Tag: کمرشل بینک

  • دبئی کے کمرشل بینکوں کی حکومت کی معاشی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار

    دبئی کے کمرشل بینکوں کی حکومت کی معاشی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار

    دبئی: وفاقی وزیر خزانہ اسحٰق ڈار نے دبئی میں کمرشل بینکوں کی انتظامیہ سے ملاقات کی، کمرشل بینکوں نے پاکستان کے ساتھ تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی کروائی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خزانہ اسحٰق ڈار کی دبئی میں کمرشل بینکوں کی انتظامیہ سے ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں پاکستان کے لیے کمرشل فنانسنگ سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    وزیر خزانہ نے پاکستان میں معاشی اصلاحات کے لیے جاری کوششوں سے آگاہ کیا۔

    وزارت خزانہ کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق کمرشل بینکوں نے موجودہ حکومت کی معاشی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار کیا، کمرشل بینکوں نے پاکستان کے ساتھ تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی کروائی۔

  • سندھ حکومت: فصلوں کی انشورنس کا انقلابی منصوبہ

    سندھ حکومت: فصلوں کی انشورنس کا انقلابی منصوبہ

    کراچی: سندھ حکومت نے فصلوں کی انشورنس کا انقلابی منصوبہ پیش کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ میں اب مخصوص فصلوں کی انشورنس کرائی جائے گی، اس سلسلے میں محکمہ زراعت نے مرکزی مالیاتی بینک اور کمرشل بینکوں سے رابطے شروع کر دیے ہیں۔

    منصوبے کے تحت موسمی فصلوں، کیش کراپس اور ایڈیبل آئل فصلوں کی انشورنس کی تجویز دی گئی ہے، فصلوں کی انشورنس سے کسانوں کو نقصانات کی صورت ازالہ ممکن ہوگا۔

    دوسری طرف سندھ حکومت نے اپنے فنڈز سے فصلوں کی انشورنس کا منصوبہ ترک کر دیا ہے، اب فصلوں کی انشورنس کمرشل بینکوں اور انشورنس کمپنیوں سے کرائی جائے گی۔

    ویر زراعت اسماعیل راہو نے ایک ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ سندھ حکومت اپنے فنڈز سے فصلوں کی انشورنس کرانا چاہتی تھی، لیکن سندھ حکومت کے مالی وسائل محدود ہونے کی وجہ سے متعدد سماجی تحفظ پروگرام روکنا پڑ گئے ہیں۔

    انھوں نے کہا انشورنس کمپنیوں اور بینکوں سے فصلوں کی انشورنس کے لیے رابطہ کیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ پنجاب میں جنوری 2019 میں حکومت پنجاب نے کاشت کاروں کے معاشی استحکام اور تحفظ کی فراہمی کے لیے فصلوں کی انشورنس اسکیم کا آغاز کیا تھا، جس کے تحت قدرتی آفات سے فصلوں اور باغات کو ہونے والے نقصان کا معاوضہ کاشت کار کو ادا کیا جاتا ہے۔

  • اسٹیٹ بینک کے ذخائر میں ایک ہفتے میں 15 کروڑ 50 لاکھ ڈالر اضافہ

    اسٹیٹ بینک کے ذخائر میں ایک ہفتے میں 15 کروڑ 50 لاکھ ڈالر اضافہ

    کراچی: ایک ہفتے میں اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے ذخائر میں 15 کروڑ 50 لاکھ ڈالر اضافہ ہوا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ بینک نے تازہ رپورٹ میں کہا ہے کہ گزشتہ ایک ہفتے میں بینک کے ذخائر میں 15 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کا اضافہ ہوا۔

    رپورٹ کے مطابق مرکزی بینک کے ذخائر بڑھ کر 7 ارب 77 کروڑ ڈالر ہو گئے ہیں جب کہ کمرشل بینکوں کے پاس 7 ارب 29 کروڑ ڈالر ہیں۔

    اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ مجموعی ذخائر بھی بڑھ کر 15 ارب 6 کروڑ ڈالر سے تجاوز کر گئے ہیں۔

    واضح رہے کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان نےفارن ایکسچینج قوانین میں ترامیم کر کے بینکوں کو فارن کرنسی کی خرید و فروخت کی اجازت دے دی ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  اسٹیٹ بینک نے بینکوں کو فارن کرنسی کی خریدو فروخت کی اجازت دے دی

    تمام کمرشل بینکس آزادانہ طور پر اپنی تمام شاخوں سے غیر ملکی کرنسی کی خرید و فروخت کر سکیں گے، کسٹم ڈکلیریشن کی صورت میں 10 ہزار ڈالر سے زاید مالیت کی غیر ملکی کرنسی بھی بینکوں کو فروخت کی جا سکے گی۔

    پاکستانی شہریوں کے علاوہ غیر ملکی افراد بھی بینکوں کو غیر ملکی کرنسی فروخت کر سکیں گے۔

    اسٹیٹ بینک کے مطابق بیرونِ ملک سفر کرنے والے پاکستانی بھی بینکوں سے مقررہ حد کے مطابق غیر ملکی کرنسی خرید سکیں گے، بینک غیر ملکی کرنسی اکاؤنٹس میں سے نکالی گئی رقوم بھی خرید سکیں گے۔