Tag: کمی

  • ایشیائی منڈیوں میں خام تیل کی قیمت میں کمی

    ایشیائی منڈیوں میں خام تیل کی قیمت میں کمی

    کراچی: ایشیائی منڈیوں میں خام تیل کی قیمت میں کمی ریکارڈ کی گئی، خام تیل کی قیمت میں کمی کی وجہ امریکی خام تیل کے ذخائر میں اضافہ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایشیائی منڈیوں میں خام تیل کی قیمت میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔خام تیل کی قیمت میں ڈیڑھ فیصد سے زائدکی کمی ریکارڈ کمی کی وجہ خام تیل کی رسد طلب سے زائد ہونا ہے۔

    امریکی خام تیل کی قیمت33 ڈالر16سینٹس فی بیرل ہوگئی برینٹ خام تیل کی قیمت35 ڈالر8سینٹس فی بیرل ہوگئی سونے کی فی اونس قیمت17سو 18 ڈالر 70سینٹس ہوگئی۔

    انڈسٹری تجزیہ کاروں کے مطابق خام تیل کی قیمت میں کمی کی وجہ امریکی خام تیل ذخائر میں اضافہ ہے۔دوسری جانب ایشیائی منڈیوں میں سونےکی فی اونس قیمت میں چار ڈالر پچانوے سینٹس کا اضافہ ریکارڈ کیاگیا۔

    واضح رہے کہ کرونا وائرس کے عالمی تجارت پر گہرے اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ تیل کی حالیہ قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کی ایک وجہ دنیا بھر میں نافذ لاک ڈاؤن بھی ہے۔

  • عالمی سطح پر بہت بڑی تبدیلیوں کا امکان ہے،شاہ محمود قریشی

    عالمی سطح پر بہت بڑی تبدیلیوں کا امکان ہے،شاہ محمود قریشی

    اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ عالمی سطح پر بہت بڑی تبدیلیوں کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اے آروائی نیوز کے پروگرام الیونتھ آور میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کرونا وائرس دنیا کو کس طرف لے جائےگی ہمیں وہم وگمان نہیں۔

    شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ عالمی سطح پر تیل کی قیمتیں اس حد تک گر جانا حیران کن ہے،تیل کی قیمت گرنے سے ہمیں کسی حد تک سہارا ملےگا۔انہوں نے کہا کہ تیل کی قیمتیں گرنے سے یقیناً عوام کو ریلیف ملےگا۔

    کرونا وائرس سے متعلق وزیر خارجہ نے کہا کہ دنیابھر میں بے روزگاری میں اضافہ ہوا،اسٹاک مارکیٹس گریں،امریکا میں بھی کرونا کی تباہ کاریاں جاری ہیں،کرونا وبا کی وجہ سے دنیا ایک مالی بحران کی طرف بڑھ رہی ہے۔

    وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ترقی پذیر ممالک کے قرض سے متعلق ہم نے مطالبہ کیا تھا،ترقی یافتہ ممالک اور عالمی اداروں نے ہمارے مطالبے پر توجہ دی۔

    انہوں نے کہا کہ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں گرنے سے مہنگائی کم ہوگی،تیل کی قیمتیں گرنے سے ٹرانسپورٹ قیمت کی مد میں کمی ہوگی۔شاہ محمود قریشی کا مزید کہنا تھا کہ عالمی سطح پر بہت بڑی تبدیلیوں کا امکان ہے۔

  • وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا قیدیوں کے لیے بڑا اعلان

    وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا قیدیوں کے لیے بڑا اعلان

    پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے قیدیوں کی سزاؤں میں 2 ماہ کی کمی کا اعلان کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے قیدیوں کی سزاؤں میں 2 ماہ کی کمی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کرونا وبا کی شکل اختیار کرگیا، قیدیوں کو بھی ریلیف دیں گے۔

    وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کا مزید کہنا تھا کہ سزائیں کم ہونے سے بیشتر قیدیوں کو رہائی مل جائے گی۔

