Tag: کمانڈر سدرن کمانڈ عامر ریاض

  • اساتذہ وطلباء کادورہ گوادر، لیفٹننٹ جنرل عامرریاض کی بریفنگ

    اساتذہ وطلباء کادورہ گوادر، لیفٹننٹ جنرل عامرریاض کی بریفنگ

    گوادر : پاک فوج کے تعلقات عامہ کے ادارے کے ترجمان نے کہا ہے کہ اساتذہ اور طالب علموں کے وفد کی گوادر آمد پر پاک چین اقتصادی راہداری اور گوادر منصوبے پر بریفنگ دی گئی۔

    آئی ایس پی آر کے ترجمان کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی اور لسبیلہ کے علاقوں سے تعلق رکھنے والے اساتذہ اور طالب علموں کے 230 رکنی وفد نے آج گوادر کا دورہ کیا۔

    اس موقع پر لیفٹیننٹ جنرل عامرریاض نے اساتذہ اور طالب علموں کا استقبال کیا اور انہیں پاک چین اقتصادی راہداری اور گوادر منصوبے کے حوالے سے بریفنگ دی۔

    لیفٹیننٹ جنرل عامرریاض نے اپنی بریفنگ میں بلوچستان کی خطے میں جغرافیائی اہمیت اور پاکستان کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ صوبہ قدرتی معدنیات سے مالا مال ہے اور غیور و بہادر بلوچ قوم قیام پاکستان سے اب تک استحکام پاکستان کے لیے کوشاں ہیں۔

    انہوں نے پاک چین اقتصادی راہداری اور گوادر منصوبے کے حوالے سے طالب علموں کے سوالوں کے جوابات دیتے ہوئے بتا یا کہ یہ منصوبہ پاکستان کی معیشت کی بحالی اور ترقی کی ضامن ثابت ہوگا جس سے ہزاروں مقامی لوگ روزگار حاصل کریں گے اور لاکھوں لوگوں کی طرز زندگی میں مثبت تبدیلی آئے گی۔

  • افغانستان سے یہاں‌ کارروائیاں کرنے والوں کا علم ہے، کمانڈر سدرن کمانڈ

    افغانستان سے یہاں‌ کارروائیاں کرنے والوں کا علم ہے، کمانڈر سدرن کمانڈ

    کوئٹہ : کمانڈر سدرن کمانڈ عامر ریاض نے سانحہ کوئٹہ پر کہا ہے کہ افغانستان میں بیٹھ کر کارروائیاں کرنے والوں کا ہمیں علم ہے اور جلد ایسے سفاک قاتل ہماری گرفت میں ہوں گے، وزیراعلیٰ بلوچستان کا کہنا ہے کہ حملہ کرنے والوں کے قدموں کے نشان جہاں تک گئے ہمیں سب معلوم ہے۔

    یہ بات انہوں نے سانحہ پولیس ٹریننگ سینٹر کے شہدا کی یاد میں منعقدہ شمعیں روشن کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

    تقریب میں کمانڈر سدرن کمانڈ عامر ریاض اور وزیر اعلیٰ بلوچستان نے دہشت گردوں کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

    کمانڈر سدرن کمانڈ عامر ریاض نے کہا کہ کچھ روز قبل دہلی میں ایک متنازع تقریر کی گئی تھی اور اُس نفرت آمیز تقریرنےاپنا اثر پی ٹی سی حملے میں دکھا دیا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ پولیس ٹریننگ سینٹر کے معصوم اور نہتے طالب علم سپاہیوں کو نشانہ بنانے والوں نے کُھل کر ہم پر حملہ کیا، یہ قومی سلامتی پر حملہ ہے،افغانستان میں بیٹھ کر کارروائیاں کرنے والوں کا ہمیں علم ہے اور جلد ایسے سفاک قاتل ہماری گرفت میں ہوں گے۔

    تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلٰی بلوچستان کا کہنا تھا کہ بزدل دہشت گردوں کی کمر توڑ دی ہے اب وہ چھپ کروار کررہے ہیں، پی ٹی سی پر حملہ کرنے والوں کے قدموں کے نشان جہاں تک گئے ہمیں سب معلوم ہے،قاتل بچیں گے نہیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گرد حملوں کے ذریعے پاکستان سے بلوچوں کی محبت کم نہیں کر سکتے،وطن عزیز کی سلامتی کے لئے کٹ جائیں گے لیکن پاک دھرتی پر آنچ نہیں آنے دیں گے۔