Tag: کمسن ملازمہ پر تشدد

  • پولیس نے کم سن ملازمہ کو بازیاب کرا لیا، تشدد کرنے والا ملزم ضمانت پر رہا

    پولیس نے کم سن ملازمہ کو بازیاب کرا لیا، تشدد کرنے والا ملزم ضمانت پر رہا

    فیصل آباد: پنجاب کے شہر فیصل آباد میں بد ترین تشدد کا شکار بننے والی کم سن گھریلو ملازمہ کو بازیاب کرا لیا گیا، دوسری طرف ملازمہ پر سر عام تشدد کرنے والے ملزم کو ضمانت پر رہائی مل گئی۔

    تفصیلات کے مطابق فیصل آباد میں کم سن گھریلو ملازمہ پر بدترین تشدد کرنے والے ملزم رانا منیر کی ضمانت منظور ہو گئی، عدالت نے ایک لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دے دیا۔

    قبل ازیں، پولیس نے بچی صدف کو بازیاب کرا لیا جسے مالک مکان فرقان نے چھپا دیا تھا، بازیابی کے بعد بچی کو اس کے والدین کے حوالے کر دیا گیا اور وہ ساہیوال میں اپنے گھر منتقل ہو گئی، والدین کو حوالگی کا تھانہ مدینہ ٹاؤن میں اندراج بھی کیا گیا، 2 خواتین کانسٹیبلز کے ہمراہ بچی کو ساہیوال پہنچایا گیا۔

    ایس ایچ او رائے آفتاب کا کہنا تھا کہ متاثرہ بچی کو فرید ٹاؤن میں والد اللہ دتہ کے حوالے کیا گیا۔ چائلڈ پروٹیکشن بیورو بھی بچی کی حوالگی کی خواہاں تھی تاہم پولیس نے بچی والدین کے حوالے کی۔

    آج تشدد کرنے والے ملزم کو علاقہ مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیاگیا، پولیس کا کہنا ہے کہ ڈیوٹی جج ذوالفقار احمد نے رانا منیر کی ضمانت منظور کر لی۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز فیصل آباد میں ہٹے کٹے مرد اور خواتین نے کم سن گھریلو ملازمہ پر سر عام تشدد کیا تھا، تشدد کرنے والوں نے بچی کے بال پکڑ کر اسے سڑک پر پٹخا، معلوم ہوا کہ ملزم رانا منیر کے بچے پڑوس میں مور دیکھنے آئے تھے، ملازمہ نے منع کیا تو بچی پر تشدد کیا گیا۔

    فیصل آباد میں گھریلو ملازمہ پر اہلخانہ کا تشدد، ملزم گرفتار

    اس واقعے کی فوٹیج وائرل ہونے پر پولیس پہنچ گئی، لیکن با اثر ملزم کو انتہائی عزت کے ساتھ ذاتی گاڑی میں تھانے لےگئی، ملزم اور بیوی ثمینہ کے خلاف چائلڈ پروٹیکشن بیورو کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا۔ واقعے کے بعد ملزمان نے بچی کو چھپا دیا تھا، اس لیے فوری طور پر پولیس کو بچی نہیں مل سکی تھی، تاہم آج بچی کو بازیاب کرایا گیا۔

    وزیر اعلیٰ اور آئی جی پنجاب نے بھی واقعے کا نوٹس لے لیا تھا، فرودس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ تشدد میں ملوث افراد کو کٹہرے میں لا کر قانون پر عمل یقینی بنائیں گے۔

  • ایک اورسابق لیگی ایم پی اے کے گھر کمسن ملازمہ پر تشدد، بچی بازیاب

    ایک اورسابق لیگی ایم پی اے کے گھر کمسن ملازمہ پر تشدد، بچی بازیاب

    راولپنڈی : اے آر وائی نیوز کے پروگرام سرعام کی ٹیم نے ایک سابق رکن پنجاب اسمبلی کے گھر پر تشدد کا نشانہ بننے والی بچی کو راولپنڈی سے بازیاب کرالیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایم پی اے کی بیٹی کے مبینہ تشدد سے ملازم کی ہلاکت کا معاملہ ابھی حل ہوا نہیں کہ ایک اور سابق لیگی ایم این اے رشید اکبر نوانی اورسابق ایم پی اے سعید اکبر نوانی کے گھر میں ملازمہ پر تشدد کی کہانی سامنے آگئی۔

    سر عام کی ٹیم نے ایک کارروائی کے دوران مذکورہ بچی کو بازیاب کرایا، بچی کے ہاتھوں پیروں پر تشدد کے نشانات واضح ہیں، آمنہ کو لوہے کی دہکتی سلاخوں سے جلایا گیا تھا بارہ سالہ آمنہ کو ڈرایا دھمکایا اور مارا پیٹا گیا۔ آمنہ سر سے پیر تک زخموں سے چور ہے۔

    بچی پر بہیمانہ تشدد کرنے والی سابق لیگی ایم پی اے سعید اکبر نِوانی کی بھابھی بتائی جارہی ہیں، سرعام کی ٹیم نے بچی کو اس جہنم سے آزاد کروا کر بچی کو چائلڈ پروٹیکشن بیورو کےحوالے کردیا۔

    اس حوالے سے چائلڈ پروٹیکشن بیورو کی سربراہ صبا صادق نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ معصوم بچوں پر تشدد ایم پی اے کے گھر میں ہو یا کسی عام آدمی کے گھر میں قانون سب کیلئے برابر ہے، سماجی حلقوں کا کہناہے کہ قانون پر عمل ہونا چاہئے اور سب کے سامنے سرعام ہونا چاہیئے۔