Tag: کمبوڈیا

  • ایک اور ملک نے ٹرمپ کو نوبیل امن انعام کے لیے نامزد کر دیا

    ایک اور ملک نے ٹرمپ کو نوبیل امن انعام کے لیے نامزد کر دیا

    (3 اگست 2025):ایک اور ملک نے سرحدی کشیدگی کے خاتمے میں کردار ادا کرنے پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو نوبیل امن انعام کے لیے نامزد کرنے کا اعلان کر دیا۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق کمبوڈیا نے کمبوڈیا نےامریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو نوبیل امن انعام کے لیے نامزد کرنے کا اعلان کر دیا۔

    کمبوڈیا کے نائب وزیر اعظم نے کہا تھائی لینڈ کے ساتھ حالیہ سرحدی کشیدگی کے خاتمے میں ٹرمپ کا کردار قابلِ ستائش ہے، نائب وزیر اعظم نے ٹرمپ کی جانب سے امن کے فروغ، تجارتی سہولتوں میں رعایت اور برآمدی ٹیکس میں کمی جیسے اقدامات پر شکریہ ادا کیا۔

    واضح رہے کہ کمبوڈیا اور تھائی لینڈ کے درمیان حالیہ کشیدگی میں تینتالیس افراد ہلاک اور تین لاکھ سے زائد افراد بے گھر ہو گئے تھے۔

    یاد رہے کہ یوکرین کے ایک سینیئر قانون ساز اولیکساندر میرژکو نے ٹرمپ کو نومبر 2024 میں روس-یوکرین تنازعہ میں جنگ بندی کے لیے نامزد کیا تھا، لیکن جون 2025 میں اس نامزدگی کو واپس لے لیا۔

    ٹرمپ نے کئی بار نوبل انعام نہ ملنے پر مایوسی کا اظہار کیا ہے، خاص طور پر سابق صدر باراک اوباما کے 2009 میں انعام جیتنے کے مقابلے میں، جنہیں انہوں نے تنقید کا نشانہ بنایا کہ وہ اس کے مستحق نہیں تھے۔

  • کمبوڈیا نے تھائی لینڈ سے جنگ بندی کا مطالبہ کر دیا

    کمبوڈیا نے تھائی لینڈ سے جنگ بندی کا مطالبہ کر دیا

    نیویارک: خوں ریز تصادم کے بعد کمبوڈیا نے تھائی لینڈ سے جنگ بندی کا مطالبہ کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سرحدی جھڑپوں میں شہریوں سمیت 32 سے زائد افراد کی ہلاکت کے بعد جنوب مشرقی ایشیائی ملک کمبوڈیا نے تھائی لینڈ سے فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے۔

    اقوام متحدہ میں کمبوڈیا کے سفیر چھیا کیو نے کہا کہ ان کے ملک نے ’غیر مشروط طور پر‘ جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے اور کہا کہ نوم پنہ تنازع کا پرامن حل چاہتا ہے۔

    سرحدی جھڑپوں میں تھائی لینڈ میں 19 اور کمبوڈیا میں 13 افراد ہلاک ہوئے، یہ جھڑپیں ایک دہائی سے زائد عرصے کے دوران ہونے والی جھڑپوں میں سب سے زیادہ خوں ریز ثابت ہوئیں، جس میں دسیوں ہزار لوگ بے گھر ہو چکے ہیں۔


    تھائی لینڈ اور کمبوڈیا میں جنگ شروع، افواج کے ایک دوسرے پر حملے


    کمبوڈین سفیر نے کہا تھائی لینڈ عسکری طور پر بڑا ملک ہے، وہ ایک چھوٹے ملک پر کیسے حملے کا الزام لگا سکتا ہے۔ سلامتی کونسل نے فریقین کو تحمل کا مظاہرہ کرنے کی تلقین کی اور تنازع کو سفارتی طور پر حل کرنے کا مشورہ دیا۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق کمبوڈیا کے اقوام متحدہ کے سفیر نے نیویارک میں جمعہ کو دیر گئے بند دروازوں کے پیچھے منعقدہ ہنگامی اجلاس کے بعد جنگ بندی کی کال کی۔ اقوام متحدہ میں تھائی لینڈ کے ایلچی چیرڈچائی چائیویڈ نے کمبوڈیا پر زور دیا کہ وہ ’’دشمنی اور جارحیت کی تمام کارروائیوں کو فوری طور پر بند کرے، اور نیک نیتی سے بات چیت دوبارہ شروع کرے۔‘‘

