Tag: کلیم امام

  • وزیراطلاعات سندھ کا آئی جی سندھ کو چھٹی پر جانے کا مشورہ

    وزیراطلاعات سندھ کا آئی جی سندھ کو چھٹی پر جانے کا مشورہ

    کراچی: وزیر اطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ نے آئی جی سندھ پولیس سید کلیم امام کو چھٹی پر جانے کا مشورہ دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دیگر صوبوں میں فوری طور پر 4 سے 5 آئی چیز تبدیل ہو جاتے ہیں لیکن سندھ میں نہیں ہوتے۔

    ناصر حسین شاہ نے آئی جی سندھ کو چھٹی پر جانے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ کلیم امام سینئر افسر ہیں مسئلہ حل کرنے کے لیے فوری چھٹی پر چلے جائیں۔

    صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اطلاعات سندھ کا کہنا تھا کہ سندھ میں آئی جی اس لیے تبدیل نہیں ہوتے کیوں کہ یہاں پیپلزپارٹی کی حکومت ہے۔

    انہوں نے کہا کہ اگر پورے پاکستان میں آپ کو کہیں ترقیاتی کام نظر آئے گا تو وہ سندھ ہے جہاں ترقیاتی منصوبے تکمیل کے مراحل میں ہیں اور کچھ مکمل ہوچکے ہیں جن کا افتتاح چیئرمین پیپلزپارٹی نے کیا تھا۔

    ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ حکومت سندھ کی 131 اسکیمز جاری ہیں جس میں کراچی کی 17 اسکیمز ہیں جن کے آئندہ آنے والے مہینوں میں افتتاح کیے جائیں گے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے سندھ اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ سندھ اسمبلی عوام کے منتخب کردہ لوگوں کی ہے، عوام کے منتخب کردہ ایوان نے آئی جی سندھ کو مسترد کر دیا ہے۔

  • سندھ سمیت کراچی میں امن وامان میں بہتری آئی، کلیم امام

    سندھ سمیت کراچی میں امن وامان میں بہتری آئی، کلیم امام

    کراچی : آئی جی سندھ سید کلیم امام کا کہنا ہے کہ سندھ سمیت کراچی میں امن وامان میں بہتری آئی، سندھ میں مختلف نوعیت کے جرائم میں نمایاں کمی آئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آئی جی سندھ پولیس کلیم امام نے کہا کہ نمبیو کرائم انڈیکس کے مطابق 2014 میں کراچی جرائم پر چھٹے نمبر پر تھا، 2019 کے اختتام پر کراچی جرائم میں 71 نمبر پر آگیا تھا۔

    انہوں نے کہا کہ مؤثرپولیسنگ کی بدولت جنوری 2020 میں کراچی 88 ویں نمبر پر رہا، کرائم انڈیکس کے لحاظ سے فروری کے آغاز پر کراچی 94 ویں نمبر ہے۔

    سید کلیم امام کا کہنا ہے کہ سندھ سمیت کراچی میں امن وامان میں بہتری آئی، سندھ میں مختلف نوعیت کے جرائم میں نمایاں کمی آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قیام امن کے لیے ٹھوس، مربوط ایکشن کے حوصلہ افزا نتائج آئے۔

    آئی جی سندھ پولیس کا کہنا تھا کہ پولیس حکمت عملی اورایکشن کو ہر سطح پر کامیاب اور نتیجہ خیز بنایا، سندھ بھر میں تجاوزات کی زد میں آنے والی پولیس چوکیوں کو بھی ختم کیا۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ آئی جی سندھ کلیم امام کا کہنا تھا کہ میرا تبادلہ اتنی آسانی سے ہونے والا نہیں ہے، میرےخلاف سازش ہوئی ہے، جب جاؤں گا تو اپنے مقدر سے جاؤں گا۔

