Tag: کملا ہیرس

  • کملا ہیرس کے دورے پر شمالی کوریا کا بیلسٹک میزائلوں سے ردِ عمل

    کملا ہیرس کے دورے پر شمالی کوریا کا بیلسٹک میزائلوں سے ردِ عمل

    سیئول: شمالی کوریا نے امریکی نائب صدر کملا ہیرس کے دورہ جنوبی کوریا سے قبل میزائل کا تجربہ کیا۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق جنوبی کوریا کی فوج نے کہا ہے کہ شمالی کوریا نے امریکی نائب صدر کملا ہیرس کے سیئول کے طے شدہ دورے کے موقع پر دارالحکومت پیانگ یانگ سے مشرقی پانیوں کی طرف 2 مختصر فاصلے تک مار کرنے والے بیلسٹک میزائل داغے۔

    یہ میزائل پیانگ یانگ کے ویران علاقے سونان سے فائر کیے گئے، آج جمعرات کو کملا ہیرس ڈی ملٹرائزڈ زون (ڈی ایم زیڈ) کا متوقع دورہ کر رہی ہیں، جو جنوبی اور شمالی کورین علاقوں کو جدا کرتا ہے۔ اتوار کو بھی شمالی کوریا نے ایک میزائل فائر کیا تھا۔

    روئیٹرز اور الجزیرہ کے مطابق سیئول کے جوائنٹ چیفس آف اسٹاف نے بدھ کے روز ایک بیان میں کہا کہ شمالی کوریا نے مشرقی سمندر میں (بحیرہ جاپان) نامعلوم بیلسٹک میزائل داغے، میزائلوں نے 360 کلو میٹر تک سفر کیا، اور 30 کلو میٹر بلندی تک گئے، اور اس کی زیادہ سے زیادہ رفتار 7 ہزار 450 کلو میٹر فی گھنٹا تھی۔

    شمالی کوریا کی جانب سے میزائل فائر، جاپانی جہازوں کو خبردار رہنے کی ہدایت

    واضح رہے امریکی نائب صدر کملا ہیرس جنوبی کوریا کے دورے پر ہیں، وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ نائب صدر کے دورے کا مقصد جنوبی کوریا کے ساتھ تعلقات کو مزید مستحکم بنانا ہے۔

  • ٹرمپ کے حامی گورنر نے تارکین وطن سے بھری بسیں کملا ہیرس کے گھر پہنچا دیں

    ٹرمپ کے حامی گورنر نے تارکین وطن سے بھری بسیں کملا ہیرس کے گھر پہنچا دیں

    واشنگٹن: ٹرمپ کے حامی گورنر نے تارکین وطن سے بھری دو بسیں کملا ہیرس کے گھر پہنچا دیں۔

    تفصیلات کے مطابق جمعرات کی صبح تارکین وطن کی دو بسیں شمال مغربی واشنگٹن ڈی سی میں نائب صدر کملا ہیرس کی رہائش گاہ کے باہر اتار دی گئیں۔

    بسوں میں تقریباً 100 تارکین وطن سوار تھے جن کا تعلق بنیادی طور پر وینزویلا سے تھا، جو ڈیل ریو، ٹیکساس کے علاقے سے صبح 7 بجے سے پہلے پہنچے تھے، اور مین گارڈ گیٹ کے قریب ہیریس کی سرکاری رہائش گاہ، یو ایس نیول آبزرویٹری کے باہر اتارے گئے۔

    رپورٹس کے مطابق بائیڈن انتظامیہ اورٹرمپ کے حامی ریبپلکن گورنر میں سخت کشیدگی پیدا ہو گئی ہے، جس کی وجہ سے گورنر ٹیکساس نے تارکین وطن کو نشانہ بنانا شروع کر دیا ہے۔

    گورنر ٹیکساس گریگ ایبٹ نے اپنے بیان میں کہا کہ ہماری ریاست پر بوجھ بڑھ رہا ہے اس لیے یہ اقدام کیا، بائیڈن ہیرس انتظامیہ ہماری جنوبی سرحد پر تاریخی بحران کو نظر انداز کر رہی ہے، جس نے ٹیکساس کی کمیونٹیز کو تقریباً دو سالوں سے خطرے میں ڈال دیا ہے۔

