Tag: کلین اینڈ گرین

  • بلین ٹری سونامی مہم کو نقصان پہنچانے کی مبینہ کوشش، فاریسٹ افسر معطل

    بلین ٹری سونامی مہم کو نقصان پہنچانے کی مبینہ کوشش، فاریسٹ افسر معطل

    اسلام آباد: وزیر اعظم کی بلین ٹری سونامی مہم کو نقصان پہنچانے کی مبینہ کوشش پر وفاقی حکومت نے نوٹس لے لیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کوٹلی ستیاں کے جنگل میں درختوں کی کٹائی پر وفاقی حکومت نے نوٹس لے لیا، وزیر اعظم کے مشیر ماحولیات ملک امین اسلم نے کوٹلی ستیاں کا ہنگامی دورہ کر کے درخت کاٹنے کی اجازت دینے والا ڈسٹرکٹ فارسٹ افسر معطل کر دیا۔

    ڈپٹی کمشنر نے کاٹے گئے درختوں کی لکڑی تحویل میں لے کر تحقیقات شروع کر دی، اس سلسلے میں مشیر ماحولیات ملک امین اسلم نے وزیر اعظم عمران خان سے بھی ملاقات کی اور واقعے کی تفصیلات سے وزیر اعظم کو آگاہ کیا۔ ملک امین اسلم کا کہنا تھا کہ درختوں کی کٹائی ٹمبر مافیا کی کارروائی لگتی ہے۔

    دریں اثنا، وزیر اعظم عمران خان نے کلین اینڈ گرین مہم کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف ایکشن کی ہدایت کر دی، انھوں نے کہا کہ انتظامی سطح پر ملوث عناصر کو بھی سامنے لایا جائے۔ وزیر اعظم نے بروقت ایکشن لینے پر مشیر ماحولیات کی کوششوں کو سراہا۔

    ملک امین اسلم کا کہنا تھا کہ درختوں کو کاٹنے والوں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا، جنگلات کی حفاظت کے لیے پختون خوا طرز پر اقدامات ضروری ہیں، اس سلسلے میں قانون میں تبدیلی کی سمری پنجاب اسمبلی بھجوائے جائے گی۔

  • علی زیدی کا کراچی کا فضائی جائزہ، صفائی مہم پر اظہارِ اطمینان

    علی زیدی کا کراچی کا فضائی جائزہ، صفائی مہم پر اظہارِ اطمینان

    کراچی: وفاقی وزیر بحری امور علی زیدی نے کراچی کا فضائی جائزہ لیا، وفاقی وزیر نے کراچی کی صفائی کے حوالے سے جاری مہم پر اطمینان کا اظہار کیا۔

    تفصیلات کے مطابق علی زیدی نے شہرِ قائد میں جاری صفائی مہم کے دوران شہر کا فضائی جائزہ لیا، اس موقع پر ایف ڈبلیو او کے ڈی جی بھی وفاقی وزیر کے ساتھ تھے۔

    فضائی جائزے کے بعد علی زیدی اور فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن (ایف ڈبلیو او) کے حکام کے درمیان اجلاس کا انعقاد ہوا، یہ اجلاس کلین اینڈ گرین کراچی کے ہیڈ کوارٹر میں ہوا۔

    اجلاس کے دوران وفاقی وزیر نے ایف ڈبلیو او کا کراچی کی صفائی میں کردار کو سراہا، انھوں نے کہا کہ ایف ڈبلیو او کی افرادی قوت اور مشینری سے ہمیں کافی سہولت ہوئی۔

    وفاقی وزیر نے کراچی کی صفائی کے حوالے سے جاری مہم پر اطمینان کا اظہار کیا اور ایف ڈبلیو او کے ڈی جی اور ان کی ٹیم کا مہم میں حصہ لینے پر شکریہ ادا کیا۔

    یہ بھی پڑھیں:  کراچی میں بہت مسائل ہیں، ایمرجنسی نافذ کرنی پڑے گی، علی زیدی

    علی زیدی نے اپنے عزم کو دہرایا کہ کراچی کے شہریوں سے وعدہ ہے کہ صفائی کا کام مسلسل جاری رہے گا، کراچی کے نالوں اور علاقوں سے کچرا صاف کرنے کا پکا ارادہ ہے۔