  • کلیم امام کو آئی جی کے عہدے سے ہٹایا جائے، وزیراعلی سندھ کا وزیراعظم کو خط

    کلیم امام کو آئی جی کے عہدے سے ہٹایا جائے، وزیراعلی سندھ کا وزیراعظم کو خط

    کراچی : وزیراعلی سندھ مرادعلی شاہ نے خط میں وزیراعظم عمران خان سے مطالبہ کیا ہے کہ کلیم امام کو آئی جی کے عہدے سےہٹایا جائے، وفاقی کابینہ کا آئی جی پرفیصلہ 1993کےمعاہدے کےخلاف ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آئی جی سندھ کی تعیناتی پر حکومت اور سندھ حکومت میں ڈیڈلاک برقرار ہے ، وزیراعلی سندھ مرادعلی شاہ نے وزیراعظم عمران خان کوایک اور خط لکھا ، وِزیراعلی سندھ کا یہ تیسرا خط ہے۔

    خط میں بھیجےگئےپانچوں ناموں میں سےکسی ایک کوآئی جی سندھ مقرر کرنےپراصرار کیا گیا اور کہا گیا کلیم امام کو آئی جی کے عہدے سےہٹایا جائے ، وفاقی کابینہ کا آئی جی پرفیصلہ 1993کےمعاہدے کےخلاف ہے۔

    مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر کلیم امام کا رویہ سندھ میں نفرتوں کا سبب بن رہا ہے ، کلیم امام غیر سنجیدہ اور غیرمہذب رویے سےصوبائی حکومت کی توہین کر رہے ہیں، آپ کےمشورے پر ہی آئی جی پولیس کی تبدیلی کا عمل شروع کیا۔

    دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ کی اسلام آباد میں اہم ملاقاتیں ہوئی ، اسدعمر سے ملاقات میں آئی جی سندھ کے معاملے  پر  بات چیت ہوئی ، وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ خان صاحب نےآئی جی سندھ تبدیل نہیں کرناتھاتوپہلےانکارکرتے، کابینہ حیرت  میں ہےوزیراعظم کووعدہ یاد دلائیں۔

    مزید پڑھیں : وفاق کا آئی جی سندھ ڈاکٹر کلیم امام کو تبدیل نہ کرنے پر غور

    ذرائع وزیراعلی کے مطابق ملاقات میں صوبہ سندھ کےترقیاتی منصوبوں پربھی تبادلہ خیال کیاگیا جبکہ گریٹرکراچی واٹرسپلائی اسکیم منصوبہ بھی زیر غور آیا اور کراچی سرکلرریلوےمنصوبے،حیدرآباد یونیورسٹی کےفنڈز کاجائزہ لیاگیا۔

    ذرائع کاکہنا ہے کہ وزیراعلی پرامید ہے کہ اآئی جی جلدتبدیل ہوگا تاہم سندھ میں آئی جی سندھ کےحل تک وفاق سے تعاون نہ کرنےکادباؤہے۔

    خیال رہے کہ وفاق نے آئی جی سندھ کی تعیناتی کے لئے حکومت سندھ کے دیے گئے نام مسترد کر دیے تھے اور عمران احمر کے بعد ڈاکٹر امیر شیخ کا نام دیا تھا ، جب کہ آئی جی کلیم امام نے عمران یعقوب کا نام تجویز کیا تھا۔ دوسری طرف سندھ حکومت کا مشتاق مہر، غلام قادر تھیبو اور کامران فضل کے ناموں پر اصرار ہے۔

    وفاق نے سندھ حکومت کودو ٹوک پیغام دیا ہے کہ گورنر عمران اسماعیل سے مشاورت تک آئی جی تبدیل نہیں ہوگا۔

  • آئی جی کی تبدیلی کے لیے کیا ہمیں اقوام متحدہ جانا پڑے گا؟ سعید غنی

    آئی جی کی تبدیلی کے لیے کیا ہمیں اقوام متحدہ جانا پڑے گا؟ سعید غنی

    کراچی: صوبائی وزیر سعید غنی کا کہنا ہے کہ کلیم امام اپنی باتوں سے ہمارے تحفظات درست ثابت کر رہے ہیں، کیا ہمیں آئی جی کی تبدیلی کے لیے اقوام متحدہ جانا پڑے گا؟

    تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر سعید غنی نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری افسران کا تبادلہ ان کے کیریئر کا حصہ ہوتا ہے، صوبائی کابینہ آئی جی سندھ پر عدم اعتماد کا اظہار کر چکی ہے۔

    سعید غنی کا کہنا تھا کہ کیا ہمیں آئی جی کی تبدیلی کے لیے اقوام متحدہ جانا پڑے گا۔

    انہوں نے کہا کہ آئی جی صاحب فرما رہے ہیں کہ میرا تبادلہ نہیں ہو رہا۔ کلیم امام اپنی باتوں سے ہمارے تحفظات درست ثابت کر رہے ہیں۔

    صوبائی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ سازش کرنے والے آئی جی نے ہمارے کے خلاف سازش کی۔ انہوں نے میرے اور امتیاز شیخ کے خلاف من گھڑت رپورٹ جاری کروائی۔

    خیال رہے کہ تھوڑی دیر قبل آئی جی سندھ ڈاکٹر کلیم امام نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اپنے تبادلے کی خبر کی تردید کردی تھی۔

    آئی جی کا کہنا تھا کہ ہم تمام پولیس افسران قانون کے تحت کام کرتے ہیں، قانون نافذ کرنے کی کوشش کرتے ہیں تو راہ میں رکاوٹیں بھی پیش آتی ہیں۔

    کلیم امام نے کہا تھا کہ میرا تبادلہ اتنی آسانی سے ہونے والا نہیں ہے، جاؤں گا تو اپنے مقدر سے جاؤں گا اور کسی بڑی جگہ یا نئے مراحل پر جاؤں گا۔ میرے خلاف شدید قسم کی سازش ہوئی ہے۔

  • سندھ اور وفاق میں دوریاں ختم، مراد علی شاہ کی مراد پوری

    سندھ اور وفاق میں دوریاں ختم، مراد علی شاہ کی مراد پوری

    کراچی: وزیر اعظم عمران خان نے دورہ کراچی کے موقع پر آئی جی سندھ کلیم امام کی تبدیلی کی درخواست منظور کر لی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ اور وفاق میں دوریاں ختم ہو گئیں، وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی مراد بھی پوری ہوگئی، وزیر اعظم نے آئی جی سندھ کی تبدیلی کی سندھ حکومت کی درخواست منظور کر لی۔

    آئی جی سندھ کی تبدیلی کا نوٹیفکیشن آج جاری ہوگا، اس سلسلے میں گزشتہ روز گورنر ہاؤس سندھ میں وزیر اعظم عمران خان سے وزیر اعلیٰ سندھ نے اہم ملاقات کی، جس میں وزیر اعظم نے سندھ حکومت کا مطالبہ مان لیا۔ اس ملاقات میں گورنر سندھ عمران اسماعیل بھی موجود تھے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق مشتاق مہر کو نیا آئی جی سندھ بنائے جانے کا امکان ہے، گزشتہ روز وزیر اعظم نے کلیم امام کو بھی گورنر ہاؤس بلوا لیا تھا اور ان کے ساتھ ملاقات کی۔ دوسری طرف مراد علی شاہ ایک سال بعد وزیر اعظم کا استقبال کرنے ایئرپورٹ گئے۔ جس پر معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم کے استقبال کے لیے مراد علی شاہ کا جانا سیاسی پختگی کی علامت ہے۔

