا جہاں ان کی گرفتاری کے انتظامات مکمل تھے۔

    اس سے قبل نواز شریف کی بھی ویڈیو سامنے آئی تھی جس میں وہ اپنی اہلیہ کو آوازیں دے رہے تھے لیکن انہیں کوئی جواب نہیں ملا۔

    مزید پڑھیں: آنکھیں کھولو کلثوم، باؤ جی آئے ہیں

    پاکستان واپسی سے قبل دونوں باپ بیٹی کی ایک اور تصویر بھی سامنے آئی تھی جس میں نواز شریف نے اپنی اہلیہ کے ماتھے پر ہاتھ رکھا ہوا تھا جبکہ مریم نواز رو رہی تھیں۔

    خیال رہے کہ سابق خاتون اول  بیگم کلثوم نواز طویل علالت کے بعد گزشتہ روز لندن میں انتقال کر گئی تھیں۔

    اس موقع پر نواز شریف، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن صفدر کو پیرول پر رہا کیا گیا ہے جس کے بعد وہ جاتی امرا پہنچ گئے ہیں۔

  • العزیزیہ ریفرنس کیس: سماعت بغیر کارروائی کل تک ملتوی

    العزیزیہ ریفرنس کیس: سماعت بغیر کارروائی کل تک ملتوی

    اسلام آباد: احتساب عدالت میں سابق وزیر اعظم نواز شریف کے خلاف العزیزیہ ریفرنس کیس کی سماعت بغیر کارروائی کل تک ملتوی کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت میں سابق وزیر اعظم نواز شریف کے خلاف العزیزیہ ریفرنس کیس کی سماعت مقررہ شیڈول کےمطابق شروع ہوئی۔ کیس کی سماعت جج محمد ارشد ملک نے کی۔

    نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث احتساب عدالت میں پیش ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کلثوم نواز کی وفات کے باعث لاہور میں ہیں، نواز شریف سے کارروائی کے حوالے سے ہدایات نہیں لے سکا۔

    انہوں نے کہا کہ سماعت کل تک ملتوی کر دی جائے، کل تک اپنے مؤکل سے ہدایات لے لوں گا۔

    جج ارشد ملک نے کہا کہ کلثوم نواز بڑی شخصیت تھیں، آج کارروائی چلانا مناسب نہیں۔

    نیب کے وکیل نے کہا کہ خواجہ صاحب سے کہیں کل کے لیے ہدایات لے لیں پھر سماعت ملتوی کریں جس پرجج نے کہا کہ آج کوئی متنازعہ بات نہیں ہونی چاہیئے کل دیکھ لیں گے۔

    خواجہ حارث نے کہا کہ جمعہ کو بیگم کلثوم نواز کی تدفین ہوگی، پیش نہیں ہوسکوں گا جس پر جج نے کہا کہ جمعرات کو جرح کرلیں، جمعہ کے روز سماعت نہیں کریں گے۔

    عدالت نے کیس کی مزید سماعت کل تک ملتوی کر دی۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز طویل علالت کے بعد لندن میں انتقال کر گئی تھیں۔

    اس موقع پر نواز شریف، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن صفدر کو پیرول پر رہا کیا گیا ہے جس کے بعد وہ جاتی امرا پہنچ گئے ہیں۔