Tag: کمشنر کراچی

  • سندھ حکومت کی اجازت کے بغیر کسی کو کاروبار کی اجازت نہیں، کمشنر کراچی

    سندھ حکومت کی اجازت کے بغیر کسی کو کاروبار کی اجازت نہیں، کمشنر کراچی

    کراچی: کمشنر کراچی افتخار شلوانی کا کہنا ہے کہ لاک ڈاؤن کے دوران سندھ حکومت کی اجازت کے بغیر کسی کو کاروبار کی اجازت نہیں ہے۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کمشنر کراچی افتخار شلوانی نے کہا ہے کہ سندھ حکومت کی اجازت کے بغیر کسی کو کاروبار کی اجازت نہیں ہے، جو دکاندار بغیر اجازت کاروبار شروع کریں گے ان کے خلاف کارروائی ہوگی۔

    کمشنر کراچی کا کہنا تھا کہ جن کو حکومت سندھ نے اجازت دی ہے صرف وہی کاروبار کرسکتے ہیں، تاجروں نے دکانیں کھولیں تو ان کو گرفتار کیا جائے گا۔

    واضح رہے کہ سندھ تاجر اتحاد کے چیئرمین جمیل پراچہ کا کہنا تھا کہ یکم رمضان سے تمام مارکیٹس کھول دیں گے، تاجر رہنما شرجیل گوبلانی کا کہنا تھا کہ حکومت کے کسی وزیر، مذاکراتی ٹیم سے ملاقات نہیں کریں گے۔

    الیکٹرونک ڈیلرز ایسوسی ایشن رضوان عرفان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت وقت ضائع کررہی ہے، تاجروں اور مزدوروں سے کوئی ہمدردی نہیں ہے۔

    مزید پڑھیں: لاک ڈاؤن ، کراچی کے تاجروں کا دکانیں کھولنے سے متعلق بڑا اعلان

    تاجر رہنما الیاس میمن کا کہنا تھا کہ وفاق، سندھ حکومت تاجروں کا معاشی دیوالیہ نکالنا چاہتی ہے، مارکیٹس بند ہونے سے لاکھوں مزدور بے روزگار ہوگئے، بجلی، پانی، بل ٹیکسز دینے کی پوزیشن میں نہیں رہے۔

    تاجروں کی جانب سے خود احتجاجاً گرفتاری دی گئی، پولیس حکام

    دوسری جانب پولیس حکام کا کہنا ہے کہ تاجروں کو گرفتار نہیں کیا گیا ہے، تاجروں کی جانب سے خود احتجاجاً گرفتاری دی گئی، تاجروں سے مذاکرات جاری ہے۔

    پولیس حکام کے مطابق لوگوں کو جمع ہونے سے منع کرنے کے لیے نفری تعینات کی، تاجروں کی جانب سے خلاف ورزی پر گرفتاری، قانونی کارروائی ہوگی، ٹمبر، آئرن مارکیٹ کے تاجروں کو دکانیں کھولنے کی اجازت نہیں۔

  • کے پی ماڈل کے برعکس کمشنر کراچی نان بائیوں سے سرکاری نرخ کی تعمیل میں ناکام

    کے پی ماڈل کے برعکس کمشنر کراچی نان بائیوں سے سرکاری نرخ کی تعمیل میں ناکام

    کراچی: خیبر پختون خوا کے ماڈل کے برعکس کراچی میں کمشنر افتخار شالوانی نان بائیوں سے سرکاری نرخ کی تعمیل کرانے میں مکمل طور پر ناکام ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں دودھ فروشوں کے بعد نان بائیوں سے بھی کمشنر کراچی سرکاری نرخوں کی تعمیل نہ کرا سکے، نان بائیوں نے پر پرزے نکال لیے، کمشنر کے احکامات ہوا میں اڑاتے ہوئے من مانے نرخوں پر روٹی فروخت کرنے لگے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی میں نان بائیوں نے روٹی کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا ہے، کمشنر نے 14 جنوری کو وزن کے لحاظ سے روٹی کی قیمت 8 تا 10 روپے مقرر کی تھی، تاہم نان بائیوں نے مقرر کردہ نرخوں کا نوٹیفکیشن ہوا میں اڑا دیا، سرکار کے مقرر کردہ نرخ نان بائیوں کی فہرست میں شامل ہی نہیں، فروخت کی جانے والی روٹیوں کا وزن بھی مقرر کردہ حد سے کم ہے۔

