Tag: کمپنی

  • حسن نواز کی برطانیہ میں ساتوں کمپنی تحلیل

    حسن نواز کی برطانیہ میں ساتوں کمپنی تحلیل

    لندن: پاکستان کے سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف کے بیٹے حسن نواز کی برطانیہ میں موجود ساتوں کمپنیاں تحلیل کردی گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق حسن نواز کی برطانیہ میں موجود 7 کمپنی کو تحلیل کردیا گیا، وہ برطانیہ میں 7 کمپنیوں کے ڈائریکٹر تھے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ حسن نواز کو برطانیہ میں ٹیکس ڈیفالٹر قرار دیا جاچکا ہے جبکہ 5.2 ملین پاؤنڈ جرمانہ بھی عائد کیا گیا تھا۔

    حسن نواز کو اپریل 2024 میں بینک کرپٹ قرار دیا گیا تھا، اب ان کی سب سے بڑی کمپنی فلیگ شپ انویسٹمنٹس لمیٹڈ کو بھی تحلیل کردیا گیا جس کا 20 مئی سے اطلاق ہوگا۔

    حسن نواز کو لندن کی عدالت نے دیوالیہ قرار دے دیا

    حسن نواز کی 2007 سے قائم کمپنی کوئینٹ پیڈنگٹن لمیٹڈ بھی 20 مئی کو تحلیل ہوگی، ان کی چار کمپنیاں 3 دسمبر 2024 اور ایک کمپنی 2016 میں تحلیل ہوئی تھی۔

    خیال رہے کہ مارچ 2024 کے دوران اسلام آباد کی ایک احتساب عدالت نے نواز شریف کے بیٹوں حسین نواز اور حسن نواز کو فلیگ شپ، ایون فیلڈ اور العزیزیہ ریفرنسز میں بری کیا تھا۔ پاکستان میں ان دونوں پر پانامہ پیپرز سے جڑے مبینہ بدعنوانی کے مقدمات قائم ہوئے تھے۔

  • بچے پیدا کرنے والے جوڑوں کو بڑا انعام ملے گا

    بچے پیدا کرنے والے جوڑوں کو بڑا انعام ملے گا

    جنوبی کوریا کی ایک کمپنی نے بچے پیدا کرنے پر 75 ہزار ڈالر انعام کی پیشکش کی ہے ہر ملازم کو بچے کی پیدائش پر 3 کروڑ پاکستانی روپے ملیں گے۔

    رپورٹ کے مطابق ملک میں کم ترین شرح پیدائش کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے جنوبی کریا کی دارالحکومت سیئول میں واقع ایک تعمیراتی کمپنی نے اپنے ملازمین کو بچے پیدا کرنے کی ترغیب دینے کے لیے پروگرام کا اعلان کیا ہے۔

    اعلان کے مطابق کمپنی اپنے ملازمین کو ہر بچے کی پیدائش پر 100ملین کورین وان یعنی 75 ہزار امریکی ڈالر دے گی جو لگ بھگ 3 کروڑ پاکستانی روپے بنتے ہیں۔

    اس کے علاوہ ان ملازمین میں بھی 52  لاکھ 50 ہزار ڈالر تقسیم کیے جائیں گے جن کے ہاں 2021 سے اب تک بچوں کی پیدائش ہو چکی ہے۔

  • دبئی میں ڈرائیور کی کمپنی سے چوری کی کوشش

    دبئی میں ڈرائیور کی کمپنی سے چوری کی کوشش

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں زیر تعمیر عمارت سے سریا چوری کرنے کی کوشش ناکام ہونے کے بعد کمپنی ڈرائیور کو سزا سنا دی گئی۔

    اردو نیوز کے مطابق متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں زیر تعمیرعمارت کے سیکیورٹی گارڈ نے موبائل کیمرے کی مدد سے چوری کی واردات ناکام بنادی، چور میں کمپنی کا ڈرائیور ملوث تھا۔

    کمپنی کے ڈرائیور نے زیر تعمیرعمارت کے احاطے میں موجود سریا، سکریپ کے 3 تاجروں کے ہاتھوں فروخت کرنے کی کوشش کی تھی۔

    سیکیورٹی گارڈ نے اپنے موبائل کیمرے سے واردات میں استعمال ہونے والی گاڑی اور ملزمان کی ویڈیو بنالی تھی، جیسے ہی ملزمان کو خطرہ محسوس ہوا وہ مسروقہ سریا چھوڑ کر فرار ہوگئے۔