    وزیراعظم سے پیر پگارا کی ملاقات، جی ڈی اے کے تحفظات ختم

    خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیر اعظم عمران خان کراچی کے مسائل کے حل لیے شہر قائد کے ایک روزہ اہم دورے پر آئے تھے، انھوں نے اس دوران کراچی میں کامیاب جوان پروگرام کا بھی افتتاح کیا، جس میں انھوں نے اعلان کیا کہ 50 ہزار نوجوانوں کو اسکالر شپ دے رہے ہیں۔ وزیر اعظم نے شوکت خانم اسپتال کے لیے فنڈ ریزنگ تقریب سے بھی خطاب کیا۔ انھوں نے کنگری ہاؤس میں جی ڈی اے رہنماؤں سے بھی اہم ملاقات کی۔

  • سندھ کےعوام  نے آئی جی سندھ کو مسترد کردیا، مراد علی شاہ

    سندھ کےعوام نے آئی جی سندھ کو مسترد کردیا، مراد علی شاہ

    کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ کےعوام نے آئی جی سندھ کو مسترد کردیا، صوبے میں وہی آئی جی چلے گا جو منتخب نمائندوں کی پالیسی پر ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے سندھ اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ یہ سندھ اسمبلی عوام کے منتخب کردہ لوگوں کی ہے، عوام کے منتخب کردہ ایوان نے آئی جی سندھ کو مسترد کر دیا ہے۔

    مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ 7جنوری کو ڈاکٹر رضوان کا امتیاز شیخ کو میسج آیا آپ بڑے بھائی ہیں، آئی ول سی یو، امتیاز شیخ اگر کریمنل ہے تو اسے گرفتار کیوں نہیں کیا، بتایاجائے کیا وزیراعلیٰ نے امتیاز شیخ کو گرفتار کرنے سے منع کیا تھا؟

    انہوں نے کہا کہ وزیراعظم سے براہ راست ملاقات ہوئی اس کے بعد 3 بار فون پر بات ہوئی، وزیراعظم سے کہا آئی جی کی نااہلی سے امن وامان خراب ہو رہا ہے، وزیراعظم نے مجھے کہا کہ آئی جی کے لیے آپ مجھے نام بھیج دیں۔

    وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت قانون کے تحت آگے کام کرتی ہے، اپنی ٹیم کا انتخاب کرنا آئینی طور پر سندھ حکومت کا اختیار ہے، پولیس کو آزادانہ طور پر کام کرنے کا موقع دیا۔

    مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ صوبے کا افسر کس سے بات کرتا ہے کیا وہ مجھے نہیں پتہ چلتا؟ آئی جی پارٹی بن جائے تو ایسا پہلے کبھی نہیں دیکھا، صوبے میں وہی آئی جی چلے گا جو منتخب نمائندوں کی پالیسی پر ہوگا۔

  • اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے جواب تک کلیم امام ہی آئی جی سندھ رہیں گے،عدالت

    اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے جواب تک کلیم امام ہی آئی جی سندھ رہیں گے،عدالت

    کراچی: سندھ ہائی کورٹ نے آئی جی سندھ کی تبدیلی سے متعلق درخواست کی سماعت کے دوران ریمارکس دیے کہ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے جواب تک کلیم امام ہی آئی جی سندھ رہیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ نے آئی جی سندھ کی تبدیلی سے متعلق درخواست کی سماعت کے دوران ریمارکس دیے کہ سندھ ہائی کورٹ پہلے فیصلہ دے چکی ہے، صوبہ اور وفاق مشاورت کے بعد آئی جی کوتبدیل کر سکتے ہیں۔

    عدالت نے ریمارکس دیے کہ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے جواب تک کلیم امام ہی آئی جی سندھ رہیں گے، قانون میں آئی جی سندھ کے عہدے کی مدت 3 سال ہے،نئے آئی جی کی تعیناتی قانون کے مطابق کی جائے۔

    سندھ ہائی کورٹ نے ریمارکس دیے کہ سندھ حکومت کا آئی جی تبدیلی کے خط کا ابھی تک جواب نہیں ملا، اگر شام کو وفاق کا جواب آجاتا ہے تو کر دیں۔ عدالت نے وفاق اور صوبائی حکومت کو 28 جنوری کے لیے نوٹس جاری کر دیے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے سندھ حکومت نے آئی جی سندھ کو ہٹانے کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا، صوبائی حکومت نے نئے آئی جی کے لیے وفاقی حکومت کو خط بھی لکھا تھا۔

