Tag: کلفٹن کراچی

  • عید کی چھٹیوں میں کراچی میں پلے لینڈ سے لڑکی لا پتا

    عید کی چھٹیوں میں کراچی میں پلے لینڈ سے لڑکی لا پتا

    کراچی: شہر قائد سے ایک اور لڑکی پر اسرار طور پر لاپتا ہو گئی ہے، ریحانہ نامی لڑکی عید کے پانچویں دن ایک پلے لینڈ سے اچانک غائب ہوئی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں ریحانہ نامی ایک لڑکی عید کے پانچویں روز اچانک غائب ہو گئی ہے، جس کا تاحال کوئی پتا نہیں لگ سکا ہے، اہل خانہ کا کہنا ہے کہ وہ عید کی چھٹیوں پر گھومنے کے لیے کلفٹن آئے تھے جب یہ واقعہ پیش آیا۔

    اہل خانہ کے مطابق لڑکی کلفٹن پلے لینڈ ایریا میں فیملی کے ساتھ گھومنے آئی اور اچانک غائب ہو گئی، اہل خانہ نے کہا کہ انھوں نے ون فائیو پر فوری اطلاع دے دی تھی، اور 6 دن تک تھانوں کے چکر بھی کاٹتے رہے، لیکن پولیس مقامی تھانے بھیجتی تو وہاں کی پولیس کلفٹن تھانے بھیج دیتی۔

    لڑکی کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ ریحانہ کی گم شدگی پر ایک ہفتہ بعد بوٹ بیسن تھانے میں اغوا کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ان کا لڑکی کے اہل خانہ سے رابطہ ہوا ہے، اور انھیں لڑکی کے اغوا کے معاملے میں ایک شخص پر شک بھی ہے، تاہم واقعے کی تفتیش کی جا رہی ہے۔

  • کلفٹن کراچی میں درخت کیوں کاٹے گئے، انتظامیہ لاعلم

    کلفٹن کراچی میں درخت کیوں کاٹے گئے، انتظامیہ لاعلم

    کراچی: شہر قائد میں درخت کاٹنے والا مافیا سرگرم ہو گیا، تاہم دوسری طرف سو سے زیادہ درخت کاٹے جانے پر بھی انتظامیہ لا علم نکلی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں نہر خیام کلفٹن کے علاقے میں فٹ پاتھ پر لگائے گئے درخت کاٹ کر حکومت کی درخت لگانے اور ماحول کو آلودگی سے بچانے کی مہم کو شدید نقصان پہنچایا گیا ہے۔

    ذرائع نے بتایا کہ کلفٹن کے علاقے میں گزشتہ رات مافیا نے درختوں کو کاٹا، درخت کاٹنے کے بعد انھیں فٹ پاتھ پر ہی چھوڑ دیا گیا، جب کہ انتظامیہ اس حوالے سے لا علم ہے کہ ان درختوں کو کس نے اور کیوں کاٹا۔

    خیال رہے کہ کراچی میں گرمیوں کا سیزن شروع ہوتے ہی درختوں کو کاٹنے کا یہ واقعہ پیش آیا ہے، جب کہ ان درختوں کو ماحولیاتی آلودگی کو کم کرنے کے لیے لگایا گیا تھا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ نہر خیال میں فٹ پاتھ پر مافیا کی جانب سے 100 سے زائد درختوں کو کاٹا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ وزیر اعظم عمران خان کل خیبر پختون خواہ کا دورہ کریں گے، جہاں وہ 10 بلین ٹری منصوبے کے تحت شجر کاری مہم میں شریک ہوں گے۔

    وزیر اعظم کل خیبر پختون خواہ میں زیتون کی شجر کاری کا آغاز کریں گے، وزیر اعلیٰ کے پی کے محمود خان بھی ان کے ہمراہ ہوں گے۔