    دبئی پولیس نے کمپنی کے ڈرائیور اور تینوں مفرور ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

    دبئی فوجداری عدالت نے ڈرائیور کو قید کی سزا سنائی ہے اور سزا مکمل ہونے پر بے دخلی کا حکم بھی دیا ہے، سریا خریدنے والوں کو بری کردیا گیا۔

  • باس نے ملازمین کے موبائل کی چارجنگ کا اسکرین شاٹ مانگ لیا

    باس نے ملازمین کے موبائل کی چارجنگ کا اسکرین شاٹ مانگ لیا

    دنیا بھر میں مختلف کمپنیوں کے باسز ملازمین سے زیادہ سے زیادہ کام لینے کے لیے نت نئے طریقے اپناتے ہیں اور ایسے ہی ایک طریقے کو سوشل میڈیا پر سخت تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

    بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق چین کے شہر ووہان میں ایک چھوٹی کمپنی کے باس نے حال ہی میں اپنے ملازمین کو حکم دیا کہ وہ کام ختم کر کے گھر جانے سے قبل انہیں اپنے موبائل فون کی بیٹری کے اسکرین شاٹس بھیجیں۔

    رپورٹس کے مطابق حالیہ مہینوں میں کمپنی کی خراب کارکردگی کی وجہ سے باس نے فیصلہ کیا کہ وہ اندازہ لگائے کہ ملازمین دفتر میں کام کرنے کے بجائے اپنے اسمارٹ فون پر کتنا وقت گزارتے ہیں۔

    ملازمین کو یہ ہدایت اس لیے دی گئی تاکہ یہ اندازہ لگایا جاسکے کہ کام کے دوران انہوں نے کتنا کام کیا اور کتنا وقت موبائل استعمال کرتے ہوئے ضائع کیا۔

    کمپنی کے ایک ملازم نے باس کی جانب سے کارکردگی بڑھانے کے اس متنازعہ طریقے کو بے نقاب کرنے کے لیے سوشل میڈیا کا سہارا لیا اور بتایا کہ اسے اور دیگر ملازمین کو روزانہ اپنا کام ختم کرتے ہی موبائل کی بیٹری کا اسکرین شاٹ باس کو بھیجنا پڑتا ہے۔

    دوسری جانب سوشل میڈیا پر صارفین کی جانب سے مذکورہ کمپنی کے باس کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے اور اس اقدام کو پرائیویسی کے خلاف قرار دیا جارہا ہے۔

    سوشل میڈیا پر تنقید کیے جانے کے بعد کمپنی کے صدر نے کہا کہ اس طریقے کا مقصد اپنے ملازمین کی پرائیویسی کی خلاف ورزی کرنا نہیں تھا بلکہ اس بات کو یقینی بنانا تھا کہ کمپنی کی پیداواری صلاحیت کو بڑھایا جاسکے۔

  • بھارت: کمپنی کو لوٹ کر رپورٹ درج کروانے والا ملازم گرفتار

    بھارت: کمپنی کو لوٹ کر رپورٹ درج کروانے والا ملازم گرفتار

    نئی دہلی: بھارت میں ایک شخص نے قرض اتارنے کے لیے اپنی ہی کمپنی کو لوٹ لیا اور لٹنے کی رپورٹ بھی پولیس کو درج کروا دی۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق قرض اتارنے کے لیے اپنی ہی کمپنی کو لوٹنے کی سازش کر کے لاکھوں روپے وصول کرنے والے ملزم کو پولیس نے گرفتار کرلیا ہے، پولیس کی تفتیش کے دوران سامنے آیا کہ جس شخص نے یہ مقدمہ درج کروایا تھا وہ خود اس میں ملوث تھا۔

    مذکورہ ملازم نے پولیس کو جا کر رپورٹ درج کروائی اور من گھڑت کہانی سنائی کہ وہ ملازمین کی تنخواہ لے کر آرہا تھا جب راستے میں پانچ افراد نے اس پر حملہ کر کے تشدد کیا اور 7 لاکھ روپے کی رقم لے کر فرار ہوگئے۔

    پولیس نے تفتیش کر کے جلد ہی سچائی کا پتہ لگا لیا جس کے بعد مذکورہ ملازم کو حوالات میں بند کر کے اس سے تفتیش شروع کردی گئی۔

