Tag: کنٹرول

  • سری لنکا میں آن لائن مواد کنٹرول کرنے کا قانون منظور

    سری لنکا میں آن لائن مواد کنٹرول کرنے کا قانون منظور

    سری لنکا نے آن لائن مواد کنٹرول کرنے کا قانون منظور کرلیا۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق سری لنکا کی پارلیمنٹ نے اکثریتی ووٹوں سے آن لائن مواد کنٹرول کا بل منظور کر لیا، بل کے تحت حکومت آن لائن پوسٹ ہٹا سکتی ہے۔

    رپورٹ کے مطابق آئن لائن غیر قانونی مواد پوسٹ کرنے والے کو جیل کی سزا تجویز کی گئی ہے، آن لائن مواد کی جانچ کے لیے پانچ رکنی کمیشن بنایا گیا ہے۔

    سری لنکن حکومت کا کہنا ہے کہ قانون سائبرکرائم، بچوں سے زیادتیوں اور آن لائن فراڈ روکنے کے لیے بنایا گیا ہے۔اپوزیشن اور سماجی تنظیموں نے بل کی مخالفت کرتے ہوئے اسے آزادی اظہار رائے پر پابندی قرار دیا ہے۔

  • 2026 تک مہنگائی کی شرح کنٹرول کرنے کا ہدف مقرر

    2026 تک مہنگائی کی شرح کنٹرول کرنے کا ہدف مقرر

    اسلام آباد: وزارت خزانہ نے مالی سال 2026 تک مہنگائی کی شرح 6.5 فیصد کی سطح پر کنٹرول کرنے کا ہدف مقرر  کیا ہے۔

    تفصیلاے کے مطابق وزارت خزانہ نے مڈٹرم ڈیٹ اسٹریٹجی رپورٹ 2023 سے 2026 جاری کردی ہے، رپورٹ میں 2026  تک جی ڈی پی گروتھ 5.5 فیصد اور قرضوں میں کمی کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

    وزارت خزانہ کی رپورٹ کے مطابق مالی سال 2026 تک مہنگائی کی شرح 6.5 فیصد اور اگلے مالی سال  2025 میں مہنگائی 7.5 فیصد کی سطح پر کنٹرول کرنے کا ہدف ہے۔

    آئندہ مالی سال جی ڈی پی گروتھ 5.0 فیصد اور مالیاتی خسارہ 5.1 فیصد تک محدود کرنےکا ہدف ہے۔

    مڈٹرم ڈیٹ اسٹریٹجی رپورٹ کے مطابق پاکستان کو رواں مالی سال 5.7 ٹریلین، آئندہ مالی سال 5.5 ٹریلین روپے قرض کی ادائیگیاں کرنا ہوں گی، مالی سال 2026 مالی سال 2027 کےدوران قرضوں کی ادائیگیوں کا بوجھ کم ہوگا۔

     وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ قرض حاصل کرنے کیلئے بانڈز کا اجرا اور طویل مدتی پالیسی پر قرض لینا ترجیح ہو گی، فکسڈ شرح سود کی نسبت فلوٹنگ ریٹ پر قرض حاصل کیا جائےگا جبکہ بیرونی قرض ملکی مجموعی قرض کا 40 فیصد تک لیا جا سکےگا۔

  • غصے پر قابو پانے کے لیے یہ طریقے آزمائیں

    غصے پر قابو پانے کے لیے یہ طریقے آزمائیں

    غصہ آنا ایک نارمل رویہ ہے اور غصے کا اظہار بھی بے حد ضروری ہے، غصے کو دبائے رکھنا اور برداشت کرنا ذہنی و جسمانی صحت کے لیے بے حد نقصان دہ ہے۔

    تاہم بہت زیادہ اور شدید غصہ آنا بھی نقصان دہ ہوسکتا ہے، یہ نہ صرف صحت کو متاثر کرتا ہے بلکہ تعلقات اور سماجی زندگی میں بھی بگاڑ پیدا کرتا ہے۔

    آج آپ کو غصے کو قابو کرنے کے طریقے بتائے جارہے ہیں جنہیں اپنا کر آپ اپنا غصہ کنٹرول کرسکتے ہیں اور کسی ممکنہ نقصان سے بچ سکتے ہیں۔