    واضح رہے کہ دونوں ممالک کے درمیان طویل عرصے سے سرحدی تنازع جاری ہے، جو جمعرات کو شدید لڑائی میں تبدیل ہو گیا، جس میں بھاری توپ خانے اور فضائی حملوں کا استعمال کیا گیا۔ علاقائی بلاک کے سربراہ ملک ملائیشیا نے دونوں فریقوں سے پیچھے ہٹنے کا مطالبہ کیا اور ثالثی کی پیشکش کی، امریکا اور چین نے بھی عسکری پیش رفت پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

  • انگکور واٹ: کمبوڈیا کی قدیم مذہبی یادگار اور سیاحتی مقام

    انگکور واٹ: کمبوڈیا کی قدیم مذہبی یادگار اور سیاحتی مقام

    انگکور واٹ، قدیم اور تاریخی عمارت کے وہ کھنڈرات ہیں جو کمبوڈیا اور اس خطّے کی میں‌ صدیوں‌ قبل ایک سلطنت اور اس کے زیرِ اثر مذاہب کی کہانی سناتے ہیں۔

    اس خطّے پر ہندوستانی تہذیب کے ابتدائی اثرات غالب نظر آتے ہیں۔ یہ خطّہ پہلی سے چھٹی صدی کے دوران ایک ابتدائی ہندو ثقافت فنان کے طور پر تاریخ میں جانا جاتا ہے جو بعد میں‌ جے ورمن دوم کے زمانے میں کھمر یا خمیر سلطنت کہا گیا۔ یہ سلطنت ہندو عقائد کے تحت ترقی کی منازل طے کرتی رہی اور پھر گیارھویں صدی میں بدھ مت متعارف ہوا جو رفتہ رفتہ انگکور واٹ کے قدیم اور طرزِ تعمیر کے شاہکار معبد پر غالب آگیا، لیکن یہ ہندو بدھ عبادت کے طور پر ہی مشہور رہا۔ تاریخ بتاتی ہے کہ انگکور واٹ ہندو مندر کے طور پر تعمیر کیا گیا تھا اور اس وقت خطّے کا حکم راں سوریا ورمن دوم کا مذہب یہی تھا۔ پھر 12 ویں صدی کے اواخر تک یہ بدھ مت کا مقام سمجھا گیا۔

      

    انگکور واٹ ہر سال لاکھوں زائرین کو اپنی طرف متوجہ کرتا ہے۔ یہاں کا پیچیدہ اور وسیع آبی نظام ایک سلطنت کے عروج اور زوال کی وجہ رہا ہے۔ گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کے مطابق یہ کمبوڈیا کی بڑی مذہبی یادگار کے آثار بھی ہیں۔ ہر سال سیاح اور مذہبی عقیدت مند بھی یہاں زیارت کے لیے جاتے ہیں۔ اور اس مقدس پہاڑ کی چوٹی پر پہنچ کر اس پانی سے ‘برکت’ حاصل کرتے ہیں جو سنہ 802 عیسوی سے سلطنت کے خاتمے تک بادشاہوں کی تاجپوشی کے لیے استعمال ہوتا رہا۔

    کمبوڈیا کی اس سلطنت کا قیام اس وقت عمل میں آيا جب سلطنت کے بانی جے ورمن دوم کو اس مقدس پانی سے غسل دیا گیا اور انھیں دیوتا جیسا راجہ کہا گيا۔ ان کی سلطنت جدید دور کے کمبوڈیا، لاؤس، تھائی لینڈ اور ویتنام پر پھیلی ہوئی تھی اور مؤرخین کا خیال ہے کہ صنعتی انقلاب سے قبل انگکور شہر دنیا کا سب سے بڑا شہر تھا۔ کمبوڈیا کے باشندوں کے لیے آج بھی یہ ایک بہت ہی خاص جگہ ہے، اور اس کی تاریخ کا ایک اہم حصہ ہے۔ یہاں کا کولن پہاڑ اور مندر عقیدت مندوں کی وجہ سے خاص اہمیت اختیار کرجاتا ہے جب وہ یہاں ہر سال ایک خاص موقع پر نذرانے لے کر یہاں آتے ہیں۔

