Tag: کم کارڈیشین

  • انسٹاگرام پوسٹ، امریکی اداکارہ پر ساڑھے 11 لاکھ ڈالر جرمانہ

    انسٹاگرام پوسٹ، امریکی اداکارہ پر ساڑھے 11 لاکھ ڈالر جرمانہ

    واشنگٹن: امریکی ماڈل اور اداکارہ کِم کارڈیشین پر انسٹاگرام پوسٹ میں کرپٹو کرنسی کی تشہیر کے لیے ساڑھے 11 لاکھ ڈالر جرمانہ کر دیا گیا۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق کِم کارڈیشین نے اپنے انسٹاگرام پیج پر ’ایتھریم میکس‘ کی تشہیر کرنے پر عائد 1.26 ملین ڈالر جرمانہ ادا کرنے پر رضا مندی ظاہر کر دی ہے۔

    امریکی سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن کا کہنا ہے کہ ریئلٹی ٹی وی اسٹار نے کرپٹو کرنسی کی تشہیر کے لیے ڈھائی لاکھ ڈالر وصول کیے تھے۔

    روئٹرز نے لکھا کہ کِم کارڈیشین بھوک ختم کرنے والے لولی پاپس اور خربوزے کے ذائقے والی شراب سے لے کر ٹوائلٹ پیپر تک ہر شے کی تشہیر کے لیے تیار رہتی ہیں، لیکن اس بار وہ کرپٹو کرنسیوں کی تاریک دنیا میں داخل ہوگئیں اور خود کو بڑی مشکل میں ڈال دیا۔

    کم کارڈیشین نے تین سال تک کرپٹو ایسِٹ سیکیورٹیز کی تشہیر نہ کرنے کا بھی وعدہ کیا۔

    ان کے وکیل نے میڈیا کو بتایا کہ کارڈیشین نے ایس ای سی کے ساتھ اس معاملے کو حل کرنے پر خوشی محسوس کی، وہ شروع ہی سے ایس ای سی کے ساتھ مکمل تعاون کر رہی ہیں، اور اس کیس میں ایس ای سی کی مدد کرنے کے لیے جو کچھ بھی کر سکتی ہیں، وہ کرنے کو تیار ہیں۔

    رواں برس جنوری میں سرمایہ کاروں نے کارڈیشین، باکسر فلوئڈ مے ویدر جونیئر، باسکٹ بال کھلاڑی پال پیئرس اور ایتھریم میکس بنانے والوں کے خلاف مقدمہ دائر کیا تھا۔

    ان کے خلاف الزام تھا کہ انھوں نے کرپٹو کرنسی سرمایہ کاروں کو فروخت کرنے سے قبل ان کی قیمتیں غیر قانونی طور پر بڑھانے کے لیے گمراہ کن اسکیم چلائی۔

  • فرانس کی سب سے بڑی ڈکیتی کے ملزمان کا ٹرائل شروع

    فرانس کی سب سے بڑی ڈکیتی کے ملزمان کا ٹرائل شروع

    امریکی ماڈل کم کارڈیشین کے گھر ہونے والی لاکھوں یورو مالیت کی چوری کے ملزمان کا ٹرائل شروع کردیا گیا، یہ فرانس میں گزشتہ 20 برسوں میں کسی انفرادی شخص کے گھر پر ہونے والی ڈکیتی کی سب سے بڑی واردات ہے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق فرانس کی تاریخ کی سب سے بڑی ڈکیتی کی واردات کی سماعت شروع ہوگئی، ذرائع نے بتایا کہ کارڈیشین پیرس میں ہونے والی اس ڈکیتی میں ملوث 12 ملزمان کے خلاف مقدمے کی سماعت کا حکم دو تفتیشی مجسٹریٹس نے دیا ہے۔

    ذرائع نے انکشاف کیا کہ اکتوبر 2016 میں مشہور ماڈل اور امریکن میڈیا پرسنالٹی کم کارڈیشین کے اپارٹمنٹ سے زیورات اور ہیرے لوٹنے کی واردات میں فرانس میں 12 افراد پر مقدمہ چلایا جائے گا۔

    یاد رہے کہ یہ فرانس میں گزشتہ 20 برسوں میں کسی انفرادی شخص کے گھر پر ہونے والی ڈکیتی کی سب سے بڑی واردات تھی جس میں تقریباً 60 لاکھ یورو (7 ملین ڈالر) کے زیورات ان کے گھر سے لوٹے گئے تھے۔

    یہ واردات اس وقت ہوئی تھی جب کم کارڈیشین پیرس فیشن ویک کے دوران ایک پرتعیش رہائش گاہ پر مقیم تھیں۔

    مشتبہ افراد کو پیرس اور جنوبی فرانس سے 4 ماہ بعد گرفتار کیا گیا، ان میں عمر ایٹ کھڈاشے نامی شخص بھی شامل ہے جسے اولڈ عمر کے نام سے جانا جاتا ہے، جس کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ وہ اس گروہ کا سرغنہ ہے۔