Tag: کنویئر فاروق ستار

  • ڈاکٹر فاروق ستار کی پارلیمنٹ میں ڈرامائی انٹری

    ڈاکٹر فاروق ستار کی پارلیمنٹ میں ڈرامائی انٹری

    اسلام آباد: ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار نے پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈٰیا کو دیکھتے ہی دوڑ لگادی، بھاگے بھی ایسے کہ صحافی بھی ہنسنے پر مجبور ہوگئے۔

    وزیر اعظم پاکستان نواز شریف کی جانب سے طلب کئے جانے والے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں شرکت کے لیے سربراہ ایم کیوایم پاکستان ڈاکٹر فاروق ستار پہنچے تو میڈیا نے ان سے گفتگو کرنا چاہی لیکن فاروق ستار نے میڈیا کو دیکھ بچوں کی دوڑ لگاتے ہوئے پارلیمنٹ میں داخل ہوگئے۔

    پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا کو دیکھتے ہی فاروق ستار ایسے دوڑے جیسے کوئی بچہ شرارت کر کے بھاگتا ہے، مشترکہ اجلاس سے پہلے صحافی فاروق ستار کو روکتے رہ گئے، آوازیں بھی لگائیں لیکن فاروق ستار نے سنی ان سنی کر کے دوڑ لگادی۔

    ڈاکٹر فاروق ستار کسی صحافی کے قابو میں نہ آئے بس جاتے جاتے اتنا جواب دے گئے کہ ’وزیر اعظم کی تقریر ہے جانے دو یار‘ نہ جانے فاروق ستار میڈیا کے سوالات سے گھبر ائے ہوئے تھے یا انہیں وزیر اعظم کی تقریر چھوٹ جانے کا خدشہ تھا۔

  • ایم کیو ایم پاکستان کا اجلاس، فاروق ستار  کنوینر مقرر

    ایم کیو ایم پاکستان کا اجلاس، فاروق ستار کنوینر مقرر

    کراچی: ایم کیو ایم پاکستان کے عارضی مرکز پر اہم اجلاس میں رابطہ کمیٹی اور کارکنان نے اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار کو کنوینر منتخب کیا جبکہ رابطہ کمیٹی میں نئے اراکین کو شامل کیا گیا ہے۔

    اجلاس کے اختتام پر میڈیا سے گفتگو کرتے ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ 23 اگست کے بعد ہم نے لندن قیادت سے مکمل علیحدگی اختیار کرتے ہوئے تمام فیصلے پاکستان میں ہی کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

    انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان کے علیحدہ ہونے کے بعد سے اب تک کئی اہم اجلاس منعقد کیے گئے ہیں جن میں بہت اہم فیصلے ہوئے تاہم آج ہونے والے اجلاس میں رابطہ کمیٹی کے اراکین، شعبہ جات کے ذمہ داران اور کارکنان نے اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے مجھے کنوینر کے منصب پر فائز کردیا ہے۔

    انہوں نے اجلاس میں کیے گئے فیصلوں سے متعلق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان کی رابطہ کمیٹی میں نئے اراکین فیصل سبزواری اور خوش بخت شجاعت اور عبدالوسیم کو شامل کیا گیا ہے تاہم رابطہ کمیٹی کے دو اراکین اشرف نور اور اکرم راجپوت کو نظم و ضبط کی خلاف ورزی پر رابطہ کمیٹی کے رکن کی حیثیت اور بنیادی رکنیت سے خارج کردیا گیا ہے۔

    پڑھیں:  لاتعلقی کرنے والے معافی مانگ کر قائد تحریک سے ملیں، ندیم نصرت

     ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ کنوینر کا عہدہ خالی ہونے کی وجہ سے مجھے اس کی ذمہ داری دی گئی ہے جبکہ تین اراکین کیف الوریٰ، نسرین جلیل اور خالد مقبول صدیقی کو ڈپٹی کنوینر کے عہدے پر فائض کردیا گیا ہے تاہم عامر خان بدستو سنیئر ڈپٹی کنوینر کی ذمہ داریاں سرانجام دیں گے۔

    سربراہ ایم کیو ایم پاکستان نے کہا کہ حیدر عباس رضوی کے پاس پہلے ہی رابطہ کمیٹی کا عہدہ ہے  اس لیے وہ اپنے منصب پر ویسے ہی فرائض انجام دیتے رہیں گے، اُن کا کہنا تھا کہ آج کے اجلاس میں تمام اراکین کی مشترکہ رائے کو مدنظر رکھتے ہوئے اہم فیصلے کیے گئے ہیں۔

    کراچی آپریشن پر تبصرہ کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار نے رینجرز کی کارروائیوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’’یہ آپریشن ایم کیو ایم پاکستان کے مطالبہ پر شروع کیا گیا تھا جس کے بعد سے شہر کے حالات اور امن و امان کی صورتحال کافی بہتر ہوئے اور حالات میں واضح تبدیلی نظر آئی‘‘۔

    شہر قائد کے مختلف علاقوں میں چائنا کٹنگ کے آغاز پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سربراہ ایم کیو ایم پاکستان نے کہا کہ ’’کراچی کے مختلف علاقوں سرجانی، بلدیہ، کورنگی، اورنگی، قصبہ کالونی سمیت دیگر علاقوں میں نامعلوم افراد نے چائنا کٹنگ کا کام شروع کردیا ہے جس پر عوام کو شدید تحفظات ہیں۔

    انہوں نے سندھ حکومت، ڈی جی رینجرز اور آئی جی سندھ پولیس سے چائنا کٹنگ میں ملوث افراد کو بے نقاب کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث افراد کے حوالے سے سب کو آگاہ کیا جائے اور مختلف علاقوں میں جاری مجرمانہ سرگرمیوں پر کارروائی کرتے ہوئے ملوث افراد کو سزا دی جائے۔