    یہ سلطنت پانچ سو صدیوں تک قائم رہی اور کے ماہر انجینیئروں نے یہاں پانی کا ایک وسیع اور پیچیدہ نظام بنایا جو ماہرین کے مطابق شہر کی آبادی، زراعت اور مویشیوں کو سہارا دینے کے لیے مون سون کے موسم میں سال بھر پانی کی فراہمی کو یقینی بناتا تھا۔ اس میں مختلف ادوار میں حکم رانوں نے بہتری کے لیے تعمیر و مرمت کی اور ان میں نہروں، کھائیوں، اور آبی ذخائر کا اضافہ کیا۔

    ابتداً انگکور واٹ ایک ہندو مندر کے طور پر تعمیر کیا گیا تھا، جو بعد میں بدھ مت کے پیروکاروں کے زیرِ اثر آگیا۔ ماہرین کے مطابق جب انگکور سلطنت زوال پذیر ہوئی تو یہاں آبادی بھی نہ رہی اور یہ بلند و بالا مندر بھی لاوارث ہو گیا اور اس زمانے میں درخت اور ہر طرح کے سبزہ سے ڈھک گیا۔ یہی وجہ ہے کہ ایک عرصہ تک لوگ اس کے بارے میں جاننے کے باوجود یہاں آنے سے گریزاں رہے اور بعد کے برسوں میں جنگل نے اس معبد اور اس کے آبی نظام کو مکمل طور پر گھیر لیا۔ فرانس نے جب کمبوڈیا پر غلبہ حاصل کیا تو یہاں تک اتفاقیہ رسائی ہوئی جس نے دنیا کو ایک تہذیب اور مذہبی عمارت کے کھنڈرات کو دیکھنے کا موقع دیا۔ یہ سنہ 1860 کی بات ہے جب فرانسیسی مہم جو ہینری موہوت اسے دنیا کے سامنے لایا۔ اس کے بعد حکومت کی جانب سے یہاں صفائی کروا کے اس مندر کی بحالی کے علاوہ اس آبی نظام پر تحقیق شروع ہوئی جو اس کا سب سے اہم حصّہ ہے۔

  • کمبوڈیا سے آنے والا مطلوب ملزم ائیرپورٹ سے گرفتار

    کمبوڈیا سے آنے والا مطلوب ملزم ائیرپورٹ سے گرفتار

    کراچی: ایف آئی اے انٹر پول نے کمبوڈیا سے آنے والے ملزم کو لاہور ائیرپورٹ پر گرفتار کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے انٹرپول پاکستان نے کارروائی کے دوران کمبوڈیا سے آنے والے ملزم کو لاہور ائیرپورٹ پر گرفتار کر لیا گیا۔

    ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزم ریڈ نوٹس پر بہاولنگرپولیس کو مطلوب تھا، ملزم ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں ملوث تھا۔

    ایف آئی اے امیگریشن لاہور نے ملزم کو متعلقہ پولیس کے حوالے کر دیا۔

  • میانمار کے فوجی حکمران پر بڑی پابندی عائد

    میانمار کے فوجی حکمران پر بڑی پابندی عائد

    میانمار کے فوجی حکمران کی آسیان کے اجلاس میں شرکت پر پابندی عائد کردی گئی، آسیان ممالک نے متفقہ فیصلہ کیا ہے کہ امن منصوبے میں پیش رفت تک میانمار کے حکمران پر پابندی عائد رہے گی۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق کمبوڈیا نے میانمار کے فوجی حکمران کے جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کی تنظیم آسیان کے اجلاسوں میں شریک ہونے پر پابندی لگا دی۔

    کمبوڈین وزارت خارجہ کی جانب سے بتایا گیا کہ آسیان نے مل کر فیصلہ کیا ہے کہ میانمار کے فوجی حکمران تب تک اجلاس میں شریک نہیں ہو سکیں گے جب تک وہ امن پلان کے حوالے سے کوئی پیش رفت نہیں کرتے۔

