Tag: کمی

  • وٹامن ڈی کی کمی موت سے ہمکنار کرسکتی ہے

    وٹامن ڈی کی کمی موت سے ہمکنار کرسکتی ہے

    انسانی جسم کے لیے مختلف وٹامنز کے ساتھ ساتھ وٹامن ڈی بھی بہت ضروری ہے جس کی کمی مختلف طبی مسائل کا باعث بن سکتی ہے، اب حال ہی میں ماہرین نے اس کی کمی کو جلد موت کا سبب بھی قرار دیا ہے۔

    حال ہی میں ہونے والی ایک نئی تحقیق سے پتہ چلا کہ وٹامن ڈی کی کمی قبل از وقت موت کا سبب بن سکتی ہے۔

    یونیورسٹی آف ساؤتھ آسٹریلیا کی ایک نئے تحقیق کے محققین کا کہنا ہے کہ صحت مند انسان کے جسم میں وٹامن ڈی کی مناسب مقدار ہونا ضروری ہے، وٹامن ڈی کی کمی جتنی شدید ہوگی، اموات کا خطرہ اتنا ہی زیادہ ہوگا۔

    وٹامن ڈی ایک اہم غذائی جز ہے جو اچھی صحت کو برقرار رکھنے اور ہماری ہڈیوں اور پٹھوں کو مضبوط اور صحت مند رکھنے میں مدد کرتا ہے۔

    طبی ماہرین کے مطابق ہمارے جسم کو صحیح طریقے سے کام کرنے کے لیے وٹامن ڈی ضروری ہے، وٹامن ڈی کی کمی کی عام علامات میں تھکاوٹ، ہڈیوں کا درد، پٹھوں کی کمزوری اور موڈ میں تبدیلی کی علامات وغیرہ ہیں۔

    وٹامن ڈی کے حصول کا سب سے عام ذریعہ سورج کی روشنی ہے جبکہ بعض غذاؤں جیسے مچھلی اور انڈے میں بھی وٹامن ڈی پایا جاتا ہے۔

    تحقیق کے مصنف جوش سدر لینڈ ا کہنا ہے کہ اگرچہ آسٹریلیا کے نوجوانوں میں وٹامن ڈی کی شدید کمی پائی جاتی ہے جو دنیا کے دیگر حصوں کے مقابلے میں بہت کم ہے۔ لیکن یہ ان لوگوں کو بھی متاثر کر سکتا ہے جو صحت مند ہیں اور غذائی ذرائع سے کافی مقدار میں وٹامن ڈی حاصل نہیں کرتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ہمارا مطالعہ وٹامن ڈی کی کم سطح اور شرح اموات کے درمیان تعلق کا مضبوط ثبوت فراہم کرتا ہے۔

  • بجلی کے بھاری بھرکم بلوں کے ستائے کراچی والوں کے لیے خوشخبری

    بجلی کے بھاری بھرکم بلوں کے ستائے کراچی والوں کے لیے خوشخبری

    اسلام آباد: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی کے بجلی کے تقسیم کار ادارے، کے الیکٹرک کے صارفین کے لیے بجلی کی قیمت میں کمی کردی گئی، کمی صرف 1 ماہ کے لیے کی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے کےالیکٹرک صارفین کے لیے بجلی سستی کردی، اگست کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 4 روپے 89 پیسے فی یونٹ سستی کی گئی ہے۔

    نیپرا نے بجلی سستی کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے، نوٹیفکیشن کے مطابق کے الیکٹرک نے 4 روپے 21 پیسے فی یونٹ کمی کی درخواست کی تھی۔

    نیپرا کا کہنا ہے کہ کمی کا اطلاق صرف 1 ماہ کے لیے ہوگا، لائف لائن صارفین اور 300 یونٹس تک کے گھریلو صارفین پر کمی کا اطلاق نہیں ہوگا۔

    علاوہ ازیں زرعی صارفین اور الیکٹرک وہیکل چارجنگ اسٹیشنز پر بھی اس کمی کا اطلاق نہیں ہوگا۔