    اظہار کرنے سے قبل پرسکون ہونے کا انتظار کریں

    غصے میں کچھ بھی کہنے سے قبل انتظار کرنا بہتر ہے، جب آپ کا دماغ پرسکون ہوگا تب ہی اس کے بارے میں سوچنا آسان ہوگا کہ آپ کیا اظہار کرنا چاہ رہے ہیں۔

    غصے کی حالت میں اکثر غلط بات منہ سے نکل جاتی ہے یا غلط فیصلہ ہوجاتا ہے جو بعد میں پچھتاوے کا باعث بنتا ہے۔

    منظر سے ہٹ جائیں

    جس لمحے آپ کو لگتا ہے کہ تناؤ بڑھ رہا ہے اور آپ غصے میں میں کچھ بھی کہہ دیں گے تو اس مقام سے دور ہو کر کسی قسم کی جسمانی ورزش کی کوشش کریں۔

    پیدل چلنا، بائیک چلانا یا یہاں تک کہ چہل قدمی کرنا بھی آپ کے تناؤ کی سطح کو کم کرنے میں معاون ثابت ہوگی، اس طرح آپ پرسکون ہو کر صورتحال کا صحیح انداز میں سامنا کر پائیں گے۔

    گہری سانسیں لیں

    سانس کی مشق دماغ کو پرسکون رکھنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے، اس لیے غصہ کی حالت میں کوشش کریں کہ گہری سانسیں لیں۔

    گہری سانسیں لینے سے آپ کے جسم کی لڑائی یا غصے کے ردعمل کی مختلف علامات کی نفی کرنے میں مدد ملتی ہے جیسے تناؤ کی صورت میں جو علامتیں سامنے آتی ہیں ان میں پٹھوں میں تناؤ، ضرورت سے زیادہ پسینہ آنا، دل کی دھڑکن میں اضافہ، اور تیز یا سست رفتاری سے سانس لینا شامل ہے۔

    بات کہنے کا انداز بدلیں

    کسی بھی مسئلے کے بارے میں بات کرتے وقت، لفظ ’میں‘ کے ساتھ دلائل پر توجہ مرکوز رکھیں تاکہ مخالف شخص پر یہ ظاہر کیا جا سکے کہ آپ حقیقت میں کیسا محسوس کر رہے ہیں اور ساتھ ہی ساتھ غیر ضروری طور پر دوسرے فریق پر الزام لگانے سے گریز کریں۔

    مثال کے طور پر، آپ کہہ سکتے ہیں کہ مجھے برا لگا کہ آپ 15 منٹ تاخیر سے پہنچے، یہ نہ کہیں کہ آپ کبھی بھی وقت پر نہیں آتے۔

    مزاح کا استعمال کریں

    طنز و مزاح کی ایک جھلک بھی تناؤ کو دور کرنے میں مدد کر سکتی ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ کوئی بھی واقعی لڑنا نہیں چاہتا، کچھ مزاحیہ جملے ادا کرنے سے ہر طرح کے جھگڑے کو فوری ختم کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔

    البتہ اس میں طنز کا عنصر شامل نہیں ہونا چاہیئے کیونکہ اس طرح یہ دوسرے شخص کے جذبات کو ٹھیس پہنچا سکتا ہے اور صورتحال کو مزید خراب کر سکتا ہے۔

    معاف کرنا اور سبق لینا سیکھیں

    معاف کرنا ہر کسی کے لیے آسان نہیں ہوتا لیکن رنجش یا کدورت رکھنا ایسا عمل ہے جو آپ کی بہت ساری مثبت توانائیوں کو ضائع کردیتا ہے۔

    تناؤ ختم ہونے کے بعد، مستقبل میں اسی طرح کی پریشانی سے بچنے کے لیے ماضی سے سبق سیکھنا نہایت ضروری ہے۔

  • غصے پر کیسے قابو پایا جائے؟

    غصے پر کیسے قابو پایا جائے؟

    غصہ ایک نارمل کیفیت ہے جو ہر شخص کو محسوس ہوتا ہے، لیکن اس کا غلط طریقے سے اظہار بہت خرابی کا سبب بن سکتا ہے اور اسے برداشت کرتے رہنے کی عادت صحت کے مسائل پیدا کرسکتی ہے۔