    پشاور: 69 نان بائیوں کو جیل کی ہوا کھانی پڑ گئی

    کمشنر کراچی کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق 120 گرام پیڑے کا تندوری نان 10 جب کہ 110 گرام پیڑے کی تندوری روٹی یا چپاتی 8 روپے کی ہوگی، جب کہ یہ حکم بھی دیا گیا تھا کہ نئی جاری کردہ سرکاری قیمت دکانوں اور تندوروں پر آویزاں کی جائے گی۔

    کراچی کے نان بائی روٹی کی نئی قیمتوں کی تعمیل نہیں کر رہے ہیں، روٹیوں کا وزن بھی کم ہے اور شہریوں سے دام بھی زیادہ لیے جا رہے ہیں۔

    خیال رہے کہ اس سے قبل کراچی میں دودھ فروشوں نے بھی کمشنر کراچی کی جانب سے جاری کردہ سرکاری نرخ ہوا میں اڑا دیے تھے، اور دودھ تاحال من مانی قیمتوں پر فروخت کیا جا رہا ہے۔ جب کہ دوسری طرف خیبر پختون خوا میں روٹی کے وزن اور قیمت کے سرکاری نوٹیفکیشن پر سختی سے عمل درآمد کرایا گیا ہے۔

  • پی آئی ڈی سی سے میٹروپول جانے والی سڑک بند کرنے کا فیصلہ، نوٹیفکیشن جاری

    پی آئی ڈی سی سے میٹروپول جانے والی سڑک بند کرنے کا فیصلہ، نوٹیفکیشن جاری

    کراچی: شہر قائد میں کلب روڈ پر دو طرفہ ٹریفک بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، رواں ماہ 18 جنوری سے 4 لین پر مشتمل سڑک پر یکطرفہ ٹریفک کو اجازت ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق کمشنر کراچی کی جانب سے نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے کہ جس میں بتایا گیا ہے کہ 18 جنوری سے کلب روڈ پر دو طرفہ ٹریفک بند ہوگا۔

    نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ 4 لین پر مشتمل سڑک پر یکطرفہ ٹریفک کو اجازت ہوگی، میٹرپول سے پی آئی ڈی سی جانے کی اجازت ہوگی جبکہ پی آئی ڈی سی سے میٹروپول جانے کے لیے سڑک بند ہوگی، شہریوں کی جانب سے متبادل کے طور پر ایوان صدر اور ایم آر کیانی روڈ کو استعمال کیا جائے گا۔

    کمشنر کراچی افتخار شلوانی کے مطابق پی آئی ڈی سی پر ٹریفک کے دباؤ کی وجہ سے یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کلب روڈ پر ٹریفک پولیس نے سائن بورڈ بھی آویزاں کر دیے ہیں۔

  • کمشنر کراچی نے موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر عائد پابندی ختم کردی

    کمشنر کراچی نے موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر عائد پابندی ختم کردی

    کراچی: سندھ حکومت کی جانب سے نئے سال کے موقع پر موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی کے اگلے روز ہی کمشنر کراچی نے پابندی ختم کرنے کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق کمشنر کراچی افتخار شالوانی نے شہر میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر عائد پابندی ختم کرنے کا اعلان کردیا۔ کمشنر کراچی کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی ہدایت پر ڈبل سواری پر پابندی ختم کی جارہی ہے۔

    کمشنر کا کہنا ہے کہ شہری ذمہ داری کا مظاہرہ کریں اور نئے سال کا جشن مہذب انداز میں منائیں۔

