لاہور: شاہدرہ ٹاؤن میں گاڑی کی ٹکر سے ایک شخص کے جاں بحق اور 2 کے زخمی ہونے کے واقعے میں پولیس نے گاڑی کے مالک کا پتا چلا لیا۔
ایس پی سٹی بلال احمد کے مطابق پولیس نے اس گاڑی کے مالک کا پتا لگا لیا ہے جسے 14 سالہ لڑکا حاشر چلا رہا تھا اور کئی موٹر سائیکلوں کو اڑا کر ایک شخص کو جان سے محروم کر دیا اور مزید کئی زخمی ہوئے۔
ایس پی سٹی کے مطابق گاڑی بچے کے والد یا ماموں کی نہیں تھی بلکہ کسی تیسرے شخص کی ہے، ان کا کہنا تھا کہ گاڑی خرم نامی شخص کی ملکیت نکلی جو دراصل حاشر کا مالک مکان ہے۔
خرم کے بارے میں معلوم ہوا کہ وہ میڈیسن کمپنی میں منیجر ہے، اور مذکورہ گاڑی کمپنی نے انھیں فراہم کی تھی، بلال احمد نے بتایا کہ خرم کو بھی شاملِ تفتیش کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔
لاہور شاہدرہ واقعہ، آئی جی پنجاب نے والدین کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت کر دی
ایس پی سٹی کا کہنا ہے کہ حادثے کے دوران خرم نے ون فائیو پر گاڑی چوری کی کال بھی چلا دی تھی۔
یاد رہے کہ گزشتہ رات لاہور کے علاقے شاہدرہ میں کم عمر کار ڈرائیور حاشر نے موٹر سائیکل سوار بھائیوں کو کچل دیا تھا، ایک بھائی امین جاں بحق، دوسرا زخمی ہو گیا، عمران نامی شہری بھی گاڑی کی ٹکر سے زخمی ہوا۔ پولیس نے چودہ سالہ حاشر کو حراست میں لے کر مقدمہ درج کر لیا ہے۔