    گورنر کا کہنا تھا کہ نائب صدر کملا ہیرس نے ابھی تک سرحد کا دورہ نہیں کای، تاکہ وہ کھلی سرحد کی پالیسیوں کے اثرات کو خود ہی دیکھ سکیں، جن پر عمل درآمد میں انھوں نے مدد کی ہے، گورنر نے مزید کہا کہ یہ عمل جاری رہے گا۔

    دوسری طرف میئر واشنگٹن نے اس معاملے پر بائیڈن انتظامیہ سے فوری مداخلت کا مطالبہ کیا ہے، وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ ریبپبلکن گورنر تارکین وطن کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔

  • امریکا کی پہلی خاتون قائم مقام صدر کون ہیں؟

    امریکا کی پہلی خاتون قائم مقام صدر کون ہیں؟

    امریکی صدر جو بائیڈن نے جمعے کو طبی معائنے کے دوران نائب صدر کملا ہیرس کو مختصر دورانیے کے لیے اقتدار منتقل کیا جس کے بعد وہ قائم مقام صدر بن گئیں۔

    کملا ہیرس نے ایک گھنٹے اور 25 منٹ کے لیے قائم مقام صدر بن کر تاریخ رقم کر دی، وہ ملکی تاریخ کی پہلی خاتون بن گئی جنہوں نے امریکا کے صدر کے اختیارات سنبھالے۔

    وائٹ ہاؤس کے مطابق صدر جو بائیڈن کی معمول کے طبی معائنے کے دوران کلونو سکوپی کی گئی جس کے لیے انہیں اینستھیزیا دیا گیا۔

    صدر جو بائیڈن اپنی 79 ویں سالگرہ کے دن جمعے کی صبح دارالحکومت واشنگٹن سے کچھ دور واقع والٹر ریڈ میڈیکل سینٹر گئے تھے۔ جو بائیڈن امریکی تاریخ میں صدارت کے منصب پر فائز ہونے والے سب سے عمر رسیدہ صدر ہیں۔

    واضح رہے کہ جنوری میں عہدہ سنبھالنے کے بعد صدر بائیڈن کا یہ پہلا طبی معائنہ ہے۔

    کلونو سکوپی کے دوران جو بائیڈن کو بے ہوش کیا گیا جس کے دوران ماضی کی طرح نائب صدر نے اقتدار سنبھالا، جس میں امریکی مسلح افواج اور جوہری ہتھیاروں کے ذخیرے پر کنٹرول بھی شامل ہے۔

    قبل ازیں وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری جین ساکی نے کہا تھا کہ صدر بائیڈن مختصر مدت کے لیے نائب صدر کو اقتدار منتقل کریں گے جب وہ بے ہوشی کی حالت میں ہوں گے، نائب صدر اس دوران ویسٹ ونگ میں اپنے دفتر سے کام کریں گی۔

    57 سالہ کملا ہیرس نائب صدر کے عہدے پر فائز ہونے والی پہلی خاتون ہیں جبکہ اب انہیں امریکا کی پہلی خاتون قائم مقام صدر بننے کا بھی اعزاز حاصل ہوچکا ہے، یہی نہیں بلکہ وہ ان دونوں عہدوں پر براجمان رہنے والی پہلی سیاہ فام ایشیائی نژاد خاتون بھی ہیں۔

    امریکا کے آئین میں 25 ویں ترمیم کے مطابق جو بائیڈن نے عارضی صدر اور ایوان نمائندگان کے اسپیکر کو دستخط شدہ خط لکھ دیا تھا جس میں انہوں نے آگاہ کیا کہ وہ اینستھیزیا کے دوران وہ اپنے فرائض نبھانے سے قاصر ہوں گے لہٰذا کملا ہیرس قائم مقام صدر ہوں گی۔

    طبی معائنہ مکمل ہونے کے بعد کملا ہیرس صدارتی فرائض جو بائیڈن کو واپس کر دیں گی۔

    جین ساکی کے مطابق آئین کے تحت اقتدار کی عارضی منتقلی سال 2002 اور 2007 میں بھی ہوئی تھی جب صدر جارج ڈبلیو بش کو اسی قسم کے طبی مرحلے سے گزرنا پڑا تھا۔