    ملزم نے بتایا کہ وہ ایک نجی کمپنی میں ڈرائیور کے طور پر کام کرتا ہے اور اس کے پاس مزدوروں کی تنخواہ کے پیسے تھے۔ وہ قرض دار تھا اور اسے سے نجات پانے کے لیے اپنے دوستوں کے ساتھ مل کر سارا ڈرامہ رچایا۔

    پولیس نے ملزم کے بقیہ ساتھیوں کو بھی گرفتار کرلیا۔

  • مشرق وسطیٰ کی 100 طاقت ور ترین کمپنیاں، سعودی عرب سرفہرست

    مشرق وسطیٰ کی 100 طاقت ور ترین کمپنیاں، سعودی عرب سرفہرست

    ریاض: مشرق وسطیٰ کی 100 طاقت ور ترین کمپنیوں کی فہرست میں سعودی عرب 37 کمپنیوں کے ساتھ سرفہرست ہے، دنیا میں تیل پیدا کرنے والی سب سے بڑی کمپنی سعودی ارامکو ہے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق سال 2021 کے لیے مشرق وسطیٰ کی 100 طاقت ور ترین کمپنیوں کی فہرست میں سعودی عرب 37 کمپنیوں کے ساتھ چھایا ہوا ہے۔

    دنیا میں تیل پیدا کرنے والی سب سے بڑی کمپنی سعودی ارامکو سرفہرست ہے۔ معروف امریکی جریدے Forbes کی سالانہ فہرست میں متحدہ عرب امارات 20 کمپنیوں کے ساتھ مشرق وسطیٰ میں دوسرے نمبر پر ہے۔ اس کے اداروں میں فرسٹ ابو ظبی بینک سرفہرست ہے۔

    مشرق وسطیٰ کی 100 طاقت ور ترین کمپنیوں کی فہرست میں سب سے زیادہ 42 اداروں کا تعلق بینکنگ سیکٹر سے ہے۔

    گزشتہ برس 2020 کی فہرست میں یہ تعداد 46 تھی، اسی طرح فہرست میں دوسرے نمبر پر ریئل اسٹیٹ اور کنسٹرکشن کے سیکٹرز ہیں۔ ان دونوں سیکٹرز کی فہرست میں 10، 10 کمپنیاں ہیں۔

    تیسرے نمبر پر ٹیلی کمیونی کیشن کا سیکٹر ہے جس کی فہرست میں 9 کمپنیاں ہیں۔

    رواں سال کی فہرست میں شامل 100 کمپنیوں کی مجموعی فروخت کا حجم 550 ارب ڈالر رہا جبکہ خالص منافع کا حجم 91 ارب ڈالر رہا، گزشتہ برس کے مقابلے میں مذکورہ دونوں حجموں میں بالترتیب 17.9 اور 38.5 فیصد کی کمی واقع ہوئی۔

    فہرست میں شامل کمپنیوں کی مارکیٹ ویلیو کا مجموعی حجم 30 کھرب امریکی ڈالر ہے، سال 2020 کے مقابلے میں مارکیٹ ویلیو میں 30.4 فیصد کا اضافہ ہوا۔

    فوربز جریدے کی مشرق وسطیٰ کی 100 طاقت ور ترین کمپنیوں کی فہرست میں سے 37 کمپنیاں، دنیا کی 2 ہزار طاقت ور ترین کمپنیوں سے متعلق فوربز جریدے کی فہرست میں بھی شامل ہیں۔

    سال 2021 کے لیے عالمی فہرست میں سعودی ارامکو کمپنی کا پانچواں نمبر ہے۔

  • ایسے ڈرونز جن میں مسافر بھی بیٹھ سکیں گے

    ایسے ڈرونز جن میں مسافر بھی بیٹھ سکیں گے

    بڑے شہروں میں ٹریفک سے بچنے کے لیے کئی فضائی ذرائع نقل و حمل کا خیال پیش کیا جاچکا ہے، اب حال ہی میں ایک کمپنی نے مسافر بردار ڈرون طیاروں کا خیال بھی پیش کردیا ہے۔

    ایک جرمن کمپنی وولو کاپٹر کی جانب سے کئی سال سے خود کار پرواز کی صلاحیت رکھنے والے مسافر بردار ڈرونز کی آزمائش کی جارہی تھی، اب اس کمپنی نے ایک اور کانسیپٹ ڈرون وولو کنکٹ متعارف کرایا ہے جو 4 مسافروں کو 64 میل تک کا سفر کروانے میں مدد فراہم کرے گا۔