    انہوں نے کہا کہ اسلحہ کی نمائش، آتش گیر مادہ رکھنے اور ون ویلنگ پر پابندی برقرار رہے گی۔ صرف موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی کا نوٹی فیکیشن واپس لیا جائے گا۔

    خیال رہے کہ سندھ حکومت نے گزشتہ روز سیکیورٹی اقدامات کے تحت کراچی سمیت صوبے بھر میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کی تھی۔

    ڈبل سواری کے ساتھ نئے سال کی آمد پر ہوائی فائرنگ اور آتش بازی پر بھی پابندی لگائی گئی ہے۔

    صوبائی حکومت نے پابندیوں سے متعلق نوٹیفکیشن جاری کردیا جس کے تحت خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سختی سے نمٹنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔

  • کراچی ایئر پورٹ منیجر کا کچرا کنڈیوں کے خاتمے کے لیے کمشنر کو خط

    کراچی ایئر پورٹ منیجر کا کچرا کنڈیوں کے خاتمے کے لیے کمشنر کو خط

    کراچی: طیاروں سے پرندوں کے ٹکرانے کے بڑھتے واقعات کے پیش نظر سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ضلعی انتظامیہ سے رابطہ کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اے آر وائی نیوز کی خبر کا اثر سامنے آ گیا، ایئر پورٹ منیجر عمران خان نے کمشنر کراچی افتخار شالوانی کو خط لکھ کر کہا ہے کہ ائیر پورٹ کے اطراف موجود کچرا کنڈیوں کا خاتمہ کیا جائے۔

    ایئر پورٹ منیجر نے خط میں لکھا کہ فضائی سفر اور جہازوں کو محفوظ رکھنے کے لیے کچرا ایئرپورٹ کے اطراف نہ پھینکا جائے، گندگی کی وجہ سے پرندوں کی آمد و رفت میں اضافہ ہو رہا ہے، جو جہازوں کے لیے انتہائی خطرناک ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  پی آئی اے کے بیڑے میں شامل ہونے والا نیا طیارہ بڑے حادثے سے بال بال بچ گیا

    یاد رہے کہ اس سے قبل بھی سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے کمشنر کراچی اور ضلعی انتظامیہ کو خطوط لکھے جا چکے ہیں۔ سی اے اے نے طیاروں سے پرندوں کے ٹکرانے کے بڑھتے واقعات کے لیے ضلعی انتظامیہ کو قصور وار قرار دیا تھا۔

    11 دسمبر کو پی آئی اے کے بیڑے میں شامل ہونے والا نیا طیارہ بڑے حادثے سے بال بال بچ گیا تھا، طیارے کے اڑان بھرنے کے کچھ ہی دیر بعد انجن سے پرندہ ٹکرا گیا تاہم بہ حفاظت طیارے کو واپس کراچی ایئرپورٹ اتار لیا گیا۔

    اگلے دن پی آئی اے کا ایک اور طیارہ اس وقت حادثے سے بال بال بچا جب لینڈنگ سے قبل طیارے سے پرندہ ٹکرا گیا۔

  • سندھ حکومت کا مہنگے داموں آٹا بیچنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ

    سندھ حکومت کا مہنگے داموں آٹا بیچنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ

    کراچی: سندھ حکومت نے مہنگے داموں آٹا بیچنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت کا کہنا ہے کہ گندم ذخیرہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی، گندم کا مصنوعی بحران پیدا کرکے آٹے کی قیمت بڑھائی جارہی ہے۔

    کمشنر کراچی افتخار شلوانی نے مہنگا آٹا فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ تمام ڈپٹی کمشنرز محکمہ خوراک کی مقررہ قیمت پر سختی سے عمل کرائیں۔

    کمشنر کراچی کا کہنا تھا کہ منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی کی روک تھام کو یقینی بنایا جائے۔