  • غیر قانونی تارکین وطن: امریکی نائب صدر نے خطرے کی گھنٹی بجا دی

    غیر قانونی تارکین وطن: امریکی نائب صدر نے خطرے کی گھنٹی بجا دی

    امریکا کی نائب صدر کملا ہیرس کا کہنا ہے کہ گوئٹے مالا سے آنے والے غیر قانونی تارکین وطن کو ملک بدر کردیا جائے گا۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق امریکی نائب صدر کملا ہیرس نے کہا ہے کہ ملک میں غیر قانونی طریقوں سے آنے والے گوئٹے مالا کے تارکین وطن کو ملک بدر کردیا جائے گا۔

    انہوں نے یہ بات اپنے پہلے غیر ملکی دورے کے دوران گوئٹے مالا کے صدر آلاخاندرو جیا ماتی کے ساتھ ملاقات کے دوران کہی۔

    گوئٹے مالا کے صدر نے کہا کہ فی الحال انہیں غیر قانونی تارکین وطن کا مسئلہ درپیش ہے، ہمیں امریکا کے ساتھ مشترکہ طور پر تعاون کرنا ہوگا جبکہ ہمیں اپنی عوام کو زندگی کے بہتر مواقع فراہم کرتے ہوئے انہیں نقل مکانی سے روکنے کی کوشش کرنا ہوگی۔

    امریکی نائب صدر کملا ہیرس کا کہنا تھا کہ میرا یہ دورہ گوئٹے مالا کے ساتھ غیر قانونی ہجرت، تشدد اور بد عنوانی جیسے موضوعات پر غور کرنے کے لیے ہے۔

    انہوں نے واضح کیا کہ غیر قانونی طریقے سے امریکا آنے والے گوئٹے مالا کے تارکین وطن کو ملک بدر کردیا جائے گا۔

  • ’امریکا کی روح داؤ پر لگی تھی‘ جوبائیڈن اور کملا کا خطاب

    ’امریکا کی روح داؤ پر لگی تھی‘ جوبائیڈن اور کملا کا خطاب

    ڈیلاویئر: نو منتخب امریکی صدر جوبائیڈن اور نائن صدر کملا ہیرس نے کہا ہے کہ انتخابات میں امریکا کی روح داؤ پر لگی تھی، امریکا کی روح کو بحال کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق نو منتخب امریکی صدر جوبائیڈن اور ان کی نائب نے ریاست ڈیلاویئر کے شہر ولمنگٹن میں خطاب کیا، جوبائیڈن نے کہا عوام کے ووٹوں سے ہم واضح فتح سے ہم کنار ہوئے ہیں، عہد کرتا ہوں بطور صدر عوام کو تقسیم نہیں کروں گا۔

    انھوں نے کہا میں امریکا کی دنیا بھر میں عزت دوبارہ بحال کراؤں گا، امریکا کی روح کو بحال اور مڈل کلاس کی تعمیر نو کروں گا، امریکا کو پوری دنیا میں ایک بار پھر قابل احترام بنائیں گے، میں تمام امریکیوں کا اعتماد جیتنے کی کوشش کروں گا۔

    جوبائیڈن کا کہنا تھا انتخابی مہم ختم ہوگئی کوئی دشمن نہیں، سب ایک ہیں، امریکا میں بسنے والے ہر شخص کو برابر مواقع فراہم کرنا چاہتے ہیں، آج پوری دنیا کی نظریں امریکا پر لگی ہوئی ہیں، امریکا میں امکانات اور ترقی کے مواقع ہر ایک کے لیے ہیں۔

    ٹرمپ کو شکست، جو بائیڈن امریکا کے صدر منتخب

    نو منتخب نائب صدر کملا ہیرس نے کہا جمہوریت کے تحفظ کی کوششیں قربانی مانگتی ہیں، الیکشن میں ڈالےگئے ہر ووٹ کوگناگیا ہے، پچھلے کئی ماہ بہت سی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

    کملا ہیرس کا کہنا تھا الیکشن میں امریکا کی روح داؤ پر لگی تھی، آپ نے امریکا کے لیے ایک نئے دن کی شروعات کی، آپ نے امید، اتحاد، شائستگی، سائنس اور سچ کو چنا۔

    واضح رہے کہ امریکا نے ڈیموکریٹ جو بائیڈن کو اپنا 46 واں صدر منتخب کر لیا ہے، جوبائیڈن نے ڈونلڈ ٹرمپ پر بھاری اکثریت کے ساتھ کامیابی حاصل کی، جوبائیڈن کے الیکٹورل ووٹس کی تعداد 290 جب کہ ٹرمپ کے ووٹس کی تعداد 214 ہے۔