    ایک تحقیق کے مطابق چاہے کام کرنے میں پریشانی ہو یا دوسروں کے ساتھ ذاتی تعلقات میں، غصہ کرنے کے بالآخر نقصانات ہوتے ہیں۔

    غصے کی وجوہات کیا ہیں؟

    ماہرین کے مطابق غصے پر قابو پانے کے مناسب طریقوں کے بارے میں سوچنے سے پہلے یہ جاننا ضروری ہے کہ اس کی وجوہات کیا ہیں۔

    لہٰذا بہتر اور مناسب طریقہ یہی ہے کہ اس پر قابو پانے کے طریقوں کے جاننے سے قبل اس کے اسباب کو جانیں تاکہ مسئلے کو جڑ سے ختم کر سکیں، غصے کی وجوہات کو دو حصوں میں تقسیم کیا جا سکتا ہے۔

    بیرونی اسباب: عموماً غصہ بیرونی اسباب کے نتیجے میں ہوتا ہے جیسے کام کی جگہ آفس وغیرہ میں کوئی مسئلہ ہو جائے یا کسی بندے سے اختلاف رائے ہونے کے نتیجے میں آتا ہے۔

    داخلی اسباب: غصے کا سبب داخلی اسباب بھی ہو سکتے ہیں جیسے بے چینی، یا طویل انتظار، کیونکہ اس قسم کے احساسات غصے کا سبب بنتے ہیں۔

    بہرحال غصے کی جو بھی وجوہات ہوں اس ماحول کے مطابق وہ شخص اپنے غصے کے اظہار کے لیے مناسب طریقے کا انتخاب کرتا ہے، ہر شخص کے ماحول کی نوعیت کے مطابق غصے کے اظہار کا طریقہ بھی مختلف ہوتا ہے۔

    غصے کے وقت لوگ ان تین حالتوں کا سامنا کرتے ہیں: یا تو اظہار کرتے ہیں، یا اسے دباتے ہیں اور یا پھر ٹھنڈا کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔

    غصے کے جذبات کا اظہار صاف انداز میں کیا جائے، نہ کہ جارحانہ انداز اپنایا جائے۔ غصے کو دبایا جا سکتا ہے یعنی اس پر قابو پایا جاسکتا ہے البتہ اس میں خطرہ یہ ہے کہ یہ اندرونی پریشانیوں کا سبب بن سکتا ہے جیسے ہائی بلڈ پریشر یا کوئی بیماری ہوسکتی ہے۔

    غصے کو ٹھنڈا کرنا یا اس پر کنٹرول کا حتمی طریقہ یہ ہے کہ دونوں اسباب یعنی اندرونی اور بیرونی وجوہات و اسباب پر قابو پایا جائے۔

    ماہرین کے مطابق جب بھی غصہ آئے تو گہری سانس لیں، آرام کریں، اور اچھے الفاظ کا استعمال کریں۔

    گہری سانس لینے کی کوشش کرتے وقت آہستہ آہستہ آرام دہ الفاظ کو دہرانے کی کوشش کریں، جیسے پرسکون ہوجاؤ، آرام کرو۔

    آسان ورزشیں کرنے کی کوشش کریں جیسے یوگا تاکہ آپ کے مسلز کو آرام ملے۔

    اس تکنیک میں آپ کو زیادہ وقت اور محنت درکار نہیں ہوگی کیونکہ یہ بہت آسان ہیں۔ لہٰذا روزانہ ان پر عمل کرنے کو یقینی بنائیں تاکہ آپ غصے کی حالت میں اس پر عمل کر سکیں۔

    مثال کے طور پر آپ یہ سوچیں کہ میرا غصہ کرنے سے کچھ ٹھیک نہیں ہوگا۔

    بعض اوقات غصے کی وجہ بالکل درست ہوتی ہے کیونکہ ہماری زندگی میں اصل مسائل موجود ہیں جن سے بچا نہیں جا سکتا، لہٰذا ان مشکلات کا ردعمل قابل فہم ہے، اور اسی طرح مسئلے کے حل کی طرف توجہ بھی دی جائے۔ لیکن اپنے آپ پر یہ بوجھ مت ڈالیں کہ ہمیشہ تمام مسائل کا حل ہوتا ہے۔