    میانمار کے لیے کمبوڈیا کے نمائندہ خصوصی پراک سوکھون نے ایک نیوز کانفرنس میں بتایا کہ ایسا طریقہ کار اختیار کیا جائے جس سے ظاہر ہو کہ امن پلان کے حوالے سے پیش رفت ہوئی ہے، اس کے بعد ہم مزید کوئی فیصلہ کرنے کے قابل ہوں گے۔

    واضح رہے کہ کئی سال سے مشکلات کے شکار ملک میانمار کی فوج نے منتخب آنگ سان سوچی کی حکومت کا تحتہ الٹ کر اقتدار پر قبضہ کر لیا تھا اور اپنے مخالفین کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کر دیا تھا۔

    آنگ سان سوچی کو کرپشن کے جرم میں 5 سال کی سزا سنائی گئی ہے اور وہ آج کل جیل میں ہیں۔

  • وزیر خارجہ کی کمبوڈیا کے وزیر اعظم سے ملاقات

    وزیر خارجہ کی کمبوڈیا کے وزیر اعظم سے ملاقات

    وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی کمبوڈیا کے وزیر اعظم سے ملاقات ہوئی، دونوں رہنماؤں نے تعلقات مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایسوسی ایشن آف ساؤتھ ایسٹ ایشین نیشنز (آسیان) کے اجلاس کے دوران وزیر خارجہ بلاول زرداری کی کمبوڈیا کے وزیر اعظم ہن سین سے ملاقات ہوئی۔

    بلاول نے 29 ویں اے آر ایف وزارتی اجلاس میں وزیر اعظم ہن سین سے ملاقات کی۔

    وزیر خارجہ نے کمبوڈین وزیر اعظم کو آسیان اور اے آر ایف کی کمبوڈیا کی قیادت پر مبارکباد دی، انہوں نے آسیان کے ساتھ اپنے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا اظہار بھی کیا۔

    بلاول زرداری نے دونوں ملکوں کے تعلقات کو سراہا اور باہمی تعاون مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

    کمبوڈین وزیر اعظم نے بھی تکنیکی معاونت کے پروگرام سے پاکستان کی مسلسل حمایت کا اعادہ کیا اور مثبت جذبات اور مضبوط دو طرفہ تعلقات کی خواہش کا اظہار کیا۔

  • وزیر خارجہ بلاول کمبوڈیا روانہ

    وزیر خارجہ بلاول کمبوڈیا روانہ

    اسلام آباد: وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کمبوڈیا روانہ ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری آسیان کے زیر اہتمام 29 ویں آسیان ریجنل فارم (ARF) کے وزارتی اجلاس میں شرکت کے لیے کمبوڈیا روانہ ہو گئے۔

    وزیر خارجہ کمبوڈیا کے سہ روزہ دورے کے دوران مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ سے ملاقاتیں کریں گے، اس دوران کمبوڈیا کے وزیر اعظم سے بھی ملاقات ہوگی۔

    آسیان وزارتی اجلاس میں خطے کی عمومی صورت حال کا جائزہ لیا جائے گا، اور جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کے ساتھ باہمی تعاون کو فروغ دینے پر بات ہوگی۔

    اس سے قبل کرونا وبا کے پیش نظر آسیان ریجنل فارم کا وزارتی اجلاس گزشتہ سال ویڈیو کانفرنس کے ذریعے منعقد کیا گیا تھا۔

    کمبوڈیا روانگی سے قبل پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول نے الیکشن کمیشن کے فیصلے سے متعلق اپنے بیان میں کہا تھا کہ عمران خان غیر ملکیوں سے پیسے لے کر ملکی سیاست آلودہ کرنے پر عوام کے مجرم ٹھہرتے ہیں، اور کرپشن کے خلاف ان کا بیانیہ بھی جھوٹا نکلا۔

    پی پی چیئرمین نے کہا کہ عمران خان نے الیکشن کمیشن کو تحقیقات سے روکنے کے لیے اوچھے ہتھکنڈے اختیار کیے، جو جھوٹا حلف نامہ الیکشن کمیشن کو دے، وہ صادق اور امین نہیں ہو سکتا۔