    کمپنی کے مطابق یہ ڈرون ہائبرڈ لفٹ کو استعمال کرے گا اور بجلی کی مدد سے پرواز کرے گا، اس ڈرون کی رفتار 111 میل فی گھنٹہ ہوگی۔ وولو کنکٹ میں 6 برقی موٹرز اور روٹرز موجود ہیں۔

    کمپنی کے مطابق یہ ڈرون کسی شہر کے اندر طویل فاصلہ طے کرسکے گا اور لوگوں کو مطلوبہ منزل تک جلد پہنچا سکے گا۔

    وولو کاپٹر کی سی ای او فلورین ریوٹر نے بتایا کہ یہ کانسیپٹ لوگوں کو کم قیمت، مؤثر اور مستحکم پرواز کے ذریعے دنیا بھر میں شہروں میں سواری فراہم کرنے کے مشن کو پورا کرنے میں مدد فراہم کرے گا۔

    اس کمپنی نے سنہ 2020 کے آخر میں اولین کمرشل پروازوں کے لیے ریزرویشنز کو اوپن کیا تھا۔ اس بکنگ کے لیے 300 یورو یا 10 فیصد ڈپازٹ جمع کرنا ہوگا اور مسافروں کو 15 منٹ کی پرواز کا مزہ لینے کا موقع مل سکے گا۔

    یہ پرواز ان جگہوں پر دستیاب ہوگی جہاں کمپنی کو کام کرنے کی اجازت ملے گی۔ اس وقت کمپنی کو یہ اجازت سنگاپور میں دی گئی ہے اور وولو کاپٹر آئندہ 3 برسوں کے اندر کسی وقت وہاں کمرشل سروس کا آغاز کرے گی۔

  • اماراتی کمپنی کی ٹیلی گرام میں خطیر سرمایہ کاری

    اماراتی کمپنی کی ٹیلی گرام میں خطیر سرمایہ کاری

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات کی سرمایہ کار کمپنی نے میسجنگ سافٹ ویئر ٹیلی گرام میں خطیر سرمایہ کاری کردی، کمپنی کی جانب سے مزید سرمایہ کاری بھی کی جائے گی۔

    اماراتی میڈیا رپورٹ کے مطابق ابو ظہبی میں قائم خود مختار سرمایہ کاری ادارے مبادلہ انویسٹمنٹ کمپنی نے ٹیلی گرام کے 5 سالہ پری آئی پی او قابل تبدیل بانڈز میں 75 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کردی۔

    ٹیلی گرام سیلف نیمڈ سیکیورٹی فوکسڈ سوشل میڈیا پلیٹ فارم کا آپریٹر ادارہ ہے جبکہ ابو ظہبی کیٹالسٹ پارٹنر بھی اس میں مزید 75 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کر رہی ہے، ان کمپنیوں کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری سے تعاون کی ایسی نئی راہیں کھلنے کی توقع ہے جو کہ ابو ظہبی کے ایکو سسٹم برائے تخلیق کاری اور تکنیکی کمپنیوں کو مزید جدت دیں گی۔

    سنہ 2013 میں قائم کی گئی محفوظ پیغام رسانی کی اس ٹیلی گرام ایپ کو مکمل انکرپٹڈ بنایا گیا ہے، یہ سوشل میڈیا کا ایک مکمل پلیٹ فارم بھی مہیا کرتا ہے اور اس کا عالمی ہیڈ کوارٹرز متحدہ عرب امارات میں واقع ہے۔

    یہ دنیا میں سب سے زیادہ ڈاؤن لوڈ کی گئی 10 بڑی ایپس میں شامل ہے جس کے ماہانہ فعال استعمال کرنے والوں کی تعداد 50 کروڑ سے زائد ہے۔

    مبادلہ کے روس اور سی آئی ایس سرمایہ کاری پروگرام کے سربراہ فارس سہیل فارس المزروعی کا کہنا تھا کہ کمپنی کے لیے وہ پاویل کے وژن سے بہت متاثر ہیں جس کی وجہ سے اور ٹیم کے کام سے یہ کمپنی غیر معمولی بنی۔

    انہوں نے کہا کہ ٹیلی گرام میں سرمایہ کاری بطور اسٹریٹجک شراکت دار کے ہے اور اس کے نتیجے میں ابو ظہبی میں ٹیکنالوجی کا ایکو سسٹم مزید مستحکم ہوگا جبکہ اعلی معیار کی مزید تکنیکی صلاحیتوں کے ساتھ مہارت کے نئے مقام ملیں گے۔