    دوسروں کے ساتھ گفتگو کو بہتر کیا جائے، دوسروں پر غصہ کیوں آتا ہے اسے سمجھنے کی کوشش کریں اور پھر ان کے ساتھ اسے شیئر کریں۔

    اپنے آس پاس کے ماحول کو تبدیل کریں، دن کا وقت کچھ وقت اپنے لیے نکالیں کیونکہ یہ ضروری ہے۔

    ماہرین کے مطابق غصہ قابو کرنے میں بہت زیادہ مشقت کی ضرورت ہوتی ہے اور آپ کو اس کے دوران ناکامی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے لیکن یہ ضروری ہے۔

    اس سے آپ کو دوسروں کے ساتھ اچھے تعلقات برقرار رکھنے میں مدد ملے گی اور آپ اپنی صحت کو برقرار رکھنے اور حالات کو مناسب طریقے سے ہینڈل کرنے کے قابل بھی بنیں گے۔

  • روسی فوج نے یوکرینی شہر ماریو پول پر مکمل کنٹرول حاصل کرلیا

    روسی فوج نے یوکرینی شہر ماریو پول پر مکمل کنٹرول حاصل کرلیا

    کیف: روسی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ یوکرین کے شہر ماریو پول پر قبضہ کرلیا گیا ہے، بین الاقوامی میڈیا نے بھی روسی دعوے کی تصدیق کردی ہے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق روسی وزارت دفاع نے کہا ہے کہ ماریو پول مکمل طور پر روس کے قبضے میں آچکا ہے، محض مضافات میں کچھ جھڑپیں ہو رہی ہے۔

    روسی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ اسٹریٹجک بندر گاہی شہر ماریوپول کو مکمل طور پر کلیئر کر دیا گیا ہے اور مضافات میں ہولڈ آؤٹ جنگجوؤں کے ایک چھوٹے سے گروپ کو ہتھیار ڈالنے’ کو کہا گیا ہے۔

    روس کے اس دعوے کی، کہ ماریوپول کو اپنے کنٹرول میں لے لیا ہے، بین الاقوامی میڈیا نے بھی تصدیق کردی ہے۔

    اس جنگ کے دوران اس شہر میں شدید لڑائی دیکھنے میں آئی جس کے بعد یہ شہر بدترین انسانی تباہی کا منظر پیش کرنے لگا، یاد رہے کہ روسی فوجی آپریشن کے آغاز کے بعد روسی افواج کے قبضے میں آنے والا یہ ایک بڑا شہر ہے۔

    روسی وزارت دفاع کے چیف ترجمان ایگور کوناشینکوف نے کہا کہ ماریو پول کے پورے شہری علاقے کو مکمل طور پر کلیئر کر دیا گیا ہے اور یوکرینی مسلح گروپ کے باقی بچنے والے فوجیوں کی اس وقت مکمل طور پر ناکہ بندی کر دی گئی ہے، ان کی جان بچانے کا واحد موقع رضا کارانہ طور پر ہتھیار ڈالنا ہے۔

  • خلیج میں امریکی بحری جہاز ایران کے کنٹرول میں ہیں، پاسداران انقلاب

    خلیج میں امریکی بحری جہاز ایران کے کنٹرول میں ہیں، پاسداران انقلاب

    تہران : سپاہ پاسداران کے مرکزی رہنما علی فدوی کا کہنا ہے کہ ایران کا آبنائے ہرمز کے شمال میں مکمل کنٹرول ہے اور تشویش کی کوئی بات نہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ایرانی سپاہ پاسداران انقلاب کے نائب سربراہ علی فدوی کا کہنا ہے کہ خطے میں امریکی جنگی بحری جہاز مکمل طور پر ایرانی فوج اور پاسداران انقلاب کے کنٹرول میں ہیں۔

    نائب سربراہ نے اپنے بیان میں کہا کہ ایران کا آبنائے ہرمز کے شمال میں مکمل کنٹرول ہے اور تشویش کی کوئی بات نہیں۔