  • پیٹرول کی قیمت میں کمی متوقع

    پیٹرول کی قیمت میں کمی متوقع

    اسلام آباد: شہباز حکومت نے پہلی بار پیٹرول کی قیمت میں کمی کا فیصلہ کیا ہے، پیٹرول کی قیمت میں 8 روپے تک کمی کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اتحادی حکومت نے پہلی بار پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فیصلہ کیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات پر موجود پیٹرولیم لیوی برقرار رکھے جانے کا امکان ہے، پیٹرول کی قیمت میں 8 جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 20 روپے تک کمی کا امکان ہے۔

    کیروسین آئل 21 جبکہ لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 11 روپے کمی متوقع ہے۔

    ذرائع کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا حتمی فیصلہ وزیر اعظم کریں گے، پیٹرول پر 10 روپے فی لیٹر پیٹرولیم لیوی عائد ہے، ہائی اسپیڈ ڈیزل، کیروسین آئل اور لائٹ ڈیزل پر 5، 5 روپے فی لیٹر لیوی عائد ہے۔

    اتحادی حکومت اقتدار میں آ کر 66 سے 95 فیصد تک پیٹرولیم کی قیمتیں بڑھا چکی ہے۔

    پیٹرول کی قیمت میں 99 روپے فی لیٹر، ڈیزل کی قیمت میں 132 روپے فی لیٹر، کیروسین آئل کی قیمت میں 111 روپے فی لیٹر اور لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 100 روپے فی لیٹر تک اضافہ کیا جا چکا ہے۔

  • عالمی سطح پر خام تیل کی قیمت میں 10 ڈالر کمی

    عالمی سطح پر خام تیل کی قیمت میں 10 ڈالر کمی

    عالمی منڈیوں میں خام تیل کی قیمت میں 10 ڈالر کی کمی واقع ہوئی جس کا اثر مقامی منڈیوں پر بھی دیکھا جارہا ہے۔

    بین الاقوامی میڈیا کے مطابق عالمی سطح پرخام تیل کی قیمتوں میں کمی دیکھی جارہی ہے، برینٹ خام تیل کی قیمت میں 10 ڈالر 14 سینیٹ کی کمی ہوئی ہے۔

    ستمبر کے سودے 101.10 ڈالر فی بیرل پر پہنچ گئے۔

    رپورٹ کے مطابق ڈبلیو ٹی آئی خام تیل کی قیمت میں 8 ڈالر 24 سینیٹ کی کمی ہوئی اور ڈبلیو ٹی آئی خام تیل کے ستمبر کے سودے 97.43 ڈالر پر آگئے۔

  • بینکوں کے ڈپازٹس میں کمی

    بینکوں کے ڈپازٹس میں کمی

    کراچی: اسٹیٹ بینک آف پاکستان کا کہنا ہے کہ جولائی 2021 میں بینکوں کے ڈپازٹس 956 ارب روپے کم ہوئے، قرضوں کا حجم 118 ارب روپے کم ہو کر 8 ہزار ارب سے کچھ زائد رہا۔

    تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ بینک آف پاکستان کا کہنا ہے کہ جولائی 2021 میں بینکوں کے ڈپازٹس 956 ارب روپے کم ہوئے ہیں۔

    اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ جولائی 2021 کے اختتام پر بینکوں کا ڈپازٹ اسٹاک 18 ہزار 839 ارب روپے ہے۔ ماہ جولائی میں بینکوں کے فراہم کردہ قرضوں کا حجم 118 ارب روپے کم ہو کر 8 ہزار 878 ارب روپے رہا۔

    جولائی میں بینکوں کی سرمایہ کاری کا اسٹاک 359 ارب روپے بڑھ کر 14 ہزار 101 ارب روپے رہا۔

    اس سے قبل اسی سال کمرشل بینکوں کے ڈپازٹس ملکی تاریخ میں ریکارڈ سطح پر پہنچ گئے تھے۔