    خیال رہے کہ ایک ہفتہ قبل وفاقی وزیر نے کہا تھا کہ شہر میں کچرے اور صفائی سے متعلق بہت مسائل ہیں جن کی وجہ سے ایمرجنسی نافذ کرنی پڑے گی۔

    انھوں نے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کراچی کے لیے کام کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہمارا ایک ہی ایجنڈا ہے کہ کراچی کے ہر علاقے سے کچرا اٹھایا جائے، شہر میں صفائی مہم 6 اضلاع میں جاری ہے۔

    علی زیدی نے بحریہ ٹاؤن کی ٹیم کا بھی شکریہ ادا کیا تھا کہ وہ اپنی مشینری لے آئی۔ انھوں نے وزیر بلدیات سندھ سے درخواست کی کچرا کنڈی کے علاوہ کچرا پھینکنے پر پابندی لگائی جائے۔

  • مشیر تجارت عبد الرزاق داؤد نے پارلیمنٹ لاجز میں پھل دار پودا لگایا

    مشیر تجارت عبد الرزاق داؤد نے پارلیمنٹ لاجز میں پھل دار پودا لگایا

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کے خصوصی پروگرام کلین اینڈ گرین کے تحت مشیر تجارت عبد الرزاق داؤد نے پارلیمنٹ لاجز کے فرنٹ لان میں پھل دار پودا لگایا۔

    تفصیلات کے مطابق مشیر تجارت رزاق داؤد نے بھی کلین اینڈ گرین مہم میں حصہ لیتے ہوئے پارلیمنٹ کے لان میں پودا لگایا، اس موقع پر وزارت تجارت کے اعلیٰ حکام بھی ان کے ہم راہ موجود تھے۔

    پاکستان ہارٹی کلچر ڈویلپمنٹ اینڈ ایکسپورٹ کمپنی کے سربراہ محمد اشرف نے ادارے کے زیر اہتمام ’پلانٹ اے فروٹ ٹری‘ سے مشیر تجارت کو آگاہ کیا۔

    اس موقع پر رزاق داؤد نے کہا کہ پلانٹ اے فروٹ ٹری کے تحت شجر کاری مہم میں نیوٹریشن کا پہلو اہم ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  اسلام آباد ایئرپورٹ پر کلین اینڈ گرین پاکستان مہم کی تقریب وفاقی وزراء کا خطاب

    مشیر تجارت کا کہنا تھا کہ ملک کو بڑھتی ہوئی موسمیاتی تبدیلیوں کے خطرات سے بچانے کے لیے وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی شجر کاری مہم کے ذریعے مقابلہ کریں گے۔

    انھوں نے مزید کہا کہ پلانٹ اے فروٹ ٹری کا مقصد عوام میں نان کمرشل فروٹ ٹری لگانے کا رجحان اجاگر کرنا ہے۔

    یاد رہے کہ اسلام آباد میں وزیر اعظم عمران خان نے کلین اینڈ گرین پاکستان مہم کا باقاعدہ آغاز کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان کو درختوں کی بہت ضرورت ہے، پانچ سال بعد پاکستان یورپ سے زیادہ صاف نظر آئے گا، ایسا پاکستان چھوڑ کر جائیں گے کہ یقین ہی نہیں آئے گا۔

  • وزیر ریلوے کا کراچی کے لیے ایک اور ٹرین چلانے کا اعلان

    وزیر ریلوے کا کراچی کے لیے ایک اور ٹرین چلانے کا اعلان

    راولپنڈی: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی میں 20 کروڑ عوام کی آواز لے کر جا رہا ہوں۔ وزیر ریلوے نے کراچی کے لیے ایک اور ٹرین چلانے کا اعلان بھی کیا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید راولپنڈی ریلوے اسٹیشن پہنچے جہاں انہوں نے کلین اینڈ گرین پاکستان کی ماہانہ مہم کا افتتاح کردیا۔

    میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ریلوے کی تاریخ میں پہلی بار کلین اینڈ گرین مہم چلا رہے ہیں۔ ریلوے میں شکایت سیل بنایا ہے، خود نگرانی کروں گا۔

    شیخ رشید نے کہا کہ تھل ایکسریس شروع کردی گئی ہے۔ نان اسٹاپ جناح ایکسپریس، سرسید اے سی ٹرین کا افتتاح کریں گے، کراچی کے لیے ایک اور ٹرین چلائیں گے۔ 23 مارچ تک آپ بہت بڑی تبدیلی دیکھیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ مجھے معلوم ہے شہباز شریف کیوں اسپیکر سے ملنے گئے تھے، میں 20 کروڑ عوام کی آواز لے کر پبلک اکاؤنٹس کمیٹی میں جا رہا ہوں، عمران خان کا مشکور ہوں ریاض فتیانہ کی جگہ مجھے پی اے سی کا ممبر نامزد کیا۔

    وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ دوران ریمانڈ کسی کے پروڈکشن آرڈر جاری نہیں ہو سکتے، پی اے سی میں اسی لیے آئے یہ لوگ تاکہ اپنے آرڈر خود جاری کر سکیں۔ عمران خان نے عوامی مسلم لیگ کو پی اے سی میں ایک سیٹ دے دی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ریلوے کے لیے ملک بھر میں دورے کر رہا ہوں، ریلوے کے لیے دن رات محنت کر رہا ہوں، ٹریکر مارچ سے چل جائیں گے۔ ٹریکر سے پتہ چلے گا کون سی ٹرین کہاں رکی ہے۔

    شیخ رشید نے مزید کہا کہ تمام ریلوے ملازمین کو اے گریڈ دے کر جاؤں گا، اپوزیشن والے چور خزانے کی کھڑکیاں تک نکال کر لے گئے۔

  • شہری درخت لگائیں اور جگہ جگہ کچرا نہ پھینکیں: صدر مملکت

    شہری درخت لگائیں اور جگہ جگہ کچرا نہ پھینکیں: صدر مملکت

    کراچی: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا ہے کہ شہری درخت لگائیں اور کچرا جگہ جگہ نہ پھینکیں۔ کسی کے لیے اپنے گھر کے باہر جھاڑو دینا بے عزتی کی بات نہیں۔

    تفصیلات کے مطابق صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے کراچی میں گرین اینڈ کلین مہم کا آغاز کر دیا۔

    اس موقع پر صدر پاکستان کا کہنا تھا کہ حضور نے پیغام دیا صفائی نصاف ایمان ہے، ہر انسان کے لیے روحانی اور جسمانی پاکیزگی ضروری ہے۔ کچرے کو اس کی مقررکردہ جگہوں پر پھینکیں سڑکوں پر نہیں۔

    انہوں نے کہا کہ وسیم اختر صاحب میری درخواست پر یہاں تشریف لائے۔ شہری درخت لگائیں اور کچرا جگہ جگہ نہ پھینکیں۔ کسی کے لیے اپنے گھر کے باہر جھاڑو دینا بے عزتی کی بات نہیں۔

    انہوں نے کہا کہ کوشش کروں گا حلقے میں پانی کی قلت کا مسئلہ حل کروا سکوں۔

    میئر کراچی وسیم اختر کا کہنا تھا کہ کراچی کے بنیادی مسائل بہت زیادہ ہیں ان میں الجھے ہوئے ہیں، جلد کراچی میں کھلیوں کے مقابلے منعقد کروائیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ کو سانحہ عاشور کی تحقیقات پر توجہ دینی چاہیئے، تحقیقات میں سنجیدگی نظر آنی چاہیئے قیمتی جانیں ضائع ہوئی ہیں۔

    وسیم اختر نے مزید کہا کہ رابطہ کمیٹی اور پوری پارٹی اس وقت ضمنی الیکشن میں مصروف ہے، الیکشن کے بعد اس معاملے پر فاروق بھائی سے بات کریں گے۔ ابھی ہم اپنی چھینی ہوئی سیٹیں واپس لینے کی کوشش کر رہے ہیں۔