    دوسری جانب وزیر صحت خیبرپختونخوا کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کے کے پی میں 15 کیسز ڈی آئی خان کے ہیں، تمام افراد کی ٹریول ہسٹری ہے، تفتان سے آئے تھے

    سندھ میں کرونا وائرس کے کیسز کی تعداد 103 ہوگئی جس کے بعد ملک بھر میں مجموعی تعداد 136 ہوگئی۔ ترجمان سندھ حکومت نے بتایا کہ تفتان سے سکھر آنے والے اب تک 76 افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے جبکہ 26 کیسز کراچی اور ایک کا تعلق حیدرآباد سے ہے۔

    واضح رہے کہ رواں ماہ 11 مارچ کو عالمی ادارہ صحت نے کرونا وائرس کو عالمگیر وبا قرار دیا تھا، یہ وائرس اب تک 150 سے زائد ممالک میں پھیل چکا ہے۔ وائرس سے اب تک ایک لاکھ سے زائد افراد متاثر جبکہ 5 ہزار سے زائد ہلاک ہوچکے ہیں ۔

  • کرونا وائرس: تیل کی قیمتوں میں 4 برس کی ریکارڈ کمی

    کرونا وائرس: تیل کی قیمتوں میں 4 برس کی ریکارڈ کمی

    ماسکو: دنیا بھر میں پھیلنے والے جان لیوا کرونا وائرس کے باعث تیل کی قیمتوں میں مسلسل کمی جاری ہے، 4 برسوں کے دوران تیل کی قیمت میں ریکارڈ کمی سامنے آرہی ہے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق روسی صدر ولادی میر پیوٹن نے عالمی تیل منڈی کے مسائل پر تبادلہ خیال کے دوران کہا کہ کرونا وائرس کے پھیلاؤ سے عالمی معیشت پر برے اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔

    صدر پیوٹن نے تیل کے نرخوں میں ریکارڈ کمی پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ابھی یہ اندازہ لگانا مشکل ہے کہ نرخوں میں کمی کا سلسلہ کب تک جاری رہے گا تاہم صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیاری کرنا ہوگی۔

    عالمی میڈیا کے مطابق کرونا وائرس کی وجہ سے تیل کے نرخ 1 برس کے دوران انتہائی نچلی سطح پر آگئے ہیں جبکہ تیل نرخوں میں کمی کا 4 سالہ ریکارڈ ٹوٹنے کے قریب ہے۔

    معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ ممکنہ طور پر تیل پیدا کرنے والے ممالک کی تنظیم اوپیک اور اتحادی تیل پیداوار میں بڑی کمی کریں گے، اوپیک پلس نے بتایا کہ وہ کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے بعد ذمہ دارانہ فیصلہ کرے گی۔

    اوپیک کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ وہ تیل کے نرخوں میں تیزی کے ساتھ آنے والی گراوٹ کو روکنے کی کوشش کرے گی۔

  • وزیراعظم کے احکامات ، عوام کو بڑا ریلیف مل گیا

    وزیراعظم کے احکامات ، عوام کو بڑا ریلیف مل گیا

    اسلام آباد : ملک بھر کے تمام یوٹیلیٹی اسٹورزپراشیاخوردونوش دالوں اورگھی کی قیمتوں میں مزیدکمی کردی گئی، یوٹیلٹی اسٹورز پر سبسڈائزڈ گھی، آٹا، دالیں ، چاول اور چینی وافر دستیاب ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ملک بھر کے تمام یوٹیلیٹی سٹورز پر دالوں اورگھی کی قیمتوں میں مزید کمی کردی گئی ، دستاویز میں کہا گیا دال چنا ،دال مسوراورگھی کی قیمتوں میں 5 سے 30 روپے تک کی کمی ہوئی۔

    دستاویز کے مطابق دال چنا کی قیمت 167سےکم ہوکر 160روپے فی کلو، دال مسور کی قیمت 135سے کم ہوکر 130 روپے فی کلو اور دو برانڈڈ گھی کی قیمت 200روپے سے کم ہوکر 170روپے فی کلو ہوگئی۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ یوٹیلٹی اسٹورز پر سبسڈائزڈ گھی، آٹا، دالیں ، چاول اور چینی وافر دستیاب ہے۔

