Tag: کم از کم اجرت

  • کم سے کم اجرت نہ دینے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا حکم

    کم سے کم اجرت نہ دینے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا حکم

    وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے دکانوں اور چھوٹے اداروں میں ورکرز کی رجسٹریشن کرنے اور کم سےکم اجرت پر عمل نہ کرنے والوں کیخلاف کریک ڈاؤن کا حکم دیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز سے صوبائی وزیر محنت فیصل ایوب کھوکھر نے ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے صوبے بھر میں دکانوں، ورکشاپس اور چھوٹے اداروں کے ورکرز کی رجسٹریشن کرنے اور کم سے کم اجرت پر عمل نہ کرنے والے اداروں کیخلاف کریک ڈاؤن کے احکامات جاری کیے۔

    مریم نواز نے دکانوں، پٹرول پمپس اور فیکٹریز میں کم از کم اجرت یقینی بنانےکی ہدایت کی اور کہا کہ ورکرز کو لیبر ڈیپارٹمنٹ میں رجسٹریشن کے بعد گرانٹس اور دیگر مالی فوائد ملیں گے۔

    انہوں نے صوبے بھرمیں لیبر رجسٹریشن بڑھانے کا حکم دیتے ہوئے انڈسٹریل یونٹس میں لیبر کے لیے ورکنگ کنڈیشن بہتر بنانے کی ہدایات بھی کیں۔

    مریم نواز نے کہا کہ ورکرز کو کام کی جگہوں پر صاف ستھرا اور صحت مند ماحول فراہم کیا جائے۔

    علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ پنجاب نے لیبر کے لیے راشن کارڈ پروگرام کا جامع پلان بھی طلب کر لیا۔

    واضح رہےکہ حکومت نے رواں مالی سال کے لیے مزدور کی کم سےکم اجرت 37 ہزار روپے مقرر کی ہوئی ہے۔

  • پاکستان میں ماہانہ تنخواہ  ایک ہزار ڈالر کرنے کی انوکھی درخواست دائر

    پاکستان میں ماہانہ تنخواہ ایک ہزار ڈالر کرنے کی انوکھی درخواست دائر

    لاہور : پاکستان میں ماہانہ تنخواہ ایک ہزار ڈالر کے برابر کرنے کی انوکھی درخواست دائر کردی گئی ، جس میں استدعا کی کہ کم سےکم اجرت 37 ہزار مقرر کرنے کا نوٹیفکیشن معطل کرے۔

    تفصیلات کے مطابق کم از کم اجرت ایک ہزار ڈالر کرنے کیلئے درخواست دائر کردی گئی، فہمید نواز ایڈووکیٹ نے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی۔

    درخواست میں وزیراعظم اور تمام وزرائےاعلیٰ کوفریق بنایا گیا ہے اور موقف اختیار کیا گیا کہ حکومت کی جانب سےکم ازکم تنخواہ 37ہزارروپے ماہانہ مقررکی گئی لیکن پاکستان کے لیبر قوانین میں فوری ترامیم کی ضرورت ہے۔

    درخواست گزار نے استدعا کی کہ عدالت پاکستان میں ایک ہزارڈالر کے برابر ماہانہ تنخواہ مقررکرنےکاحکم دے اور لاہور ہائیکورٹ کم سےکم اجرت 37 ہزار مقرر کرنے کا نوٹیفکیشن معطل کرے۔

  • پنجاب میں مزدور کی نئی اجرت مقرر

    پنجاب میں مزدور کی نئی اجرت مقرر

    لاہور: صوبہ پنجاب میں مزدور کی کم از کم اجرت 25 ہزار روپے مقرر کردی گئی جس کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت نے صوبے میں مزدور کی کم از کم ماہانہ اجرت 25 ہزار روپے کر دی۔

    اس حوالے سے گزٹ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے، نوٹیفکیشن کے مطابق دیہاڑی دار مزدور کو روزانہ کی بنیاد پر 961 روپے اجرت دی جائے گی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکریٹری لیبر لیاقت علی چٹھہ نے منیمم ویج بورڈ کی سفارشات پر نوٹیفکیشن جاری کیا، کم از کم اجرت میں اضافے کا اطلاق رواں سال یکم جولائی سے ہوگا۔

    خیال رہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے حکومت سنبھالنے کے بعد مزدور کی کم از کم اجرت 25 ہزار روپے ماہانہ مقرر کرنے کا اعلان کیا تھا تاہم بعد ازاں اس اعلان پر عملدر آمد نہیں کیا گیا۔