    ٹیلی گرام کے بانی و سی ای او پاویل دوروف کا کہنا تھا کہ مبادلہ کیٹالسٹ پارٹنرز اور مبادلہ کی جانب سے 150 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری قابل اعزاز ہے، ٹیلی گرام مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقی خطے میں اپنی ترقی اور اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید وسعت دینے کے لیے گامزن رہے گا۔

  • کامیاب سال گزارنے پر کمپنی کا اپنے ملازمین کو شاندار تحفہ

    کامیاب سال گزارنے پر کمپنی کا اپنے ملازمین کو شاندار تحفہ

    چین کی ایک کمپنی نے اپنے ہر ملازم کو سال بھر نہایت محنت سے کام کرنے پر پلے اسٹیشن 5 بطور تحفہ دیا جس پر ملازمین خوشی سے نہال ہوگئے۔

    یہ شاندار تحفہ چین کی ایک گیمنگ کمپنی نے اپنے ملازمین کو دیا ہے، تحفے میں پلے اسٹیشن 5، گرافک کارڈز اور ننٹینڈو سوئچ کنسول شامل ہیں۔

    اس حوالے سے کمپنی کے ایک ملازم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اس بارے میں ٹویٹ کرتے ہوئے بتایا کہ کمپنی میں سالانہ میٹنگ کے موقع پر ایک کامیاب سال کے لیے ملازمین کو یہ شاندار تحفہ دیا گیا۔

    مذکورہ گیمنگ کمپنی ان کمپنیوں میں شامل ہے جو کرونا وائرس وبا کے دوران نقصان میں جانے کے بجائے فائدے میں رہی اور اس نے گیمنگ گیجٹس کی فروخت میں اضافے کے باعث سال 2020 کے دوران بے تحاشہ منافع کمایا۔

    یاد رہے کہ گزشتہ برس نومبر میں ریلیز کیا جانے والا پلے اسٹیشن 5 نہایت مقبول ہوچکا ہے اور اس کی فروخت لاٹری سسٹم کے ذریعے کی جارہی ہے۔

    پلے اسٹیشن 5 میں 8 کور سی پی یو، کاسٹیوم جی پی یو، تھری ڈی آڈیو، 8 کے گیمنگ سپورٹ، بجلی کے کم استعمال کا آپشن، پی ایس فور بیک ورڈز کمپیٹبلٹی اور الٹرا فاسٹ ایس ایس ڈی جیسے فیچرز شامل ہیں۔

  • کیا آپ چاکلیٹ کھانے کی ملازمت کرنا چاہیں گے؟

    کیا آپ چاکلیٹ کھانے کی ملازمت کرنا چاہیں گے؟

    کینیڈا کی ایک کینڈی کمپنی نے ایسی ملازمت کے لیے درخواستوں کا اعلان کیا ہے جس میں منتخب کردہ شخص کو کمپنی کی تیار کردہ کینڈیز اور چاکلیٹس چکھنی ہوں گی۔

    کینیڈین صوبے اونٹاریو کی اس چاکلیٹ کمپنی نے کل وقتی اور جز وقتی اسامی کا اعلان کیا ہے، یہ ملازمت دراصل اس کمپنی کی تیار کردہ چاکلیٹس اور کینڈیز کو چکھنے کی ہوگی۔

    کمپنی نے اس ملازمت کو کینڈیولوجی کا نام دیا ہے۔

    کمپنی کا کہنا ہے کہ ملازمت پر رکھے جانے والے شخص کو کمپنی میں تیار کردہ چاکلیٹس کے سیمپلز چکھنے ہوں گے اور اس میں مختلف اجزا کی کمی بیشی کے بارے میں اپنی رائے دینی ہوگی۔

    یہ کمپنی 3 ہزار کے قریب چاکلیٹس اور کینڈیز تیار کرتی ہے۔ کمپنی کے مطابق اس ملازمت کے لیے صرف وہ لوگ درخواست دیں جو میٹھا کھانے کے شوقین ہیں۔

    اس ملازمت کی تنخواہ 47 ڈالر فی گھنٹہ ہوگی، دلچسپی رکھنے والے امیدوار 15 فروری تک آن لائن درخواستیں دے سکتے ہیں۔