    مزید پڑھیں: سندھ میں آٹے کا بڑا بحران آنے والا ہے، علی زیدی کی پیش گوئی

    واضح رہے کہ گزشتہ روز وفاقی وزیر بحری امور علی زیدی نے کہا تھا کہ سندھ میں آٹے کا بحران آنے والا ہے، سندھ حکومت کی غلط پالیسیوں اور کرپٹ پریکٹس سے فلور ملز بے لگام ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کی بدانتظامی سب کے سامنے ہے، صوبائی حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے فلور ملز پر قابو نہیں پایا گیا۔

    یاد رہے کہ دودھ اور چینی کے بعد چند ماہ سے کراچی میں آٹے کی قیمتیں بھی آسمان سے باتیں کر رہی ہیں لیکن صوبائی حکومت مہنگائی کنٹرول کرنے میں یکسر ناکام دکھائی دے رہی ہے۔

  • دودھ کی قیمتوں پر عمل درآمد 6 ماہ سے ہو رہا ہے: کمشنر کراچی کا دعویٰ

    دودھ کی قیمتوں پر عمل درآمد 6 ماہ سے ہو رہا ہے: کمشنر کراچی کا دعویٰ

    کراچی: کمشنر کراچی افتخار شالوانی نے دعویٰ کیا ہے کہ شہر میں دودھ کی قیمتوں پر عمل درآمد پچھلے 6 ماہ سے ہو رہا ہے، دودھ فروشوں کو ایک ماہ میں 27 لاکھ روپے جرمانہ کیا جا چکا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کمشنر کراچی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دودھ کی قیمتوں کے سلسلے میں کنزیومر سوسائٹی کو بھی اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، دودھ کی اضافی قیمتوں پر شکایات کے لیے کمپلین نمبر دیا گیا ہے، اس پر کوئی بھی شخص شکایت درج کر سکتا ہے، ہماری ٹیم چھاپا مار کر موقع پر جرمانہ کرتی ہے۔

    انھوں نے کہا کہ کچھ عرصہ قبل وینز پر چھاپے مار کر غیر معیاری دودھ بھی پکڑا گیا تھا، دودھ میں کپڑے دھونے کا ڈیٹرجنٹ پایا گیا تھا، فوڈ اتھارٹی انسپکٹرز بھی ہمارے رابطے میں رہے ہیں، وہ دودھ کی کوالٹی کو چیک کرتے ہیں، تاہم ریسٹورنٹس، سپر مارکیٹس میں معیار چیک کرنا فوڈ اتھارٹی کا اختیار ہے۔

    کمشنر کراچی کا کہنا تھا مقررہ داموں پر خرید و فروخت کے لیے آن لائن سسٹم شروع کیا جا رہا ہے، جس سے چند کمپنیاں منسلک ہوں گی جو جاری کردہ رقم پر چیزیں فروخت کریں گی، آن لائن سسٹم کے ذریعے اشیائے ضروریہ کی چیزوں کی ڈیلیوری بھی شروع کریں گے۔

    انھوں نے قیمتوں سے متعلق شکایات کے لیے واٹس ایپ نمبر جاری کرتے ہوئے ہدایت کی کہ شہری اس نمبر 03160111712 پر اپنی شکایت درج کرائیں۔

    واضح رہے کہ کراچی میں اس وقت بھی دودھ 110 روپے کلو فروخت ہو رہا ہے، تاہم کمشنر کراچی کا دعویٰ ہے کہ شہر میں دودھ 94 فی کلو پر فروخت پر عمل درآمد ہو رہا ہے۔

  • ملک میں پیدا ہونے والی سبزیاں بھی عوام کی پہنچ سے دور ہو گئیں

    ملک میں پیدا ہونے والی سبزیاں بھی عوام کی پہنچ سے دور ہو گئیں

    کراچی: سبزیوں کی قیمتوں میں ہوش ربا اضافہ کر دیا گیا ہے، ملک میں پیدا ہونے والی سبزیاں بھی عوام کی پہنچ سے دور ہو گئیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق سبزی کی قیمتیں من مانی طور پر مہنگی کر دی گئی ہیں، کراچی میں ہول سیل قیمت سے دگنی قیمت پر سبزیاں فروخت ہو رہی ہیں، دودھ کے بعد سبزی فروشوں نے بھی کمشنر کراچی کے احکامات ہوا میں اڑا دیے۔