    فدوی نے دعوی کیا کہ خلیج عربی میں سفر کرنے والے تمام جہازوں پر لازم ہے کہ وہ فارسی میں بات چیت کریں، اسی واسطے ہر جہاز میں فارسی مترجم موجود ہوتا ہے اور یہ ہماری طاقت کا ثبوت ہے۔

    ادھر سی این این چینل نے امریکی ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ پینٹاگان ایران کو منہ توڑ جواب دینے کے لیے ہزاروں امریکی فوجیوں کو خلیج میں بھیجنے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔

    اس سے قبل ایرانی پارلیمنٹ میں قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کی کمیٹی کے سربراہ حشمت اللہ فلاحت پیشہ نے کہا تھا کہ ایران نہ تو براہ راست اور نہ پراکسی وار کے ذریعے کسی بھی صورت امریکا کے ساتھ جنگ میں داخل نہیں ہو گا۔

    ایرانی میڈیا کے مطابق فلاحت پیشہ نے کہا کہ ایرانی سپریم لیڈر باور کرا چکے ہیں کہ ایرانی نظام کی پالیسی نہ جنگ ہے اور نہ مذاکرات کی۔

    واشنگٹن اور تہران کے درمیان کچھ عرصہ قبل تناؤ میں اس وقت اضافہ ہو گیا جب امریکا کی جانب سے یہ اعلان کیا گیا کہ وہ ایرانی دھمکیوں پر روک لگانے کے لیے مشرق وسطی میں اپنے عسکری وجود میں اضافہ کر رہا ہے۔

    اس کے مقابل ایران کی جانب یہ بات دہرائی جاتی رہی ہے کہ وہ جنگ نہیں چاہتا۔ تہران نے واشنگٹن کو خبردار کیا ہے کہ یہ امریکا کا وہم ہے کہ وہ ایران پر حملہ کر سکتا ہے۔

    اس دوران ایرانی عسکری ذمے داران کے مختلف بیانات سامنے آئے ہیں جن میں باور کرایا گیا ہے کہ اگر جنگ چھڑی تو امریکی اہداف کو تباہ کرنا ان کے بس میں ہے۔

  • الحدیدہ بندرگاہ کا کنٹرول یو این سنبھالے، سیز فائر کو تیار ہیں، حوثی کمانڈر

    الحدیدہ بندرگاہ کا کنٹرول یو این سنبھالے، سیز فائر کو تیار ہیں، حوثی کمانڈر

    واشنگٹن/صنعاء : اقوام متحدہ کے سفیر نے دورہ یمن کے دوران حوثی کمانڈرز سے ملاقات کی، دوران ملاقات حوثی کمانڈر نے جنگ بندی کی مشروط یقین دہانی کروا دی۔

    تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کے خصوصی سفیر برائے یمن نے خانہ جنگی کا شکار ملک یمن کے دورے کے دوران حوثی جنگجوؤں سے طویل ملاقات کی جس میں یمن کی مظلوم عوام کے جان و مال کے حوالے گفتگو ہوئی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ سفیر برائے یمن اور حوثی کمانڈر کے درمیان ملاقات میں جنگجوؤں کے کمانڈر نے اقوام متحدہ کے سفیر کو جنگ بندی اور امن و امان کے لیے تعاون کی مشروط یقین دہانی کروائی۔

    حوثی کمانڈر نے اقوام متحدہ کے سفیر برائے یمن مارٹن گرفتھس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کی جان ومال کی حفاظت کے لیے الحدیدہ بندرگاہ کے حصول کےلیے جاری جنگ کو روکنے کےلیے تیار ہیں اس شرط پر کہ بندر گاہ کا انتظام اقوام متحدہ سنبھالے۔

    عرب میڈیا کے مطابق الحدیدہ بندر گاہ پر کنٹرول حاصل کے لیے عرب اتحاد اورحوثیوں کے درمیان جنگ کے باعث خوراک کی ترسیل میں ہوش ربا کمی واقع ہوئی تھی جس کے باعث جنگ زدہ ملک میں فاقہ کشی کا مزید اضافہ ہوگیا تھا جو پے در پے لوگوں لقمہ اجل بنا رہا تھا۔

    عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ لوگوں کی فاقہ کشی کے بعد اقوام متحدہ نے الحدیدہ بندر گاہ کا کنٹرول سنبھالنے کی پیش کش کی تھی جسے سعودی عرب کی قیادت میں کام کرنے والے عرب اتحاد اور حوثی جنگجوؤ دونوں نے قبول کیا تھا اور دونوں فریقین نے غیر مشروعط سیز فائر کا اعلان کیا تھا۔

    خیال رہے کہ اقوام متحدہ کے سفیر برائے یمن مارٹن گرفتھس بدھ کے روز دورہ یمن پر روانہ ہوئے تھے تاکہ الحدیدہ سمیت یمن کے دوسرے علاقوں میں صورتحال کو دیکھ سکیں۔

  • پہلی ریموٹ سنسگ سیٹلائٹ کا مکمل کنٹرول پاکستان کے حوالے

    پہلی ریموٹ سنسگ سیٹلائٹ کا مکمل کنٹرول پاکستان کے حوالے

    کراچی : خلا میں بھیجی جانے والی پہلی ریموٹ سنسگ سیٹلائٹ کا مکمل کنٹرول پاکستان کے حوالے کردیا گیا، جس پر صدر مملکت اور نگراں وزیراعظم نے سپارکو کے انجینئرز اور سائنسدانوں کو مبارکباد پیش کی۔

    تفصیلات کے مطابق پہلی ریموٹ سنسگ سیٹلائٹ( پی آرایس ایس 1) کا مکمل کنٹرول آج پاکستان کےحوالے کر دیا گیا، اس کامیابی پر صدراورنگراں وزیراعظم نے سپارکو کے انجینئرزاور سائنسدانوں کو مبارکباد دی۔

    صدر مملکت ممنون حسین کا کہنا ہے کہ اہم سنگ میل ملک کے 71 ویں یوم آزادی پر حاصل کیا گیا، سیٹلائٹ کا فعال ہونا اسپیس انجینئرز کے اعتماد میں اضافہ کرے گا، مثبت قدم پاکستان کی سماجی اور معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا۔

    نگراں وزیراعظم جسٹس (ر) ناصر الملک نے کہا کہ اہم سنگ میل کو حاصل کرنے پر پاکستانی قوم کو فخر ہے۔

    یاد رہے جولائی کے آخر میں پاکستان نے چائنہ کی مدد سے تیار کردہ سیٹلائیٹ PRSS-1 اور پاکستانی انجینئرز کا تیار کردہ سیٹلائیٹ پاک ٹیس-1 اے خلا میں بھیجے جو کامیابی سے اپنے کام کا آغاز کیا تھا۔


    مزید پڑھیں : پاکستان کے خلا میں بھیجے گئے سیٹلائٹس نے کامیابی سے کام کا آغاز کردیا


    سپارکو کے مطابق خلا میں بھیجے گئے سیٹلائیٹ ماحولیاتی تبدیلیوں ، قدرتی آفات اور زراعت کے شعبوں سے متعلق معلومات فراہم کریں گے جبکہ ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی سمیت مستقبل کی منصوبہ بندی میں بھی سیٹلائیٹ معاونت فراہم کریں گے۔

    واضح رہے کہ 9 جولائی کو پاکستان نے خلا اور ٹیکنالوجی کی دنیا میں اہم سنگ میل عبور کرتے ہوئے ملکی تاریخ میں پہلی بار مقامی سطح پر تیار کیے گئے سیٹلائٹ خلا میں بھیجے تھے۔

    اس سیٹلائٹ کی لانچنگ کے بعد پاکستان کا شمار دنیا کے ان چند ممالک میں ہونے لگا، جو زمینی مدار میں اپنا ریموٹ سینسنگ سیٹلائٹ روانہ کر چکے ہیں۔

  • طالبان کا قندوزشہرکےضلع قلعہ ذال پرقبضہ

    طالبان کا قندوزشہرکےضلع قلعہ ذال پرقبضہ

    کابل: افغان حکام کاکہناہےکہ طالبان نے شمالی افغان ضلع ذال پرقبضہ کرلیا ہےجس کےبعد سیکورٹی فورسز اس علاقے سے نکل آئی ہے۔