  • ایک اور ملک میں‌ 5 سالہ بچوں کے لیے سائنوویک ویکسین کی منظوری

    ایک اور ملک میں‌ 5 سالہ بچوں کے لیے سائنوویک ویکسین کی منظوری

    پنوم پن: کمبوڈیا نے 5 سال کی عمر کے بچوں کو چین کی سائنوویک ویکسین لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق جنوب مشرقی ایشیائی ملک کمبوڈیا میں آج سے ملک بھر میں پانچ سالہ بچوں کو سائنوویک کی کرونا وائرس ویکسین لگانے کا عمل شروع کیا جا رہا ہے۔

    وزارت صحت سے جاری بیان کے مطابق کمبوڈیا کے تمام 25 شہروں اور صوبوں میں چھوٹے بچوں کو آج سے چینی کمپنی کی تیار کردہ ویکسین کی 2 ڈوز دی جائیں گی۔

    پہلی اور دوسری ڈوز کے درمیان 28 دن کا وقفہ ہوگا، والدین یا قانونی سرپرستوں کو بچوں کی ویکسینیشن کے لیے ان کے پیدائشی سرٹیفکیٹ، گھرانے کا ریکارڈ یا پاسپورٹ ضرور ساتھ لانا ہوگا۔

    کمبوڈیا میں اب تک 6 سال یا اس سے زیادہ عمر کے 1 کروڑ 37 لاکھ افراد کو کرونا ویکسین کی ایک ڈوز لگائی جا چکی ہے، یہ تعداد کمبوڈیا کی 1 کروڑ 60 لاکھ کی آبادی میں سے 85.6 فی صد بنتی ہے۔

    وزارت صحت کے مطابق 1 کروڑ 30 لاکھ 50 ہزار افراد کو دونوں مطلوبہ ڈوز لگائی جا چکی ہیں، یعنی 81.6 فی صد آبادی مکمل طور پر ویکسینیٹڈ ہو چکی ہے۔

    کمبوڈیا میں 18 لاکھ 30 ہزار افراد، یا 11.4 فی صد نے تیسری یعنی بوسٹر ڈوز بھی لے لی ہے۔

    کمبوڈیا میں شہریوں کو زیادہ تر چینی کمپنیوں سائنوویک اور سائنوفارم کی تیار کردہ ویکسین لگائی گئی ہے۔

  • بھارتی ہٹ دھرمی سے روانگی میں تاخیر، کاوان 35 سال بعد کمبوڈیا روانہ

    بھارتی ہٹ دھرمی سے روانگی میں تاخیر، کاوان 35 سال بعد کمبوڈیا روانہ

    روالپنڈی: مرغزار چڑیا گھر کے ہاتھی کاوان کو کمبوڈیا روانہ کر دیاگیا ہے، فضائی حدود استعمال کے معاملے پر بھارتی ہٹ دھرمی سے روانگی میں 10 گھنٹے تاخیر ہوئی۔

    تفصیلات کے مطابق دنیا کے تنہا ترین سمجھے جانے والے ہاتھی کاوان کو آخر کار 35 سال بعد تکلیف دہ صورت حال سے نجات مل گئی، اور اسے ایک چارٹرڈ طیارے کے ذریعے کمبوڈیا روانہ کر دیا گیا۔

    کاوان کو دیگر ہاتھیوں کے ساتھ کمبوڈیا میں قدرتی مسکن جنگل میں رکھا جائے گا، 2012 میں ساتھی ہتھنی کے مر جانے کے بعد سے کاوان تنہا زندگی گزار رہا تھا۔

    چڑیا گھر میں کاوان ہاتھی کا احاطہ، جو پینتیس سال بعد ہاتھی کے جانے کے بعد خالی ہو گیا ہے

    روس کا خصوصی کارگو طیارہ کاوان کو کنٹینر میں لے کر روانہ ہوا، گزشتہ روز کہا گیا تھا کہ ہاتھی کو بے ہوش کر کے منتقل کیا جائے گا، 2 غیر ملکی ڈاکٹرز اور 8 رکنی ٹیکنیکل ٹیم بھی ساتھ روانہ ہوئی ہے۔

    کاوان کو الوداعی پارٹی بھی دی گئی

    کاوان ہاتھی کو بے ہوش کر کے کمبوڈیا روانہ کیے جانے کی تیاریاں مکمل (ویڈیو دیکھیں)