    لال ٹماٹر کی قیمت سن کر خریداروں کے چہرے بھی لال ہو گئے ہیں، پیاز کی قیمت نے شہریوں کو رلا دیا ہے، ایک کلو ٹماٹر کی قیمت 300 روپے جب کہ پیاز 150 روپے تک پہنچ گئی ہے۔ جب کہ سبزی منڈی میں ہول سیل ریٹ کے مطابق آج ٹماٹر 155 سے 165 روپے فی کلو کے درمیان فروخت ہوئے۔

    سبزی منڈی مارکیٹ کمیٹی کے نائب چیئرمین آصف احمد نے مطالبہ کیا ہے کہ سرکاری رٹ چیلنج کرنے اور دگنی قیمت پر سبزیاں فروخت کرنے والوں کے والوں کے خلاف ایکشن لیا جائے، آج ہول سیل میں فی کلو ٹماٹر 155 سے 165 روپے، فی کلو پیاز 60 سے 63 روپے، آلو 17 روپے 22 روپے فی کلو تک ریٹ رہے۔

    آصف احمد کا کہنا تھا کہ ابھی مقامی ٹماٹر کی فصل کی پیداوار آنا شروع نہیں ہوئی، ایران اور افغانستان سے درآمد ہونے والا ٹماٹر طلب و رسد کو پورا نہیں کر پا رہا، جس کے باعث منڈی میں قیمتیں بڑھی ہیں، یکم دسمبر سے سندھ کے ٹماٹر کی فصل آنا شروع ہو جائے گی، جس کے بعد ٹماٹر کی قیمت میں نمایاں کمی ہوگی۔

    ادھر کراچی میں دودھ فروشوں کے بعد سبزی فروشوں نے بھی کمشنر کراچی کے احکامات ہوا میں اڑا دیے ہیں، ٹماٹر کی سرکاری قیمت 192 روپے اور فروخت 300 روپے میں ہو رہا ہے، کمشنر کراچی نے دودھ کے سرکاری نرخ بھی 94 روپے فی لیٹر مقرر کیے ہوئے ہیں اور فروخت 110 روپے میں کیا جا رہا ہے۔

    واضح رہے کہ سرکاری نرخ نامے میں ریٹیل میں ٹماٹر درجہ اوّل 199 اور بچت بازار میں درجہ اوّل 192 روپے فی کلو گرام ہے، لیکن منڈی میں ٹماٹر کمشنر کراچی کی فہرست سے کم قیمت میں فروخت اور نیلام کیا جا رہا ہے۔

    سبزی منڈی ویجی ٹبیل ایسوسی ایشن کے صدر حاجی شاہ جہاں کا کہنا ہے کہ ایران اور کابل سے ٹماٹر کی آمد بند ہونے سے قیمتوں میں اضافہ ہوا جب کہ بلوچستان کی ٹماٹر کی فصل بھی جلدی ختم ہو گئی، سندھ میں ٹماٹر کی فصل آنے میں دو ہفتے تاخیر ہے۔

  • سندھ حکومت کا کراچی میں دودھ 110 روپے فروخت ہونے کا نوٹس

    سندھ حکومت کا کراچی میں دودھ 110 روپے فروخت ہونے کا نوٹس

    کراچی: سندھ حکومت نے کراچی کے مختلف علاقوں میں دودھ 110 روپے فروخت ہونے کا نوٹس لے لیا، کمشنر کراچی سے رپورٹ طلب کر لی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے مختلف علاقوں میں ایک بار پھر دودھ ایک سو دس روپے میں فروخت ہونے لگا ہے، جس پر سندھ حکومت نے کمشنر کراچی سے رپورٹ مانگ لی ہے۔

