سابق آسٹریلوی کپتان اسٹیو اسمتھ کی بطور اوپنر تعیناتی پر چراغ پا ہوگئے، کرکٹ آسٹریلیا کے اس فیصلے کو سخت تنقید کا نشانہ بنا ڈالا۔
آسٹریلیا کی جانب سے اسٹیو اسمتھ کو ٹیسٹ اوپنر کے طور پر عثمان خواجہ کا جوڑی دار منتخب کیا گیا ہے، اس فیصلے پر سابق کرکٹر اور شائقین کی جانب سے ملاجلا ردعمل دیکھنے میں آرہا ہے۔
تاہم آسٹریلین کرکٹ ٹیم کی کپتانی کے فرائض انجام دینے والے سابق کرکٹر کم ہیوز کا ردعمل کافی اشتعال انگیز تھا، ان کہنا تھا کہ جب میں نے یہ خبر سنی تو مجھے ’تقریبا الٹی‘ ہو گئی۔
سابق کپتان نے اسمتھ کے حالیہ ریکارڈ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ حال ہی میں ریٹائر ہونے والے ڈیوڈ وارنر کی جگہ لینے کے لیے ان سے بہتر کیمرون بینکرافٹ تھے۔
واضح رہے کہ ہیوز کو 1979 میں آسٹریلیا کے سب سے کم عمر ٹیسٹ کپتان بننے کا اعزاز حاصل ہوا تھا انھوں نے 28 ٹیسٹ میچز میں کینگروز سائیڈ کی قیادت کی تھی۔ ان کا یہ ریکارڈ 2014 میں اسمتھ نے توڑا تھا جب انھوں نے قومی ٹیم کی کپتانی کی تھی،
انھوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں نے یہ خبر سن کر تقریباً الٹی کر دی تھی۔ مجھے اس بات میں کوئی شک نہیں ہے کہ اگر کیمرون بینکرافٹ نیو ساؤتھ ویلز کے لیے کھیلے تو وہ آسٹریلیا کی ٹیسٹ ٹیم میں ہوں گے۔
کم ہیوز کا خیال ہے کہ اسٹیو اسمتھ کو بطور اوپنر تعینات کرکے کرکٹ آسٹریلیا ’غلط پیغام‘ دے رہا ہے۔ اسمتھ 17 جنوری سے شروع ہونے والے ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں بطور اوپنر آسٹریلیا کے لیے اننگز کا آغاز کریں گے۔
خیال رہے کہ آسٹریلیا کے سابق ورلڈکپ فاتح کپتان نے اسٹیو اسمتھ کے حق میں بیان دیتے ہوئے کہا تھا کہ اگر اسمتھ کو ریٹائر ہونے والے اوپنر ڈیوڈ وارنر کی جگہ دی گئی تو وہ ٹیسٹ کرکٹ میں برائن لارا کے تاریخی 400 رنز کا ریکارڈ بھی توڑ سکتے ہیں۔