    ہاتھی کاوان کی کمبوڈیا منتقلی جانوروں کے حقوق کی تنظیم فورپا کی کوششوں سے عمل میں آئی ہے، 9 من وزنی کنٹینر کی منتقلی کے لیے این ایل سی نے لاجسٹک سپورٹ فراہم کی۔

    یاد رہے کہ کاوان ہاتھی 35 سال قبل سری لنکا کی جانب سے تحفے میں دیاگیا تھا، کاوان کو گزشتہ روز طیارے میں کمبوڈیا روانہ کیا جانا تھا لیکن بھارت نے فضائی حدود کا جھگڑا کھڑا کر دیا جس کی وجہ سے دس گھنٹے کی تاخیر ہو گئی۔

  • کاوان ہاتھی کو بے ہوش کر کے کمبوڈیا روانہ کیے جانے کی تیاریاں مکمل (ویڈیو دیکھیں)

    کاوان ہاتھی کو بے ہوش کر کے کمبوڈیا روانہ کیے جانے کی تیاریاں مکمل (ویڈیو دیکھیں)

    اسلام آباد: مرغزار چڑیا گھر کا کاوان ہاتھی رات 3 بجے کمبوڈیا میں اپنے نئے گھر کے لیے چارٹرڈ پرواز کے ذریعے روانہ کیا جائے گا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق آج اسلام آباد کے مرغزار زو میں 2 غیر ملکی ڈاکٹرز اور 8 رکنی غیر ملکی ٹیکنیکل ٹیم نے کاوان ہاتھی کا مکمل طبی معائنہ کیا۔

    اسلام آباد مرغرار چڑیا گھر کے ہاتھی کاوان کو کمبوڈیا بھیجنے کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں، آج چڑیا گھر میں ڈاکٹرز اور ٹیکنیکل ٹیم نے کاوان ہاتھی کے مختلف ٹیسٹ کیے، خصوصی طیارہ بھی کمبوڈیا سے نیو دہلی ہوتا ہوا اسلام آباد پہنچ چکا ہے۔

    بتایا گیا ہے کہ کمبوڈیا منتقل کرنے سے قبل کاوان کو بے ہوش کر کے اسپیشل کنٹینر کے ذریعے کارگو طیارے میں منتقل کیا جائے گا، کاوان ہاتھی کی منتقلی کے لیے روسی خصوصی کارگو طیارہ چارٹر کیا گیا ہے، جسے ڈونرز نے ہائر کیا۔

    اسلام آباد، چڑیا گھر کے ہاتھی کاوان کو بیرونِ ملک منتقل کرنے کا فیصلہ

    واضح رہے کہ سول ایوی ایشن اتھارٹی نے خصوصی کارگو طیارے کو اسلام آباد ایئر پورٹ پر لینڈنگ کی اجازت دی تھی، ایوی ایشن ڈویژن نے بھی ڈی جی سی اے اے، ایئر پورٹ مینجر کو ہاتھی کی منتقلی کے حوالے سے تمام سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔

    ہاتھی کے معائنے کے لیے مرغزار چڑیا گھر آنے والی غیر ملکی ٹیم

    ہاتھی کاوان کی منتقلی کے لیے وزارت ماحولیاتی تبدیلی نے سرٹیفکیٹ بھی جاری کیا ہے، منتقلی کے لیے 2 غیر ملکی ڈاکٹروں اور 8 غیر ملکی ٹیکنیکل ٹیم بھی ہمراہ روانہ ہوگی۔

    آج وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے ماحولیات ملک امین اسلم بھی دنیا کے تنہا ترین ہاتھی کو الوداع کہنے چڑیا گھر پہنچے۔ یہ ہاتھی 1985 میں سری لنکا سے تحفے کے طور پر پاکستان لایا گیا تھا، اس وقت اس کی عمر صرف ایک سال تھی، مرغزار چڑیا گھر میں اسے نامناسب حالت میں ایک چھوٹے سے احاطے میں زنجیروں سے باندھ کر رکھا گیا۔

    کاوان ہاتھی کے ساتھ متعلقہ حکام کی جانب سے ظالمانہ سلوک کے باعث رواں برس مئی میں اسلام آباد ہائی کورٹ نے اس کی منتقلی کا فیصلہ سنایا تھا۔