    تفصیلات کےمطابق افغان صوبے قندوزپولیس کےترجمان محفوظ اکبری کا کہناہےکہ قندوز شہر کےمغرب میں واقع قلعہ ذال پر طالبان نے قبضہ کرلیا۔

    قندوز پولیس کےترجمان کاکہناہےکہسکیورٹی فورسز نے ایسا قلعہ ذال میں 24 گھنٹوں کی شدید لڑائی کے بعد شہریوں اور فوجی جانوں کو بچانے کے لیے کیا ہے۔

    دوسری جانب طالبان کےترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے ایک بیان میں کہاہےکہ طالبان نےپولیس ہیڈ کوارٹر،گورنر کےکمپاؤنڈ اورضلع میں تمام سکیورٹی چوکیوں پرقبضہ کرلیا ہے۔

    طالبان کےترجمان کےمطابق متعدد افغان پولیس کے اہلکار اور فوجی جھڑپوں میں ہلاک اورزخمی ہوئے ہیں۔

    خیال رہےکہ طالبان نے گذشتہ 18 ماہ کے دوران دو مرتبہ مختصر مدت کے لیے قندوز کے مرکز پر قبضہ کیا تھا۔


    افغانستان میں فوجی ہیڈکوارٹر پرحملہ‘140فوجی ہلاک


    یاد رہےکہ گزشتہ ماہ مزارِ شریف کے قریب واقع فوجی اڈے پر طالبان کے حملے میں 140 سے زیادہ افغان فوجی ہلاک ہوئے تھے۔

    واضح رہےکہ افغان حکام کا کہنا تھا کہ حملے کے بعد کئی گھنٹوں تک جاری رہنے والی لڑائی میں دس طالبان جنگجو بھی مارے گئے تھے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں

  • شامی جنگجوؤں نےداعش کےزیرقبضہ ایئرپورٹ کا کنٹرول سنبھال لیا

    شامی جنگجوؤں نےداعش کےزیرقبضہ ایئرپورٹ کا کنٹرول سنبھال لیا

    دمشق : امریکہ کے حمایت یافتہ شامی جنگجوؤں نے داعش کےگڑھ رقہ کےقریب اہم ہوائی اڈے کا کنٹرول سنبھالنے کا دعویٰ کیاہے۔

    تفصیلات کےمطابق امریکی حمایت یافتہ سیرین ڈیموکریٹک فورسز نے داعش سے ان کے مضبوط گڑھ رقہ کے قریب ایک اہم ایئربیس کا مکمل کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔

    طبکا ایئرپورٹ پرقبضے کوداعش کے جنگجوؤں کو شہر سے مار بھگانے کے سمت میں اہم قدم کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

    شامی جمہوری فورس (ایس ڈی ایف) کے ترجمان طلال سلو نے بتایا کہ انہوں نے دولت اسلامیہ کےجنگجوؤں سے تبکا ایئرپورٹ کو آزاد کرا لیا ہے۔

    انسانی حقوق کے اداروں نے اس علاقے میں رہنے والے شہریوں کی حفاظت کے متعلق اپنے خدشات کا اظہار کیا ہے۔

    خیال رہےکہ رقہ دولت اسلامیہ کا گڑھ ہے۔دولت اسلامیہ کے شدت پسندوں نے تبکا ائیر بیس پر سال 2014 میں قبضہ کر لیا تھا۔

    یاد رہےکہ دولت اسلامیہ کی جانب سے طبکا ایئرپورٹ پر قبضے کامقصد شام کےسب سے بڑے ڈیم کا کنٹرول حاصل کرنے کےعلاوہ طبقہ شہر پر قبضہ کرنا بھی شامل تھا۔


    مزید پڑھیں:عراقی فوج نےموصل ایئرپورٹ کاکنٹرول سنبھال لیا


    واضح رہےکہ رواں سال فروری میں عراقی افواج نےدولت اسلامیہ کےزیراستعمال موصل کےہوائی اڈے کو دہشت گردتنظیم کے قبضے سےچھڑانے کا دعویٰ کیا تھا۔