    مزید پڑھیں : عوام کو مہنگائی سے ریلیف دینے کے لیے وزیراعظم کا بڑا حکم

    گذشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کا حکم دیتے ہوئے قانونی حدسےزائدغذائی اجناس ذخیرہ کرنیوالوں کیخلاف بڑے کریک ڈاؤن کا فیصلہ کیا تھا۔

    وزیراعظم نے کہا تھا کھانےپینےکی اجناس غیرقانونی طورپرذخیرہ نہیں ہونی چاہئیے اور قیمتوں میں ردو بدل کرکےزائد پیسہ بنانےوالوں کیخلاف کارروائی کریں، ذخیرہ اندوزوں کو10دن میں غیرقانونی ذخیرہ مارکیٹ میں لاناہوگا۔

    عمران خان نے اشیائےضروریہ کی قیمتوں میں15سے20 فیصد تک کمی کی ہدایت کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو واضح کیا  تھا کہ کسی بھی ذخیرہ اندوزکونہ چھوڑا جائے، غریب عوام کا مفاد ہر چیز سے اوپر ہے۔

  • پیٹرولیم مصنوعات کی درآمدات میں کمی

    پیٹرولیم مصنوعات کی درآمدات میں کمی

    اسلام آباد: رواں مالی سال 20-2019 کے پہلے پانچ ماہ میں پیٹرولیم مصنوعات کی درآمدات میں 21.79 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔

    قومی ادارہ برائے شماریات کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے 5 ماہ میں پیٹرولیم مصنوعات کی درآمدات کا حجم 5 ارب 11 کروڑ ڈالر رہا۔ یہ حجم گزشتہ مالی سال کے اس عرصے میں 6 ارب 53 کروڑ ڈالرتھا۔

    اعداد و شمار کے مطابق خام تیل کی درآمدات میں 28 فیصد اور گیس کی درآمدات میں 8 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی، تاہم ایل پی جی درآمدات میں 32 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی درآمدات میں کمی درآمدی بل میں بھی کمی کا باعث بنے گی۔

    خیال رہے کہ اس سے قبل ایک موقع پر مشیر تجارت عبد الرزاق داؤد نے کہا تھا کہ سال 2018 کی نسبت 2019 میں برآمدات میں 29 فیصد اضافہ ہوا جبکہ درآمدات 4 ارب ڈالر کم ہوئی ہیں۔

    انہوں نے کہا تھا کہ مقدار کے لحاظ سے ہماری برآمدات 29 فیصد بڑھ گئی ہیں، گرے کلاس میں اضافہ ہوا، چین بھی پاکستان کی 313 مصنوعات کو ڈیوٹی فری کر رہا ہے، درآمدات میں بھی ہماری پوزیشن اچھی ہے۔

  • لاہور میں ہلکی بارش، اسموگ میں کمی

    لاہور میں ہلکی بارش، اسموگ میں کمی

    لاہور: محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ لاہور کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش کے بعد جہاں سردی کی شدت میں اضافہ ہوا، وہیں اسموگ میں بھی کمی واقع ہوئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں ہلکی بارش کے باعث سردی کی شدت بڑھ گئی اور فضا میں موجود اسموگ میں بھی کمی واقع ہوئی ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق لاہورمیں آج صبح درجہ حرارت 16 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، آج شہر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 24 ڈگری رہنے کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک جبکہ شمالی علاقوں میں موسم سرد رہنے کا امکان ہے۔

    خیال رہے کہ رواں برس اسموگ پر قابو پانے کے لیے فصلوں کی باقیات، کچرا، ٹائر اور پولی تھین جلانے پر دفعہ 144 نافذ کی گئی جبکہ اینٹوں کے بھٹوں کو بھی چند ماہ کے لیے بند کیا گیا جو سموگ کی اہم وجہ ہیں۔