    اپریل 2021 کے مقابلے میں مئی 2021 میں بینک ڈپازٹس میں 394 ارب روپے کا اضافہ ہوا اور رواں سال مئی میں بینک ڈپازٹس 17 ہزار 955 کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئے۔

    اسٹیٹ بینک کا کہنا تھا کہ رواں مالی سال 5 ماہ میں بینک ڈپازٹس میں 870 ارب روپے کا اضافہ ہو چکا ہے جبکہ بینک ڈپازٹس رواں سال جنوری کے 17085 ارب روپے سے بڑھ کر مئی 2021 میں 17 ہزار 955 ارب روپے سے زائد ہو گئے۔

  • بلڈ پریشر میں کمی کرنے میں مددگار طریقے

    بلڈ پریشر میں کمی کرنے میں مددگار طریقے

    بلند فشار خون یا ہائی بلڈ پریشر بے حد عام ہوتا جارہا ہے اور یہ امراض قلب اور فالج کا سبب بن سکتا ہے، ایک سروے کے مطابق تقریباً 52 فیصد پاکستانی آبادی ہائی بلڈ پریشر کا شکار ہے اور 42 فیصد لوگوں کو معلوم ہی نہیں کہ وہ ہائی بلڈ پریشر کے مرض میں کیوں مبتلا ہیں۔

    تاہم ایسے کچھ طریقے ہیں جن کے ذریعے بلڈ پریشر کو کنٹرول میں رکھا جاسکتا ہے۔

    ورزش ہائی بلڈ پریشر کی سطح میں کمی لانے کے لیے بہترین ذرائع میں سے ایک ہے۔ ورزش کو معمول بنانا دل کو مضبوط کرتا ہے اور خون پمپ کرنے کی صلاحیت بہتر ہوتی ہے۔

    مختلف تحقیقی رپورٹس کے مطابق نمک کی زیادہ مقدار کے استعمال کا تعلق ہائی بلڈ پریشر، امراض قلب اور فالج سے جوڑا گیا ہے۔ اگر آپ پہلے سے ہائی بلڈ پریشر کے شکار ہیں تو غذا میں نمک کا استعمال کم کردیں۔

    پوٹاشیم سے بھرپور غذائیں جیسے سبز پتوں والی سبزیاں، ٹماٹر، آلو، شکر قندی، تربوز، خربوزے، کیلے، مالٹے، خوبانی، دودھ، دہی، مچھلی، گریاں اور بیج کا استعمال بلڈ پریشر کا خطرہ کم کرتی ہیں۔

    کیفین کا زیادہ استعمال بھی دل کی دھڑکن کی رفتار اور بلڈ پریشر کو بڑھا دیتا ہے۔

    تناؤ بلڈ پریشر کو بڑھانے کا ایک اہم ذریعہ ہے اور اگر ہر وقت تناؤ کا سامنا ہو تو دل کی دھڑکن بڑھ جاتی ہے اور خون کی شریانیں سکڑ جاتی ہیں۔

    ڈارک چاکلیٹ اور کوکا پاؤڈر فلیونوئڈز سے بھرپور ہوتے ہیں، جو ایسا نباتاتی مرکب ہے جو خون کی شریانوں کو کشادہ کرتا ہے، فلیونوئڈ سے بھرپور کوکا دل کی صحت کو مختصر مدت میں بہتر بناتا ہے اور بلڈ پریشر کی سطح بھی کم ہوتی ہے۔

    موٹاپے کے شکار افراد جسمانی وزن میں کمی لاکر دل کی صحت کو نمایاں حد تک بہتر بناسکتے ہیں۔

    سگریٹ میں شامل نکوٹین بلڈ پریشر کو بڑھاتا ہے، جو لوگ دن بھر بے تحاشہ تمباکو نوشی کرتے ہیں ان کا بلڈ پریشر ہمیشہ بڑھا ہوا ہی رہتا ہے۔