  • سندھ حکومت نے آئی جی پولیس کے کرائم میں کمی کے دعوے کو مسترد کر دیا

    سندھ حکومت نے آئی جی پولیس کے کرائم میں کمی کے دعوے کو مسترد کر دیا

    کراچی: سندھ حکومت نے آئی جی پولیس کے کرائم میں کمی کے دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ آئی جی کے دور میں کرائم میں اضافہ ہوا۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے آئی جی پولیس کے کرائم میں کمی کے دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ آئی جی سندھ دورمیں کرائم میں 7سے10 فیصد اضافہ ہوا۔

    سندھ حکومت کے مطابق گاڑیوں کی چھیناجھپٹی،2018 میں174 اور 2019 میں 247 تک بڑھی، کار چوری کی وارداتیں 2018 میں 1198 اور2019 میں 1452 تک بڑھ گئیں۔

    سندھ حکومت کا کہنا ہے کہ 2018 میں 25 ہزارموٹرسائیکلیں، 2019 میں 28609 موٹرسائیکلیں چوری ہوئیں، 2018 میں موبائل چھیننے کی 14899 اور 2019میں 19862 وارداتیں ہوئیں، قتل کی وارداتیں 2018 میں 326 جبکہ 2019 میں 363 تک پہنچ گئیں۔

    آئی جی سندھ کے اقدامات سے شہر میں جرائم کم ہوئے، ایم کیو ایم پاکستان

    یاد رہے کہ گزشتہ روز متحدہ قومی موومنٹ کے اراکین سندھ اسمبلی کا آئی جی سندھ کے تبادلے پر کہنا تھا کہ ان کو غیر قانونی احکامات نہ ماننے کی پاداش میں تبدیل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، کلیم امام کے اقدامات سے شہر قائد میں جرائم میں کمی ہوئی۔

    خواجہ اظہار الحسن کا کہنا تھا کہ سندھ پولیس میں اصلاحات پیپلزپارٹی کو گوارا نہیں، سندھ حکومت پولیس کے لیے مختص بجٹ فوری طور پر جاری کرے، پولیس کے بجٹ میں اسلحہ خریداری کی رقم میں کٹوتی کی جا رہی ہے۔

  • کیا آئی جی سندھ کلیم امام کو عہدے سے ہٹا دیا جائے گا؟

    کیا آئی جی سندھ کلیم امام کو عہدے سے ہٹا دیا جائے گا؟

    کراچی: آئی جی سندھ کلیم امام کو ہٹایا جائے یا نہیں، اس سلسلے میں آج سندھ کابینہ کا ہنگامی اجلاس طلب کر لیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ذرایع کا کہنا ہے کہ آئی جی سندھ کلیم امام کو عہدے سے ہٹانے کے معاملے پر سندھ کابینہ کا اجلاس آج سہ پہر 3 بجے سی ایم ہاؤس میں طلب کیا گیا ہے۔

    ذرایع کے مطابق اجلاس میں آئی جی سندھ کے مستقبل کے حوالے سے فیصلہ کیا جائے گا، سندھ حکومت کا مؤقف ہے کہ آئی جی سندھ کلیم امام حکومت اور پولیس افسران میں غلط فہمیاں پیدا کر رہے ہیں۔ ہنگامی اجلاس میں وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ آئی جی پولیس کے حوالے سے کابینہ کو اعتماد میں لیں گے۔

    سندھ پولیس اور صوبائی حکومت کے درمیان اختیارات کا تنازع

    یاد رہے کہ چند پولیس افسران کے تبادلوں کے معاملے پر سندھ حکومت اور آئی جی سندھ کئی بار آمنے سامنے آئے، دسمبر میں آئی جی سندھ کلیم امام نے چند افسران کو صوبہ بدر کرنے پر سخت رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان فیصلوں نے پولیس کے مورال اور آئی جی کی کمانڈ کو کم زور کیا ہے۔