    لاہور ہائی کورٹ نے دو روز قبل اسموگ سے نمٹنے کے لیے پنجاب حکومت کو ٹھوس اقدامات کرنے کا حکم دیا تھا۔ عدالت کا کہنا تھا کہ زگ زیگ ٹیکنالوجی استعمال نہ کرنے والے بھٹوں اور آلودگی کا باعث بننے والے صنعتی یونٹس کے خلاف کارروائی کی جائے۔

  • کراچی: ایران کے ٹماٹر سے لدے 13 کنٹینر سبزی منڈی پہنچ گئے

    کراچی: ایران کے ٹماٹر سے لدے 13 کنٹینر سبزی منڈی پہنچ گئے

    کراچی: پاکستان میں ٹماٹر کے بحران کے پیش نظر ایران سے 13 کنٹینروں پر مشتمل ٹماٹروں کی کھیپ سبزی منڈی پہنچ گئی۔

    تفصیلات کے مطابق ایران کے ٹماٹر سے لدے 13 کنٹینر کراچی کی سبزی منڈی پہنچ گئے جس کے بعد سبزی منڈی میں ٹماٹر کی قیمت میں سو روپے فی کلو کی نمایاں کمی ہوئی ہے۔

    سبزی منڈی میں ٹماٹر کی ہول سیل قیمت 180 روپے تک آگئی، گزشتہ روز ٹماٹر کی فی کلو قیمت 290 سے 352 روپے تک تھی۔ سبزی منڈی کی انتظامیہ کے مطابق ایک کنٹینرمیں 356 ٹن ٹماٹرموجود ہیں۔

    ملک میں ٹماٹر کے بحران کے باعث اس کی قیمت 300 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے، ایران سے ٹماٹر درآمد کرنے سے ملک میں ٹماٹر کی قیمت میں کمی کا امکان ہے۔

    سندھ کے ضلع بدین میں ٹماٹر کی فی کلو قیمت 320 روپے تک پہنچ چکی ہے، قیمتوں میں اضافے کے بعد چوروں نے کھیتوں سے ٹماٹر چوری کرنا شروع کردیا ہے۔ وارداتوں میں اضافے کے بعد کسانوں نے کھیتوں میں اسلحہ بردار پہرے دار تعینات کردیے ہیں۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے کراچی میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کا کہنا تھا کہ کراچی میں ٹماٹر 17 روپے کلو دستیاب ہیں، لوگ جھوٹ بول رہے ہیں۔ مشیر خزانہ کا کہنا تھا کہ آپ جائیں جا کر چیک کریں۔

  • وزیر اعظم بننے کے بعد بورس جانسن کی آمدنی میں ریکارڈ کمی

    وزیر اعظم بننے کے بعد بورس جانسن کی آمدنی میں ریکارڈ کمی

    لندن:برطانیہ کے نئے وزیراعظم بورس جانسن کو وزارت عظمی کا منصب سنبھالنے کی بھاری قیمت اپنی سالانہ آمدنی میں واضح کمی کی صورت میں ادا کرنا پڑے گی۔

    تفصیلات کے مطابق معروف برطانوی انویسٹمنٹ ہاؤس نے اپنی تجزیاتی رپورٹ بتایا ہے کہ سرکاری اعداد و شمار کی بنیاد پر گذشتہ 12 ماہ کے دوران 55 سالہ بورس جانسن کی مجموعی آمدنی 829255 برطانوی پاؤنڈ رہی۔

    تجزیاتی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس آمدنی میں جانسن کی بطور رکن پارلیمنٹ تنخواہ کے علاوہ عوامی خطابات ، اخباری کالم نگاری اور اپنی تحریر کردہ کتابوں کی رائلٹیز سے حاصل ہونے والی رقم بھی شامل ہےتاہم اب توقع ہے کہ جانسن کی اگلے 12 ماہ کی آمدنی بڑی حد تک کم ہو کر صرف 150402 پاؤنڈز رہ جائے گی۔