    ایک اور تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ میٹھے مشروبات کا کم استعمال بلڈ پریشر میں کمی لاتا ہے۔

    بیریز پولی فینولز، قدرتی نباتاتی مرکبات سے بھرپور ہوتی ہیں جو دل کی صحت کے لیے مفید ہوتے ہیں، پولی فینولز فالج، امراض قلب اور ذیابیطس کا خطرہ کم کرتے ہیں جبکہ بلڈ پریشر، انسولین کی مزاحمت اور ورم کو بہتر بھی کرتے ہیں۔

    جن لوگوں کو کیلشیئم کی کمی کا سامنا ہوتا ہے ان میں اکثر ہائی بلڈ پریشر عام ہوتا ہے۔ کیلشیئم سپلیمنٹس تو بلڈ پریشر میں کمی نہیں لاتیں مگر اس جز سے بھرپور غذائیں ضرور مفید ثابت ہوتی ہیں۔

  • ہائی بلڈ پریشر والوں کے لیے نہایت فائدہ مند شے

    ہائی بلڈ پریشر والوں کے لیے نہایت فائدہ مند شے

    بلند فشار خون یعنی ہائی بلڈ پریشر ایک عام مرض بنتا جارہا ہے، ماہرین بلڈ پریشر کو معمول پر رکھنے والی ایسی اشیا تجویز کرتے ہیں جن کی تاثیر ٹھنڈی ہوتی ہے۔

    انہی میں سے ایک شے دہی بھی ہے، طبی ماہرین کےمطابق دہی کا روزانہ استعمال بلند فشار خون کو معمول پر لانےمیں مددگار ثابت ہوتا ہے۔

    تحقیق کے مطابق دہی میں شامل صحت بخش بیکٹریا معدے میں جا کر بلند فشار خون کو معمول پر لانے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔ دہی میں پائے جانے والے بیکٹریا پرو بائیوٹک کے استعمال کو معمول بنا لیتے ہیں جس سے بلند فشار خون کی سطح کم کرنے میں مدد ملتی ہے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ دہی میں پائے جانے والا کیلشیئم، پروٹین، وٹامن بی اور فولک ایسڈ بڑھتے ہوئے کولیسٹرول کو کم کرنے کے لیے بھی نہایت مفید ہے۔

    ماہرین کے مطابق بلڈ پریشر کے مریضوں کو چکنائی اور نمک والی غذاؤں سے پرہیز کرنا چاہیئے اور ورزش کے ساتھ ساتھ صحت مند غذاؤں کا استعمال کرنا چاہیئے۔

    دہی کے ساتھ ساتھ بلڈ پریشر میں کمی کے لیے امرود بھی مفید خیال کیا جاتا ہے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ امرود میں موجود اجزا خون کی روانی کو کم کر کے بہاؤ متوازن کرنے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں، جس سے ہائی بلڈ پریشر سے نجات حاصل کرنے میں مدد ملتی ہے۔

  • پاکستان میں کرونا کیسز اور اموات میں بتدریج کمی

    پاکستان میں کرونا کیسز اور اموات میں بتدریج کمی

    اسلام آباد: ملک بھر میں کرونا کیسز اور اموات کی تعداد بتدریج کمی کا سلسلہ جاری ہے،24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے مزید 6 مریض انتقال کرگئے جبکہ 445 نئے کورونا کیسز رپورٹ ہوئے۔

    تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں کرونا کیسز اور اموات کی تعداد بتدریج کمی کا سلسلہ جاری ہے، این سی او سی کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24گھنٹے میں ملک میں 445 کرونا کیسز سامنے آئے، جبکہ 24 گھنٹوں میں ملک بھر میں 6 مریضوں نے دم توڑا۔

    نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں کرونا سے کُل اموات 6274 ہو گئی ہیں، جبکہ مجموعی کیسز کی تعداد 2 لاکھ 94 ہزار 638 ہے، اب تک 2 لاکھ 79 ہزار 561 کرونا مریض صحت یاب ہو چکے ہیں جبکہ 114 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔

    سندھ میں کرونا سے 2 ہزار 338 اموات ہو چکی ہیں، پنجاب میں 2 ہزار 193، خیبر پختونخوا میں 1 ہزار 249، اسلام آباد میں 175 مریض جاں بحق ہو چکے ہیں، بلوچستان میں 141، گلگت بلتستان میں 67 مریض، اور آزاد کشمیر میں تاحال کرونا وائرس سے 61 مریض جاں بحق ہو چکے ہیں۔

    ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کرونا کے 23 ہزار 441 ٹیسٹ کیے گئے، ملک بھر میں اب تک 25 لاکھ 35 ہزار 778 ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں، ملک بھر کے 735 اسپتالوں میں کرونا کے 1 ہزار 76 مریض زیر علاج ہیں۔

  • پاکستان میں سونے کی قیمت میں کمی

    پاکستان میں سونے کی قیمت میں کمی

    کراچی: سونے کی فی تولہ قیمت 650 روپے کمی سے ایک لاکھ 8 ہزار 3 سو روپے ہوگئی، 10گرام سونے کی قیمت 557 روپے کمی کے بعد 92 ہزار 849 روپے ہوگئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی قیمت میں 650 روپے کی کمی ہوگئی ہے، جبکہ عالمی مارکیٹ میں سونے کی 2 ڈالر کمی کے بعد 1799.49 ڈالر فی اونس پر ٹریڈنگ ہو رہی ہے۔

    آل پاکستان جیولرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین محمد ارشد کے مطابق سونے کی فی تولہ اور دس گرام قیمتوں میں بالترتیب 650 روپے اور 557 روپے کمی ہوئی۔حالیہ کمی کے بعد پاکستان میں سونے کی فی تولہ قیمت ایک لاکھ 8 ہزار 3 سو روپے اور دس گرام کی قیمت 92 ہزار 849 روپے ہوگئی۔

    دوسری جانب چاندی لوکل مارکیٹ میں 1060 روپے فی تولہ میں فروخت ہو رہی ہے۔

    یاد رہے کہ دو روز قبل مقامی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت 800 روپے اضافے کے بعد ایک لاکھ 9 ہزار 100 روپے ہوگئی تھی۔

  • ٍ سونے کی فی تولہ قیمت میں کمی

    ٍ سونے کی فی تولہ قیمت میں کمی

    کراچی: سونے کی فی تولہ قیمت 600 روپے کمی سے ایلک لاکھ 4 ہزار 600 روپے ہوگئی، 10گرام سونے کی قیمت 514 روپے کمی کے بعد 89678 روپے ہوگئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بین الاقوامی مارکیٹ میں ٹریڈنگ کے دوران سونے کی قیمت 8 ڈالر فی اونس کمی کے بعد 1774 ڈالر ہوگئی، عالمی مارکیٹ میں نمایاں کمی کے بعد پاکستان میں سونے کی فی تولہ قیمت میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی۔

    آل پاکستان جیولرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین محمد ارشد کے مطابق سونے کی فی تولہ اور دس گرام قیمتوں میں بالترتیب 600 روپے اور 514 روپے کمی ہوئی۔حالیہ کمی کے بعد پاکستان میں سونے کی فی تولہ قیمت ایک لاکھ 4 ہزار 600 روپے اور دس گرام کی قیمت 89 ہزار 678 روپے ہوگئی۔

    دوسری جانب انٹربینک میں ڈالر کی قدر 1.16 روپے کم ہو کر 166.88 روپے ہوگئی جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 80 پیسے کم ہو کر 167.40 روپے ہوگئی۔

    واضح رہے کہ مالی سال 2019-2020 کے دوران سونے کی فی تولہ قیمت میں 26 ہزار روپے اضافہ ہوا، گزشتہ برس جون کی تیس تاریخ کو پاکستان میں سونے کی فی تولہ قیمت 78 ہزار 500 روپے تھی۔