    معاون خاص برائے رسد و قیمت کھٹومل جیون کا کہنا ہے کہ دودھ کی سرکاری قیمت 94 روپے فی کلو مقرر ہے۔

    وزیر اعلی سندھ کے معاون خصوصی نے کشمنر کراچی کو سرکار ی قیمت پر دودھ فروخت نہ کرنے والے ڈیلروں اور دکان داروں کے خلاف کارروائی کا حکم دے دیا۔

    ڈاکٹر کھٹومل جیون کا کہنا تھا کہ اضافی قیمت پر دودھ فروخت کرنے والے ڈیری فارمز، باڑوں اور دکانوں پر چھاپے مار کر انھیں سیل کر دیا جائے۔

    معاون خاص برائے سپلائی پرائسز کا کہنا تھا کہ کراچی کے شہریوں کو مہنگا دودھ فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی، کمشنر اور تمام پرائس میجسٹریٹس کل سے مہنگا دودھ فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائی شروع کریں۔

    انھوں نے سختی کے ساتھ ہدایت کی کہ پرائس میجسٹریٹ مہنگا دودھ فروخت کرنے والے دکان داروں، ڈیری فارمز اور ڈیلروں کو دودھ سرکاری قیمت پر فروخت کرنے کا پابند کریں۔

    خیال رہے کہ کراچی میں دودھ کی اضافی قیمتوں پر فروخت کا معاملہ کئی ماہ سے خبروں کی زینت بن رہا ہے، متعدد بار کمشنر کراچی اور سندھ حکومت کی جانب سے اس کا نوٹس لیا گیا ہے، لیکن مسئلہ بدستور موجود ہے۔

  • کراچی، ڈیری فارمرز کا دودھ کی قیمت میں 10 روپے فی لیٹر اضافے کا اعلان

    کراچی، ڈیری فارمرز کا دودھ کی قیمت میں 10 روپے فی لیٹر اضافے کا اعلان

    کراچی: شہر قائد میں ڈیری فارمرز نے کمشنر کراچی کے احکامات ہوا میں اڑاتے ہوئے دودھ کی قیمت میں 10 روپے فی لیٹر اضافے کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں ڈیری فارمرز نے دودھ کی فی لیٹر قیمت میں 10 روپے اضافے کا اعلان کردیا، صدر ڈیری فارمرز کے مطابق دودھ کی قیمت 85 سے 95 روپے فی لیٹر کردی گئی ہے۔

    واضح رہے کہ دودھ کی قیمت میں اضافے سے ریٹیل سطح پر قیمت 110 روپے فی لیٹر ہوجائے گی۔

    صدر ڈیری فارمرز کا کہنا تھا کہ پیداواری اخراجات، ڈیزل کی قیمت بڑھنے سے قیمت میں اضافہ کیا گیا ہے۔

    دوسری جانب ترجمان ملک ہول سیلرز ایسوسی ایشن عشرت خان کا کہنا تھا کہ دودھ کی قیمت میں اضافہ قبول نہیں ہے، کمشنر کراچی دودھ کی قیمتوں میں اضافہ روکنے کے لیے اقدامات کریں۔

    یاد رہے کہ دودھ کی فی لیٹر سرکاری قیمت 94 روپے فی لیٹر مقرر ہے۔

    مزید پڑھیں: کراچی میں دودھ کی قیمت میں اچانک 23 روپے کا اضافہ

    خیال رہے کہ رواں سال اپریل میں دودھ کی فی لیٹر قیمت میں اچانک 23 روپے اضافہ کردیا گیا تھا جس کے بعد صوبائی وزیر اسماعیل راہو نے نوٹس لیتے ہوئے کہا تھا کہ ڈیری فارمرز کی من مانی نہیں چلنے دیں گے۔

    اسماعیل راہو نے کہا تھا کہ 26 روپے فی کلواضافہ کرنے پرکارروائی کی ہدایت دے دی ہے ، دودھ کی 94 فی لیٹر قیمت ہے اسی پر ہی فروخت کی جائے۔