    آئی جی کلیم امام سندھ حکومت کے احکامات کے آگے ڈٹ کر کھڑے ہوئے اور افسران کے تبادلے کے احکامات کو مسترد کرتے ہوئے افسران کو عہدہ چھوڑنے سے روک دیا تھا۔

    24 دسمبر کو سندھ کابینہ کے اجلاس میں وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ایڈیشنل انسپکٹر جنرل (اے آئی جی) کو سختی سے کہا کہ میں کچھ نہیں جانتا، کچھ بھی کریں مگر کراچی کو اسٹریٹ کرائم سے پاک کریں۔

  • آئی جی سندھ نے سی ویو سے بے ہوشی کی حالت میں ملنے والی لڑکی کی رپورٹ طلب کر لی

    آئی جی سندھ نے سی ویو سے بے ہوشی کی حالت میں ملنے والی لڑکی کی رپورٹ طلب کر لی

    کراچی: آئی جی سندھ ڈاکٹر کلیم امام نے سی ویو سے نیم بے ہوشی کی حالت میں لڑکی ملنے کے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آج کراچی کے ساحل سمندر پر سی ویو سے لڑکی نیم بے ہوشی کی حالت میں ملی تھی، پولیس نے لڑکی کے ہوش میں آنے کے بعد اس کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا۔

    آئی جی سندھ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی ساؤتھ انویسٹی گیشن سے رپورٹ طلب کر لی، اور ہدایت کی تفتیش کو انتہائی غیر جانب دار اور نتیجہ خیز بنایا جائے۔

    آئی جی سندھ کلیم امام نے سختی سے یہ بھی ہدایت کی کہ واقعے میں ملوث عناصر کو جلد گرفت میں لایا جائے۔

    یہ بھی پڑھیں:  کراچی: درخشاں تھانے پرعدالتی بیلف کا چھاپا، 3 خواتین، بچی بازیاب

    قبل ازیں، سی ویو سے ملنے والی بے ہوش لڑکی کی مدعیت میں مقدمہ تھانہ درخشاں میں درج کر لیا گیا ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمے میں زیادتی سمیت دیگر دفعات شامل کیے گئے ہیں۔

    پولیس کا یہ بھی کہنا ہے کہ متاثرہ لڑکی نے اپنا بیان ریکارڈ کرا دیا ہے، لڑکی کو کار سوار افراد سی ویو پر پھینک کر فرار ہوئے تھے۔

    پولیس کے مطابق لڑکی کے بیان کی روشنی میں نامزد ملزمان کے خلاف زیادتی کا مقدمہ درج کر لیا گیا، متاثرہ لڑکی کا کہنا ہے کہ ملزمان نے نشہ آور اشیا کھلا کر زیادتی کی۔ پولیس کے مطابق متاثرہ لڑکی ڈیفینس کی رہایشی ہے۔

    متاثرہ لڑکی کا کہنا ہے کہ گزشتہ رات اس کی دوست کرن اور علی عرف عمران گھر آئے اور نشہ آور چیز کھانے میں کھلائی جس کے بعد تشدد کے ساتھ زیادتی کا نشانہ بنایا، ہوش میں آئی تو جناح اسپتال میں تھی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ صبح ساڑھے 6 بجے 15 پر بے ہوش لڑکی کی موجودگی کی اطلاع ملی، فوری طور پر لڑکی کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا، میڈیکل رپورٹ آنے کے بعد زیادتی کی تصدیق ہوگی، سہیلی کرن کا گھر پر آنا جانا ہے، علی عرف عمران سے متاثرہ لڑکی کی پہلے بھی 2 سے 3 ملاقاتیں ہوئیں، لڑکی کے مطابق مزاحمت کرنے پر تشدد کا نشانہ بھی بنایا گیا، واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