    برطانوی انویسٹمنٹ ہاؤس کا کہناتھا کہ یہ رقم انہیں بطور وزیراعظم تنخواہ کی مد میں حاصل ہو گی،اس طرح بورس جانسن کی سالانہ آمدنی میں گذشتہ برس کے مقابلے میں 678853 پاؤنڈز کی بھاری کمی واقع ہو گی۔

    مقامی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ اس کی وجہ یہ ہے کہ جانسن کو وزارت عظمی کے منصب پر رہتے ہوئے دیگر سرگرمیاں انجام دینے کی ممانعت ہو گی، لہذا اب وہ نہ تو اخبار کے لیے کالم لکھ سکیں گے اور نہ ہی آمدنی کی غرض سے لیکچرز دے سکیں گے۔

    دنیا میں کم ترین تنخواہ پانے والے سربراہان میں شامل بورس جانسن کے لیے یہ بات اطمینان کا باعث ہو سکتی ہے کہ دنیا کے طاقت ور ترین ملک کا سربراہ اپنی تنخواہ کی مد میں صرف ایک ڈالر وصول کر رہا ہے۔ اس سربراہ کا نام ڈونلڈ ٹرمپ جو اپنی ذاتی دولت کے لحاظ سے ارب پتی ہیں۔

    ٹرمپ نے اپنی انتخابی مہم کے دوران وعدہ کیا تھا کہ وہ صدر بننے کے بعد تنخواہ کی مد صرف ایک ڈالر لیں گے اور وہ اپنے وعدے کو پورا کررہے ہیں، ایک ڈالر وصول کرنے کے بعد ٹرمپ کی بقیہ ساری تنخواہ مختلف شعبوں میں بطور عطیات دے دی جاتی ہے ۔

  • گزشتہ ہفتے ڈالر کی قدر میں 3 روپے کمی ریکارڈ

    گزشتہ ہفتے ڈالر کی قدر میں 3 روپے کمی ریکارڈ

    کراچی: گزشتہ ہفتے ڈالر کی قدر میں 3.13 روپے کمی ریکارڈ کی گئی جس کے بعد ڈالر 160.05 سے کم ہو کر 156.92 روپے کا ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ ہفتے میں انٹر بینک میں ڈالر کی قدر میں 3.13 روپے کمی واقع ہوئی۔ گزشتہ ہفتے ڈالر 160.05 سے کم ہو کر 156.92 روپے کا ہوگیا۔

    معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ قطر سے 50 کروڑ اور 10 کروڑ ڈالر ترسیلات سے روپے کی قدر 2 فیصد بڑھی۔

    رپورٹ کے مطابق اوپن مارکیٹ میں ایک ہفتے کے دوران ڈالر 4 روپے سستا ہوا جس کے بعد اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت 161 سے کم ہو کر 157 روپے ہوگئی۔

    اس سے قبل 29 جون کو اختتام پذیر ہونے والے ہفتے کے دوران انٹر بینک میں ڈالر 3 روپے 22 پیسے مہنگا ہوا تھا، ڈالر کی قدر بڑھنے سے قرضوں میں بھی 12 سو 73 ارب روپے کا اضافہ ہوگیا تھا۔

    24 سے 28 جون کے دوران انٹر بینک میں ڈالر کی قیمت 156.83 سے بڑھ کر 160.05 روپے ہوگئی تھی۔ اس ہفتے کے دوران انٹر بینک میں ڈالر 164.05 کی بلند ترین سطح تک ریکارڈ کیا گیا تھا۔

    خیال رہے کہ جون کے پورے ماہ میں انٹر بینک میں ڈالر کی اونچی اڑان ریکارڈ کی گئی تھی۔ مجموعی طور پر جون میں انٹر بینک میں ڈالر 12 روپے 13 پیسے مہنگا ہوا۔

    ایک ماہ میں ڈالر 147 روپے 92 پیسے سے مہنگا ہو کر 160 روپے 5 پیسے کی بلند ترین سطح تک پہنچ گیا تھا۔ ڈالر 12 روپے 13 پیسے مہنگا ہونے سے قرضوں میں بھی 12 سو 73 ارب روپے کا اضافہ ہوگیا تھا۔